
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے پچھلے دنوں لانگ مارچ میں کنٹینر کی ذد میں آکر جاں بحق ہونے والی ایک نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ سے تعزیتی ملاقات کی اس موقع پر ان کے ساتھ ایم پی اے محترمہ ساجدہ ، ایم پی اے محترمہ شاہدہ ، ایم پی اے محترمہ ڈاکٹر شاہینہ اور ایم پی اے نیلم حیات بھی موجود تھیں وفد نے مرحومہ کے بچوں اور والدہ سے ملاقات کی اور مرحومہ کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
وحدت نیوز(مسائل شرعی) س1410: نیچے والا جبڑا۔ کہ جس کے بالوں کو رکھنا واجب ہے۔ سے کیا مراد ہے اور کیا یہ دو رخساروں کو بھی شامل ہے؟
ج: معیار یہ ہے کہ عرفاً کہا جائے کہ اس شخص نے داڑھی رکھی ہوئی ہے۔
س1411: لمبی اور چھوٹی ہونے کے اعتبار سے ریش کے کیا حدود ہیں؟
ج: اس کے لئے کوئی حد معین نہیں ہے؟ بلکہ معیار یہ ہے کہ عرف کی نظر میں داڑھی کہلائے ، ہاں ایک مٹھی سے زیادہ لمبی ہونا مکروہ ہے۔
س1412: مونچھ کو بڑھانے اور داڑھی کو چھوٹا کرنے کا کیا حکم ہے؟
ج: بذات خود اس کام میں کوئی حرج نہیں ہے۔
س1413: بعض لوگ اپنی ٹھوڑی کے بال نہیں مونڈتے اور باقی بال مونڈ دیتے ہیں اس کا کیا حکم ہے؟
ج: داڑھی کے بعض حصے کے مونڈنے کا حکم پوری داڑھی مونڈنے جیسا ہے۔
س1414: کیا داڑھی مونڈنا فسق شمار ہوتا ہے؟
ج: احتیاط کی بنا پر داڑھی مونڈنا حرام ہے اور احوط یہ ہے کہ اس پر فسق کے احکام جاری ہوں گے۔
س1415: مونچھوں کے مونڈ نے کا کیا حکم ہے؟ کیا ان کا بہت لمبا کرنا جائز ہے؟
ج: مونچھیں مونڈ نا، رکھنا اور انہیں بڑھانا بذات خود اشکال نہیں رکھتا ہاں انہیں اتنا لمبا کرنا کہ کھانے اور پینے کے دوران طعام یا پانی کے ساتھ لگیں تو مکروہ ہے۔
س1416: ایسے فنکار کیلئے بلیڈیا داڑھی مونڈنے والی مشین سے داڑھی مونڈنے کا کیا حکم ہے کہ جس کا شغل مذکورہ عمل کا تقاضا کرتا ہو؟
ج: اگر اس پر داڑھی مونڈنا صادق آتا ہو تو احتیاط کی بناپر حرام ہے۔ ہاں اگر اس کا یہ کام اسلامی معاشرے کی لازمی ضرورت شمار ہوتا ہو تواس ضرورت کی مقدار مونڈ نے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
س1417: میں اسلامی جمہوریہ (ایران )کی ایک کمپنی میں تعلقات عامہ کا افسر ہوں اور مجھے مہمانوں کے لئے شیو کے آلات خرید کر انہیں دینا ہوتے ہیں تاکہ وہ اپنی داڑھی مونڈسکیں میری ذمہ داری کیا ہے؟
ج: داڑھی مونڈنے کے آلات کی خریداری اور دوسروں کو پیش کرنا احتیاط کی بناپرجائز نہیں ہے مگر ضرورت کے مقام میں۔
س1418: اگر داڑھی رکھنا اہانت کا باعث ہو تو داڑھی مونڈنے کا کیا حکم ہے؟
ج: جو مسلمان اپنے دین کو اہمیت دیتا ہے اس کے لئے داڑھی رکھنے میں کوئی اہانت نہیں ہے اوراحتیاط کی بنا پرداڑھی کا مونڈنا جائز نہیں ہے ۔ مگر یہ کہ اس کے رکھنے میں ضرر یا حرج ہو ۔
س1419: اگر داڑھی رکھنا جائز مقاصد کے حصول میں رکاوٹ ہو تو کیا داڑھی مونڈنا جائز ہے ؟
ج: مکلفین پر حکم الہی کی اطاعت کرنا واجب ہے مگر یہ کہ قابل توجہ ضرریا حرج رکھتا ہو۔
س1420 :کیا شیونگ کریم کہ جس کا اصل استعمال داڑھی مونڈنے میں ہوتا ہے کا خریدنا ، فروخت کرنا اور بنانا جائز ہے؟ جبکہ یہ کبھی کبھی اس کے علاوہ بھی استعمال کی جاتی ہے؟
ج: اگر کریم داڑھی مونڈنے کے علاوہ دیگرحلال فوائد رکھتی ہو تو اس مقصد سے اس کا بنانا ،اور فروخت کرنا اشکال نہیں رکھتا۔
س1421:کیاداڑھی مونڈنے کے حرام ہونے سے مرادیہ ہے کہ چہرے کے بال کامل طور پر اگے ہوئے ہوں اورپھرانہیں مونڈا جائے یا یہ اس صورت کو بھی شامل ہے کہ جہاں چہرے پر کچھ بال اگے ہوئے ہوں۔
ج: کلی طور پر چہرے کے اتنے بال مونڈنا کہ جس پر داڑھی مونڈنا صادق آئے احتیاط کی بنا پر حرام ہے۔ ہاں اتنی مقدار مونڈنا کہ جس پر مذکورہ عنوان صادق نہ آئے اشکال نہیں رکھتا۔
س1422: کیا وہ اجرت جو نائی داڑھی مونڈنے کے عوض لیتا ہے حرام ہے؟ برفرض حرمت اگر وہ مال مالِ حلال سے مخلوط ہوجائے تو کیا خمس نکالتے وقت اس کا دودفعہ خمس نکالنا واجب ہے یا نہیں؟
ج: داڑھی مونڈنے کے عوض اجرت لینا بنابر احتیاط حرام ہے لیکن وہ مال جو حرام سے مخلوط ہوگیا ہے اگر حرام مال کی مقدار معلوم ہو اور اسکا مالک بھی معلوم ہو تو اس پر واجب ہے کہ مال کو اس کے مالک تک پہنچائے یا اسکی رضامندی حاصل کرے اور اگرمالک کو نہ پہچانتا ہو حتی کہ محدود افراد میں بھی تو واجب ہے کہ اس کی طرف سے فقرا کو صدقہ دے اور اگر حرام مال کی مقدار کا علم نہ ہو لیکن مالک کو جانتا ہو تو واجب ہے کہ کسی طرح اس کی رضایت رضامندی حاصل کرے اور اگر نہ مال کی مقدار کا علم ہو اور نہ ہی مالک کا تو اس صورت میں مال کا خمس نکالنا واجب ہے تاکہ مال ،حرام سے پاک ہوجائے۔ اب اگر خمس نکالنے کے بعد باقیماندہ مقدار کا کچھ حصہ سالانہ اخراجات کے بعد بچ جائے تو سالانہ بچت کے عنوان سے بھی اس کا خمس نکالنا واجب ہے۔
س1423 :بعض اوقات لوگ میرے پاس شیونگ مشین کی مرمت کرانے آتے ہیں اور چونکہ داڑھی مونڈنا شرعاً حرام ہے کیا میرے لئے مرمت کرنا جائز ہے؟
ج: مذکورہ آلہ چونکہ داڑھی مونڈنے کے علاوہ بھی استعمال ہوتا ہے ، لہذا اس کی مرمت کرنا اور اجرت لینا اشکال نہیں رکھتا بشرطیکہ یہ داڑھی مونڈنے کیلئے استعمال کرنے کے مقصد سے نہ ہو۔
س1424: کیا رخسارکے ابھرے ہوئے حصے سے دھاگے یا چمٹی کے ذریعے بال کاٹنا حرام نہیں ہے؟
ج: اس حصّے کے بال کاٹنا مونڈنے کی صورت میں بھی جائز ہے۔
ترتیب:شیخ محمدجان حیدری
مرکزی کردار سازی کونسل مجلس وحدت مسلمین پاکستان
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور و باوفا بائی چوائس پاکستانی عوام کو75 ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارک بادپیش کرتا ہوں۔یکم نومبر1947 ء کا دن برصغیر کی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے۔ گلگت بلتستان کی آزادی اس خطے کے عظیم و یادگار واقعات میں سے ایک ہے ۔ ڈوگرہ راج کے خلاف قیام اور کامیاب جدوجہد کے نتیجے میں ملنے والی آزادی عظیم قربانیوں کے مرہون منت ہے ، جنگ آزادی کے عظیم ہیرو اس تاریخی جنگ آزادی کے اصل سرخیل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی سے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کرنے والی قوم اور 75 سال سے اپنی قومی شناخت کے حصول کے مطالبہ کرنے والوں کو ہمارے حکمرانوں نے سوائے طفل تسلیوں کے کچھ نہیں دیا ۔ پاکستان کی مقتدر قوتوں کو سمجھنا چاہئے کہ ایک جانب مختلف علاقوں میں ملک دشمن قوتوں کی ایماء پر پاکستان سے علیحدگی کی تحریکیں سرگرم عمل ہیں دوسری جانب ایک خطہ بےآئین گلگت بلتستان ہے جس کے باشعور اور غیور عوام سات دہائیوں سے مسلسل پاکستان کا آئینی صوبے بننے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مزید کہاکہ بھارت ایک جانب مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ جمائے بیٹھا ہے اور اب اس کی نظریں گلگت بلتستان پر بھی جم گئی ہیںلیکن ہمارے نا عاقبت اندیش حکمرانوں کے خواب غفلت کا شکار ہیں، اب بھی وقت ہے کہ فوری طورپر گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں آئینی صوبے ڈکلیئر کیا جائے تاکہ بھارت کے ارمان بھی خاک میں مل جائیں ۔
وحدت نیوز(حدیث)?الـلـھـم صـل عـلـی مـحـمـد وآل مـحـمـد وعـجــل فـرجـھـم?
مـوضـوع حـــدیث: حــقیقی توبہ کرنے والی علامات
قــال النبی ص: اَمّا عَلامَةُ التّائِبِ فَاَرْبَعَةٌ: اَلنَّصيحَةُ لِلّهِ فى عَمَلِهِ وَ تَرْكُ الْباطِلِ وَ لُزومُا لْحَقِّ وَ الْحِرْصُ عَلَى الْخَيْرِ.
تـــرجـــمــہ
پــیـغـمـبـر اکــــرم صــلـی الــلـہ عـلـیـہ و آلـــہ و ســلــم نــے فــرمــایــا:
تـــوبــــہ کــرنــے والـــے کــی چــــار عـــلــامــات ہــیــں:
1️⃣الــلــہ کــے لئــے خــالــصــانــہ عــمــل انــجــام دیــنــا
2️⃣بــاطــل کــو تــرک کــرنــا
3️⃣حـــق کــے ســاتــھ دیــنــا
4️⃣نــیـکــی کــے انــجــام دہــی مـیـں حــرص ســے کــام لـیــنــا.
مــنــبــع?
تحف العقول، ص ۲۰
مرکزی کردار سازی کونسل مجلس وحدت مسلمین پاکستان
ترتیب : محمدجان حیدری
وحدت نیوز(بولان)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان ضلع بولان کی شوری کا اجلاس مرکزی امام بارگاہ ڈھاڈر میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ظفرعباس شمسی نے کی ۔جبکہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی اور مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقارعلی سعیدی نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر اکثریت رائے سے سید انورعلی شاہ دوپاسی کو ضلع بولان کا ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔
وحدت نیوز (سکردو) صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی کی صدارت میں مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ کے ضلعی تنظیمی کنونشن کا انعقاد سادات گوہری میں ہوا۔ کنونشن میں ضلع کھرمنگ کے سابق سربراہ شیخ اکبر علی رجائی نے ٹینیور مکمل ہونے پر کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ تقریب سے صوبائی صدر آغا علی رضوی سمیت صوبائی سکریٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق حکیمی، میر واعظ سادات گوھری، سید عباس کاظمی، سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ یعقوب محمدی و دیگر نے خطاب کیا۔
کنونشن میں سابق ضلعی کابینہ ممبران سمیت کھرمنگ کے 12 یونٹوں کے عہدیداران اور زمہداران نے شرکت کی۔ تنظیمی ضوابط کے مطابق یونٹ نمایندوں اور سابق کابینہ ممبران کیطرفسے نئے ضلعی سربراہ کے انتخاب کیلئے متوقع امیدواروں پر مشاورت ہوئی جسکے نتیجے میں پارلیمانی سکریٹری شیخ اکبر علی رجائی کے ساتھ شیخ حسن محمدی اور شیخ یعقوب محمدی کا بطور امیدوار انتخاب ہوا۔
الیکٹورل کالج کی ووٹنگ کے بعد شیخ اکبر علی رجائی اگلے ٹینور کیلئے ضلعی صدارت کے عہدے کیلئے منتخب ہوئے۔ نومنتخب ضلعی صدر سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی نے انکے عہدے کا حلف اٹھایا۔ بعد ازاں کابینہ سازی کا عمل شروع ہوا اور ابتداء میں نومنتخب صدر نے شیخ حسن محمدی کو ضلعی جنرل سیکرٹری، شیخ یعقوب محمدی کو سینئیرنائب صدر جبکہ آغا مبارک کاظمی کو سینئیر نائب صدر کے طور پر نامزد کیا جن سے انکے عہدوں کا حلف لیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے صوبائی صدر آغا علی رضوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مقدس ہدف کیلئے میدان عمل میں سرگرم عمل ہے۔ ہم صرف سیاست نہیں بلکہ تعلیم و تربیت اور دیگر تمام سماجی معاملات میں اپنی شرعی وظیفہ پر عمل پیرا ہیں۔ نو منتخب ضلعی صدر ورکن جی بی اسمبلی شیخ اکبر رجائی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے نصب العین کیمطابق ہر ممکن عوامی جدو جہد کا عزم کرتا ہوں۔