The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدٹ مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مزدوروں کی عزت اور وقار کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے، مزدور اللہ کا دوست ہے، جس کی محنت کا جائز معاوضہ وقت پر دینا لازم ہے، وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، آج بھی وطن عزیز میں مزدوروں کی بڑی تعداد استحصال، جبری مشقت اور خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور ہے، حکومتیں اپنی ہی اعلان کردہ کم از کم ماہانہ اجرت کی پالیسی پر عمل نہیں کروا سکتیں ہیں، آج کسان کی مشکلات کا ادراک نہ کرنے والے وطن عزیز کو معاشی دلدل میں دھکیل رہے ہیں، مزدوروں پر سرمایہ داروں کی جانب سے استحصال پر مبنی ہتھکنڈوں کا جواب دینے کی ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے، بیرونی ممالک میں بھی اپنے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور انکے مسائل کو حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ لیبر ڈے کو عملی اقدامات کے عزم کے طور پر منایا جائے، بدقسمتی سے ملک میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام سرے سے موجود ہی نہیں ہے، مہنگائی کا شکار سب سے زیادہ مزدور طبقہ ہوتا ہے، جو بھی نئی حکومت آتی ہے، اس کی ترجیحات میں مزدوروں کے حقوق شامل نہیں ہوتے، ہماری ٹریڈ یونینز کو بہت کمزور کردیا گیا ہے، پاکستان میں جمہوریت مضبوط نہیں ہے، جب بھی کوئی آمر یا آمرانہ سوچ پر مبنی حکومت آتی ہے وہ لیبر اور ٹریڈ یونینز پر حملہ آور ہوتی ہے، ان سرمایہ داروں کو مزدوروں کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے، محنت کشوں کی یہ مانگ رہی ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں پارلیمنٹ میں اپنا کردار آئین کی روشنی میں ادا کریں اور محنت کشوں کو انصاف فراہم کرنے کا مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں، تاکہ ملک بھر کے اداروں میں انصاف کی رٹ قائم ہو سکے۔
وحدت نیوز(گلگت)چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل ایوب شاہ اور دیگر ممبران کونسل شیخ احمد علی نوری ،سید شبیہ الحسنین، عبد الرحمن ،اقبال نصیر اور حشمت اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلگام میں ہونے والے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔عالمی اداروں سے پہلگام حملے کی جلد شفاف و منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔پاکستان کے برعکس بھارت ہمیشہ دہشتگردی میں ملوث رہا ہے اور اس کو فروغ بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی دھمکیاں قابل مذمت،پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ہر پاکستانی مادرِ وطن کے دفاع میں اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ملک نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم دفاع وطن کے لیے تیار ہے،بھارتی حکومت اپنی اندرونی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے خطے میں کشیدگی پیدا کر رہی ہے۔بھارت پاکستان کو مختلف دھمکیوں کے ذریعے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر پاکستانی قوم ان کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور قوم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔پاکستانی قوم اور ریاست اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے متحد اور تیار ہے۔
وحدت نیوز(ملتان)ولادت با سعادت شہزادی معصومہ قُم سلام اللہ علیہا و روزِ دختران کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین جنوبی پنجاب (ملتان) کے زیر اہتمام نو سال کی بچیوں کےلیے جشن عبادت کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ سعیدہ موسوی نے خصوصی شرکت کی اور ننھی دختران سے خطاب کیا۔
اس پُرنور محفل میں ننھی بچیوں کے لیے مختلف خاکوں اور ماڈلز کے ذریعے پردے کی اہمیت اور دینی واجبات کی ادائیگی کے بارے میں آگاہی دی گئی ۔ اس موقع پر بچیوں کے مابین دلچسپ کوئز مقابلہ کا بھی انعقاد ہوا۔جشن میں شریک تمام نو مکلف بچیوں کو چادر اور جائے نماز ہدیہ کیے گئے ۔
وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام، امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان مجلس عزاء اور عزاداری کا انعقاد بروز جمعہ 25 اپریل کو حسینیہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا، استاد جامعہ المصطفی میں کیا گیا۔ اس پُر وقار پروگرام میں طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت مجاہد حسین نے حاصل کی۔ اس کے بعد برادران ساجد علی مہدوی، شہزاد جعفری، غلام علی بلتستانی اور حبدار علی زرداری نے اہل بیت علیہم السلام کی شان میں نظرانہ عقیدت پیش کیامجلس عزا سے حجت الاسلام والمسلمین جناب سید حسن رضا نقوی نے خطاب فرمایا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی حقیقتِ نورانی اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر آئمہ علیہم السلام کے ساتھ ان کی وحدت حقیقی کو اجاگر کیا۔انہوں نے آیتِ مبارکہ "کُونُوا مَعَ الصَّادِقِینَ" کے تحت قرآن کی نظر میں صدق کے معنی و مفہوم کو بیان کیا اور امام صادق علیہ السلام کی علمی عظمت، عبادت، ورع و تقویٰ اور طاغوتِ وقت کے خلاف جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔خطاب کے بعد عزاداری برپا کی گئی، اور آخر میں پروگرام کا اختتام دعا و زیارت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے کیا گیا۔ اختتامی مراحل میں حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آغاز عشرہ کرامت و ولادت با سعادت کریمہ اہلبیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی بابرکت مناسبت پر تمام محبان خاندانِ نبوت و بالخصوص امام زمانہ عج کی خدمت اقدس میں ھدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتی ہوں ۔ حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا کا یوم ولادت یوم ِ دختر کے عنوان سے بھی معروف ہے ۔ یکم ذی القعد وہ مبارک دن ہے جس میں باب الحوائج امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے آنگن میں ایسی دختر نے جنم لیا جن کی شفاعت سے تمام شیعیان علیؑ بہشت میں داخل ہوں گے۔ جن کی زیارت کا اجر و ثواب کثیر روایات میں درج ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جناب معصومہ قم کی بارگاہ سے اخروی و دنیاوی حاجات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا پورے جہان کی پناہگاہ ہے محبان اہل بیت علیہم السلام کو حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی زیارت اور توسل سے غافل نہیں رہنا چاہیے کیونکہ خدا کے نزدیک ان کا مقام بہت بلند ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ سید احمد اقبال رضوی صاحب کو وائس چیئرمین نامزد کرلیا۔الحمد للہ! مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نومنتخب چیئرمین، حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تنظیمی ڈھانچے کو مؤثر اور فعال بنانے کے سلسلے میں اپنے اولین اقدام کے طور پر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کو وائس چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ فیصلہ کابینہ کی تشکیل کے ابتدائی مرحلے میں کیا گیا، جس کا مقصد تنظیمی امور کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھانا اور ملک بھر میں وحدتِ امت اور ملی استحکام کے مشن کو مؤثر انداز میں جاری رکھنا ہے۔مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نامزد وائس چیئرمین اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے تنظیمی مقاصد کے حصول میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں سنگین مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ ہمارے نمائندے عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہوکر کرپشن اور ملکی وسائل کی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے یہ بات المرتضی کالونی جیکب آباد میں عوامی مسائل کے حل کے لئے عوامی رابطہ دفتر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ افتتاح کے موقع پر آل ڈومکی اتحاد کے مرکزی رہنماء حاجی شاہ مراد ڈومکی، استاد عبدالفتاح ڈومکی، مجلس علمائے مکتبِ اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مدرسہ جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین کے مدرس مولانا ارشاد علی سولنگی، رحم دل خان ٹالانی، منصب علی ڈومکی، زوار غلام مصطفیٰ، استاد رفیق ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ آج ملک بھر میں غربت، بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی اور لاقانونیت جیسے سنگین مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ افسوس کہ عوام کے منتخب نمائندے عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہوکر کرپشن اور ملکی وسائل کی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ نہ بیوروکریسی کو عوامی مسائل سے دلچسپی ہے، نہ اقتدار میں بیٹھے حکمرانوں کو ان سے سروکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور افلاس کے مارے عوام چوری، ڈکیتی اور بدامنی کا شکار ہیں۔ شہر کی سڑکیں اور راستے غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ شریف شہری کاروبار نہیں کر سکتے۔ سندھ میں ڈاکو اور ان کے سرپرست بھتے کی پرچیاں بھیج کر عوام کو خوفزدہ کر رہے ہیں، جبکہ حکومت اور انتظامیہ ڈاکوؤں کے سامنے بے بس بے حس اور خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ ان حالات میں جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین (ص) میں عوامی رابطہ دفتر قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ہمارے معزز ساتھی عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ عوامی رابطے کے لیے ذمہ داران کے نمبرز بھی مشتہر کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر شخص کسی بھی وقت اپنا مسئلہ بیان کر سکے۔ ہم خلوص دل سے عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے مخلص تنظیمی دوستوں پر فخر ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم عوام کی آواز بنیں گے اور عوامی توقعات اور امنگوں پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر تقریب سے استاد عبدالفتاح ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد کے نتیجے میں ہمارے دوست کی چھینی گئی موٹر سائیکل بازیاب ہوئی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے وارڈ نمبر تین کے مختلف محلوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔
وحدت نیوز(کراچی) کراچی میں ناجائز کینالوں کے خلاف جاری پرامن دھرنے پر پولیس کی جانب سے وکلاء پر تشدد اور بلاجواز گرفتاریوں کی مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا کہ اگر سندھ پولیس نے پرامن دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی کوئی کوشش کی تو پورے سندھ کو جام کر دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوامی احتجاج کو دبانے کی کوششوں سے باز رہے۔
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ جب تک ناجائز کینالوں کے منصوبے کو ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا، پرامن احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایم ڈبلیو ایم کے دیگر رہنماؤں نے بھی پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کنالوں کے مسئلے پر منافقت بند کرے اور سندھ کے عوام کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کا حصول لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا ہے، ہم وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان کی حفاظت ہمارا مذہبی و قومی فریضہ ہے، پڑوسی ممالک کی گیڈر بھبکیاں کوئی نئی بات نہیں، بھارتی حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستانی قوم کی دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا، ملکی عوام بیدار اور یکجان ہیں اپنا بھرپور دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان کے عوام بیدار اور عالمی سازشوں سے آگاہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج بھارت کشمیر میں اور غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل فلسطین میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، اہل حکمت و بصیرت یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کی سنگین صورتحال پیدا کرنے کا مقصد اہم ترین عالمی ایشوز سے اقوام عالم کی توجہ ہٹانا تو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سازش، کوئی دھمکی اور کوئی چال ہمیں وطن عزیز کے دفاع سے ایک لحظہ کے لیے بھی غافل نہیں کر سکتی، ہم محب وطن قوم ہیں، وطن سے محبت ہمارے خون میں شامل اور ہماری تربیت کا حصہ ہے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاراچنار ، ضلع کرم کے محاصرےکو سات ماہ ہوچکے ہیں، ابھی تک راستے مکمل طور پر کھل نہ سکے۔ اس دوران ہم نے یہ دیکھا کہ ادویات کی کمی کی وجہ سے معصوم بچوں کی جانیں گئیں، درجنوں شہریوں کے گلے کاٹے گئے، قتل کیا گیا اور یہاں تک کہ امدادی قافلوں کی لوٹ مار کے ساتھ حکومتی وسرکاری مشینری، افسران اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بھی حملے ہوئے لیکن صوبائی و وفاقی حکومت اور سیکیورٹی ادارے ٹس سے مس نہ ہوئے۔ آج اسلام آباد میں اہلِ پاراچنار نے ایک مرتبہ پھر امن کی صدا دی ہے۔
امن کو پکارا ہے اور گفتگو، بحث و مباحثہ، مکالمہ اور جرگے کے راستے کو ہی اپنایا ہے۔ اہلِ کرم کے صبر ، حوصلے اور حب الوطنی کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی۔ اسلام آباد میں کرم امن کنونشن کے تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امن کی جانب اٹھنے والے ہر قدم کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔ اب ریاست کا امتحان ہے کہ وہ امن کی دعوت اور پکار پر کیسے ردعمل دیں گے؟