
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(کراچی)سابق ڈویژنل صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن و سابق مرکزی جنرل سیکریٹری محمد عباس جعفری مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری تعلیم مقرر کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے سابق صدر اور سابق مرکزی جنرل سیکریٹری محمد عباس جعفری کو ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کا سیکریٹری تعلیم مقرر کردیا۔
گذشتہ روز ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کی شوریٰ کا اجلاس ڈویژنل سیکریٹریٹ انچولی سوسائٹی میں منعقد ہوا جس میں محمد عباس کی بحیثیت ڈویژنل سیکریٹری تعلیم تقرری کا اعلان کیا گیابعد ازاں علامہ صادق جعفری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر محمد عباس جعفری کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ ایم ڈبلیوایم کے پلیٹ فارم سے دین مبین اسلام اور ملت تشیع پاکستان کی بہتر انداز میں خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شریکۃ الحسین حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کے موقع پر دنیا بھر کے محبان اہلبیت علیہم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہ ہے کہ اسلام کے عین مطابق اپنی زندگی گزارنے کے لیے مستورات کو زندگی کے ہر پہلو میں آقا زادی کی ذات مقدسہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہو گی۔انہوں نے بیٹی،بیوی،ماں اور بہن کے طور پر جن اعلی صفات کا مظاہرہ کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سانحہ کربلا کے بعد عقیلہ بنی ہاشم سلام اللہ علیہا نے ہر چوراہے پر یزیدیت کی اسلام دشمنی آشکار کر کے اس کے دروبام پر لرزہ طاری کیا اور یہ ثابت کیا کہ قادر مطلق پر پختہ یقین رکھنے والے حق گوئی کو فریضہ سمجھتے ہوئے اسے بلاخوف و خطر ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زینبی کردار پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔عالمی استکباری قوتیں امت مسلمہ سے ان کی ایمانی قوت چھیننے کے لیے تمام تر وسائل کا بھرپور استعمال کررہی ہیں۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے نئی نسل کو دین سے دور کیا جا رہا ہے۔ عورت کا کام اپنے گھرانے کی تربیت کا ہے۔اگر خواتین اسوہ زینبی پر عمل کرتے ہوئے اپنی اولاد کی تربیت کریں تو پورا گھرانہ اسلام کی اصل تصویر پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کو اگر حقیقی طور پر سمجھنا ہے تو اہلبیت ع سے آگہی حاصل کرنا ہو گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اعلی سطح وفد کے ہمراہ سری لنکن سفارت خانے کا دورہ کیا اور سری لنکن ہائی کمشنر سے سانحہ سیالکوٹ پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف پوری پاکستانی قوم نے جس شدید ردعمل کا اظہار کیا وہ ظلم اور ظالموں سے نفرت اور متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا بین ثبوت ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔
وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی، رکن جی بی کونسل و صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جی بی علامہ احمد علی نوری، مرکزی سیکرٹری امور نوجوانان علامہ اعجاز بہشتی اور مسئول دفتر امور خارجہ علامہ ضیغم عباس شامل تھے علامہ راجہ ناصر عباس نے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے سینے میں درد رکھتے ہیں وہ اس سانحہ سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔اس شدت پسندی اور ظلم کے خلاف بائیس کروڑ عوام کی آواز اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ اس ملک میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے پائیدار برادرانہ تعلقات پورے خطے کے لیے اہم ہیں۔دشمن کی کوشش تھی کہ ان تعلقات کو خراب کیا جائےلیکن سرلنکن حکومت نے حکمت و بصیرت کا مظاہرہ کیا اور ان پر آنچ نہیں آنے دی۔
انہوں نے کہا ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے قانونی عمل میں تیزی لائی جانی چاہیے۔ملک میں جتنے بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کو بلاتاخیر اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔وزارت تعلیم کو اپنے نصاب میں ایسی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے جس سے نئی نسل کی تربیت ایک معتدل اور بردبار انسان کے طور پر ہو۔لوگ قانون کا احترام کرنے والے شہری بن سکیں۔پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔اسے خود کو شدت پسندی کے شنکجے سے آزاد کرانا ہو گا تاکہ اقوام عالم میں باوقار کردار ادا کر سکے۔قانون کی بالادستی مستحکم پاکستان کے لیے اولین شرط ہے۔تمام طبقات کو آئین و قانون کے حقیقی نفاذ کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹکل سیکریٹری میر تقی ظفر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت فوری بلدیاتی انتخابات کے اعلان کرے، کراچی کی موجودہ ابتر صورتحال کی بہتری کا واحدحل فوری بلدیاتی انتخابات اور بااختیاربلدیاتی نظام میں مضمرہے۔ ایم ڈبلیوایم ایسا بلدیاتی سیٹ اپ چاہتی ہے جس میں وسائل اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں۔عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں، صفائی ستھرائی ، صحت اور تعلیم کے مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو خاطر خواہ فنڈز فراہم کیئے جائیں تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بلدیاتی نظام کا بل متناذعہ ہوچکا ہے ۔ اکثریتی جماعتیں اس بل پر تحفظات رکھتی ہیں، ایسا بلدیاتی نظام متعارف کرایا جائے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئےقابل قبول اور عوامی مفاد کے پیش نظر ہو۔ لوکل باڈی الیکشن پینل وائز منعقد کیئے جائیں اور ایک ووٹ ایک پینل کیلئے مخصوص ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ عوام حقیقی معنوں میں ملک کو فلاحی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔محض اخباری بیانوں سے ملک میں معاشی انقلاب نہیں آئے گا۔ گزشتہ تین سالوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا جبکہ وزیراعظم وطن عزیز کو سستا ترین ملک قرار دے رہے ہیں۔جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم کو درست اعدادوشمار سے آگاہ نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کو اولین ترجیح قرار دے کر جب تک عملی بنیادوں پر کام نہیں کیا جاتا تب تک عوام حقیقی خوشحالی نہیں دیکھ سکتے۔آج ہم تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں۔شدت پسندی، بربریت اور عدم برداشت کے جو واقعات سامنے آ رہے ہیں ملک کی تاریخ میں ان کی کوئی مثال موجود نہیں۔عام طور پر یہ تاثر پایا جا رہا ہے موجودہ حکومت انتظامی معاملات پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔اس تاثر کو سخت ترین فیصلوں کے بغیر زائل نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ان کی ضروریات زندگی کو آسان کرے۔بنیادی حقوق کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا ہونا چاہئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق مرکزی صدر عارف حسین الجانی کو ایم ڈبلیو ایم کا مرکزی معاون سیکرٹری امورتنظیم سازی مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلہ میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے یہ فیصلہ عارف الجانی کی بہترین قومی خدمات، مذہبی جوش و ولولہ اور لگن کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔عارف الجانی نے اعتماد کے اس اظہار پر ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری دیانت داری اور بھرپور جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمات جاری رکھیں گے۔