نصاب سے متنازعہ مواد کا اخراج ضروری ہے، نصاب تعلیم میں اہل بیت (ع) کے علمی معارف سے استفادہ کیا جائے،علامہ مقصود ڈومکی

21 جولائی 2025

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصاب تعلیم کونسل کے زیر اہتمام جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین جیکب آباد میں نصاب تعلیم کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس میں مختلف تعلیمی، مذہبی و ادبی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء، کنوینر نصاب تعلیم کونسل اور مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی، ممتاز ماہر تعلیم و پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی صدر استاد انتظار حسین چھلگری، معروف ادیب و دانشور استاد محمد عالم کھوسو، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء علامہ سید ظفر عباس شمسی، مجلس علمائے مکتبِ اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رہنماء سید عبدالقادر شاہ بخاری، ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، ادیب استاد خادم حسین برڑو، ڈی آئی پی کے ضلعی صدر منصب علی ڈومکی، مرکزی رابطہ سیکرٹری رحمدل خان ٹالانی، زوار غلام مصطفیٰ، سید بہار شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصابِ تعلیم سے کروڑوں طلبہ و طالبات کا مستقبل وابستہ ہے۔ نصاب تعلیم نئی نسل کو سانچے میں ڈھالنے کا ذریعہ ہے، لہٰذا اس میں تمام مکاتب فکر کے لئے قابل قبول، متفقہ اور اعلیٰ انسانی اقدار پر مبنی مواد شامل ہونا چاہئے۔ نصاب سے متنازعہ مواد کا اخراج ضروری ہے۔ نصاب تعلیم میں اہل بیت (ع) کے علمی معارف سے استفادہ کیا جائے۔ صحیفہ سجادیہ سے دعا و مناجات اور معرفت خدا میں نئی نسل کی رہنمائی کی جائے۔ استاد انتظار حسین چھلگری نے اس موقع پر کہا کہ فاتحین کو سرچشمۂ ہدایت کی بجائے تاریخ اسلام کے تناظر میں پیش کیا جائے، کیونکہ تاریخ میں بہت سے فاتحین کے کردار متنازعہ رہے ہیں۔ دین اسلام نبی اکرم (ص) اور ان کے اہل بیت (ع) کے پاکیزہ کردار کی بدولت پھیلا، نہ کہ تلوار کے زور پر۔ نصاب تعلیم میں مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے۔

اس موقع پر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ واقعہ کربلا عالمِ انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ ہماری درسی کتابوں میں آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاکیزہ تعلیمات اور واقعہ کربلا کو شامل کیا جائے، اور کربلا کو ظلم کے خلاف قیام، حق گوئی، صداقت، اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کے طور پر پڑھایا جائے۔ استاد محمد عالم کھوسو نے نصاب تعلیم میں تمام مکاتب فکر کے لئے رواداری، برداشت اور احترامِ انسانیت کی اہمیت پر زور دیا۔ علامہ سیف علی ڈومکی نے حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی عبادات، تواضع اور حلم کے واقعات بیان کئے جو نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree