The Latest

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے قائدین کی صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس سولجربازار میں خانوادہ اسیران حامیان مظلومین پاراچنار سے اہم ملاقات ہوئی ۔

اس ملاقات میں قائدین نے خانوادہ اسیران سے اُن کے مسائل سنے اور قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر خانوادہ اسیران کی ہر ممکن مدد اور داد رسی کی یقین دہانی جبکہ مکمل قانونی معاونت جاری رکھنے کا عزم دھرایا، اس موقع پر قانونی امور پر مشاورت بھی کی گئی ۔

ملاقات میں مجاہد ملت بانی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ سیّد حسن ظفر نقوی، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سیّد احمد اقبال رضوی، صدر صوبہ سندھ علامہ سیّد باقر عباس زیدی، نائب صدر صوبہ سندھ علامہ مختار امامی، صدر کراچی ڈویژن علّامہ مُحمد صادق جعفری، پولیٹیکل سیکریٹری کراچی ڈویژن علّامہ مبشر حسن، صدر عزاداری وِنگ کراچی ڈویژن سیّد رضی حیدر رضوی و دیگر موجود تھے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژنل کونسل کا اہم اجلاس صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس سولجربازار میں منعقد ہوا جس میں مرکزی وائس چیئرمین علّامہ سیّد احمد اقبال رضوی، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سیّد اسد عباس نقوی خصوصی طور پر اسلام آباد اور لاہور سے تشریف لاکر شریک ہوئے جبکہ صوبائی صدر سندھ علّامہ سیّد باقر عباس زیدی، صوبائی نائب صدر علامہ مختار امامی ، ڈویژنل صدر کراچی علّامہ صادق جعفری سمیت جملہ اراکین ڈویژنل کابینہ ، تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکریٹری صاحبان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی دستور کی روشنی میں تنظیمی سیٹ اپ کو اضلاع کے نیچے تحصیل (ٹاؤن) اور یونین کونسل یا یونین کمیٹی کی سطح پر تشکیل دیا جائے، شہر بھر کے تمام اضلاع میں جنرل ورکرز اجلاس کے انعقاد کو یقینی بناکر توسیع تنظیم و ممبر سازی مہم کو تیز کیا جائے اور تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوام کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم میں شمولیت کی دعوت دی جائے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے حکمرانوں کے وعدوں اور بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 110دن ہوگئے، ٹل، پاراچنار روڈ کو عوام کی آمدورفت کے لیے نہ کھولا جا سکا جو کہ حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ابھی تک ادویات، پٹرولیم مصنوعات یا گیس کی ایک گاڑی بھی نہیں پہنچائی گئی۔ پاراچنار کی 5 لاکھ کی آبادی کے لئے چند ٹرک بھیج کر ان کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ اس وقت ٹل ہنگو میں درجنوں گاڑیاں جانے کے لئے تیار ہیں مگر حکمرانوں کی بے حسی پر ماتم کر رہے ہیں۔ صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر عوام کی آمدورفت کے لئے روڈ کو نہ کھولا گیا تو حالات مزید خراب ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ روڈ کی سیکورٹی ایف سی یا پاک فوج نے کی ہے، وفاقی حکومت ابھی تک فوج اور ایف سی کے اہلکاروں کو تعینات نہ کرکے کرم کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک کررہی ہے۔ علامہ جہانزیب جعفری نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صوبائی حکومت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرم کے حالات کسی طرح بھی ٹھیک نہیں ہوئے بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خراب ہورہے ہیں۔ آرمی چیف کرم کے حالات پر خصوصی توجہ دں تاکہ پیدا ہونے والے انسانی المیے پر قابو پایا جا سکے۔

وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مولا علی علیہ السلام کی ذات گرامی اور سیرت و کردار عالم انسانیت کے لئے اسوہ حسنہ ہے، کیونکہ آپ (ع) کی سیرت و کردار ہو بہو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پاکیزہ کردار تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں سندڑی ریسٹورنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کا کردار آج بھی ظلم کے خلاف جدوجہد اور عدل و انصاف کے قیام کے لئے مشعل راہ ہے۔ دنیا کے حکمران ان کے طرز حکمرانی سے سیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح انصاف، مساوات اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کی زندگی کا ہر پہلو انسانیت کے لئے درس اور ہدایت ہے۔ ان کا پیغام ہر دور میں ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد اور حق و انصاف کی سربلندی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ (ع) کی ذات گرامی مجسم عدل و انصاف تھی۔ آپ (ع) کے دور حکومت میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں تھا، حتیٰ کہ آپ کے سگے بھائی عقیل بھی آپ کے عدل کا سامنا کرنے سے مستثنیٰ نہ تھے۔ مولا علی (ع) کی حکمت اور علم قرآن و سنت کے گہرے فہم پر مبنی تھی۔ آپ نے زندگی کے ہر شعبے میں ایسے اصول متعارف کروائے جو آج بھی انسانیت کی رہنمائی کرتے ہیں، اور آپ (ع) کے اقوال اور خطبات اخلاقیات، سیاست، قانون اور سماجی انصاف کے لئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) میلاد مسعود حضرت امام علی علیہ السلام  کی مناسبت سے وحدت یوتھ ونگ لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام کیک کاٹا گیا ۔ میلاد مسعود کی مناسبت وحدت یوتھ ونگ لاہور ڈویژن کے زیرانتظام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شوری عالی کے رکن جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید مبارک علی موسوی صاحب ،حسین زیدی صاحب صوبائی سیکرٹری سیاسیات ، فصاحت علی  بخاری صاحب صوبائی سیکرٹری مالیات  ،ضلعی صدرجناب  نجم عباس خان صاحب، ضلعی رہنما جناب علمدار زیدی صاحب ،ضلعی رہنماجناب  سجاد گجر صاحب، صدر وحدت یوتھ نقی حیدر صاحب ،سینئر نائب صدر یوتھ ونگ قاسم زیدی صاحب،ضلعی رہنما وحدت یوتھ رضوان حیدر صاحب، سماجی رہنما صغیر صاحب کے علاوہ مجلس وحدت لاہور کے کارکنان و مومنین کی کثیر تعدادنے جشن مولود کعبہ میں شرکت کی ۔قصیدہ خوانوں نے اپنے مخصوص انداز میں قصائد پڑھے اور ذاکر اہلبیت جناب حماد رضا نے قصیدہ خوانی کی لنگر و مشروبات سے مومنین کی تواضع کی گئی ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ غزہ میں سیزفائر ایک عظیم فتح کی علامت ہے جو اہل غزہ کی بے مثال قربانیوں، صبر، شجاعت، استقامت اور جرات کا نتیجہ ہے۔ یہ فلسطین کے مظلوم عوام کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف ان کی جدوجہد کسی بھی طاقت کو جھکانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ غزہ کے عوام نے بے پناہ مشکلات اور مصائب کے باوجود جس ہمت اور دلیری سے آزادی کی جنگ لڑی، وہ تاریخ کے سنہری ابواب میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہے گی۔ یہ سیز فائر نہ صرف فلسطینی عوام کی کامیابی ہے بلکہ پوری امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔  اس عظیم کامیابی پر ان تمام رہنماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اس جدوجہد کی قیادت کی اور اسے کامیابی تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

سید حسن نصر اللہ شہید، اسماعیل ہنیہ شہید، یحییٰ السنوار شہید اور صالح العروری شہید جیسے رہنما ان قربانیوں کے معمار ہیں، جنہوں نے فلسطینی عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف جدوجہد میں ایک نئی روح پھونکی۔ اس کے ساتھ، ان تمام شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے خون سے آزادی کی تاریخ رقم کی۔ شہداء کا خون اس راہ کی سب سے بڑی دلیل ہے کہ حق کی جیت یقینی ہے، چاہے دشمن کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ ہم اہل غزہ کو ان کی استقامت، بہادری اور قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔

اس عظیم کامیابی کے بعد، یہ ضروری ہے کہ پوری امت مسلمہ اور عالمی برادری فلسطینی عوام کی مکمل آزادی اور حقوق کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔  یہ جنگ تو عارضی طور پر بند ہوچکی ہے، لیکن فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی، اور وہ دن دور نہیں جب یہ مظلوم قوم اپنی زمین پر مکمل آزادی اور خود مختاری کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے حکمرانوں کے پارہ چنار بارے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹل پاراچنار روڈ گزشتہ 105 دنوں سے بند ہے، علاقے میں ادویات، پیٹرولیم مصنوعات اور گیس پر مشتمل ایک گاڑی بھی نہیں پہنچائی گئی، دیگر سامان بھی لاکھوں کی آبادی کے لئے ناکافی ہے، مرکزی حکومت صوبائی حکومت سے بالکل تعاون نہیں کر رہی، مجھے کل اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس مسئلے پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، روڈ کی سیکورٹی کے لئے ہمیشہ فوج اور ایف سی نے کردار ادا کیا ہے، اب چند پولیس اہلکاروں سے روڈ کھلوانا ناممکن ہے، صوبائی اور مرکزی حکومتیں شدید مشکلات میں گھری ضلع کرم کی عوام پر رحم کریں اور ملکر عوامی ریلیف کے لیے کردار آدا کریں۔

میں نے قومی اسمبلی میں ضلع کرم کے لئے ہر طرح سے صدائے احتجاج بلند کیا ہے، حکمرانوں پر مشتمل تمام بااثر شخصیات بشمول وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملا، انہیں ضلع کرم پاراچنار کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا ہے، معلوم نہیں انکے سینے میں کونسا دل ہے کہ جو مظلوم عوام کے لئے بالکل نہیں دھڑکتا اور اس وقت کرم کے عوام پر ہر لمحہ قیامت جیسا ہے، مگر ضلع کرم کے لئے ابھی تک مخلصانہ اقدامات نہیں کئے، جو انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک بات ہے، میں وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت تمام حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کرم کی مرکزی روڈ کھولنے اور معاہدے پر عمل درآمد کروانے کے لئے فوری اقدام کریں۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کا پانچ سالہ دور خلافت دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ جن کی پوری زندگی دین اسلام کی بقاء اور ترویج کے لئے صرف ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں گوٹھ اسد رند میں سالانہ جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے علامہ مقصود علی ڈومکی اور مولانا منور حسین سولنگی نے خطاب، اور معروف نوحہ خوان سعید علی کربلائی، عرفان علی درویش، وقار مہدی، محمد باقر و دیگر نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر جشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی سیرت طیبہ عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ علیہ السلام علم و حلم، سخاوت و شجاعت، زہد و تقویٰ سمیت تمام انسانی کمالات میں اعلیٰ ترین رتبہ پر فائز تھے۔ مولا علی علیہ السلام علم و عرفان کا سمندر تھے۔ اس بات پر آج بھی نہج البلاغہ گواہ ہے۔ آپ کی پوری زندگی دین اسلام کی بقاء اور ترویج کے لئے صرف ہوئی۔ آپ نے جنگ بدر، احد، خندق اور خیبر میں جس شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ انسانی میں بے مثال ہے۔ امام علی علیہ السلام کا پانچ سالہ دور خلافت دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حضرت مالک اشتر (ع) کو مصر کا گورنر مقرر کرتے ہوئے امام علی علیہ السلام نے جو تحریری ہدایت نامہ دیا، وہ الٰہی نظام حکومت کا جامع منشور ہے۔ آپ نے دنیا کو تین طلاقیں دیتے ہوئے انتہائی زاہدانہ زندگی گزاری۔ آپ بحیثیت خلیفہ و امام المسلمین پیوند لگے کپڑے پہنتے تھے۔ آپ یتیموں کے باپ مظلوموں اور  محروموں کے حامی تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام نے اپنی آخری وصیت میں تاکید کی تھی کہ ہمیشہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی رہو۔ اس وقت فلسطین مظلومت کی تصویر بنا ہوا ہے اور غاصب صیہونی ریاست کے ہاتھوں فلسطین میں 50 ہزار بے گناہ انسان شہید ہو چکے ہیں۔ اس لئے ہم علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے شیعہ عہد کرتے ہیں کہ ہم کبھی بھی فلسطین اور مظلومین فلسطین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) ملت جعفریہ عزاداری کونسل ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد، انجمن سپاہ علی اکبر (ع)، جعفریہ الائنس اور مقامی مومنین کے تعاون سے علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت ڈی سی چوک پر عظیم الشان جشن مولود کعبہ منعقد کیا گیا۔ جشن مولود کعبہ کی تقریب سے ضلع جیکب آباد کے تمام مکاتب فکر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے مولود کعبہ امام علی علیہ السلام کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ جشن مولود کعبہ سے تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء میر راجہ خان جکھرانی، جماعت اسلامی جیکب آباد کے امیر حاجی دیدار علی لاشاری، انجمن سپاہ علی اکبر علیہ السلام کے چیئرمین قبلہ سید احسان علی شاہ بخاری، جیکب آباد شہری اتحاد کے رہنماء ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو، مسیحی چرچ کے پادری شیرون یوسف، جنرل کونسلر دلمراد لاشاری، پ ٹ الف سندھ کے سابقہ صدر انتظار حسین چھلگری، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی رہنماء مولانا ارشاد علی سولنگی، سید راجہ ریاض علی شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، عزاداری کونسل ضلع جیکب آباد کے جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی، جعفریہ الائنس ڈویژن لاڑکانہ کے صدر زوار وزیر علی مشہدی، نثار احمد ابڑو، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ حاجی سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی اور انجینئر عید محمد ڈومکی نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

 اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت عالم بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے۔ اپنے پاکیزہ اور بے عیب کردار کے سبب امام علی علیہ السلام عالم انسانیت کے محبوب رہبر اور رہنماء ہیں۔ اسی لئے ہر مسلک اور مکتبہ فکر کے انسان نے آپ علیہ السلام کی ذات والا صفات سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ آج تمام مسالک اور مکاتب فکر کے علماء اور اکابرین نے جشن مولود کعبہ میں شریک ہو کر ثابت کیا کہ مولا علی علیہ السلام ہم سب کے ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ولادتِ باسعادت شیرِ خداؑ، فاتحِ خیبر، مولائے کائنات امیرالمؤمنین، خلیفتہ المسلمین حضرت امام علی ابنِ ابی طالب علیہ السّلام کی ولادتِ باسعادت کے پر مسرت موقع پر تمام مسلمانان جہان اور عالم بشریت کی خدمت میں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام علی ع کا عدل وانصاف پوری انسانیت اور بشریت کی کامیابی و نجات کا عظیم ترین ذریعہ ہے، عدالت کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے بنیادی کلید ہے، حضرت علی علیہ السلام فضائل و کمالات کا ایسا بیکراں سمندر ہیں جس میں انسان جتنا غوطہ لگاتا جائے گا اتنا زیادہ فضائل کے موتی حاصل کرتا جائے گا اور دنیا وآخرت میں کامیابیاں سمیٹتا جائے گا، یہ ایسا سمندر ہے جس کی تہہ تک پہنچنا ناممکن ہے، امیرالمومنینؑ کا سختی کے ساتھ عدل و انصاف کا نفاذ کرنا آپ کو دنیا کے تمام حکمرانوں سے جدا اور منفرد کرتا ہے، آپؑ نے عدل و انصاف کا معاشروں، ریاستوں، تہذیبوں، ملکوں، حکومتوں اور انسانوں کے لیے انتہائی اہم اور لازم ہونا اس تکرار سے ثابت کیا کہ عدل آپؑ کے وجود اور ذات کا حصہ بن گیا اور لوگ آپؑ کو عدل سے پہچاننے لگے۔

انہوں نے کہا کہ کردار امیرالمومنینؑ کے مطابق اپنے نفس کی تطہیر اور تزکیہ کرکے، نظام کی خرابیوں کو درست کرکے اور اپنے آپ کو منظم و متحد کرکے ہم ظلم، ناانصافی، تجاوز، قانون پر عمل نہ کرنے اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں، کیونکہ امیرالمومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کے نظام حکمرانی اور نظام احتساب سے استفادہ کرکے امت مسلمہ کے موجودہ حالات اور خراب صورت حال کو درست کیا جا سکتا ہے۔تمام شہریوں کو ان کے بنیادی، انسانی، مذہبی اور شہری و آئینی حقوق دستیاب ہوں، طبقاتی تقسیم اور تفریق کی بجائے مساوات کا نظام رائج ہو، اتحاد و وحدت اور اخوت و رواداری کا عملی مظاہرہ ہو، انتہاء پسندی، فرقہ پرستی، جنونیت اور فرقہ وارانہ منافرت کا وجود ہی باقی نہ ہو، امن و خوشحالی کا دور دورہ ہو، معاشی نظام قابل تقلید ہو اور سماجی سطح پر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعے اتنی بلند ہو جائے کہ دنیا کے دوسرے معاشرے اس کی پیروی کرنے کو اپنے لئے اعزاز سمجھیں۔

Page 6 of 1531

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree