وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی نے نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ یہ دن شہادت نواسہ رسول اللہ کا دن ہے، ہر ایک شخص اپنے اپنے انداز میں غم منا رہا ہے، کربلا والوں نے دنیا کے ہر باضمیر انسان کو ظلم کے سامنے صبر واستقامت کا پیغام دیا ہے، اس وقت پوری انسانیت، محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں غمگین ہے، ایام عاشور ہمیں بتاتے ہیں کہ کیسے قلت کثرت پر غالب آتی ہے، امام عالی مقام نے جیسے کہا تھا کہ مجھ جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا، یہی رہنما اصول ہے، جس طرح غزہ میں ظلم و جبر کیا گیا وہ موجودہ دور کی یزیدیت ہے، اس دور کی یزیدی طاقتوں کو حسینی فکر نے پھر چیلنج کیا اور سرخرو ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران نے کربلائی انداز میں جدوجہد کی اور سرخرو ہوئے، آج کے خیبر کو بھی علی کے بیٹوں نے شکست فاش دی، آج امریکہ و اسرائیل پوری دنیا میں بدی اور نفرت کی تصویر بن چکے ہیں، ایران پر جس طرح حملہ کیا گیا اس کا جواب کربلائے معلی کے ماننے والوں نے دیکر دنیا کو حیران کیا، تنہاء ایران نے کربلائی جدوجھد کیساتھ امریکی و اسرائیلی طاقتوں کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں امام عالی مقام کیساتھ اپنی دلی وابستگی کیلئے غم منا رہے ہیں، افسوس عزاداری پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں اور بے جا دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، جس طرح لوگ اسلام آباد میں عاشور کیلئے نکل رہے ہیں اسی طرح اربعین کیلئے نکلیں گے، ہم کسی قسم کی پابندی کو کبھی قبول نہیں کریں گے، افسوس سیاسی جلسوں یا کسی نجی محفل پر کوئی پابندی نہیں مگر غم حسین پر پابندی۔؟ یہ کبھی قبول نہیں ہو گی، عزاداری ہماری عبادت اور حیات ہے، اس عظیم وپاکیزہ فرض کی ادائیگی اور اسے پورے احترام و وقار کے ساتھ برپا کرنے کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے ہرگز دریغ نہیں کریں گے۔