The Latest
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام خواتین کے لیے کیرئیر کونسلنگ اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کے عنوان سے ایک آن لائن سیشن کا انعقاد کیا گیا جسکا مقصد خواتین کے لیے آن لائن روزگار اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے راہنمائی کرنا ہے۔
زوم اور فیسبک پر دکھائے جانے والے آن لائن پروگرام کی نظامت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ ام البنین زیدی نے انجام دی جبکہ اس اہم موضوع پر گفتگو کرنے کے لیے محترمہ مریم خان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن، سی ای او وومنز اکنامک ڈویلپمنٹ انیٹیٹیو پنجاب، فاونڈر اینڈ چیئرپرسن ایس ڈی جی اکیڈمی پنجاب اور محترمہ عالیہ رضوی سیکرٹری ویلفیئر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔
ایک سوال کے جواب میں محترمہ مریم خان نے کہا کہ خواتین کو با اختیار اور معاشرے کا مفید رکن بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے اندر موجود صلاحیتوں کو نکھارا جائے ۔ان کا کہنا تھا ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے خواتین کو کیرئیر گائیڈنس فراہم کی جائے اس کے پہلے مرحلے میں ایک سروے کیا جاے جس میں خواتین کی تمام معلومات حاصل کی جائیں اور انکی صلاحیتوں اور شوق کو مدنظر رکھتے ہوے مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا جاے جسکے بعد دیگر مختلف مراحل طے کیے جائینگے۔
سیکرٹری ویلفیئر ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین لاہور نے کہا کہ ہماری خواتین کو جناب خدیجہ سلام اللہ علیھا کو رول ماڈل بنانا چاہئے جنہوں نے ایسی بہترین تجارت کی کہ آپ کے ہم پلہ کوی نہ تھا دین اسلام ایک ایسا خوبصورت دین ہے جو خواتین کو تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوے مکمل اختیار دیتا ہے کہ وہ کاروبار کریں تجارت کریں اور نہ صرف اپنے گھر کو استحکام بخشیں بلک معاشرے کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کریں دونوں مہمانان نے تفصیل کے ناظرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے بہترین انداز میں جوابات دیے۔
وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس سکھر کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا جس میں سندھ کے اضلاع اور صوبائی کابینہ نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں سکھر کے مقامی ہوٹل میں منعقدکیا گیا جس میں سندھ کے اضلاع اور صوبائی کابینہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کی آمد سے قبل عزاداری سیل کا قیام عمل میں لایا گیا جس کی سربراہی آغا ندیم جعفری کریں گے۔ عزاداری سیل محرم الحرام میں سندھ بھر میں پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔اجلاس میں صوبائی کابینہ و ضلعی ذمہ داران نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور اگلے تین ماہ کیلئےپروگرامات کی منظوری بھی لی گئی۔
صوبائی شوریٰ اجلاس میں علی حسین نقوی کی بطور صوبائی سیکریٹری سیاسیات اور صابر کربلائی کی بطور ڈپٹی سیکریٹری جنرل منظوری بھی لی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں تنظیم سازی کے عمل میں تیزی لائی جائے گی اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹریٹ سے جاری شدہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ نے جدید تعلیم کو عصر حاضر کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نسل میں تعلیم کا رجحان قابل تعریف ہے، مگر ہمارے نصاب میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تبدیلیوں کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے جدید نصابی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں نظام تعلیم مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے اور ہم ابھی تک پرانے نصاب کی رٹ لگا کر اپنی ہونہار اور قابل نوجوان نسل کو ضائع کرنے پر تلے ہیں۔ ہمارے نظام کی بنیاد ابھی تک مضامین کو رٹنا اور ذہن نشین کرنا ہے، جبکہ ساری دنیا نظام تعلیم میں جدت لا کر تخلیقی سوچ اختیار کرتے ہوئے بہتر ہونے پر زور دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے معاشرے میں طلباء صحیح سمت کا تعین کرتے ہوئے بہتر تعلیمی نظام کا انتخاب کریں تو انہیں بین الاقوامی طلباء سے مقابلہ کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام شہید قائد عارف حسین الحسینی کی 33 ویں برسی کے انتظامات کے حوالے سے کور کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین نثار فیضی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اہم امور کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین سمیت راولپنڈی و اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرلز نے بھی شرکت کی۔
نثار فیضی نے کہا کہ شہید قائد کی برسی کا اس سال انعقاد اسلام آباد کی بجائے لیاقت باغ راولپنڈی میں ہو رہا ہےاس لیے ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ برسی کی تقریب کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس اپنے تعاون کو یقینی بنائے۔ اس سلسلے میںضروری تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برسی میں شرکت کے لیے پورے ملک سے مختلف مکاتب فکر کے علما، کارکنان سمیت سیاسی ،سماجی اور صحافتی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔عارف حسینی نے وحدت و اخوت کی جس فکر کا پرچار کیا تھا اس کا عملی مظاہرہ ہر سال شہید قائد کی برسی کے موقعہ پر بھرپور طریقے سے کیا جاتا ہے۔یکم اگست کو لیاقت باغ راولپنڈی میں شہید قائد کی برسی کے سلسلے میں بعنوان’’قران و اہلبیت ؑ کانفرنس‘‘ایک تاریخی اجتماع ہو گا جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور رکن شوریٰ عالی علامہ سید ہاشم موسوی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا سے ملاقات کی اور انہیں گورنر بلوچستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں دھشت گردی کے مسلسل سانحات کے پیش نظر مجرموں کا تعاقب ضروری ہے۔ دھشت گردی کے سانحات میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے گورنر کو بتایا کہ ہماری کئی مساجد مدارس اور شخصیات کی سیکورٹی کلوز کی گئی ہے۔ جس پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ہماری مساجد مدارس اور علماء کی سیکورٹی بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان محب وطن جماعت ہے جو ملک میں امن و اتحاد کے فروغ کے لئے مصروف عمل ہے۔ محرم الحرام کے دوران قیام امن کے سلسلے میں ہمارا حکومت اور ریاستی اداروں سے مکمل تعاون رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسکول فروغ تعلیم کا مرکز ہوتے ہیں جس طرح پاک ترک، اسکول پاک عرب اسکول اور برٹش و امریکن اسکولز اس ملک میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں اسی طرح پاک ایران اسکولز کو بھی قواعد و ضوابط کے تحت اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھنے کی اجازت ہونی چاہیئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ دھشت گردی کے سانحات میں ہمارے دو ہزار معصوم شہری شہید ہوئے ان کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خدمت و فلاح انسانیت کے جذبے کے تحت ہم اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کر رہے ہیں۔ جس میں شرکت کے لئے گورنر بلوچستان کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ ہزارہ قبیلہ اور اھل تشیع محب وطن ہیں اور اس ملک کے لئے ان کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔ دھشت گردی کے مختلف سانحات میں ہم آپ کے غم میں شریک رہے۔ جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلا کر آپ کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکولز کی طرف سے فروغ تعلیم کی کوشش قابل تعریف ہے مگر ان اسکولوں میں حکومت پاکستان کا منظور شدہ نصاب تعلیم پڑھایا جائے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گورنر بلوچستان کو امام زین العابدین علیہ السلام کی دعاؤں کی کتاب صحیفہ سجادیہ اور عالم اسلام کے ممتاز عالم دین علامہ جلال الدین سیوطی کی معرکہ الآرا کتاب احیاء المیت فی فضائل اھل البیت علیہم السلام کا تحفہ پیش کیا۔ ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنما علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، آغا سہیل اکبر، پیر سید احسان علی شاہ دوپاسی، رجب علی کربلائی و دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(گلگت) توہین اہلیبیت کے خلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ملک بھر کی طرح گلگت کی غیور عوام نے احتجاجی پروگرام کا ابعقاد کیا پروگرام سے مرکزی سیکریٹری یوتھ شعبہ خواتین مجلس وحدت مسلمین محترمہ سایرہ ابراہیم نے کہا کے امریکی اور اس کے حواری ہوش کے ناخن لیں اور ماضی سے سبق حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کے عالمی استعماری طاقتیں وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں، عالمی استعماری طاقتوں کا مقصد صرف پاکستان میں قائم مذہبی ہم آہنگی کی بربادی ہے جو کے دشمن کی آنکھ میں کھٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کے دشمن کی ہر سازش کے خلاف ہم کو میدان عمل میں متحد رہنا ہو گا تا کے اس کو منہ کی کھانی پڑے۔
انہوں نے کہا کے محرم کی آمد کے ساتھ ساتھ یہود و نصاری کے آلہ کار بھی متحد ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کے ہم اپنے مقدسات کی طرف کسی کو انگلی اٹھانے نہ دین گے امام موسی کاظم اور خاندان رسول ص کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو ریاست خود مدعیی بن کر سزا دے اور ان کے خلاف مقدمے چلائے تاکے آئندہ کوئی بھی ایسی جرات نہ کر سکے انئوں نے کہا کے اس طرح کی باتوں سے شعیہ سنی دونوں فرقوں کے جذبات مجروح ہو ئے ہیں، انہوں نے کہا کے دشمن کا واحد مقصد صرف مذہبی منافرت پھیلا کر ملک کا امن خراب کرنا ہے جو کے عوام بلکل نہی ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کے نازیبا الفاظ استعال کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے انہوں نے کے استعماری طاقتیں ایک طرف ڈالر کی جھنکار سنا کر اور دوسری طرف دینار کی جھلک دکھا کر چاہتے ہیں کے مسلماں ایک دوسرے سے دست و گریبان ہو جائیں انہوں نے کہا کے ریاست ایسے افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری یوتھ اور امام جمعہ کچورا علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کچورا میں جمعہ کی خطبے میں حکومت پاکستان کو طالبان اور موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں عالمی قوتیں ایک دفعہ پھر خون کی ہولی کھیلنا چاہتی ہیں اور اس کا اثرات پاکستان پر پڑنا شروع ہوگئے ہیں لہٰذا حکومت حوش کے ناخون لے اور ملکی امن امان اور غیرملکی افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔
علامہ اعجازبہشتی کا علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی گلگت بلتستان میں اس وقت سیاحوں کا رش ہے اور اس دوران حکومت کی جانب سے سیاحوں کی سہولیات کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیشرفت نظر نہیں آتی اور ہوٹل مالکان کی من مانی اور ہوشربا قیمتوں کی وجہ سے سیاح کافی پریشان نظر آتے ہیں لہذا ذمہ داران اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔
علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان آنے والے سیاح اس علاقے کی ثقافت اور تہذیب کا خاص خیال رکھیں اور دوسروں کی تہذیب کا ادب کرنا آداب معاشرت میں آتا ہے حکومت کو بھی اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کی اسلامی تہذیب اور ثقافت کا وقار برقرار رہ سکے۔
وحدت نیوز(کراچی)صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ و دعا کمیٹی کے تحت ھفتہ وار دعائے توسل اور اجتماعی مجلس ترحیم و ماتمداری برائے ایصال ثواب و بلندی درجات شہدائے ملت جعفریہ، علماء، شعراء، وکلاء، پاک فوج، رینجرز، پولیس، اور قائد مرحوم مفتی جعفر حسین، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی، علامہ محمد حسن ترابی شہید، علامہ شہید آغا ضیاء الدین رضوی، مولانا دیدار علی جلبانی شہید، مولانا غلام محمد امینی شہید، علامہ آفتاب حیدر جعفری شہید، استاد پروفیسر سبط جعفر شہید، مرحوم صغیر عابد رضوی، مولانا عون محمد نقوی مرحوم، امتیاز رضا زیدی مرحوم، سید محمد اقبال حسین، منقبت خواں قمر عباس، میثم شاہ، ضمیر جاوا، سینیٹر اقبال حیدر ، چچا وحید اور مرحوم مومنین و مومنات کیلئے منعقد کی گئی ۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عباس شاکری نے کہا کہ قائدین قوموں کو بیدار کرتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ انھیں ہم سے چھین لیا جاتا ہے ۔شہید ضیاء الدین رضوی نے اپنے زمانے میں متنازع نصاب کے خلاف آواز بلند کی اور ہم سب کو اس اہم مسئلہ کی جانب متوجہ کیا ۔ آج بھی نصاب تعلیم میں من مانی اور متنازع تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ آج پھر شہید ضیاء کی طرح اس مسئلہ پر احتجاج کرنے کی ضرورت ہے ۔ شہداء کا ذکر شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے بغیر نامکمل ہے ۔ شہید قائد کہتے تھے کہ قائد کے ساتھ قوم کے ہر فرد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چائیے ۔ہماری غلطی یہ ہے کہ ہم شہداء کی قدر ان کی زندگی میں نہیں کرتے اور ان کی شہادت کے بعد ان کی اہمیت کا خیال کرتے ہیں۔ شہید علامہ حسن ترابی پر آشوب دور میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر نظر آتے تھے ۔تمام چھوٹے اور بڑے شہداء قابل قدر ہے ۔ یہ ہماری غلطی ہے کہ ہم کسی کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتے. قرآن نے شہید کو مردہ کہنے پر پابندی لگائی ہے ۔شہید کو کبھی مردہ گمان نہیں کرنا چائیے۔ جو دین کا کام کرتے ہوئے مرے وہ خدا کی نظر میں زندہ ہے اور جو زندہ رہ کر بے مقصد زندگی گزارے اللہ کے نزدیک وہ مردہ ہے ۔
مولانا محمد عباس شاکری نے کہا کہ شہادت سے بڑی کوئی نیکی نہیں ہے ۔محرم الحرام شہداء اور بالخصوص سید الشہداء امام حسینؑ کی یاد کا مہینہ ہے ۔ امام خمینی نے کہا تھا کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے عزاداری سید الشہداء کا نتیجہ ہے ۔ شہید عارف کہتے تھے کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے. امام حسینؑ نے خدا کے لئے قربانی دی تھی۔ غیبت کبری' میں ولی فقیہ اور مراجعین عظام ہمارے رہنما ہیں۔شہداء نے قربانی گروہی تقسیم کے لئے ہرگز نہیں دی ہے ۔ شہداء کی یاد منانا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ان کی سیرت پر چلنے سے قوم کو نجات ملے گی۔آج دشمنوں کی سازشیں گہری ہوچکی ہیں جس کے مقابلے کے لئے سب کو بیدار،ہوشیار،متحرک اور آپس میں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
مجلس میں مومنین و مومنات کی بڑی تعداد کے علاوہ مذہبی، سماجی شخصیات علامہ سجاد شبیر رضوی، میجر ریٹائرڈ قمر عباس رضوی، سبطین نقوی، مودت میڈیا کے صادق حسین زیدی، انجمن دربتول کے عظیم جاوا نے شرکت کی مولانا سید احمر حسین رضوی نے دعا کی تلاوت کا شرف حاصل کیا اور دعاؤں کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے ملت کی تمام تنظیموں، انجمنوں، سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں، مساجد، امام بارگاہوں میں ھفتہ وار دعاؤں کا انعقاد کریں بعداز دعا سوز خوانی سید عزادار حسین کاظمی، سلام ناصر آغا، ثاقب رضا ثاقب نے پیش کیا بعد ختم مجلس نوحہ خوانی برادر اسد جعفری نے کی اور مومنین نے ماتم کیا۔آخر میں شہدائے ملت جعفریہ، پاک فوج،رینجرز ،پولیس کے شہداء اور کل مرحومین کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی اور شرکاء میں نیاز امام حسینؑ تقسیم کی گئی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کو تین سال اقتدار میں رہنے کے بعد ناراض بلوچ یاد آئے جو کہ خوش آیند ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت کے غیر سنجیدہ رویئے کا عکاس بھی ہے۔ دیر آید درست آید کے مصداق ہم ایسے مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں جن سے مظلوم بلوچستان کے دکھوں کا مداوا ہو سکے۔ بلوچ محب وطن ہیں ان کا اس ملک کی تعمیر و ترقی میں برابر کا حصہ ہے لہذا انہیں اس ملک میں برابر کا شہری تسلیم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ بلوچستان کے اصل فریق سردار اور نواب نہیں بلکہ بلوچستان کے مظلوم عوام ہیں جو اکیسویں صدی میں بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ جن کے لئے آج بھی پینے کا صاف پانی تعلیم اور صحت کی سہولیات ایک حسین خواب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے اور بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر یہاں کے عوام کا حق حاکمیت تسلیم کیا جائے۔ اور ان وسائل کو بلوچستان کے عوام کی تعمیر و ترقی اور فروغ تعلیم و صحت کی سہولیات کی دستیابی پر خرچ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے سے معاملات حل کی طرف جائیں گے۔ ناراض بلوچوں سے مذاکرات کے لئے نیک نام اور بہتر شہرت کے حامل باوقار شخصیات پر مشتمل با اختیار کمیٹی تشکیل دی جائے جسے مقتدر اداروں کی حمایت بھی حاصل ہو تو ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں لایا جا سکتا ہے۔ ناراض بلوچ اسی سر زمین کے بیٹے ہیں جن کے خدشات دور کرکے انہیں عزت و وقار کے ساتھ قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام وحدت ہاوس لاہور میں تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا کانفرنس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی ، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی ، لاہور کی معروف معلمات و ذاکرات ، بانیان مجالس اور تمام ضلعی کابینہ نے شرکت کی کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔
ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اپنی کابینہ کے تعارف کیساتھ اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی نے تحفظ و فروغ عزداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم متحد ہو کر ایک قوم کی شکل میں نہیں ابھریں گے دشمن ہماری صفوں میں گھس کر ہمیں کھوکھلا کرتا رہے گا ہم غفلت میں گھرے رہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ دشمن بھی سو رہا ہے دشمن منصوبہ بندی کر رہا ہے طاقت جمع کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آئمہ کی حکمت عملی تھی کہ وہ دشمن کو دوست اور مخالف کو حامی بنانے کی کوشش کرتے جبکہ ہم دوست کو دشمن اور حامیوں کو مخالف بنا کر ان کی حکمت عملی کے بر عکس عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ نے اپنے دور قیادت میں سب سے پہلا مطالبہ تحفظ عزاداری کا کیا تھا دشمن ہماری عزاداری کو محدود کرنا چاہتا ہے لیکن یہ فرش عزا ، ماتمداری جلوس ہائے عزا ہماری عبادت ہے اور ہمیں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اسکی حفاظت کرنی ہے اور اپنی نسلوں تک بطور امانت پہنچانا ہے ۔
مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے خطاب میں کہ عزاداری کے انعقاد میں تین ارکان ایک مثلث کی طرح اہم کردار ادا کرتے ہیں بانیان مجالس ، علماء و ذاکرین اور سامعین تینوں کی فکری ہم آہنگی اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہا بانیان مجالس ایسے ذاکرین کو منبر سونپیں جو اپنے بیان کے ذریعے عزاداروں کی فکری تربیت انجام دے سکتے ہوں یہ منبر اور فرش عزا ہماری درسگاہ ہیں یہاں سے تربیت یافتہ عزادر معاشرے میں سب سے منفرد اور بلند کردار کے حامل ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ انفرادی یا اجتماعی طور پر تحفظ عزاداری کے لیے عملی قدم اٹھائیں کیونکہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات اور میراث ہے۔ کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی ، محترمہ عصمت زہرا ، محترمہ بشری اور محترمہ معصومہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر شرکائےکانفرنس نے وہاں موجود معلمات سے مختلف سوالات پوچھے جن کے عمدہ انداز میں جوابات دیے گئے تحفظ و فروغ عزاداری کانفرنس کے اختتام پر ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے تمام مہمانان و شرکائے کانفرس کا شکریہ ادا کیا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے دعائے امام زمانہ عج کے ساتھ محفل کا اختتام کیا ۔