وحدت نیوز(ننکانہ صاحب) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی آرگنائزر، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے وفد کے ہمراہ ضلع ننکانہ کا تنظیمی و تعزیتی دورہ کیا۔
اس موقع پر علامہ غلام شبیر بخاری (سابق رکن شوریٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان)، سید انوار زیدی (سابق صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ایم ڈبلیو ایم پنجاب) اور دیگر اہم رفقاء بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وفد نے سب سے پہلے سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان علی رضا بھٹی کی والد کے انتقال پر ان کے گھر جا کر تعزیت کی، مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور بلندیٔ درجات کی دعا کی گئی۔
اس کے بعد صوبائی وفد نے ضلع ننکانہ کے تنظیمی برادران سے ملاقات کی اور ایک مختصر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس میٹنگ میں ضلع ننکانہ کی موجودہ تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علامہ غلام شبیر بخاری نے تنظیمی برادران کی فعالیت کو سراہا اور آئندہ کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