The Latest

وحدت نیوز(نواب شاہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ کے گاؤں کھوسہ کا دورہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل صدر اختر حسین و دیگر مقامی ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر جامع مسجد میں مومنین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ رمضان اللہ کا مہینہ ہے۔ جو ہمیں اللہ تعالیٰ کی عبادت اور بندگی کا درس دیتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک نزول قرآن کریم کا مہینہ ہے۔ جس میں قرآن مجید کی تلاوت اور قرآن فہمی پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روایات میں ہے کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے اصحاب دن کے بہادر شیر اور رات کو راہبوں کی طرح عبادت و بندگی خدا کرنے والے ہوں گے۔

ہم نے اگر امام عصر علیہ السلام کے لشکر میں شامل ہونا ہے تو باطل قوتوں کے مقابلے میں مرد میدان بنیں اور ہماری زندگی خصوصاً راتیں عبادت الٰہی سے مزین ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اول امت مسلمہ کا دل ہے۔ جس پر غاصب صہیونی قبضہ ناقابلِ قبول ہے۔ فلسطینی شہریوں کو ان کے آبائی وطن سے زبردستی بے دخل کرکے غاصب صیہونیوں کو دنیا کے مختلف ممالک سے لا کر سرزمین فلسطین پر آباد کیا گیا جو بدترین ظلم ہے۔ امریکہ برطانیہ سمیت عالمی استکباری قوتیں اسرائیلی مظالم کی بانی اور پشت پناہ ہیں۔ ان شاءاللہ عنقریب فلسطین آزاد ہوگا اور ہم بیت المقدس و مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔

وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہم اپنی بساط کے مطابق علاقے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، مسائل بہت زیادہ ہیں ان کے حل کیلئے کافی وقت درکار ہے، تنقید کرنے اور تعریف کرنے والے ہمارے اپنے بھائی ہیں، یہ کوئی غیر نہیں، سب کی باتوں کا احترام ہے، خدا گواہ ہے کہ سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جا رہا ہے. حلقہ بہت بڑا ہے،م بہت زیادہ ہیں، کہیں کوئی کمی و بیشی رہ جاتی ہے تو ہم اپنے حلقے کے غیور عوام سے پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔ وفاق میں حکومت کی تبدیلی مسائل کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ یہ سب کو معلوم ہے مگر بعض لوگ اس حقیقت کو تسلیم کرنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ سکردو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع دن سے ہم یہ کہتے آئے ہیں کہ ہم فرشتے نہیں انسان ہیں۔ غلطی انسان سے ہوتی ہے میرے حلقے کے عوام سمجھتے ہیں کہ ہماری پالیسیاں عوام دوست نہیں ہیں تو وہ بروقت ان کی نشاندہی کریں۔ دوست وہ ہیں جو ہماری غلطیوں کی نشاندہی ہمارے سامنے آکر کریں اور بہتری کیلئے مشورے بھی دیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ تدریس کے شعبے کو چھوڑ کر سیاست میں آنے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ میں کوئی مال بناوں یا جائیدادیں بناوں۔ اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے، اللہ مجھے اپنے عوام کی بلاتفریق خدمت کا موقع دے۔ ہاں ہم یہ کہتے ہیں کہ سب کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہم مسائل سے غافل ہیں، ہم اپنی کیپسٹی کے تحت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ کچھ علاقوں کے مسائل آج حل ہو رہے ہیں کچھ کے کل حل ہونگے۔ حلقے میں تعلیم، صحت، مواصلات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں کئی بڑے منصوبوں کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں، کچھ منصوبوں کے ٹینڈرز طلب کر لئے گئے ہیں، کچھ منصوبوں پر کام شروع ہوچکے ہیں، کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ہم عوام کے مفاد میں کام کر رہے ہیں، ذاتی نوعیت کے کاموں کو کم اجتماعی کاموں کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی کراچی کی جانب سے کیتھولک گرائونڈ سولجر بازار میں9 واں سالانہ سلسلہ معارف قرآن پروگرام جاری ہے ۔معارف قرآن پروگرام کے چوتھے روز علامہ سید کاظم عباس نقوی نے’’تشریح و تفسیر سورہ واقعہ‘‘ کے عنوان پر سورہ واقعہ کی ابتدائی چند آیتوں کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان جب یقینی صورتحال کو دیکھتا ہے تو ماضی کا صیغہ استعمال کرتا ہے ۔جیسے کوئی مصیبت اس پر آئے تو وہ کہتا ہے کہ اب میں مرگیا ،جبکہ حقیقتاً ابھی وہ مرا نہیں ہے ،مگر مصیبت اس طرح یقینی حالت میں اس کے سامنے آتی ہے کہ وہ اب نہیں بچے گا اور وہ ماضی کا صیغہ استعمال کرتا ہے ۔اسی طرح خدا نے سورہ واقعہ میں قیامت کا ذکر یقینی حالت میں کیا ہے اور کہا ہے کہ جب قیامت واقع ہوگی ۔گویا کہ قیامت واقع ہوچکی ہو ۔

مولانا سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ انسان کی طبیعت اس طرح کی ہے کہ انسان کے ذہن سے سزا کا تصور ختم کردیا جائے تووہ گناہ کی جانب مائل ہوجاتا ہے ۔انسان میں اصلاح کو پیدا کرنے کےلئے خوف کی ضرورت ہے ۔احتساب کی سوچ انسان کو خوف میں مبتلا رکھتی ہے ۔اگرمعاشرے کے سب افراد گناہوں سے دور رہ کر زندگی گزارے تو خدا کے عذاب سے خوف کی کوئی ضرورت ہی نہ رہے گی ۔اگر آج ہمارے ملک کے ہر ادار ے میں احتساب کا سلسلہ شروع ہوجائے تو یقینی طور پر ملک ترقی کرے گا ۔احتساب کا نہ ہونا فرعونیت کو ایجاد کرنے کا باعث بنتا ہے۔توحید کا عقیدہ واضح نہ ہوتو پھر عدل ،نبوت ،امامت اور قیامت کا عقیدہ بھی سمجھ نہ آئے گا ۔اگر ہم اچھے مسلمان بننا چاہتے ہیں تو قیامت کا عقیدہ واضح ہونا ضروری ہے ۔قیامت پر ایمان کا اثر حقیقی معنوں میں انسان کے عمل سے ظاہر ہوتا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سید علی حسین نقوی صوبائی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بہنوئی اسداللہ ولد قربان علی علمدار روڈ کوئٹہ میں اچانک حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے  خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم نے قومی و بین الاقوامی شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لے کر پاکستان کے لئے متعدد بار طلائی تمغے حاصل کرکے وطن کا نام روشن کیا۔مرحوم کی نماز جنازہ کل علمدار روڈ پر ادا کی جائے گی۔

مرحوم کے انتقال پرُ ملال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، صوبائی صدر سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی ، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری سمیت دیگر مرکزی ، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی رہنماؤں نے علی حسین نقوی سے افسوس اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔

رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئےکہا کہ خداوند متعال مرحوم کو جوارآئمہ معصومین ؑ میں محشور فرمائے اور ان کے تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا اجر عظیم مرحمت فرمائے ۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان سیکرٹریٹ شادمان لاہور میں تنظیمی تربیتی دروس کا سلسلہ جاری ہے دن کے وقت خواتین کی کلاسز جبکہ رات کو برادران کی کلاسز منعقد ہورہی ہیں یہ کلاسیں مخصوص تنظیمی مسئولین کے لئے رکھی گئی ہیں ۔ ان کلاسز کوجید علمائےکرام تدریس کررہےہیں ۔برادران وخواہران وزانہ کی بنیاد پر جناب حجۃ الاسلام والمسلمین آقائے محمد علی فضل،جناب حجۃ الاسلام والمسلمین آقائے راجہ مصطفی ،جناب حجۃ الاسلام والمسلمین آقائے علی مدبری ،جناب حجۃ اسلام والمسلمین آقائے سید مھدی کاظمی سےاستفادہ فرمارہے ہیں ۔

 کلاسز کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ اورکلاسز کے آخر میں آدھا گھنٹہ سوالات وجوابات کا سیشن کھا گیا ہے ۔ تنظیمی تربیتی دروس کی ان کلاسز کے شرکا ء کا کہنا ہے کہ کلاسزنہایت دوستانہ ماحول میں ہورہی ہیں اور بہترین اور ماہراساتذہ سےاستفادہ کیا جارہا ہے ۔ شرکاء کا کہنا ہے کہ ہم شکر گزار ہیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مسئولین کے جنہوں نے ان کلاسز کاسوچا اور ماہ صیام میں ان کو اجراء کیا ۔ کلاسز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔ اساتذہ بہت ہی اچھے انداز اور نئی روش (ملٹی میڈیا کے ذریعے) تدریس فرما رہے ہیں ۔ جس سے تمام کلاسز میں شریک لوگ مطمئن ہیں ۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے وفد کی نئے متعین ایس ایس پی ضلع ملیر حسن سردار خان نیازی سے ان کے دفتر میں خیرسگالی ملاقات، وفد میں ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی ،سینیئرنائب صدروپیش نمازمسجد زینبیہؑ غازی ٹاؤن  مولانا گلزارحسین شاہدی، نائب صدر وپیش نماز مسجد ام البنینؑ ٹی این ٹی کالونی مولانا بلاول حسین فائزی،ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتازمہدی، سیکریٹری امور سیاسیات عارف رضا زیدی، سیکریٹری تنظیم سازی سجاد اکبر زیدی، سیکریٹری روابط حسین حیدر، سیکریٹری امور عزاداری قیصرعباس زیدی اور سماجی ورکراظہرعباس بھی شامل تھے جبکہ ایس ایچ او ملیر سٹی پولیس اسٹیشن سید عدنان بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ایم ڈبلیوایم کے وفد نے ایس ایس پی ملیر حسن سردار خان نیاز ی کو چارج سنبھالنے پر پھولوں کا گلدستہ اور مٹھائی پیش کرکے مبارکباد دی ۔صدر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی نے ایس ایس پی ملیر حسن سردار خان نیازی سے وفد کے اراکین کا تعارف کروایا ساتھ ہی لاء اینڈ آرڈر سے مربوط عوامی مسائل سے بھی آگاہ کیا، ایس ایس پی صاحب نے ایم ڈبلیوایم کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اسٹریٹ کرائم ، منشیات کی فروخت اور دیگر جرائم کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(گلگت)لینڈ ریفارمز پر عوامی ایکشن کمیٹی اور ایم ڈبلیو ایم جی بی کی قیادت کے درمیان ایک اہم ملاقات ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں ہوئی۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے وفد کی قیادت مرکزی چیئرمین پروفیسر سید یعسوب الدین شاہ کاظمی نے کی جبکہ ایم ڈبلیو ایم وفد کی قیادت جنرل سیکرٹری عارف قمبری نے کی۔

عوام ایکشن کمیٹی کے وفد میں مسعود الرحمن، شاہد علی ناصری، محمد جاوید، وزیر تاجور، راجہ امداد حسین شامل تھے۔ ملاقات میں لینڈ ریفارمز پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور حکومتی ڈرافٹ کو عوام کے خلاف قرار دے کر مسترد کر دیا گیا اور اتفاق ہوا کہ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے اتحادیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مل کر نیا ڈرافٹ تیار کرے گی۔

ملاقات میں آئندہ کے لیے احتجاج اور تحریک کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں ایک کوارڈینیشن کمیٹی پر اتفاق ہوا جو آپس میں مزید ملاقات کا عمل تیز تر کرے گی۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں بھی منافع خور عوام پر مہنگائی کا قہر برسانے میں مصروف ہیں اور حکومت سندھ کا پرائس کنٹرول کا محکمہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، سندھ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے، مہنگائی کے باعث غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پیپلز پارٹی کے حکمران خود نہ تو مہنگائی پر قابو پاسکے ہیں اور نہ ہی عوام کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں، رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ذخیرہ اندوز و منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں سندھ میں غیر فعال نظر آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا محکمہ پرائس کنٹرول شہر قائد میں مافیا کو لگام دینے میں بری طرح ناکام ہے، اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی خودساختہ قیمتوں پر سندھ حکومت کی خاموشی سے واضح ہورہا ہے کہ کراچی کی عوام کا خون چوسنے میں یہ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کے افراد شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں مگر بڑھتی مہنگائی اور غربت کی بدولت عوام کیلئے جسم و روح کا رشتہ قائم رکھنا محال ہوگیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی روش نہ بدلی اور مہنگائی اور بےلگام مافیاز پر قابو نہ پایا تو وہ دن دور نہیں جب غریبوں کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوگا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلسِ وحدت مسلمین صوبہ جنوبی پنجاب کی کابینہ کا جلاس زیر صدارت صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی منعقد ہوا جس میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان برادر سلیم عباس صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔

 اجلاس میں ماہ رمضان کے پروگرام طے کیے گئے اور با لخصوص 15 رمضان المبارک ولادت باسعادت حضرت امام حسن علیہ سلام کے موقع پر صوبے بھر میں دستر خوان امام حسن علیہ سلام کا انعقاد کیا جائے گا۔میٹنگ میں سابقہ کارکردگی، تنظیم سازی ، ملکی سیاسی صورت حال ، ماہ مبارک رمضان، یوم القدس اور 8 شوال کے پروگرام کے حوالے سےمشاورت کی گئی۔

وحدت نیوز(لاہور) سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شادمان لاہور میں ایم ڈبلیوایم پاکستان اور آئی ایس کی جانب سے یوم القدس کےحوالے سے گرینڈ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ، برادر سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات ، برادر نقی مھدی ضلعی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور ، برادر سجاد نقوی ممبر مرکزی یوتھ کونسل پاکستان ، برادر شعیب ممبر وحدت یوتھ لاہور ڈویژن ، برادر تصور عباس مرکزی کوآرڈینیٹر وحدت یوتھ ، برادر ظہیر کربلائی آفس سیکرٹری سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم لاہور ، برادر اسدعلی بلتستانی صوبائی میڈیا سیکرٹری  ایم ڈبلیوایم پنجاب کے علاوہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے برادرحسن رضا نقوی ڈویژنل صدر لاہور ،برادر صہیب مرکزی نمائندہ آئی ایس او کے علاوہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے کئی عہدیداران نے شرکت کی ۔

شرکاء نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام خمینی ؒ کے فرمان کے مطابق قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ’’عالمی یوم القدس‘‘ مناتے ہیں۔بیت المقدس وہ مقام ہے کہ جہاں ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیائے کرام کے قدم مبارک تشریف لائے ہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ آج یہی مقام یعنی قبلہ اول بیت المقدس مسلسل صیہونی شکنجہ میں جکڑا ہوا ہے، فلسطین پر امریکی و برطانوی سامراج کی سرپرستی میں سنہ1948ء میں ناجائز اور جعلی ریاست اسرائیل کا قیام عمل میں لایا گیا سنہ1967ء میں قبلہ او کو صیہونیوں نے اپنے شکنجہ میں لیا اور یہاں تک کہ سنہ1969ء میں اسی بیت المقدس کو صیہونیوں نے نذرآتش کرنے کی گھناؤنی کوشش کی جس کے نتیجہ میں بیت المقدس کو شدید نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ صیہونیوں کے مظالم کی تاریخ 75 سال سے بھی زائد کی ہے آج پوری دنیامیں مسلمان اس دن یعنی جمعۃ الوداع کو یوم القدس مناتے ہیں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جد وجہد میں شامل ہوتے ہیں۔قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی اورغاصب و جعلی ریاست اسرائیل کے جرائم کے خلاف اس سال جمعۃ الوداع یوم القدس 23  رمضان کو منایا جائے گا اورملک بھر میں القدس ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ مرکزی القدس ریلی اسلام پورہ سے اسمبلی ہال تک نکالی جائے گی ہم وطن عزیز پاکستان کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ فلسطین اور قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانی تسلط کے خلاف موقف پیش کریں اور فلسطین کاز کی حمایت کا اعلان کریں۔

ہم حکومت پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پر منعقد کیا جائے اور پاکستان بھر میں جمعۃ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے، موجودہ دور میں امریکی سرپرستی میں عرب دنیا کے حکمران فلسطین کاز کا سودا کرنے میں سرگرم عمل ہیں جس کی واضح مثال مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر دنیا کے سب سے بڑے شیطان امریکا کی دعوت اور پھر فلسطینیوں کی آزادی کی تحریکوں کو دہشت گرد قرار دینا واضح طور پر اشارہ ہے کہ عرب حکمرانوں نے امریکی ایماء پر فلسطین کا زکو فراموش کرنے کی گھناؤنی سازش تیار کر لی ہے، تاہم ایسے حالات میں حکومت پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ اقبال ؒ کے افکار و نظریات کے مطابق مسئلہ فلسطین پر اپنا موقف پیش کرے اور فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کا کھل کر اعلان کیا جائے۔

میٹنگ میں پاکستان بھر کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین اور کارکن ،یوم القدس کے اجتماعات میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے ان شاءاللہ ، پاکستان بھر کے تمام آئمہ جمعہ سے اپیل کی جاتی ہے کہ جمعۃ الوداع کو نماز جمعہ کے اجتماعات میں قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز بلند کریں اور بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطینیوں کی آزادی کی تحریکوں کی کھل کر حمایت کا اعلان کریں۔ہم صحافی برادری اور کالم نگاروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے زور قلم سے مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان کے عوام تک حقائق پہنچائیں کہ کس طرح آج عالمی سامراجی قوتیں مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے لئے مسلم امہ کے درمیان تفریق اور نفرت کو ایجاد کر رہی ہیں۔جمعۃ الوداع (یوم لقدس ) کے موقعہ پر ہم سب ملکر سامراجی طاقتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے ۔ان شاءاللہ ۔

Page 1 of 1333

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree