The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان جمشید اقبال چیمہ سے منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر کامیاب نیشنل کسان کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے نیشنل کسان کنونشن میں گلگت بلتستان کی بہترین ترجمانی اور گلگت بلتستان میں زرعی مواقع پر بہترین انداز میں گفتگو کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات کے دوران منسٹر ایگریکلچر نے گلگت بلتستان میں زرعی شعبے کو درپیش مسائل، چیلنجز مواقع اور حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی اور گلگت بلتستان میں زراعت، حیوانات اور ماہی پروری کے فروغ کے لیے وفاق کی جانب سے خصوصی معاونت کی گزارش بھی کی۔

 اس موقع معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ارگینک اور سوپر فوڈز کی پیداواریت کو بڑھانے انکو مارکیٹ کرنے اور انکی ویلیو ایڈیشن سمیت گلگت بلتستان کو سیڈ پروڈکشن کا ہب بنانے، میڈیزسنل پلانٹ کی پروڈکس بنانے، فلوری کلچر کو فروغ دینے اور سوپر فوڈ بلخصوص بک ویٹ کی پیداواریت کو بڑھانے نیز پروسیسنگ پلانٹس اور ڈی ہائیڈریشن پلانٹس کے ذریعے پوسٹ ہاروسٹ لوزز کو کم کرنے وفاقی حکومت معاونت کرے گی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کو مستقبل آرگینک فوڈ اور سپر فوڈ میسنل فوڈ کا ہب بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ابتدائی مرحلے پر بعض وادیوں میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور آرگینک ولیج قرار دیا جائے اور بعد میں اس میں توسیع دی جائے گی۔ جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ مصنوعی انسمینیشن کے ذریعے لائیوسٹاک میں امپرومنٹ لانے کے لیے کسانوں کی تربیت کی جائے اور ضروری آلات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ میں میڈیسنل فوڈ پر اعلیٰ سطح پر کانفرنس کی جائے گی جس میں گلگت بلتستان کے میڈیسنل فوڈ اور پلانٹس کو خصوصی کوریج دی جائے گی۔

وحدت نیوز(راولپنڈی)مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی شعبہ خواتین کے اہم اجلاس کا انعقاد ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کے ضلعی دفتر میں ہوا جس میں مرکزی اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما قندیل زہرا کاظمی نے تنظیمی فعالیت میں مزید تیزی پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست کو لیاقت باغ میں شہید قائد عارف حسین الحسینی کی تینتیسویں برسی کی مناسبت سے شایان شان تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے صوبائی و ضلعی رہنماؤں اور کارکنان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس بار اس اہم تقریب کی میزبانی کا شرف ضلع راولپنڈی کے حصے میں آیا ہے لہذا ہمیں بھرپور انداز سے تقریب کی تیاری کرنا ہو گی۔ شہید قائد پوری قوم کے محسن تھے اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتیں۔شہید قائد نے اس قوم کی فکری تربیت کرتے ہوئے کربلا کے حقیقی مفہوم سے روشناس کرایا ہےہم نے شہید قائد کی علم و عمل کی پیروی کرنی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بعثت نبوی سے کربلا تک کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں۔ زندگی کا کوئی بھی باب خواتین کے مثالی کردار سے خالی نہیں۔دور عصر میں ہمیں مکتب اہل بیت ع کے دفاع اور حفاظت  کے لیےاپنے حصہ کا کردار نبھانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی میں شرکت کے لیے تنظیمی وابستگی سے بالاتر ہو کر اپنے رابطوں میں تیزی لائے جائے تاکہ عظیم قائد کے شایان شان تقریب منعقد کر کے ملت تشیع کی وحدت و اخوت دنیا پر واضح کی جا سکے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاہے کہ چھ جولائی ملت تشیع کے اس عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے جب کربلا کے فکری پیروکار آمرانہ جبر سے بے نیاز ہو کر اپنے حقوق کے لیے میدان عمل میں آ کھڑے ہوئے۔ انہوں نے کہ مفتی جعفر جیسے نڈر رہنما کی قیادت میں ملت تشیع کا بھرپور اجتماع اور وحدت و اخوت کا شاندار اظہار ان قوتوں کے لیے شکست ثابت ہوا جو حسینی پیروکاروں کو منتشر دیکھنا چاہتے تھے۔شیعہ قوم نے یہ ثابت کیا کہ اگر وہ اپنے اصولی موقف پر ڈٹ جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

انہوں نے کہ چھ جولائی آمریت کے مقابلے میں ملت تشیع کی فتح کا دن ہے۔دشمن کو سب سے زیادہ خطرہ شیعہ اتحاد سے ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہمیں معمولی اختلافات میں الجھا کر ایک دوسرے سے دور کیا جا رہا ہے۔اگر ملت تشیع کا ہر فرد اس حقیقت کا درک کرتے ہوئے دانشمندی کا مظاہرہ کرے تو پھر کسی کو جرات نہیں ہو گی کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنے کی کوشش کرے۔ہمیں آج کے دن تجدید عہد کرنا ہو گا کہ قوم کی ترقی و حفاظتِ کے لیے اتحاد کے ہتھیار کو اپنی قوت بنائیں گے اور معمولی اختلافات پر الجھنے کی بجائے عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ولایت علی ابن ابی طالب علیہ السلام پر متحد رہیں گے۔

وحدت نیوز(گلگت) ڈپٹی جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت بلتستان و سابق رکن جی بی اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ صاحبہ کے رہائش گاہ میں شعبہ خواتین گلگت کی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری شعبہ خواتین محترمہ بی بی سلیمہ صاحبہ نے کی،اجلاس میں گلگت ڈویژن سے تعلق رکھنے والی سینئر خواہران نے شرکت کی،اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا خواہر کائنات نے تلاوت کلام پاک کا شرف کیا، بعد از تلاوت کلام پاک مندرجہ ذیل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تنظیم سازی:
بہت جلد گلگت ڈویژن کے ہر ضلع میں تنظیم سازی کی جائے گی اور مختلف یونٹس بنانے پر اتفاق ہوا۔

تربیتی پروگرام:
خواہران کی تربیت کے لیے مختلف جگہوں میں تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

دعائیہ محافل:
مختلف جگہوں میں دعائیہ محافل اور خصوصاً ماہ ذالحجہ میں دعاۓ عرفہ کا انعقاد تمام گلگت ڈویژن کے تمام جگہوں میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔آخر میں صوبائی کابینہ کے عہدے داران نے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محترمہ بی بی سلیمہ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور ہرقسم کا تعان کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل و پارلیمانی سیکریٹری برائے ویمن ڈیویلپمنٹ محترمہ کنیز فاطمہ نے ایم ڈبلیوایم ضلع سکردو شعبہ خواتین کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل کبریٰ بتول کے  ہمراہ سکردو میں سندوس، سندوس گون اور کتپناہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تنظیم سازی کے ساتھ وہاں کے مسائل پر خواتین کے مختلف پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر محترمہ کنیز فاطمہ نے خواتین کے مسائل کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات سے خواتین کا آگاہ کیا۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردو کے زیر اہتمام جوانوں اور طلبہ کیلئے عالمی و فکری نشست کا انعقاد صوبائی سیکریٹریٹ سکردو ہوا۔ سابق امیدوار و معروف اسکالر ڈاکٹر مشتاق حکیمی، شگر کے ضلعی سیکریٹری جنرل معروف عالم دین شیخ اشرف شگری، ماہر تعلیم و ترجمان ایم ڈبلیو ایم رسول میر، ضلع سکردو کے سکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان اور شریف ولی کھرمنگی نے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جوانوں اور عصر حاضر میں انکی ضروریات کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق حسین حکیمی نے کہا کہ جوانوں اور طلبہ کو زمانے کے تقاضوں کیمطابق اپنے آپ کو سنوارنے کی ضرورت ہے۔ شیخ اشرف شگری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ نوجوانی کا خوبصورت اور ولولہ انگیز دور ہے جس میں انسان ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایک روزہ سیشن میں کرنٹ افیئرز پر گفتگو کرتے رسول میر نے کہا کہ عالمی منظر نامے میں پل پل تبدیلیاں رونما ہورہی ہوتی ہیں، تاہم ہم میں سے بہت کم لوگ ہیں جو اس بدلتے منظر نامے سے اپ ٹو ڈیٹ رہتے ہوئے اس کے تناظر میں اپنی ذمہداریوں کو سمجھ سکے۔ ضلعی سیکریٹری جنرل اور پروگرام کے مہتمم شیخ فدا علی ذیشان نے شرکاء اور خطباء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کیطرفسے مختلف علاقوں میں قایم چیک پوسٹوں کو ختم کرنے کی خبریں چل رہی ہیں ، یہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔

 انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے سدباب کیلئے سیکیورٹی اقدامات میں تسلسل کی ضرورت ہے۔ کیرئیر کونسلنگ کے عنوان سے شریف ولی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نہم تا بارہویں کلاس تک کسی بھی طالبعلم کی تعلیمی کیریئر کا اہم ترین دور ہوتا ہے، اس دور میں کامیابی و ناکامی نوجوان کے مستقبل کی تعیناتی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پروگرام میں شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو کے قریب طلبہ شریک ہوئے جنہوں نے مقررین سے متعلقہ عنوانات سے متعلق سوالات پوچھے۔

وحدت نیوز(کراچی) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان محترمہ ام البنین کی شرکت اور خطاب.مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی ضلع جنوبی کی جانب سے علمِ تجوید و قرآن فہمی برائے طالبات کی تقریبِ نتائج اور تقسیم اسناد و  انعامات کا انعقاد صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار میں کیا گیا۔ تجوید و قرآن فہمی کی کلاسز ایک ماہ سے جاری تھیں۔جسمیں علاقے کی خواتین اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔اختتام پر امتحان کے بعد پوزیشن لینے والی طالبات اور تمام شریک ہونے والی خواہران میں کیش پرائز، تحفے اور اسناد تقسیم کی گئیں۔پہلی پوزیشن محترمہ کنیز ناصر، دوسری پوزیشن محترمہ ناہید محسن اور تیسری پوزیشن محترمہ فاطمہ نوشاد نے حاصل کی۔

اس تقریب میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ ام البنین خصوصی طور پر شریک ہوئیں اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئےتنظیمی اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔جس کے بعد باقاعدہ طور پر شعبہ خواتین سولجر بازار کی یونٹ سازی عمل میں لائی گئ۔جسمیں محترمہ سمانہ نوشاد مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی سولجر بازار یونٹ کی سیکرٹری جنرل جبکہ محترمہ عنبرین رضوان ڈپٹی سیکرٹری جنرل نامزد ہوئیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے آج کچلاک میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ملک عبید اللہ کاسی کی بازیابی کے لیے منعقدہ احتجاجی کیمپ میں شرکت کی اور اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دن دہاڑے ایک سیاسی رہنما کا اغوا ءانتہائی افسوس ناک ہے ملک میں امن و امان کی صورتحال قابل تشویش ہے حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ بلوچستان کو اس وقت امن کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ملک عبید اللہ کاسی کی جلد بازیابی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ مغوی رہنما کی بازیابی کی اس جدوجہد میں ہم ورثہ کے ساتھ ہیں اور عوامی نیشنل پارٹی کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔اس موقع پر ملک عبید اللہ کاسی کے بھائی ملک یونس کاسی نے کہا کہ میں آپ کا اور ان تمام سیاسی مذہبی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارے بھائی کی بازیابی کی کیمپ میں آکر ہمارے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ حکومت اور پولیس کی جانب سے جلد بازیابی کا وعدہ کیا گیا ہے ہم پر امید اور دعاگو ہیں کہ ملک عبید اللہ کاسی جلد خیر و عافیت سے بازیاب ہو کر آئیں۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مابت کاکا اور پارٹی رہنما ارباب غلام ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اتوار 4 جولائی کو بلوچستان بھر میں مغوی رہنما کی بازیابی کے لئے یوم احتجاج منائے گی۔

وحدت نیوز(لاہور)کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم نے پاکستان کے جید علمائے کرام پیر سید عثمان نوری، مفتی شبیر انجم، علامہ سید حسن رضا ہمدانی ،مفتی شہباز عالم فاروقی، مولانا محمد یونس ریحان، مفتی سید عاشق حسین، علامہ خالد محمود، علامہ غلام عباس شیرازی، علامہ محمد شفیق بٹ، علامہ عباس شیرازی کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمینِ پاکستان میں کسی کو بھی آئمہ اطہار رضی اللہ عنہ کے خلاف زبان درازی کی اجازت نہیں دیں گے۔

حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی زوجہ نرجس خاتون سلام اللہ علیہا اور حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے خلاف نازیبا جسارت کرنے والے ملعون گستاخ اذان الٰہی کو فی الفور گرفتار کیا جائے. تمام مسالک کے ہاں آئمہ اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین رشد و ہدایت کے امام ہیں. خانوادہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم اور احترام ایمانیات کا اہم باب ہے. کلمہ اسلام پڑھنے والا شخص اس بات کا حلف اٹھاتا ہے کہ وہ رسول اکرم ص کی ہر نسبت کا احترام کرے گا. دینِ اسلام میں تعظیمِ اہل بیت عظام اور تعظیمِ صحابہ کرام کو تعظیمِ رسول اللہ ص کا درجہ حاصل ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ہر سال محرم الحرام کی آمد سے قبل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت فرقہ واریت کو پھیلایا جاتا ہے. ہمارا مطالبہ ہے کہ اس آذان الہی نامی ملعون شخص سے تحقیقات کی جائیں کہ اس کے پیچھے سازشی عناصر کون ہیں. فرقہ واریت زہرِ قاتل ہے. تمام مسالک کے علماء اس کے خلاف متحد ہیں. ہم اپنے ملک میں فرقہ واریت کو پنپنے نہیں دیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی،صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی، ممبر پولیٹیکل کونسل سید حسین زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل شمالی لاہور نجم خان ،سیکرٹری جنرل سنٹرل لاہور شیخ عمران سے مشاورت کے بعد سیٹھ عدنان حیدر کو بلدیاتی الیکشن میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے لئے لارڈ میئر کاامیدوار نامزد کیا ہے، آمدہ بلدیاتی الیکشن میں سیٹھ عدنان مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے لارڈ میئر کے امیدوار ہوں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree