
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(قم) مملکت خدا داد پاکستان کے آئین میں ،ملک کے شہریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھائیں اور احتجاج کریں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ ، قم المقدس کی مسئول زہراء نقوی نے اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان کے پر امن لانگ مارچ پر حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بیرونی اور اندرونی دشمن ،اس قسم کی حرکتوں سے وطن عزیز پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔حملہ کے پس پردہ عناصر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ " جن قوتوں کو ایٹمی اسلامی ملک اور عوامی لیڈرز سے خطرہ ہے، یہ کام انہی کا ہو سکتا ہے۔یاد رکھیں طاقتوں کے غلط استعمال سے ملک نہیں چلا کرتے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ ،شعبہ قم کی مسئول کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی درست اور صحیح تحقیقات ہونا چاہیئں اور مجرموں کو اور ان کے سرپرستوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا چاہیئے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں صدر ایم ڈبلیو ایم کراچی نے کہا کہ لانگ مارچ پر حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے، چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر زخمی رفقاء کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حملہ آور کے ذریعے اصل ماسٹر مائنڈ کا سراخ لگا کر سزا دی جائے۔
وحدت نیوز(خیرپورناتھن شاہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع دادو کی سیلاب متاثرہ تحصیل خیرپور ناتھن شاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلع صدر اصغر علی حسینی اور اراکین ضلعی کابینہ ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین سیلاب میں راشن تقسیم کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے مدرسہ امام جعفر صادق علیہ السلام کا دورہ کیا اور مدرسہ کے پرنسپل علامہ مہدی رضا قمی سے ملاقات کی۔ حالیہ سیلاب کے باعث تحصیل کے این شاہ کے ہزاروں مکانات کی طرح اس مدرسے کی لائبریری عمارت اور چار دیواری بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کے این شاہ حالیہ بارشوں اور سیلاب میں تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے اڑھائی مہینے گذر جانے کے باوجود علاقے کے عوام آج بھی کشتیوں پر سوار ہو کر اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔ زراعت اور چاول کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ اس تباہی سے بڑا المیہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بے حسی ہے۔ مقام تعجب ہے کہ اس المناک سانحے میں حکومتی کارکردگی اور خدمات ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا شعبہ المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کے عنوان سے متاثرین سیلاب کی مسلسل خدمت کر رہا ہے۔ ہم عوام کے خادم ہیں اور اس خدمت کو اپنے لئے اعزاز اور عبادت سمجھتے ہیں۔
وحدت نیوز(نصیر آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان ضلع نصیر آباد کی ضلعی شوریٰ کا اہم اجلاس مرکزی امام بارگاہ ڈیرہ مراد جمالی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی صوبائی، نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، سیکرٹری میڈیا سیل سید عبدالقادر شاہ بخاری، اراکین ضلعی شوریٰ و کابینہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر 6 رکنی ورکنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ جو صوبائی سیکرٹری میڈیا سیل سید عبدالقادر شاہ بخاری کی زیر نگرانی ضلع نصیر آباد میں یونٹس سازی کریگی۔ اس کے بعد میں تنظیمی کنونشن کاانعقاد ہوگا۔
اس موقع پر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ تنظیم میں یونٹس اہم حیثیت رکھتے ہیں۔ یونٹس پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ اس موقع پر صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی نے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نمائندہ تنظیم ہے۔ جس نے ہمیشہ ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آزادی مارچ کی حمایت اعلان کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان قائد وحدت کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے ہر وقت تیار ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ایک پر امن قافلے اور پر امن لانگ مارچ کو نشانہ بنایا گیا اور بد امنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ؟ وہ تمام عوامل جو عوام دشمن اور آزادانہ انتخابات کےخلاف ہیں اور اوچھے ہتکھنڈے استعمال کر کے ملک میں افراتفری کی کیفیت پیدا کر رہے ہیں مقتدر اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ان حملہ آوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چیئرمین تحریک انصاف جناب عمران خان اور ان کی ٹیم کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس پر امن تحریک کے نتیجے میں ملک میں آزادانہ انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔
وحدت نیوز(سکردو)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ممبر جی جی کونسل و سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ میں عمران خان پر حملہ ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی ناکام کوشش ہے۔اس وقت قومی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے،پاکستانی غیور عوام ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیاب کرنے کے لیے اس سے زیادہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا آئینی حق ہے اس طرح کے سفاکانہ حرکات سے قوم خوفزدہ ہونے والا نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پوری قوم چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں ۔