
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ شیخ علی شیر انصاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انٹر ریجنل شاہراہ شغرتھنگ-استور کے اس عظیم پروجیکٹ کو نہایت سرعت اور کامیابی کے ساتھ ابتدائی مراحل سے گزار کر عملی مرحلے تک لانے اور اس کا سنگ بنیاد رکھنے پر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اعلیٰ قیادت، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا سید علی رضوی صاحب، رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان وزیر زراعت گلگت بلتستان و رکن صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان جناب میثم کاظم اور محترم وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جناب محمد خالد خورشید خان کا از تہہ دل شکرگزار ہوں۔یہ پروجیکٹ پورے گلگت بلتستان، خاص کر علاقہ شغرتھنگ کی تقدیر بدلنے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اس سے خطے میں سیاحت کا فروغ اور خطے کی ترقی کا شاندار دور شروع ہوجائے گا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان یونٹ جیکب آباد کے زیر اہتمام اسٹار اکیڈمی جیکب آباد میں درسی نشست منعقد ہوئی۔ درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے سورہ والعصر کے ذیل میں گفتگو اور حالات حاضرہ پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ انسان خسارے اور نقصان میں ہے سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور نیک عمل انجام دیئے اور ایک دوسرے کو حق اور صبر کی تلقین کرتے رہے۔ سیدھے راستے پر چلنے کے لئے اھل حق کو ہمیشہ تلقین اور نصیحت کی ضرورت ہوتی ہے۔ حق اور صبر کی یادآوری اھل حق کی استقامت کا سبب بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی جنرل مکنزی کی جانب سے ڈھائی ہزار فوجیوں کی عراق میں مزید تعیناتی کا اعلان عراق کی مقدس اسلامی سر زمین پر غاصبانہ قبضے کے استکباری منصوبے کا تسلسل ہے جبکہ عراقی عوام اور پارلیمنٹ غاصب امریکی افواج سے سر زمین عراق کے انخلاء کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ دسیوں لاکھ عراقی عوام نے ملینز مارچ کر کے امریکہ کے غاصبانہ قبضے سے اپنی نفرت کا اظہار کیا مگر امریکہ اپنے استکباری روئیے کے باعث اقوام عالم کی سوچ مطالبات اور مفادات کو پامال کرتا رہا ہے۔
وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے ضلع نصیر آباد کا تنظیمی دورہ کیا۔ اور ایم ڈبلیو ایم ضلع نصیر آباد کی ضلعی شوری اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔مسجد امام موسیٰ کاظم علیہ السلام چھتر میں ضلعی سیکرٹری جنرل سید مرید علی شاہ کاظمی کی زیر صدارت ضلعی شوری کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین ضلع کابینہ اور مختلف یونثس شریک ہوئے۔ جبکہ اجلاس میں سردار عظیم شاہ کہیری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ فاطمہ الزھراء سلام اللہ علیہا انسانی فضائل و کمالات کا پیکر تھیں۔ حیا عفت سخاوت حق گوئی سمیت اعلیٰ انسانی صفات آپ کی ذات گرامی میں جمع تھیں۔ آپ صورت و سیرت اور گفتار و کردار میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عکس تھیں۔ آپ کے دامن عصمت جس اولاد نے تربیت پائی وہ عالم انسانیت کے رہبر و رہنما بلکہ فخر انسانیت قرار پائے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مختلف مقامات پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ ہماری جدوجہد کا مقصد پاکستان کی عزت و سربلندی اور ملت کے حقوق اور وقار کا تحفظ ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ برکت علی مطہری نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم الہی جماعت ہے ہمارے کارکنوں اور ذمہ داران کو خود دینی اقدار اور فرائض پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔ یونٹ کی سطح پر نماز با جماعت دعائے کمیل دعائے توسل اور ھفتہ وار درسی پروگرام کرکے کارکنوں کی روحانی تربیت پر توجہ دی جائے۔اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل سید مرید علی شاہ نے ضلع کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)کوئٹہ اصلاحی کمیٹی کے بنیادی رکن اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں قوم کے جوانوں، بزرگوں، ماؤں اور بہنوں کو صبر و تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ ہدایت خلجی کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے۔ قوم کے جوان شعور کا دامن نہ چھوڑے اور کسی بھی طرح قانون ہاتھ میں نہ لیں۔
انہوں نے کوئٹہ میں امن کی فضاء برقرار رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہدایت خلجی کی خاطر برادر اقوام کے درمیان کسی قسم کا انتشار پیدا نہ ہونے دیں، نہ ہی ملزم کے گھر کو نشانہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے غریب افراد جو علاقے میں سبزی فروشی اور پھل فروخت کرنے کیلئے آتے ہیں، انہیں کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچنے دیں۔ جرم میں ہدایت خلجی شریک ہے، جسکی سزا اسے اور اسکے ساتھیوں کو ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صبر و تحمل کا دامن تھام کر رکھنا ہمارے لئے بے حد ضروری ہے۔ قوم کے افراد کسی قسم کی منفی سرگرمی کی حوصلہ افزائی نہ کریں اور نہ ہی انکا حصہ بنیں۔
ارباب لیاقت ہزارہ نے کہا کہ کوئٹہ اصلاحی کمیٹی میں شہر کے علماء، سیاسی جماعتوں اور دیگر عمائدین کی نمائندگی موجود ہے، قوم ہم پر اعتماد رکھیں۔ ہدایت خلجی اور اسکے ساتھیوں کو سزا دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہم قوم کو کیس کے حوالے سے آگاہ بھی کرتے رہیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میوزک کنسرٹ کے سرکاری سطح پر انعقاد کو امت مسلمہ کے وقار پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مقدس سرزمین کے تقدس کو پامال کرنے کی دانستہ کوشش پرآل سعود کے خلاف امت مسلمہ کو بھرپور آواز اٹھانی چاہئے۔عیاش حکمران اپنے آپ کو الحرمین الشریفین کا خادم کہہ کر مسلمانوں کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتے۔دین اسلام کی اس تضحیک پر عالم اسلام کے سکوت کو مجرمانہ خاموشی اور یہود وہنود کی بالادستی تسلیم کرنے کے مترادف سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ لکھے ہوئے پرچم کو رقاصاؤں کے ذریعے ناچ گانے کی تقریب میں لہرایا جانا اسلام کی توہین ہے۔عالمی استعماری قوتیں ان مسلمان حکمرانوں کے ذریعے اسلام کی تضحیک میں مصروف ہیں جو اپنے آپ کو امت مسلمہ کا عالمی چمپئن سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انبیاء کی سرزمین پر ممنوعات اور غیر شرعی سرگرمیوں کا اجراء مسلم امہ کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔دجالی قوتیں مسلمانوں سے ان کی قوت ایمانی چھیننے کے لیے اپنے تمام تر وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مغربی کلچر کے فروغ اور پرتعیش رہن سہن کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ حلال حرام کی تمیز کو ختم کیا جا سکے۔یہی سے مسلمانوں کے زوال کا آغاز ہوتا ہے۔ہمیں اسلامی قدروں کو زندہ رکھنے کے لیے حق کی حمایت اور باطل کے خلاف آواز بلند کرتے رہنے کا نام ہی اسلام ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے آل سعود کے ہاتھوں سعودی عرب میں نیم برہنہ رقاصاؤں کے درمیان کلمہ طیبہ کی توہین پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کی جانب سے آل سعود کے ان حرام کاموں اور اسلامی شعائر اور مقدسات کی توہین پر خاموشی اس کام کے مزید بڑھاوے کا سبب بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرزمینِ مقدس کعبتہ اللہ پر قابض آل سعود کی جانب سے ماڈرن ازم کے نام پر شعائر اسلامی کی بدترین توہین تواتر کے ساتھ جاری ہے ، نام نہاد عاشقان رسولؐ اور پاکستان میں نبی کریم ؐ کی حرمت اور ناموس کے نام پر لوگوں کو زندہ جلانے والوں کو سانپ سونگ گیا ہے۔ سعودی حکومت کے خلاف کوئی احتجاج یا مظاہرہ نہیں ہوا ۔ آل سعود نے سرزمین مقدس کی حرمت پامال کرنے کی ٹھان رکھی ہے،سعودی عرب کے درالحکومت ریاض میں جمعہ کے مبارک روز بھارتی فنکاروں کا بیہودہ کنسرٹ منعقد ہوا، کلمہ طیبہ لکھا ہوا پرچم بھی نیم برہنہ رقاصاؤں کے بیچ اسٹیج پر لہرایا گیا۔لیکن افسوس کسی نام نہاد عاشق رسول ؐ کی غیرت نہیں جاگی۔ سرزمین وحی پر فحشاء ومنکرات کی ترویج پر عاَلم وعلمائے اسلام کی خاموشی حیرت انگیز ہے، آل سعود بالخصوص سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلامی شعائر کی توہین کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سرزمین کعبہ اور سرزمین وحی پر بیہودگی اور فحاشی کا ایک اور کنسرٹ کرواڈالا اور اس بار یہ بیہودہ کام جمعے کے مبارک روز انجام دیا گیا ہے۔ساتھ ہی کلمہ طیبہ کی بے حرمتی بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ ریاض سیزن میں دنیا بھر سے فحش گلوکار و رقاصائیں بلائی جاتی ہیں ساتھ ہی ان محفلوں میں شراب اور دیگر حرام کاموں کی بھی کھلی چھٹی دی جاتی ہے اور اس سب کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سےروشن خیالی کا نام دیا جاتا ہے۔ امت مسلمہ کی جانب سے آل سعود کے ان حرام کاموں اور اسلامی شعائر اور مقدسات کی توہین پر خاموشی اس کام کے مزید بڑھاوے کا سبب بن رہی ہے۔غیرت مندمسلمان قابض آل سعود خاندان سے پرزورمطالبہ کرتے ہیں کہ یا تو وہ شعائر اسلامی اور کلمہ طیبہ کی توہین سے باز آجائیں یا اپنے قومی پرچم سے کلمہ طیبہ کی عبارت کو حذف کروادیں۔