The Latest

وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے اے این پی کے مرکزی رہنماء مولانا خانزیب کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ علامہ جہانزیب جعفری کا کہنا تھا کہ مولانا خان زیب اس سرزمین کے امن کے حقیقی سفیر تھے۔ انہوں نے ہر اس مقام پر اپنی موجودگی سے امن کی شمع روشن کرنے کی سعی کی، جہاں خون و آتش کا بازار گرم تھا ان کی کوششیں ہمیشہ صلح، بھائی چارے اور باہمی احترام کے گرد گھومتی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خان زیب کی شہادت نے ہمارے دلوں کو غم سے بوجھل کر دیا ہے، یہ سانحہ خیبرپختونخواہ سمیت پورے پاکستان کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے جس کے اثرات مدتوں محسوس کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین اس بزدلانہ اور سفاکانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور معاشرے میں امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے مولانا خانزیب کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اے این پی کی قیادت، بالخصوص ایمل ولی خان اور افتخار حسین شاہ سے بھی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ آخر میں علامہ جہانزیب جعفری نے کہا کہ خداوند متعال سے دعا ہے کہ وہ مولانا خان زیب کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت کی توفیق دے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)‏چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پختون قوم اور پورے ملک کے باشعور، امن پسند اور اتحاد امت کے حامی حلقے آج شدید رنج اور غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں کہ معروف پختون مذہبی اسکالر، اتحادِ امت کے داعی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ یہ واقعہ محض ایک فرد کی ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ وحدت کی اس روشن آواز کو خاموش کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے، جو ایک عرصے سے خطے میں ملک دشمن قوتوں کی شاطرانہ چالوں کا شکار چلی آ رہی ہے۔ مولانا خان زیب نہ صرف علم و بصیرت کے حامل اور پختون سماج کی علمی و فکری روایت کا وقار تھے، بلکہ وہ ہر موقع پر مسلکی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور وحدتِ امت کے لیے سرگرم رہنے والی شخصیت تھے۔ 

ان کی شہادت پشتون سرزمین میں قائم رہنے والی صدیوں پرانی روایتِ رواداری، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی گہری سازش ہے، جس کے پیچھے وہی عناصر کارفرما ہیں جو اس خطے کو مسلسل بدامنی، اور میدانِ جنگ بنائے رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ موجودہ نام نہاد حکمرانوں، سکیورٹی اداروں اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ آخر کب تک اس ملک کے معتدل مزاج، قومی مفاد کے حامی اور معاشرے کے بہترین لوگ اس دہشتگردانہ کھیل کے ذریعے نشانہ بنتے رہیں گے؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مظلوموں، باشعور حلقوں اور امن پسندوں کو متحد ہو کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دشمن کی ان چالوں کا راستہ روکنا اور خطے میں امن، وحدت اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔میں شہید مولانا خان زیب کے اہلخانہ، عقیدت مندوں، عوامی نیشنل پارٹی اور پختون عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ رب العزت شہید کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے افکار و جدوجہد کو زندہ و تابندہ رکھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کل خیبر پختونخوا کے ممتاز مذہبی اسکالر، معروف قلمکار اور عوامی نیشنل پارٹی کے جری رہنما مولانا خان زیب شہید دہشتگردی کا نشانہ بنے۔‏مولانا خان زیب شہید نہ صرف ایک ممتاز عالمِ دین اور پختون روایات کے پاسبان تھے، بلکہ وہ اتحاد امت، بین المسالک ہم آہنگی، اور خطے میں امن کے مؤثر علمبردار تھے۔‏

