وحدت نیوز(گلگت) کارگاہ نالے میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔مقابلے میں شہیدہونے والے پولیس اہلکاروں کی جرات اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔تانگیر اور داریل میں موثر فوجی آپریشن ہوتا تو آج کا یہ واقعہ دیکھنا نہ پڑتا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کےسیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ حفیظ حکومت دہشت گردوں کو محفوظ راستہ دینے کیلئے موثر فوجی آپریشن کی مخالفت کررہے ہیں ۔داریل تانگیرکے پورے ریجن کو کوارڈن کرکے موثر فوجی آپریشن ہوتاتو دہشت گردوں کو کارگاہ نالے میں دہشت گردی کا موقع نہ ملتا۔وانا وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دوران دہشت گرد فرار ہوکر تانگیر اور داریل روپوش ہوئے ہیں اور آج موقع پاکر دہشت گردانہ کاروائیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بارہا سیکورٹی اداروں کو یاد دہانی کروائی تھی کہ کارگاہ نالہ اور غذر کے نالوں سے دہشت گرد گلگت میں کاروائی کرسکتے ہیں لیکن ہمارے خدشات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا۔کارگاہ نالہ،شروٹ نالہ اور دیگر نالوں میں دہشت گردی کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں آج تک کسی مجرم کو گرفتارکرکے سزا نہیں دی گئی۔اب تو دہشت گردوں کی آسائش کیلئے کارگاہ نالے کو جیپ روڈ کے ذریعے داریل سے لنک بھی کیا جارہا ہے تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ اب تو دہشت گرد گلگت شہر کے انٹری پوائنٹ تک پہنچ چکے ہیں حکومت کو کس چیز کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں ڈی سی آفس پر حملے سے ثابت ہوا کہ دیامر ڈسٹرکٹ میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے پاک آرمی سے مطالبہ کیا ہے ایمرجنسی نافذ کرکے پورے علاقے کو کوارڈن کرکے موثر فوجی آپریشن کا آغاز کیا جائے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےلیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی،سیاسی و سماجی بحرانوں کے ذمہ دار سیاسی فرعون ،معاشی قارون اورمذہبی بلعم باعورا ہیں۔یہ استحصالی طبقہ ہے جو غریب کوسر نہیں اٹھانے دیتا۔ ایم ڈبلیو ایم ملک میں بسنے والے ہر فرد کے یکساں حقوق پر یقین رکھتی ہے۔قانون کی عمل داری نہ ہونے کانتیجہ عوامی استحصال کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ملک میں قانون کے نفاذ کی بجائے قانونی شکنی کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ ہر شعبے میں قانون شکن عناصر متوسط طبقے اور عام شہریوں کے لیےمشکلات اور اذیت کا باعث بنے ہوئے ہیں۔جو قوتیں ارض پاک کو مسلکوں کا ملک بنانے کی متمنی ہیں انہیں اپنے ناپاک عزائم میں شکست اٹھانا پڑے گی۔ہم تعصب ،تقسیم اور تفریق کی دیواروں کو گرانے کے لیے پورے عزم کے ساتھ میدان میں موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائے بغیر ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں۔اقربا پروری اور نا اہل افراد کی کلیدی عہدوں پر تعیناتی نے ریاستی اداروں کی کارکردگی کو شدید متاثر کیا ہے ۔عام انتخابات میں باصلاحیت نوجوان قیادت کو ملک کی بھاگ دور سنبھالے کا موقعہ دیا جانا چاہیے۔سیاست میں خاندانی اجارہ داری کاخاتمہ ہونا چاہیے۔کیا پاکستان کی مائیں ایسا کوئی بچہ پیدا نہیں کر سکتیں جو وطن عزیز کی سیاسی سطح پر قیادت کرے۔ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو امریکہ کے دباؤ کا عوامی امنگوں اور قومی وقار کے مطابق جواب دے سکے ۔۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرعالمی پریشر بہت زیادہ ہے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنےکے لیے خطے کی ضرورت کے مطابق پائیدارپالیسیاں طے کرنا ہوں گی جو نتیجہ خیز ثابت ہوں ۔ پاکستان،چین،روس، ترکی، ایران اورعراق پر مشتمل ایسا اتحاد تشکیل دیا جائے جو خطے کی سلامتی کے معاملات کا نگران ہو۔ یہ اقدامات پاکستان کو نا صرف مستحکم کرنے بلکہ خود انحصاری میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نےکہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے سرائیکی صوبے کا قیام انتہائی ضروری ہے ۔ملک میں نظام حکومت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جدوجہد اور انتخابات کے علاوہ اور کوئی راستہ عوام یا ملک کے مفاد میں نہیں۔ہم ریاست میں آئینی اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔مختلف سیاسی جماعتیں الیکشن میں اتحاد کے لیے ہم سے رابطے میں ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے رائیونڈ میں بم دھماکے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر شدید افسوس اور غم وغصے کا اظہار کیا ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردعناصرکو پاکستان کا امن ایک آنکھ نہیں بھاتا، بھارت ، امریکہ اور اسرائیل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان کو درپیش بیرونی چیلنجز کے باوجود ہمارے نا عاقبت اندیش حکمران ریاستی اداروں کے ساتھ ٹکرائو کی سیاست کو فروغ دیکر ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو کامیاب بنا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانی ناقابل فراموش ہیں، پاکستان کے غیور عوام دہشت گردوں کے مقابل اپنی سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،انہوں نے سانحہ رائیونڈ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاک فوج کے دستوں کو سعودی عرب بھیجے جانے کے اعلان پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی و خارجی صورتحال تناطر میں پاک فوج کو کسی اور ملک میں بھیجے جانے کا فیصلہ کسی بھی طور پاکستان کے حق میں نہیں ہے،پاکستان کو بھارتی اور داعشی دہشت گردی کے خطرات میں پاک فوج کی سعودیہ عرب میں تعیناتی خلاف عقل ہے،ارض پاک اس وقت نہ صرف داخلی سطح پر دہشت گردوں سے جنگ میں مصروف ہے بلکہ پڑوسی ملک بھارت کی شرپسندی کے سبب آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں بھی کی جا رہی ہیں۔دوسری طرف افغانستان کے سرحدی علاقے کو بھی دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان حالات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج مختلف محاذوں پر مخالف قوتوں سے بر سر پیکار ہے۔ایسی صورتحال میں پاک فوج کو کسی دوسرے ملک کی مدد کے لیے بھیجا جانا اپنی عسکری قوت میں کمی کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری طرز حکومت میں اس نوعیت کے فیصلے ایوان کو اعتماد میں لے کر کیے جاتے ہیں۔پارلیمنٹ ایک مقتدر ادارہ ہے ۔جس کا احترام تمام دیگر اداروں پر لازم ہے۔ریاستی اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جنگ یہودی و نصاری کی بجائے مسلم ممالک کو زیر کرنے کے لیے لڑی جا رہی ہے ۔سعودی عرب اور یمن کے مابین محاذ آرائی میں پاکستان کو فریق بننے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ہمیں ذاتی تعلقات کی بجائے قومی وقار کو مقدم رکھنا ہو گا۔انہوں نے وزیر پاکستان شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک فوجی کو سعودی قضیے سے دور رکھا جائے اور پاک فوج کے دستے بھیجنے کے فیصلے کو واپس لیا جائے ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) افغانستان میں عالمی دہشتگردتنظیم داعش کا بڑھتا ہو ا اثر و رسوخ ایشیا کے امن کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی دنیا بھر میں آزاد ریاستوں پر عالمی قوانین کے بر خلاف اقدامات نے دنیا کا امن برباد کر رکھا ہے ۔اپنے عزائم کی تکمیل کے لئے دہشتگر د گروہوں کی پرورش کرنااور پھر ان سے لڑنے کا ڈھونگ رچا کر آزاد ریاستوں میں فوجی مداخلت کرنا اس کا وطیر ہ بن چکاہے ۔ مشرق وسطی میں داعش کی شکست کے بعد امریکہ اپنے بچے کھچے ہوئے دہشگردوں کے لئے نئے محاذ ڈھونڈ رہا ہے ۔ایشیا کو غیر مستحکم رکھنا امریکہ کے مفاد میں ہے جس کے لئے ایک مرتبہ پھر کمزور ملک افغانستان کی سرزمین کو استعمال کیا جار ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ کابل حکومت کی افغانستان کے بشتر حصوں میں رٹ عملا ختم ہو چکی ہے ۔غیر مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے ۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان بداعتمادی کی فضا دونوں ممالک کے لئے نقصان دہ ہے ۔پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں اپنی استطاعت سے بڑھ کر قربانیاں دی ہیں۔دہشتگرد داعش تنظیم کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خلاف خطے کے ممالک کو مل کر سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گئی۔افغانستان سے امریکہ کے مکمل انخلاکے بغیر قیام امن ممکن نہیں۔خطے کی مثبت قوتیں پاکستان ،چین ،روس ،ایران کو مستقبل قریب میں دہشتگردی کے عفریت سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہو گا۔
وحدت نیوز (خیرپور) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکا کی پیداوار داعش نے عراق اور شام سمیت دیگر اسلامی ممالک میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان میں بھی خون کی ہولی کھیلنا شروع کردی ہے، کے پی کے کی پولیس بیگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، ملک بھر میں شیعہ رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر بدامنی پیدا کرنے کی مذموم سازش کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محسنین اکیڈمی کے دورے کے موقع پر میر ارشاد تالپور، سید جمن علی شاہ اور تنویر حیدر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں، خیرپور سمیت شکارپور ،جیکب آباد اور دیگر اضلاع میں کالعدم تنظیموں کی تربیت گاہیں اور سہولت کار بڑی تعداد میں موجود ہیں جن کیخلاف کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں ہونیوالی دہشت گردی کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور بھارت سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے دہشت گردی کا جال بچھا رہے ہیں، پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جو دشمن کی ہر سازش کو فوج کے ساتھ مل کر کچل دے گی۔