
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(کراچی) مجلس علمائے شیعہ پاکستان صوبہ سندھ ضلع ملیر کا اجلاس ضلعی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس جعفرطیارسوسائٹی ملیر میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت مجلس علمائے شیعہ سندھ کے صدر علامہ عبد اللہ مطہری آف شکارپور نے کی ۔
اجلا س میں ضلع بھرسے علماءو مبلغین نے شرکت کی ، علامہ عبد اللہ مطہری نے مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے قیام کے اسباب، اہداف اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔
ممبران نے کثرت رائے سے مولانا سید اعجاز علی شاہ کاظمی نجفی کو آئندہ تین سال کیلئے مجلس علمائے شیعہ پاکستان صوبہ سندھ ضلع ملیر کا صدر منتخب کرلیا۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے نائب صدر علامہ نشان حیدر ساجدی، ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی، مجلس علمائے شیعہ سندھ کے نائب صدر علامہ بلاول فائزی، ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے سیکریٹری امور تربیت علامہ گلزار حسین شاہدی نے خصوصی شرکت کی۔
شرکائے اجلاس نے مولانا سید اعجاز علی کاظمی النجفی کو مسئولیت کے حصول پر پھولوں کے ہارپہنا کر مبارک باد پیش کی، انشاءاللہ جلد مجلس علمائے شیعہ ضلع ملیر کی کابینہ کا اعلان کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(پاراچنار)علامہ سید عابد حسین نقوی کو مجلس علماء شیعہ ضلع کرم کا ضلعی نائب صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ صوبائی صدر مجلس علماء شیعہ علامہ روحانی نے علامہ سید عابد حسین نقوی کو نئی تنظیمی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
یاد رہے کہ مجلس علماء شیعہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا علماء ونگ ہے، جس کی تنظیمی سازی پورے پاکستان میں شروع کی گئی ہے اور ملک کے تمام اضلاع میں صدور کا انتخاب جاری ہے ۔
وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان و رہنما ایم ڈبلیو ایم محمد کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہم نہ عوام کے ساتھ کھلواڑ ہونے دینگے، نہ ہی اپنے مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ ہونے دینگے۔ ہمیں دھمکایا ڈرایا جاتا ہے، اداروں کو آگے لا کر لڑانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بس کریں آپ بھی اپنا کردار ٹھیک کریں، قبل اس کے کہ ہم نام لے لے کے بے نقاب کریں۔ بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیخلاف سکردو میں دئیے گئے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے ساتھ مزید کھلواڑ کی اجازت نہیں دینگے، ہمارے پیچھے عوام ہیں، خدا کی طاقت کے بعد عوام کی طاقت کو ہم طاقت کا سرچشمہ سمجھتے ہیں۔ میں ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جن کو پتہ ہوتا ہے کہ کس کے گھر میں کتنی روٹیاں پکتی ہیں، ہم ان اداروں سے کہنا چاہتے ہیں کہ بلتستان یونیورسٹی میں ہونے والی غیر قانونی تقرریوں سے چھ ماہ پہلے نشاندہی نہیں کی تھی؟ آپ ان غیر قانونی تقرریوں کے جرم میں شریک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج میں ایک دفعہ پھر تمام ریاستی اداروں سے کہوں گا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو میں ایک بڑا ایونٹ ہو رہا ہے، بہت سارے مہمان آئے ہوئے ہیں، اسی ٹائم وی سی کو یہاں لانے کا مقصد کوئی تیسری طاقت ان کو راستے سے ہٹانا چاہتی ہے کیونکہ اس کو جتنا استعمال کرنا تھا کروا کیا گیا یے اب اس کی Assassination کوئی تیسری طاقت آکے کریگی اور اس کا الزام ہماری قیادت کے اوپر اور عوامی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والوں کے سر تھوپنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ میں سکیورٹی اداروں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ کہ یہ گھناؤنا کھیل بند کریں، آگ نہ لگائیں، ہمیں معلوم ہیں کہ کہاں کہاں اور کس طرح کی سازشیں بنتی ہیں۔
وحدت نیوز(جھل مگسی) سردارالانبیاء حبیب خدا حضرت محمد مصطفی ﷺ وامام جعفر صادق ع کی ولادت باسعادت وہفتہ وحدت کے موقع پر مجلس وحدت المسلمین گنداواہ ضلع جھل مگسی بلوچستان کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں عظیم الشان محفل جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں شیعہ سنی عاشقان رسول اللہ صلی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اس موقع پرمعرفت فاؤنڈیشن کے صدر مولانا سعید احمد سعیدی، مولانا محمد انور مقید،شیعہ علماء کونسل کے ضلعی رہنماء مولانا غلام مصطفیٰ عابدی ،ایم ڈبلیوایم کے ضلعی صدر حبیب اللہ دھکڑو دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سر دوعالم رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت تمام مسلمانوں کے لیے نکتہ وحدت ہے آنحضرت کی سیرت سب انسانوں کے لیے اسوہ حسنہ ہے اللہ پاک نےیہ کائنات اپنےمحبوب خاتم الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وجہ سے ہی بنائی ہے ،آنحضرت صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت سے پہلے عرب میں ہر طرف کفر جہالت وظلم جور عروج پر تھالوگ بت پرست تھے عرب اپنی بیٹیوں کو زندہ درگور کرتے تھے بت پرستی کایہ عالم تھا کے کعبہ کے اندر بھی کافروں نے بت رکھے ہوئے تھے ۔
پیامبر اسلام نے اپنے چچازاد بھائی حضرت علی ع کے ساتھ مل کر تبلیغ اسلام کے زریعے اللہ تعالیٰ کا پیغام لوگوں تک پہنچایا جس کی وجہ سے مکہ اور گردونواح کے لوگ آہستہ آہستہ دین اسلام میں داخل ہونے لگے پیامبر اکرم ص نے انسانیت کو ظلمت کی تاریکیوں سے نکالا پیامبر اسلام کی ولادت کی مناسبت 12 ربیع الاول سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جاتا ہے آج کا یہ اجتماع عاشقان رسول اللہ ص کا اجتماع ہے جس میں شیعہ سنی اتحاد کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیاہے، ہم سب مسلمان بھائیوں کی طرح ہیں ہمیں خاتم النبیین سردار الاانبیاءء رحمت العالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادتِ باسعادت کے ایام کو شایان شان طریقے سے منانا چاہیے۔
اس پر نور محفل جشن میں شریک مرکزی امام بارگاہ نقویہ کے سید غضنفر علی شاہ بخاری ،ینگ ویلفیئر آرگنائزیشن گنداواہ کے صدر فیاض احمد کلواڑ، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری روابط سید گلزار شاہ بخاری، گنداواہ کی معزز شخصیت استاد سید عنایت حسین شاہ بخاری، سیف اللہ آرائیں، نوجوان صحافی منیر احمد رڈ نو،منتخب کونسلر شاہد حسین کلواڑ ،گہنور خان تنیو ،غلام حیدر شاہ پوست ودیگر حضرات کو مجلس وحدت مسلمین ضلع جھل مگسی کے رہنماؤں نے ہار پہنائے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ربیع الاول کی مناسبت سے ہونے والی عظیم الشان عید میلاد النبی ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ذمہ داریوں کو حتمی شکل دی گئی اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی ضلع ملتان کے مسئولین سمیت صوبائی نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام اور مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان، آئی ایس او ملتان ڈویژن، شہدا مسجد الحسین، شہید مطہری اور النور اسلامک سنٹر کی جانب سے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے عظیم الشان ریلی عید میلاد النبی ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو کہ ملتان میں بتاریخ 14 اکتوبر بروز جمعہ کو مسجد الحسین تا چوک گھنٹہ گھر تک نکالی جائے گی۔جس میں تمام جماعتوں کے قائدین اور علماء ومشائخ کے ساتھ ساتھ تمام تنظیموں کے کارکنان بھی شریک ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 17 ربیع الاول جشن صادقین (ع)، بمناسبت ولادت باسعادت رسول اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و ولادت امام جعفر صادق علیہ السلام کے پر مسرت موقع پر تمام عاشقان اہلبیت علیہم السلام کی خدمت میں مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہ ذات مقدسہ ہیں جنہوں نے جانی دشمنوں کو بھائی بھائی کے مثالی رشتے میں بدلا اور ایک فلاحی ریاست قائم کر کے اسلام کی حقانیت کو تسلیم کرایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام اور رواداری کے فروغ کے لئے تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے، اس وقت یہود و نصاریٰ کا اولین ہدف امت مسلمہ کی تباہی و تنزلی ہے، مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر دشمن ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنا چاہتا ہے، ہمیں ان حالات کا بارک بینی سے درک کرکے بابصیرت طرز عمل اختیار کرنا ہوگا، عالم استعمار و استکبار کی سازشوں کو جس ہتھیار سے ناکام بنایا جا سکتا ہے اس کا نام "وحدت و اخوت" ہے، اب پوری دنیا کے مسلمانوں کا اختلافات کو نظر انداز کر مشترکات پر باہم ہونے کا وقت ہے، امت مسلمہ کی سالمیت و بقاء کایہی واحد راستہ ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے جد امجد حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو آگے بڑھاتے ہوئے دین مبین اسلام کا علمی چہرہ روشناس کروایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تفسیر، حدیث، فقہ، اصول اور عقائد کے شعبوں میں اسلام کی حقیقی تعلیمات سے اسلامی معاشرے بہرہ مند کیا، امام جعفر صادق علیہ السلام نے حوزہ علمیہ کی بنیاد ڈال کر دین مبین اسلام میں نئی روح پھونکی اور اسے ایک نئی زندگی عطا کی، صادقین علیہ السلام کی تعلیمات کے مطابق اخوت و رواداری کا دامن اگر مضبوطی سے اگر تھام لیا جائے تو عالم اسلام کے سر سے مشکلات کے بادل چھٹ جائیں گے۔