
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد) معروف زاکر اہلبیت نوید عاشق بی اے کی مظلومانہ شہادت کے خلاف اسلام آباد میں مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو کے باہر بعد از نماز جمعہ مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کی جانب سے پر امن احتجاج کیا گیا جس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے صدر علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ ذاکراہل بیتؑ نوید عاشق بی اے کا بہیمانہ قتل دراصل عزاداری امام حسین پر حملہ ہے اور جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے بلکہ کئی مرتبہ ملت جعفریہ پر حملہ آور قاتلوں کو موقع پر قابو کر زندہ حکومتی زمہ داران کے حوالے کیا گیا لیکن آج تک کسی ایک تکفیری دہشت گرد کو سزا نہیں دی گئی اور نہ ہی شدت پسندانہ عزائم رکھنے والوں کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے بلکہ الٹا حکومت کی طرف سے جلوس عزاء پر ناانصافی پر مبنی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ ہفتے کابل میں ہونے والے تعلیمی سنٹر پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں چالیس معصوم طالبات شہید ہوئی تھیں اور اسے طالبان حکومت کی مکمل نااہلی اور ناکامی قرار دیا۔ آخر میں گلگت بلتستان میں ہونے والے طالبات کے اسپورٹس گالا کی بھی بھر پور الفاظ میں مخالفت کی کہ جس میں علاقے کی روایات کے برخلاف بے پردگی اور بے ہودگی کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ بیرونی ثقافت کی ترویج کی جا رہی ہے۔
احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جناب مولانا جان محمد حیدری نے کہا کہ وطن عزیز کے اندر ایک مرتبہ پھر سے شدت پسندانہ عزائم کو پروان چڑھانے کی سوچی سمجھی سازش ہو رہی ہے اور تکفیری فکر کی پشت پناہی کر کے ملکی استحکام کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔احتجاج کے شرکاء سے انجمن جانثاران اہلبیتؑ کے نائب صدر مسعود حیدر نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)سنٹرل سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں اسد عباس نقوی چیئرمین عشق پیغمبر اعظم مرکزِوحدت مسلمین کانفرنس کی زیر صدارت کانفرنس کی تمام اجرائی کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں ناصر عباس شیرازی جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور علامہ محمد اقبال بہشتی رکن شوری عالی نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی ۔
یہ ایک جائزہ اجلاس تھا ۔ جس میں تمام کمیٹیوں کی فعالیت کا جائزہ لیا گیا اور ان کمیٹیوں کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور انہیں سراہا گیا اور مزید کام کی رفتار کو باقیماندہ ایام میں تیز کرنے اور آپس میں ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا گیا۔
اسد عباس نقوی نے شرکت کے حوالے سے دوستوں کی آراء کی روشنی میں اسے حوصلہ افزاء قرار دیا اور اس کام میں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس اجلاس میں دعوتی کمیٹی ۔ استقبالیہ کمیٹی ۔ سیکیورٹی کمیٹی ۔ پنڈال کمیٹی ۔ ٹرانسپورٹ کمیٹی ۔طعام کمیٹی ۔ علماء کمیٹی ۔ خواتین کمیٹی کی جانب سے ظہیر کربلائی نے نمائندگی کی ۔نشرواشاعت کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔
آج کے اس اجلاس میں ناصر عباس شیرازی کی سربراہی میں اسٹیج کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے وہ اپنی صوابدید پر مرکزی کابینہ میں سے دو اراکین کا انتخاب کریں گے ۔ ان شاءاللہ اس اہم اجلاس میں عشق پیغمبر اعظم وحدت مسلمین کانفرنس کے تمام انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی ہے اور کمیٹیوں کے ممبران کو ان ذمے تمام اجرائی امور تفویض کردیئے گئے ہیں ۔ تاکہ کام کی انجام دہی میں تیزی اور بہتری آسکے ۔اس سلوگن کے ساتھ کہ تمام اجرائی امور میں سرعت بادقت اور توکل بر خدا کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں ۔ ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مرکزی امام بارگاہ جامع مسجد امام حسن مجتبی علیہ السلام جیکب آباد میں نماز جمعہ کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید الانبیاء کی ذاتِ گرامی میں اعلیٰ انسانی صفات جمع تھیں، لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صاحب خلق عظیم ٹھہرے۔ آپ کی سیرت طیبہ بنی نوع انسان کے لئے قابل تقلید ہے کیونکہ آپ کی سیرت طیبہ پوری بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہفتہ وحدت کا اعلان کرکے اسلام دشمن استکباری قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، جو لڑاؤ اور حکومت کرو کی منحوس منصوبے کے تحت مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔ کیونکہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں۔ جن کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے والا نہ تو شیعہ ہے اور نہ ہی سنی، بلکہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہفتہ وحدت کے موقع پر ملک بھر میں اتحاد بین المسلمین کے عنوان سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور برادران اہل سنت کے میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔ علامہ مقصود ڈومکی کی تقریر کے دوران مسجد فضاء لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مرحبا یا مصطفیٰ کے نعروں سے گونج اٹھی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ میں گوارا نہیں کرتا کہ کوئی پاکستان کے خلاف بولے، پاکستان کی ترقی میں دن رات ایک کر دیں گے۔ انڈیا اور چین کا مستقبل پاکستان سے جڑا ہوا ہے، پاکستان اگر اپنے فیصلے خود کرے تو بہت ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام بار ہال میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس سے مرکزی جنرل سیکریٹری ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ، اشفاق حسین کھوکھر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سید اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، عارف علی جانی، غلام اصغر تقی، عاطف سرانی، علامہ ہادی حسین، شہباز علی گورمانی اور سخاوت علی سیال بھی موجود تھے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ جو قوم اپنی تہذیب اور ثقافت کو بھول جاتی ہے، وہ برباد ہو جاتی ہے، قانون سازی ایسی ہونی چاہیئے، جس میں عوام کو حقوق مل سکیں۔ جس معاشرے میں قانون کی پاسداری نہیں ہوتی، وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے، جہاں آئین کو پاؤں تلے روندا جائے، وہ برباد ہو جاتا ہے، اگر آئین کی پاسداری کی جائے تو ملک ترقی کرتا ہے، پاکستان اس مسئلے کو حل کر دے تو بہت ترقی کرسکتا ہے، اس وقت پاکستان کے حکمرانوں میں بہت سے سوالات ہیں، امریکہ اور اسرائیل تباہ ہوتا جا رہا ہے، سیلاب سے پہلے بتا دیا جاتا ہے کہ سیلاب کا خطرہ ہے، ہمارے حکمران امیر ہوگئے اور عوام غریب ہوگئے ہیں، ہمیں غلامی قبول نہیں ہے، یہ حق ہے کہ اللہ نے نبی اس لیے بھیجے کہ اپنی قوم کو غلامی سے آزاد کرائیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دشمن ہمارے ملک کو توڑنا چاہتا ہے، امریکہ اور اسرائیل کو اس لیے تکلیف ہے کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے۔ سعودیہ کا امریکہ سے اعتبار ختم ہوتا جا رہا ہے، ہمارے ملک پر میرٹ کی حکمرانی ہونی چاہیئے، اب بیدار ہونے کا وقت ہے، ہم پاکستان کی ترقی میں اپنی جان نچھاور کر دیں گے، اس موقع پر سمیع گردیزی ایڈووکیٹ، یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ ، قاضی غضنفر حسین اعوان ایڈووکیٹ، سید اقبال مہدی زیدی ایڈووکیٹ، عون رضا انجم ایڈووکیٹ، شہباز علی خان گرمانی ایڈووکیٹ، خادم بخاری ایڈووکیٹ، عارف حسن شاہ ایڈووکیٹ، حسنین بخاری ایڈووکیٹ، اقبال حسین کشفی ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(ملتان)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدر اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور جمعیت علمائے پاکستان جنوبی پنجاب کے صدر محمد ایوب مغل کی رہائش گاہ پر ضیافت میں شرکت کی۔ ان کے ساتھ سید ناصر عباس شیرازی مرکزی جنرل سیکرٹری، سلیم عباس صدیقی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری، علامہ سید اقتدار حسین نقوی صوبائی صدر بھی تھے۔ وہاں پر پاکستان ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کی طرف سے ان کو ناشتہ دیا گیا۔
اس موقع پر جنوبی پنجاب کے صدر میاں آصف محمود اخوانی، مفتی محمد عثمان پسروری، مظہر جاوید، مرزا ارشد قادری، علامہ عبد الحق مجاہد، علامہ عبدالرحیم گجر، ڈاکٹر محمد اکمل مدنی، حافظ اللہ دتہ کاشف ایڈوکیٹ، راو عارف رضوی رکن الدین حامدی، بشارت قریشی، بابو نفیس انصاری، ہدایت اللہ رحمانی، فا روق پسروری، اشفاق سعیدی موجود تھے۔
مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین اور ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر میاں آصف محمود اخوانی اور جنرل سیکرٹری محمد ایوب مغل نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کچھ نادیدہ قوتیں پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کروا کر خون ریزی اور افراتفری پھیلانے کے درپے ہیں جسے تمام مذہبی جماعتوں کو مل کر سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ سیالکوٹ میں ایک ذاکر کا قتل اسی سازش کی کڑی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ رہنماوں نے کہا کہ یہ بات بھی روز روشن کی طرح عیاں ہو گ ہے کہ یہود و نصارا مل کر پاکستان کی عوام کو آپس میں لڑا کر پاکستان میں ایراق، لیبیا، شام، افغانستان جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں اور یہ مذہبی رہنماوں اور سیاستدانوں کی فراست کا امتحان ہے۔
رہنماوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ہمیں ملی یکجہتی کونسل کے بانی رہنما مولانا شاہ احمد نورانی اور قاضی حسین احمد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ ہم نے پاکستان میں امن کو قائم کرنے کے لیے پہلے بھی بہت قربانیاں دیں ہیں اب بھی پاکستان ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی قیادت میں پاکستان میں امن کو قائم کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آخر میں جنوبی پنجاب کے صدر میاں آصف محمود اخوانی نے راجہ ناصر عباس جعفری اور ان کے ساتھیوں کا جنوبی پنجاب کے قائدین اور ملتان کے عمائدین سے ملنا خوش آئند قرار دیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر اور آپ حضرات سے مل کر بہت خوشی اور تسکین ہوئی آئندہ جب بھی ملتان آیا تو یہ سلسلہ جاری رکھیں گے اور امن کے قیام کے لیے کوششوں کو پہلے سے زیادہ تیز کریں گے۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے زیراہتمام سیالکوٹ میں دوران مجلس فائرنگ سے ذاکر نوید عاشق حسین بی اے کی المناک شہادت کے خلاف امام بارگاہ ولی العصر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی جنرل سیکریٹری ناصر عباس شیرازی، عارف حسین الجانی، علامہ نادر حسین علوی، ضلعی قائمقام صدر علامہ ہادی حسین قمی، انجینئر سخاوت علی سیال اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے دہشتگردی کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگز کا منظم آغاز کیاجا رہا ہے۔ دہشت گرد عناصر کے پشت پناہ حکومت کے اندر موجود ہیں۔ ملکی سالمیت و بقا کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مقتدرقوتیں ہوش کے ناخن لیں۔ شدت پسند طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کرنے ہوں گے۔ ریاستی ادارے ملک بچانے کے لیے قومی سلامتی کے دشمنوں پر آہنی ہاتھ ڈالیں۔ قانون وانصاف کے تقاضوں کی راہ میں تعصب، مسلکی سوچ اور جانبداری جیسی چیزوں کو رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔
انہوں نے نوید عاشق کے قاتل اور دیگر ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر شہید نوید عاشق حسین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ اس موقع پر عون رضا انجم ایڈووکیٹ، عاشق حسین، عاصم زیدی، محمد رضا مومن اور دیگر موجود تھے۔