انہوں نے ہمیشہ شدت پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جرأت مندانہ آواز بلند کی، نوجوان نسل کو شعور، فکری بیداری اور قومی وحدت کی دعوت دی، اور علمی و فکری محاذ پر روشن چراغ جلائے۔‏ان کی شہادت دراصل اعتدال پسند، باشعور اور امن پر یقین رکھنے والے معاشرتی کرداروں کے خلاف جاری سازشوں کا تسلسل ہے، جو خطے میں افتراق، بدامنی اور فتنہ انگیزی کا ایندھن بنائی جا رہی ہیں۔‏ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس بزدلانہ واردات کے اصل محرکات اور مجرموں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔‏اللہ رب العزت شہید مولانا خان زیب کی مغفرت فرمائے، اور اہلِ خانہ و وابستگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ابراہیم اکارڈ معاہدہ اور دو ریاستی حل کسی صورت منظور نہیں، ابراہیم ایکارڈ معاہدہ دو ریاستی حل کی زمینہ سازی ہے جسے ملکی عوام مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی عوام اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل ایک ناجائز، دہشتگرد، غاصب ریاست ہے، ملکی حکمران امریکی خوشنودی کیلئے صہیونی ناجائز ریاست کوتسلیم کرنے کی باتیں چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عرب حکمرانوں نے مسلم امہ سے خیانت کی، امریکہ نے معاشی دھوکا دیکر مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک پر حملے کئے، ہزاروں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ہر جگہ ایسے ناکامی کا سامنا رہا، خطہ میں امریکی مفادات پورے ہونا صرف ادھورا خواب ہی رہے گا، نااہل حکمرانوں نے ملکی معیشت آئی ایم ایف کے رحم کرم پر چھوڑ کر ملک کو گروی رکھ دیا ہے، حکمران ملک سے مخلص ہوں امریکہ سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کا غاصب اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا موقف واضح تھا، ہے اور رہے گا، آزادی فلسطین و مسجدِ اقصیٰ مسلم امہ کا دینی و شرعی فریضہ ہے، اہل فلسطین اپنے وطن میں بے گھر ہیں، خائن عرب ممالک نے کبھی غزہ سمیت اہلیان فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی صہیونی ریاست کو مالی معاونت عرب ممالک کا پیسہ ہے، عرب ممالک کے امریکہ سے عربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے فلسطینیوں کے خون بہانے پر خرچ ہو رہے ہیں، لاکھوں فلسطینی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور اپنے ہی وطن میں بے گھر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے فلسطین کا خون رائیگاہ نہیں جائے گا، حماس سمیت خطہ میں تمام مزاحمتی گرہوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز(جھنگ)صوبائی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے ضلع جھنگ کے دورے کے اگلے مرحلے میں جھنگ سٹی کے مومنین کرام سے ملاقات کی۔اس اہم ملاقات میں مختلف تنظیمی عہدیداران اور شہر کے معزز عمائدین نے شرکت کی۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تنظیمی امور، حالاتِ حاضرہ، اور محرم الحرام کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے بالخصوص بانیانِ مجالس، ماتمی سنگتوں، نوحہ خوانوں اور عزاداری کے پروگراموں میں خدمات انجام دینے والے وحدت یوتھ کے جوانوں کی بھرپور تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر جھنگ سٹی کے مومنین نے صوبائی صدر کو مقامی صورتحال سے آگاہ کیا اور محرم الحرام کے دوران جھنگ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مؤثر اقدامات کی تعریف کی۔ مومنین نے یہ بھی بیان کیا کہ تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے اکابرین کے مثبت کردار کی بدولت محرم الحرام کے مقدس ایام نہایت خوش اسلوبی اور امن کے ساتھ گزرے۔

وحدت نیوز(جھنگ)جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب صوبائی آرگنائزر پنجاب کا جھنگ گڑھ موڑ موضع ڈل کا تعزیتی دورہ ،مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی آرگنائزر نے جھنگ کے علاقے گڑھ موڑ اور موضع ڈل موڑ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دو مرحومین، سید غلام عباس (فرزند سید اقبال حسین شاہ مرحوم) اور سید انتظار حسین شاہ (فرزند سید اختر حسین شاہ مرحوم) کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

صوبائی آرگنائزر مرحومین کی رہائش گاہوں پر گئے، جہاں انہوں نے پسماندگان سے ملاقات کی، ان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا، اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدرسید احسن عباس رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران اور حماس کے ہاتھوں بدترین اور ذلت آمیز شکست سے امریکہ اور اسرائیل کے تمام منصوبے خاک میں مل گئے ہیں، شہدائے راہ قدس نے عظیم قربانیوں کے نتیجے میں انقلاب ومقاومت اسلامی کو نئی جلا بخشی ہے، سوراخ شدہ امریکی اور اسرائیلی کشی سمندر برد ہونے کے قریب ہے ، چند ناعاقبت اندیش سیاستدان، بیوروکریٹ اور صحافی اس ڈوبتی کشتی میں سواری کے خواہش مند ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں ڈیڑھ برس کے دوران ساٹھ ہزار سے زائد معصوم بچے ،بزرگ ، خواتین اور مرد بے دردی سے قتل کیئے گئے پورے عالم بشریت کا ضمیر اس انسانیت سوز ظلم پر بیدار ہوگیا لیکن افسوس انگشت شمار ضمیر فروش صحافی، سیاستدان، حکمران اور جرنیل اب بھی ان مظلوم مسلمانوں کےخون کا سودا کرنےمیں مصروف ہیں۔ مسلسل ذرخرید میڈیا چینلز پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے رائے عامہ کو ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جھوٹی اور من گھڑت تاویلیں پیش کی جارہی ہیں۔ 

ان کا مزیدکہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاک افواج کے ہاتھوں بھارت کی ذلت آمیز شکست اور ایران کے ہاتھوں امریکہ اور اسرائیل کی تباہ کن شکست کے بعد پوری مسلم امہ اور تمام مذاہب کے بیدارعوام عالمی استعمار کے مقابل متحد اور متفق ہیں،اس جنگ کے بعد فرقہ واریت کا جن بھی بوتل میں بند ہوچکا ہے، لیکن شیطانی قوتیں ایک بار پھر وطن عزیز میں آگ اور خون کی تماشہ لگانا چاہتی ہیں۔ 

احسن عباس نےآخر میں کہا ہےکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی غالب اکثریت اسرائیل کو فرعون، نمرود،شدادویزید کے بعد سے زیادہ قابل نفرت سمجھتے ہیں، اگر کسی حکمران نے غلطی سے بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا سوچا یا ڈونلڈ ٹرمپ ابراھیم اکارڈ منصونے کا حصہ بننے کی کوشش کی تو یہ غیرت مند قوم بلاتفریق رنگ و نسل مذہب ومسلک ان مذموم عزائم کے مقابل آہنی دیوار بن کرکھڑی ہوجائے گی اور پھر امریکہ اور اسرائیل کےغلام حکمرانوں کو کوئی جائے پناہ نہیں ملے گی۔

وحدت نیوز(سکردو)پاک چائنہ تاجران اتحاد ایکشن کمیٹی کے وفد نے سکردو میں مجاہد ملت صدر ایم ڈبلیو ایم جی بی آغا علی رضوی اور اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سست ڈرائی پورٹ پر گزشتہ دو سالوں سے مقامی تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک اور کسٹم حکام اور متعلقہ اداروں کی تجارت کش پالیسی بلخصوص مقامی تاجروں کے لیے پیدا کی جانی والی مشکلات اور اب تک کے دھرنوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سےگفتگو کی گئی۔

 اس موقع پرآغا علی رضوی نے کہا کہ ہم پہلے پر تاجروں کے ساتھ کھڑے تھے اور اب بھی کھڑے ہیں۔ گلگت بلتستان کے تاجروں کو جس طرح دیوار سے لگانے کی کوشش ہو رہی ہے وہ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ پاکستان کو چین سے ملانے والی واحد شاہراہ اور تجارتی بندرگاہ کو ایک عرصے سے مسائل کا شکار بنا رہا ہے ایسا لگ رہا ہے کہ دشمنوں کی پالیسی یہاں نافذ ہو رہی ہے تاکہ یہ راستہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو۔ کسٹم حکام کی جانب سے عملی طور پر یہ شاہراہ گلگت بلتستان کے تاجروں کو بند کر دیا گیا ہے یہی صورتحال رہی تو سب کے بند ہوسکتا ہے۔ اس شاہراہ پر عالمی طاقتوں کی نگاہین ہیں لیکن چند سرکاری عاقبت نااندیش اس زمین کو یہاں کی باسیوں کے لئے تنگ کرکے نہ جانے کی کس کی خدمت میں مصروف ہے۔ 

گلگت بلتستان ٹیکس فری زون ہے لیکن یہاں ٹیکس نافذ کرنا عالمی قوانین اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ ہم تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں جب تک انکے مسائل حل نہیں ہوتے جو بھی اقدام اٹھائے ہم ہر طرح کی معاونت کے لیےتیار ہے۔ ہم متعلقہ حکام اور ریاستی اداروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پورٹ کو گلگت بلتستان کے لیے تجارت موافق پورٹ بنائیں تاکہ یہاں کی یوتھ تجارت کی طرف اور روزگار کی طرف جائے ورنہ جس طرح بے روزگاری معاشی تنگی اور مہنگائی ہے جوان کی سمت کہیں اور بھی جاسکتی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کربلا کا ہر کردار تاریخ کا روشن چراغ ہے، مگر حضرت عباس علمدارؑ کی وفا، غیرت، شجاعت اور قربانی رہتی دنیا تک وفاداروں کا معیار اور مظلوموں کا سہارا ہے۔ جس طرح فرات کی لہریں عباسؑ کی تلوار کی جرات سے خوفزدہ تھیں، آج کی ظالم طاقتیں بھی حسینی کردار اور عاشورائی عزم و ہمت سے خوف زدہ ہیں۔ ‏حضرت عباسؑ علمدار نے کربلا میں جس طرح اپنے وقت کے یزیدی نظام کو للکارا، اپنے امام کی اطاعت میں جان دے دی، مگر وفا کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ آج امتِ مسلمہ، بالخصوص فلسطین، کشمیر اور یمن کے مظلومین، اور پاکستان میں حق و صداقت کے علمبردار، اُسی کربلائی و عاشورائی کردار کے وارث بننے کے منتظر ہیں۔ ‏آج کے دور کا یزید کبھی صیہونیت، کبھی استعماری نظام، اور کبھی نام نہاد مفادات کی سیاست کی شکل میں مظلوموں کا خون بہا رہا ہے۔ ایسے میں ہمیں حضرت عباسؑ علمدار کی استقامت، اطاعت اور غیر مشروط وفاداری سے سبق لیتے ہوئے مظلومینِ جہان کا ساتھ دینا ہو گا اور وفا کا علم تھامے رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ‏حضرت عباسؑ باوفا کا راہیانِ حق کے لیے یہی پیغام ہے کہ جب حق اور باطل آمنے سامنے ہو، تو خاموشی جرم ہے، اور وفا کی قیمت جان دے کر بھی ادا کرنی پڑے تو دریغ نہ کرو۔ آج کا ہر مؤمن، ہر حریت پسند اور مظلوم دوست، اگر حضرت عباسؑ علمدار کی وفاداری کو اپنا شعار بنا لے، تو دنیا کے ہر یزیدی لشکر کو شکست دی جا سکتی ہے۔ ‏آئیے! ‏آج علمدارِ کربلا حضرت غازی عباسؑ باوفا سے یہ عہد کریں کہ ہم ظلم کے ہر نظام کے خلاف، حق کے ہر علمبردار کے ساتھ اور مظلوم کے ہر معرکے میں وفادار رہیں گے،چاہے اس راہ میں ہمیں کربلا کے عظیم شہداء کی طرح جان دینی پڑے، ہم دریغ نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی نے نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر  دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ یہ دن شہادت نواسہ رسول  اللہ کا دن ہے، ہر ایک شخص اپنے اپنے انداز میں غم منا رہا ہے، کربلا والوں نے دنیا کے ہر باضمیر انسان کو ظلم کے سامنے صبر واستقامت کا پیغام دیا ہے، اس وقت پوری انسانیت، محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں غمگین ہے، ایام عاشور ہمیں بتاتے ہیں کہ کیسے قلت کثرت پر غالب آتی ہے، امام عالی مقام نے جیسے کہا تھا کہ مجھ جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا، یہی رہنما اصول ہے، جس طرح غزہ میں ظلم و جبر کیا گیا وہ موجودہ دور کی یزیدیت ہے، اس دور کی یزیدی طاقتوں کو حسینی فکر نے پھر چیلنج کیا اور سرخرو ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران نے کربلائی انداز میں جدوجہد کی اور سرخرو  ہوئے، آج کے خیبر کو بھی علی کے بیٹوں نے شکست فاش دی، آج امریکہ و اسرائیل پوری دنیا میں بدی اور نفرت کی تصویر بن چکے ہیں، ایران پر جس طرح حملہ کیا گیا اس کا جواب کربلائے معلی کے ماننے والوں نے دیکر دنیا کو حیران کیا، تنہاء ایران نے کربلائی جدوجھد کیساتھ امریکی و اسرائیلی طاقتوں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں امام عالی مقام کیساتھ اپنی دلی وابستگی کیلئے غم منا رہے ہیں، افسوس عزاداری پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں اور بے جا دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، جس طرح لوگ اسلام آباد میں عاشور کیلئے نکل رہے ہیں اسی طرح اربعین کیلئے نکلیں گے، ہم کسی قسم کی پابندی کو کبھی قبول نہیں کریں گے، افسوس سیاسی جلسوں یا کسی نجی محفل پر کوئی پابندی نہیں مگر غم حسین پر پابندی۔؟ یہ کبھی قبول نہیں ہو گی، عزاداری ہماری عبادت اور حیات ہے، اس عظیم وپاکیزہ فرض کی ادائیگی اور اسے پورے احترام و وقار کے ساتھ برپا کرنے کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے ہرگز دریغ نہیں کریں گے۔

Page 2 of 1570

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree