The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس و دیگر قائدین کا صدرنیشنل پریس کلب اسلام آباد اظہر خان جتوئی کے والد بزرگوار کی رحلت پر اظہارافسوس وتعزیت ۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، سید ناصر عباس شیرازی، مظاہر شگری سمیت دیگر ایم ڈبلیوایم قائدین  نے اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں کہا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہر خان جتوئی کے والد بزرگوار امداد حسین خان جتوئی کے انتقال پر دلی افسوس ہوا ہے۔

اظہر خان جتوئی اور انکے برادران مہدی حسن خان جتوئی اور حیدر خان جتوئی سمیت تمام سوگوار خانوادہ گرامی کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔ خدا وند متعال صدقہ چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا اللہ

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی اور مجلس علمائے مکتب اہلبیت کے نائب صدر علامہ اقبال بہشتی نے قائد اسلامی تحریک پاکستان اور بزرگ عالم دین علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات کی اور ان کے داماد سید تہذیب الحسن کی ناگہانی وفات پر تعزیت کی۔

ایم ڈبلیوایم کے مرکزی قائدین نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئےفاتحہ خوانی بھی کی اور مرحوم کے لواحقین کے لئے صبر اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ضلعی رہنماء حاجی غلام حسین اخلاقی، فرید احمد، حاجی دولت حسین و دیگر نے عید کے تیسرے روز بہشت زینب ہزارہ قبرستان کوئٹہ پہنچ کر شہدائے راہ حق کے مقدس مزارات پر حاضری دی اور شہداء کو سلام عقیدت پیش کیا۔ وفد نے بعض شہداء کے گھروں پر جا کر خانوادہ شہداء کو عید مبارک پیش کی۔
 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں، شہدائے راہ حسینیت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گنج شہداء کوئٹہ ملت جعفریہ کی مظلومیت اور صداقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جہاں سینکڑوں مظلوم شہداء کی قبریں اس بات کی گواہ ہیں کہ ہم نے عشق علی علیہ السلام اور آل محمد علیہم السلام کی مودت میں کتنی قربانیاں دی ہیں۔ اس موقع پر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء راہ اسلام کے افکار و اہداف کی محافظ جماعت ہے۔ علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ہم شہدائے راہ حق سے کئے ہوئے عہد کو وفا کریں گے۔

وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر کی جانب سے اپوزیشن پر گرین ٹورزم کیلئے نوکریوں کی لسٹ دینے کا الزام سفید جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، ہماری طرف سے لسٹ نہیں ایک نام بھی ثابت کرے سیاست چھوڑ کر عوام سے معافی مانگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ الزام جھوٹا ثابت ہونے پر جیالے کے لباس میں پوشیدہ، قوم پرستی کے دعویدار اور گرین ٹورزم کے طرفدار عوام سے معافی مانگیں گے۔ سٹی پارک پر کنسٹریکشن کسی حکومتی وزیر نے نہیں بلکہ الڈینگ اور سکردو کے عوام نے روکی تھی۔
 
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں گرین ٹورزم بنی ہی نہیں تھی، آج بھی کہتا ہوں سرکاری گیسٹ ہاوسز سے حکومت کو تکلیف ہے تو اوپن بڈنگ کریں، گیسٹ ہاوسز کو ہر صورت میں لیز آوٹ کرنے والوں میں اتنی جرات ہے کہ کل ان سے منافع کا حساب مانگیں؟ گلگت گیسٹ ہاوس اور چلاس گیسٹ ہاوس کو پہلے رینجر سے چھڑوا کر گرین کو دیں پھر دیگر گیسٹ ہاوسز کی بات کریں۔ کل گرین ٹورزم کو بھی قومی سالمیت کا مسئلہ قرار دیکر عوام کو بولنے پر پابندی عائد کریں گے جیسے آج وزراء انکے وکیل بنے ہوئے ہیں۔ گریڈ ون اور ڈرائیور کی جاب کے لیے قومی مفادات پر سمجھوتہ کرنے والے کوئی اور ہوں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ میں صوبائی وزیر اور گرین ٹورزم کے سرگرم وکیل سے گزارش کرتا ہوں کہ اپوزیشن کی اس لسٹ کو اخبار میں چھاپیں جو نوکریوں کے لیے دی ہے، تاکہ ایسے غدار قوم کے سامنے بے نقاب ہوجائے، یہ الزام ثابت نہ کرسکے تو قوم اندازہ کریں کہ قوم کا فیصلہ کیسے لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جو گرین کی وکالت میں اپنوں پر الزام لگانے سے گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پس ثابت ہوا گیسٹ ہاوسز سے قوم کو نقصان ہے، لہٰذا ایس سی او، ایف ڈبلیو او سیمت دیگر اداروں کے گیسٹ ہاوسز کو بھی لیز آوٹ کرکے منافع کمائیں، حکومت نے زمینوں اور جنگلات پر بھی سائن کرکے گرین صاحب کو دیا تھا یہ عوام ہہں جنہوں نے حکومت کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام حکم خدا سے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو راہ خدا میں قربان کرنے کے لئے صدق دل سے آمادہ ہوئے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عید الاضحیٰ کو نماز کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام جب الٰہی امتحانات میں سرخرو ہوئے تو پروردگار عالم نے انہیں انسانوں کا امام بنایا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام پرچم توحید کے علمبردار تھے۔ آپ باطل طاغوت سے نبرد آزما ہوئے اور خدا کی راہ میں ہجرت اور جہاد کیا۔ آپ حکم خدا سے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو راہ خدا میں قربان کرنے کے لئے صدق دل سے آمادہ ہوئے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا پاکیزہ کردار عالم انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عید کے موقع پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ہم فلسطین کے درد و الم میں شریک ہیں۔ غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی نے عالم انسانیت کے ضمیروں کو جھنجھوڑا ہے اور پوری دنیا اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آج دنیا میں ظالم اور مظلوم کے حامیوں کی نئی صف بندی ہو رہی ہے۔ پوری دنیا کے پاک فطرت، غیرت مند انسان فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ ظالم و سفاک استکباری قوتیں اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ظالمانہ بجٹ پیش کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ روز افزوں غربت و افلاس کے ساتھ امن و امان کی ابتر صورتحال چوری ڈاکے اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ حکمران طبقہ عوامی مسائل و مشکلات سے بے نیاز ہوکر کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف ہے۔ جن کے جسم کا گوشت اور ہڈیاں حرام کے پیسوں سے بنی ہیں قوم ان سے خیر کی کوئی امید نہ رکھے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے زیر اہتمام چودہویں سالانہ اجتماعی دعائے عرفہ و مجلس شہادت سفیر امام حسینؑ حضرت مسلم بن عقیلؑ کا مسجد حسنین جعفرطیار سوسائٹی میں انعقاد، تلاوت حدیث کسّا کی سعادت قاری حجت رضا نے حاصل کی، تلاوت دُعائے عرفہ کی سعادت مولانا قاری علی حسن شگری اور مولانا گلزارحسین شاہدی نے حاصل کی، جبکہ مولانا علی حسن شگری نے مصائب حضرت مسلم بن عقیل ؑ بیان کیئے، آخر میں معروف نوحہ خواں موسیٰ رضوی نے نوحہ خوانی کی، اس موقع پر مومنین ومومنات کی بڑی تعداد شریک تھی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین (دعا کمیٹی) لاہور کے زیر اہتمام دعائے عرفہ و مجلس عزاء بسلسلہ شہادت سفیرِحسین ع حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کا پروگرام 9 ذوالحج 16 جون بروز اتوار امام بارگاہ گلشنِ زہراء سلام اللّٰہ علیہا بھیکے وال موڑ وحدت روڈ لاہور میں منعقد ہوا،دعائے عرفہ میں مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے شہادت مسلم بن عقیل علیہ السلام کی مناسبت سے مجلس عزاء سے خطاب کیا ۔ جناب وجاہت حسین جعفری صاحب نے امام زمانہ عجل اللہ فرج الشریف کی غیبت اور مومنین کا کردار کے موضوع پر خطاب کیا اور قاری عبد الباسط نے دعائے عرفہ کی تلاوت کی۔

دعائے عرفہ کے پروگرام میں دعا کیمٹی کے انتظامی ممبران خصوصی طور پر برادر نقی مہدی ، اسد علی ، سید شعیب حیدر جعفری ، سید شعیب علی جعفری سیمت وہ تمام مومنین و مومنات کے شکر گزار ہیں جہنوں نے اس کار خیر میں کسی بھی حوالے سے تعاون کیا۔اللہ تعالیٰ آپ سب احباب کی کاوشوں کو قبول کرے اور آپ سب احباب کی حاجات کو پورا کرے۔الٰہی امین

وحدت نیوز(چنیوٹ)مجلس وحدت مسلمین ضلع چنیوٹ کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد ماشاءاللہ ایک کامیاب کیمپ کا انعقاد جو ایک ٹیم کے ورک کا نتیجہ ہے اس میں الحمدللہ ساڑھے تین سو سے زائد مریضوں کا فری چیک اپ اور ان کو ادویات فراہم کی گئی 50 سے زائد الٹرا ساؤنڈ اور 50 سے زائد ای سی جی بھی کیے گئے 40 مریضوں کی ہیپاٹائٹس سی کی کٹ استعمال کی گئی اس کے علاوہ خصوصی بات کہ بلڈ گروپنگ کے حوالے سے بھی کام کیا گیا اور 213 افراد کی فہرست الحمدللہ تیار ہو چکی ہے اگر ہم تمام افراد انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں تو ہمیں ایک دوسرے کا دست و بازو بننا پڑے گا ۔

قران کا ارشاد ہے خیر الناس من ینفع الناس تم میں سے بہترین انسان وہ ہے جو لوگوں کے لیے فائدہ مند ہے امید کرتے ہیں کہ وہ افراد جو درد دل رکھتے ہیں ائندہ ہمارے ساتھ مل کر اپنے علاقہ کے ان پسے ہوئے طبقات کی خدمت کریں گے بہت شکریہ اس میڈیکل کیمپ میں اپنی خدمات پیش کرنے والے ہر جوان کو میرا سلام  بالخصوص ائی ایس او کے جوانوں کو جنہوں نے پورا دن گرمی میں سخت مشقت کی لوگوں کو سہولیات فراہم کی اور یونٹ صدر صاحب نے ایک لمحے کے لیے بھی اپنی تھکاوٹ کا احساس نہیں ہونے دیا اللہ تعالی ہم سب کو انسانیت کی خدمت کرنے کی سچی توفیق دے جزاک اللہ

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے  پیغام میں کہا کہ عید الاضحٰی کے پر مسرت موقع پر تمام مسلم امہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔عید الاضحی مسلمانوں کو اپنے ایمان اور ملک و ملت کیلئےبڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتی ہے اپنی ذات کی نفی کرنا ہی قربانی کا اصل مفہوم ہے ۔حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے جزبہ قربانی  اور اطاعت پروردگار کی جو مثال قائم وہ قیامت تک کے لیےمشعل راہ اور تسلیم و رضا کی یادگار مثال ہے۔

ہمیں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے اس عظیم موقع پر انفرادی مفادات کو بالاے طاق رکھ کر قومی اور ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی اور ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہوگا جو انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا عید قربان کے موقع پر فلسطین کے شہداء اور مظلومین کو ہر گز فراموش نہ کریں انہیں اپنی دعاوں میں یاد رکھیں عید سادگی سے منائیں خداوند سبحان سے دعا ہے کہ دنیا سے ظالمین کے خاتمے اور مظلومین کی فتح کو نزدیک کر دے اور امام مھدی علیہ السلام کے ظہور میں تعجیل فرمائے۔ آمین

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الاضحیٰ کے خوشیوں بھرے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں اور اپنے تمام ہم وطنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید ہمارے لیے خوشی اور شادمانی کے ساتھ ساتھ ایثار و ہمدردی اور تقویٰ و بھائی چارے کا آفاقی پیغام لے کر آتی ہے، تمام صاحبانِ استطاعت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عید کی ان خوشیوں میں شہداء کے خاندانوں اور اپنے نادار عزیز و اقرباء کو ضرور شامل رکھیں۔

بالخصوص غزہ وکشمیر کے مظلومین کی نصرت و کامرانی کے لیے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، دعا گو ہوں خداوند متعال پوری قوم کو اپنے پیارے وطن کی مضبوطی کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ترقی واستحکام عطا فرمانے سمیت حقیقی معنوں میں عادل حکمران بھی نصیب فرمائے جو اس ملک کی خوشحالی کا باعث بنیں۔آمین یا اللہ

Page 9 of 1482

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree