The Latest
وحدت نیوز(شکارپور)وارثان شہداء کمیٹی شکارپور کے زیر اہتمام شہدائے سانحہ نماز جمعہ شکارپور کی یاد میں عظیم الشان عظمت شہداء کانفرنس اور مجلس عزاء منعقد ہوئی۔ تقریب سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی نائب صدر علامہ مختار احمد امامی، وحدت یوتھ کے مرکزی نائب صدر علامہ راجہ مصطفٰی حیدر جعفری، سندھ کے ممتاز عالم دین استاد العلماء علامہ سید ارشاد حسین نقوی، خطیب اہل بیت علامہ ریاض حسین نجفی، علامہ سید احمد علی نقوی، علامہ عبدالمجید بہشتی، مجلس علمائے مکتب اہل بیت سندھ کے صوبائی صدر علامہ عبداللہ مطہری، مولانا منور حسین سولنگی، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد حنیف کانہیو، مرکزی رہنماء اے او پی انجینئر غلام رضا جعفری اور اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی رہنماء محمد عالم ساجدی و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وارثان شہداء کمیٹی کے چیئرمین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عظمت شہداء کانفرنس کے موقع پر ہم شکارپور کے ان شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہیں مولا علی علیہ السلام سے عشق و محبت کے جرم میں حالت نماز میں اللہ کے گھر مسجد میں بے جرم و خطا مارا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ہم لبنان اور فلسطین کے ان مجاہد شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے عصر حاضر کے یزید امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کرتے ہوئے صبر و استقامت کی نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع شکارپور، کشمور، گھوٹکی، جیکب آباد میں بدامنی اغواء برائے تاوان اور لوٹ مار پر عوام شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کیا جائے اور صوبائی حکومت سندھ میں قیام امن کے حوالے سے سنجیدہ عملی اقدامات کرے۔
وحدت نیوز(لاہور)صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین پنجاب شیخ عمران علی اور مولانا ظہیرالحسن کربلائی نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس کارخیر میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں وہ جلد از جلد رابطہ کریں اور اس کارخیر میں شریک ہوں۔
مولانا ظہیرالحسن کربلائی نے کہا کہ ان شاءاللہ شعبان المعظم کے آخری ہفتے میں اجتماعی شادیوں کے پروگرام کا اعلان کر دیا جائے گا، بروز بدھ 5 فروری کو ہونیوالی میٹنگ میں حتمی تاریخ کا اعلان متوقع ہے۔ 5 فروری کو اجتماعی شادیوں کی اجرائی کمیٹی کی میٹنگ صوبائی آفس مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ تمام اجرائی امور کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ آنیوالی میٹنگ میں منظوری کے بعد تقریب اور حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) عوامی کالونی میںایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس ترحیم پر تکفیری دہشت گردوں کے حملے پولیس کی جانب سے بلاجواز گرفتار4 بے گناہ مومنین کی رہائی کے لئےقائد وحدت سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی خصوصی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے قائدین اور لیگل ٹیم کی انتھک محنت کے بعدولادت باسعادت کریمِ کربلا امام حسین علیہ السلام کے پرمسرت موقع پر چاروں اسیروں کو ضمانت پر رہائی مبارک ہو۔
سینٹرل جیل سے رہائی کے بعد اسیران کی صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس سولجر بازار آمد پر شاندار استقبال،اس موقع پر صوبائی صدر سندھ علامہ باقر عباس زیدی، صدر کراچی ڈویژن علامہ صادق جعفری ، ایڈوکیٹ نصیرالحسن کھوکھر ، علامہ اصغر حسین شہیدی ، صدر ضلع کورنگی عمران نقوی اور دیگر تنظیمی ذمہ داران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس کیس کی پیروی کے لئے ایم ڈبلیوایم لیگل ٹیم نے سندھ ہائیکورٹ کے نامور وکیل جناب نصیر الحسن کھوکھر کی خدمات حاصل کیں تھیں۔
بعد ازاں ایم ڈبلیوایم کی ٹیم نے خود تمام اسیران کوپاور ہاؤس عوامی کالونی کورنگی میں ان کے گھروں پر جاکر اہل خانہ کے حوالے کیا۔اس موقع پر اہل علاقہ نے اسیران اور ایم ڈبلیوایم قائدین کا لبیک یاحسینؑ کی صداؤں میں پرتپاک استقبال کیا۔
اسیران اور ان کے خانوادے نےمشکل وقت میں ہر قسم کے تعاون پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈویژنل و صوبائی قائدین اور انکی لیگل ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہیں، عوام پہلے سے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مزید مہنگائی کے طوفان کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس ظالمانہ اقدام نے عام آدمی کے لیے جینا دوبھر کر دیا ہے اور دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے، جس سے مہنگائی میں ریکارڈ کمی کے حکومتی دعووں کی بھی قلعی کھل گئی ہے، ایک طرف لوگ اپنی گھریلو اشیاء اور اثاثے بیچ کر یا قرض لے کر زندگی گزارنے پر مجبور نظر آتے ہیں تو دوسری طرف عوام پر پیڑول بم گراکربےدرد اور بے حس حکمران ملکی وسائل اور قومی خزانے کو اپنی عیاشیوں پر لٹانے میں مصروف ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) تحریک تحفظ آئین پاکستان کا سربراہی اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین نے شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی ایجنڈا 8 فروری کو مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والی اس جعلی حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال تھی۔ اس حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور آئے۔ ہم آئندہ چند دنوں میں باقاعدہ طور پر اپنی ان سیاسی سرگرمیوں کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کے کراچی دورے کا حتمی شیڈول بھی جلد ہی ترتیب دیا جائے گا۔ اپوزیشن اتحاد کی سب سے بڑی تشویش یہی ہے کہ اس جعلی فسطائی حکومت اور ان کے ہینڈلرز سے انصاف کی توقع نہیں رکھی جا سکتی مگر ستم یہ ہے کہ ملک کی موجودہ عدلیہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن کر کھڑی ہوگئی ہے!
26 نومبر کو تحریک انصاف کے گرفتار 350 کارکنوں کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے دو مہینے بعد جیل بھیج دیا لیکن پنجاب پولیس نے ان کارکنوں کو اٹک جیل سے نکال کر راولپنڈی ڈویژن کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا ہے اور ان پر اٹک میں چار چار اور ایف آئی آرز کاٹے گئے ہیں۔ ان سب کو واپس پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔ یہ ہے ان کی فسطائیت کا عالم کہ عدالت کا حکم ان کے سامنے کوئی وقعت نہیں رکھتا جبکہ عدلیہ آنکھیں موندے بیٹھی ہے۔
ہماری انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل ہے کہ پنجاب حکومت کی ان غیر قانونی تصرفات پر ان کا سخت نوٹس لیں۔پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن اتحاد اپنے کارکنوں کو ان کے اس ظلم اور فسطائیت سے آزادی دلائی گی۔ یہ جعلی حکومت ہمارا حوصلہ ان ہتھکنڈوں سے پست نہیں کرسکتی۔حال ہی میں صدر آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد پیکا آرڈیننس کا اطلاق کرنا بھی ان کی ہماری رہی سہی جمہوری آزادیوں کا گلہ گھونٹ دینے کی ایک بزدلانہ کوشش ہے جس کے مدمقابل اپوزیشن اتحاد صحافتی برادری کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔
وحدت نیوز(گلگت) صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع کھرمنگ اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی علامہ شیخ اکبر علی رجائی کی پیش کی گئی تجویز صوبائی کابینہ سے منظور، سرکاری سکیموں میں چھوٹے سکیل تعیناتیوں کیلئے لینڈ ڈونرز کو ترجیح دینے کا فیصلہ ہوگیا۔
گلگت بلتستان بھر میں سرکاری تعمیرات کیلئے صرف زمین کا معاوضہ ناکافی تھا جسکی وجہ سے اکثر منصوبے تاخیر کا شکار اور عوام میں اختلاف کا سبب بن رہا ہوتا تھا۔
اس اہم فیصلے کے تناظر میں ایک طرف اراضی کے حصول کا مسئلہ آسان ہو جائیگا تو دوسری جانب چھوٹے سکیل کی ملازمتوں پر لینڈ ڈونرز کو نوکریاں مل سکیں گی۔
اس فیصلے کےبعد عوام میں خوشی کی لہر ملاحظہ کی گئی ہے ، عوام نے شیخ اکبر رجائی اور ایم ڈبلیوایم کی اس کوشش کو غریب عوام کے حق میں ایک اہم اقدام قرار دیا ہے ۔
وحدت نیوز(سکردو) ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے صدر سید علی رضوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیکا ایکٹ کے خلاف صحافیوں کے دھرنے کی حمایت اور اس سیاہ قانون کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ملک بھر میں صحافی برادری کے دھرنوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پیکا ایکٹ جیسے آمرانہ قوانین کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے، اور اسے دبانے کی ہر کوشش بنیادی انسانی حقوق اور آزادی اظہار پر حملہ ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس غیر منصفانہ قانون کو واپس لے اور صحافیوں کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں آزادانہ ماحول فراہم کرے۔
وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ 10 سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود شکارپور کے عوام، اہل تشیع اور وارثان شہداء نے شہداء کی یاد میں کانفرنس ریلی اور مشعل بردار جلوس نکال کر یہ ثابت کر دیا کہ شہدائے راہ حق زندہ ہیں۔ ان کا مشن زندہ ہے اور ہم ان کے پیغام اور مقاصد کو جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکار پور میں چوک شہداء یادگار شہداء پر شب شہداء کے موقع پر شہداء کی یاد میں نکالی گئی مشعل بردار ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل سانحہ نماز جمعہ کربلا معلی امام بارگاہ جامع مسجد سید الشہداء علیہ السلام شکارپور کے شہداء کی یاد میں ڈکھن اور پیر چنڈام سے لبیک یا زینب (س) پیدل مارچ شروع کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی اور وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ راجہ مصطفی عباس جعفری، ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، ضلعی نائب صدر دولہا دریا خان جتوئی، تحصیل صدر سید نوید علی شاہ اور دیگر شریک ہوئے۔
شب شہداء کی ریلی اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ٹومکی نے کہا کہ وارثان شہداء کمیٹی شکارپور اور شہداء کے وکیل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ شہدائے شکارپور کے مقدمات بڑی جرات اور استقامت سے لڑ رہے ہیں۔ جس کے سبب دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا ہو چکی ہے۔ جبکہ سانحہ شکارپور کا مرکزی مجرم مفرور ہے۔ سانحہ شکارپور کا مفرور مجرم کالعدم جماعت کا سرغنہ اورنگزیب فاروقی ابھی تک گرفتار نہیں ہوا، ہم اس کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ گورنمنٹ نے وارثان شہداء کے ساتھ 21 نکاتی تحریری معاہدہ کیا تھا۔ جس کی رو سے سندھ میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں کو روکنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ لیکن افسوس کہ آج بھی پورے سندھ میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیاں جاری ہیں۔ ماہ رجب میں جن شہروں میں کالعدم دہشت گرد تنظیم نے ریلیاں نکالیں ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکارپور، کشمور، گھوٹکی، جیکب آباد میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ اس لئے ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف پاک فوج اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن کیا جائے۔ آج شکارپور اور کشمور غزہ اور کشمیر کا منظر پیش کر رہا ہے۔ جہاں لوگوں کا قتل اغواء اور چوری ڈکیتی روز کا معمول بن چکا ہے، مگر پیپلز پارٹی کے ایک لیڈر بڑی ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، حالانکہ ڈاکوؤں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہو رہا ہے۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ قتل اغواء اور بدامنی کے واقعات میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی رہنماء علامہ راجہ مصطفی عباس جعفری نے کہا کہ شہداء کی یاد منانا شہادت سے کم نہیں ہے۔ کیونکہ شہداء کی یاد منانے سے معاشرے میں شہادت کا کلچر عام ہوتا ہے اور شہداء کی پاکیزہ فکر کی خوشبو پھیلتی ہے۔
وحدت نیوز(شکارپور) شہداء شکارپور کی دسویں برسی میں شرکت کے لیے ڈکھن سے شکارپور کی طرف پیدل لبیک یا زینب س ریلی نکالی گئی،لبیک یا زینب س ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین تحصیل گڑھی یاسین صدر نوید علی شاہ، ضلعی نائب صدر دولھ دریا خان جتوئی، سعید احمد خروس، مستنصر مہدی ابڑو، یاسر عباس ابڑو سمیت دیگر ذمہ داران نے کی۔
لبیک یا زینب س ریلی میں وحدت یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی نائب صدرمولانا راجا مصطفیٰ حیدر کی آمدر،یلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار نے بھی شرکت کی۔ لبیک یا زینب س ریلی کے شرکاء 30 جنوری کو شکارپور کے مرکزی جلسہ گاہ میں شرکت کریں گے شہداء شکارپور کی برسی پر مرکزی عظمت شہداء کانفرنس سے ملک بھر کے نامور علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کی جانب سے منظور کردہ پیکا ترمیمی ایکٹ کےخلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو میں کہا ہے کہ ارباب اختیار اپنی ناہلی اور نالائقیوں پر سوال اٹھانے سے خوفزدہ ہیں، پیکا ترمیمی ایکٹ اصلاحی تنقید کا گلا گھونٹنے کی سوچی سمجھی سازش ہے، متنازع پیکا ترمیمی ایکٹ کے ذریعے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگائی گئی ہے، یہ قانون جمہوری عمل وبنیادی حقوق کی راہ میں رکاوٹ ہے، اسے مسترد کرتے ہیں، جس میں فیک نیوز کی تعریف و تشریح نہیں کی گئی بلکہ اس قانون کی آڑ میں سیاسی انتقامی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی جیسا کہ ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحافیوں کے پرامن احتجاج پر بہیمانہ ریاستی تشدد کی شدید مذمت کرتا ہوں، وفاقی دارلحکومت میں نہتے صحافیوں پر لاٹھی چارج ملکی وقار پر وار ہے، صحافتی برادری کے موقف کی حمایت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں، پیشہ وارانہ صحافت کا آزاد ہونا کسی بھی معاشرے کے لیے آئینے کی مانند ہے، پاکستان میں اس وقت غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے، فارم 47 کی کٹھ پتلی حکومت سے آمرانہ رویے کی ہی توقع کی جاسکتی ہے، حکمران سیاسی جماعتوں کا استحکام جمہوریت و آئین کے لئے دوہرا موقف اور عمل قوم پر عیاں ہو چکا ہے۔