The Latest
وحدت نیوز(لاہور) صوبائی سیکریٹریٹ ایم ڈبلیو ایم پنجاب لاہور میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہور کی کابینہ میٹنگ مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی کی زیر صدارت ہوئی ۔
اجلاس میں علامہ سید احمد اقبال رضوی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم پاکستان ،مولانا ظہیر کربلائی مرکزی کوآرڈینیٹر شعبہ تربیت اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا نقوی اپنی کابینہ کے ہمراہ شریک ہوئیں۔
مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین سیدہ زہرا نقوی نے لاہور کابینہ کی بہترین تنظیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع لاہور کی شعبہ جاتی فعالیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیروزوالہ کے ساتھ ساتھ وزیر آباد میں بھی بھرپور الیکشن کمپین چلانے کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے ۔
محترمہ حنا تقوی وزیر آباد کا دورہ کریں گی اور وہاں کی خواتین سے ملاقات کے بعد ایک مضبوط تنظیمی و سیاسی سیٹ اپ کے حوالے سے اپنی خدمات پیش کریں گی محترمہ زہرا نقوی نے اس اہم ذمہ داری کو قبول کرنے پر خواہر حنا تقوی اور ان کی کابینہ کا شکریہ ادا کیا ۔
سید اسد عباس نقوی نے شعبہ خواتین لاہور کی شعبہ جاتی پروگرام کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح فیروز والہ میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے آپ خواہران نے ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے اسی طرح اب وزیرآباد میں بھی ہمیں آپ سے یہی توقع ہے کہ اس حلقے کی کمپین میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں گی ۔
اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے بھی شعبہ خواتین کی فعالیت کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ شعبہ خواتین اس سال محرم الحرام سے پہلے ایک ذاکرات ، عالمات اور بانیان مجالس اور سنگتوں کی سربراہان کی ایک کانفرنس منعقد کرائے جس میں ملک بھر کی معروف ذاکرات عالمات بانیان سنگتوں کی سالار اور معروف مرثیہ خوان اور نوحہ خوان خواتین کو دعوت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس (عزاداری کانفرنس ) کے عنوان سے شعبہ خواتین منعقد کرے ۔
مرکزی کوآرڈینیٹر شعبہ تربیت مولانا ظہیر کربلائی نے شعبہ خواتین ضلع لاہور کے لیے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری حفظ اللہ کا خصوصی پیغام دیا جس میں انہوں نے ضلع لاہور کی منظم اور بہترین فعالیت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شعبہ خواتین کے تمام اضلاع کو اسی طرح متحرک اور سر گرم عمل رہتے ہوئےکام کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور عظمی نقوی ، سیکرٹری روابط محترمہ عندلیب ، سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ عالیہ رضوی اور سیکرٹری شعبہ تربیت محترمہ نجبہ بتول شریک تھیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مولانا غلام شبیر کانہیو کو سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ علامہ سید باقر عباس زیدی کا معاون خصوصی برائے امور تربیت و تبلیغات سندھ مقرر کردیا گیا ہے ۔
صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل یعقوب حسینی کے مطابق مولانا غلام شبیر کانہیو صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی کے معاون خصوصی برائے امور تربیت اور تبلیغات کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے ۔
واضح رہےکہ ،مولانا غلام شبیر کانہیو جامع مدارس امامیہ سندھ کے رکن اور تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ اس سے قبل وہ ایم ڈبلیوایم ضلع نواب شاہ میں سیکریٹری امور تربیت اور تبلیغات کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
وحدت نیوز(گلگت)گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت میں مزید تقرریاں عمل میں آئی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین سے تعلق رکھنے والے رکن گلگت بلتستان اسمبلی علامہ شیخ اکبر علی رجائی کو پارلیمانی سیکریٹری برائے لوکل گورنمنٹ و رورل ڈیویلپمنٹ اور مولانا فضل رحیم کو پارلیمانی سکریٹری برائے واٹر اینڈ پاور نامزد کردیا گیا ہے ۔
دونوں اراکین کے پارلیمانی سیکریٹری نامزد کیئے جانے کا باقائدہ نوٹیفکیشن وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری کردیا گیا ہے۔ رکن اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی نے پارلیمانی سکریٹری نامزد کرنے پر سی ایم گلگت بلتستان خالد خورشید کا شکریہ ادا کیاہےاور اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمات انجام دینے کا عزم کیا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) تحریک حسینی کے سابق صدر مولانا یوسف حسین مختصر علالت کے بعد اسلام آباد میں خالق حقیقی سے جا ملے ، مرحوم کی نماز جنازہ مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ اعجاز حسین بہشتی کی اقتدا میں مرکزی امام بارگاہ جامعہ امام صادق جی نائن ٹو میں ادا کر دی گئی
۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مولانا افتخارحسین نقوی،ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اقبال بہشتی ، مولانا شیرعلی انصاری، آئی جی ارشاد حسین اور دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امید واربرائے حلقہ LA-29 مظفرآباد 3 سٹی سید غفران علی کاظمی نے آج سے باقاعدہ الیکشن کپمین کا آغاز کر دیا۔ امید وار اسمبلی سید غفران علی کاظمی نے سیدالشہداء حضرت غازی عباس علمدار علیہ اسلام کے علم پاک کے سایہ میں دعائیہ کلمات سےالیکشن کمپین کا آغاز کیا اور اس کے بعد فخر سادات ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مفتی کفایت حسین نقوی سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی ۔اس موقع پر مفتی کفایت حسین نقوی نے سید غفران علی کاظمی کی کامیابی کے لیے دعا کی اس موقع پر امیدوار اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ مفتی کفایت حسین نقوی صاحب نے اپنی پوری زندگی قوم و ملت کی خدمت کے لیے گزار دی ،علامہ صاحب کی شخصیت ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں پاک فوج پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں جو وطن عزیز پاکستان میں بے گناہ انسانوں کو نشانہ بناتے ہیں افغانستان میں جاری لڑائی کے منفی اثرات سے ہمسائے بھی محفوظ نہیں رہ سکتے۔ بھارت امریکہ اور اسرائیل کی اسلام دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں وطن عزیز پاکستان میں ہمیں دشمن کی سازشوں پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر فوجی جوانوں پر فخر ہے جو ملک و قوم کی حفاظت کے لئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں حب الوطنی اور امن و اخوت کی علمبردار ہے جس نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف صف اول میں جدوجہد کی ہے۔ بلوچستان کی دھرتی بے گناہ انسانوں کے خون ناحق سے رنگین ہے لہذا اب وقت آ چکا ہے کہ دھشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئےفیصلہ کن آپریشن کیا جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد صادق جعفری سے ملاقات کی۔
صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار کراچی ہونیوالی ملاقات کے دوران ایم کیو ایم رہنماؤں نے مجلس وحدت مسلمین کو 3 جولائی کو سوک سینٹر سے پریس کلب تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد میں سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب، رابطہ کمیٹی کے رکن عارف ایڈووکیٹ اور علماء کمیٹی کے سربراہ جاوید احمد شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رہنما میر تقی ظفر، عسکری رضوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے وفد نے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی کی سربراہی میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری سے ہیڈ کوارٹرپاکستان رینجرز سندھ میں خصوصی ملاقات کی ۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے وفد نے ڈی جی رینجرز سندھ سے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، محرم الحرام میں سکیورٹی کے معاملات اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
اس موقع پر وفد کے شرکاء نے کراچی کی عوام، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کوبےحد سراہا۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، صابر کربلائی ، میر تقی ظفر، علی حسین نقوی اور دیگر رہنما بھی شامل تھے ۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تشیع کی تاریخ قیام اور قربانیوں سے عبارت ہے ہماری چودہ سو سالہ تاریخ راہ حق میں شہادت قید اور صعوبتوں پر مبنی ہے۔ ہم آج بھی انسان دشمن ظالمانہ سامراجی نظام خصوصاً امریکہ کے صف اول کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا سامراج مخالف پیغام قرآن و سنت سے ماخوذ ہے جو اب عالمی انقلابی تحریک میں بدل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں جو ملک میں سامراجی امریکی مداخلت کے خلاف ہیں اور حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خودمختار پاکستان چاہتے ہیں۔ ظلم اور ظالم کے خلاف اٹھنے والی آواز کی ہم نے ہمیشہ حمایت کی ہے جبکہ ہر ظالم کی مخالفت اور ہر مظلوم کی حمایت ہمارے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں مسنگ پرسنز ہیں جبکہ بلوچ سر زمین قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود اس دھرتی کے باشندے مظلوم اور مفلوک الحال ہیں۔ پاکستان کے علماء اور مذہبی جماعتیں اس ملک میں جاری ظلم اور نا انصافی پر صدائے احتجاج بلند کریں۔ قرآن کریم نے حق گوئی کی تاکید کرتے ہوئے باطل کو حق کا لباس پہنانے اور حق کو چھپانے سے منع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 73 کے آئین اور 1940 کی قرارداد کی روشنی میں چلایا جائے۔ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے انہیں بلوچ تاریخ سے متعلق کتاب کا تحفہ پیش کیا۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین کےفلاحی شعبےکے زیر اہتمام چلنے والے ہسپتال دار الشفاء حضرت عباس ہسپتال میں فری میڈیکل کیمپ۔ سینکڑوں مریض ٹرپل اے ایسوسی ایٹس اور مجلس وحدت مسلمین کے باہمی اشتراک سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ سے مستفیض ہوئے۔ اسلام آباد میں قائم معروف نجی ادارے ٹرپل اے ایسوسی ایٹس کے ماہر معالجین آئندہ بھی بلتستان میں فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد ادارہ رکھتے ہیں۔
بدھ وار کے روز منعقدہ اس میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز نے ہڈیوں کے پرانے درد ، جلد کے امراض اور ہومیوپیتھک ادویات کے ذریعے پرانے اور ناقابل علاج سمجھے جانے والے امراض میں مبتلا مریضوں کو بلکل مفت کنسلٹنسی فراہم کئے۔ ایسوسی ایشن کے ڈاکٹرز ڈاکٹر حسنین و دیگر نے دارالشفا حضرت عباس ہسپتال کے منتظمین کا فری میڈیکل کیمپ کیلئے معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی بلتستان کے لوگوں کو اپنی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دارالشفا کے ایڈمنسٹریٹر عقیل احمد ایڈووکیٹ نے ماہر ڈاکٹرز اور ٹرپل اے ایسوسی ایشن نے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ شہزاد کیانی ، چیئرمین ٹرپل اے شیخ فواد بشیر و دیگر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آیندہ بھی انکا ادارہ بلتستان میں اسطرح کے پروگرامز کرینگے۔ ہمارا ارادہ دارالشفا حضرت عباس سکردو ایسے اقدامات کو ویلکم کہیں گے اور ہر ممکن طور پر معاونت فراہم کرینگے۔عقیل احمد ایڈوکیٹ نے شریف کواردوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ کے انعقاد سے لیکر اختتام ، ڈاکٹرز اور ٹرپل اے ایسوسی ایٹس سے روابط میں آپ کا کردار نہایت اہم اور مدد گار ثابت ہوا۔