The Latest

وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ذکر امام حسین علیہ السلام سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عظیم عبادت ہے۔ ذکر حسین علیہ السلام کو جرم قرار دے کر ایف آئی آرز درج کرنا شرمناک عمل اور آئین پاکستان سے بغاوت ہے۔ پنجاب حکومت عزاداروں کے خلاف جعلی مقدمات کا اندراج بند کرے۔ یہ بات انہوں نے سکھر میں سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میدان کربلا میں دین اسلام کی بقا کے لئے جو عظیم قربانی پیش کی، وہ تاریخ انسانی میں بے مثال ہے۔ کربلا ہر دور کے انسان کے لئے مشعل راہ اور نظام حیات ہے۔ عصر حاضر میں کربلا کے پیروکار یزید وقت کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ ان کی شجاعت اور استقامت نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری اور مجالس عزاء کے خلاف ظالمانہ ایس او پیز اور بے جا رکاؤٹیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عزاداروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مقدمات کے اندراج کا آغاز انتہائی تشویشناک ہے۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ پنجاب حکومت ابن زیاد اور عمر سعد کے نقش قدم پر چلنے سے گریز کرے۔ ذکر امام حسین علیہ السلام اور مجالس عزاء کو جرم قرار دے کر عزاداروں کے خلاف وسیع پیمانے پر ایف آئی آرز درج کرنا نہ صرف شرمناک عمل ہے، بلکہ آئین پاکستان اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس، جلوس اور عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت ہے، اور ہم کسی صورت بھی اس ظلم اور جبر کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء، خطباء اور ذاکرین کو چاہئے کہ پنجاب میں جاری اس مجرمانہ اور ظالمانہ رویے کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس عزاء کے خلاف مقدمات کا اندراج آئین پاکستان سے بغاوت اور بنیادی انسانی و شہری حقوق پر حملہ ہے۔ وفاقی حکومت کے ایک وزیر کی جانب سے جاری کردہ خط، جس میں وزیراعظم پاکستان کو متوجہ کیا گیا ہے کہ عزاداری کے خلاف مقدمات حقوق انسانی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں شیعہ سنی مسلمان عاشقان اہل بیت اور عزادار اپنے آئینی، قانونی اور مذہبی حق کا ہر فورم پر دفاع کریں گے، اور عزاداری سیدالشہداء علیہ السلام کے راستے میں کھڑی کی گئی ہر رکاؤٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مہینے میں نواسہ پیغمبر اکرم (ص) جناب سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھ باوفا ساتھیوں اور آپ علیہ السلام کے اہل و عیال نے دین مبین اسلام کی بقاء کی خاطر وقت کے یزید فاسق و فاجر حکومت کے خلاف قیام کرتے ہوئے راہ خداوندی میں اپنی اور اپنے اہل و عیال کے ہمراہ قربانی پیش کی تاکہ رسول اکرم (ص) کا تعارف کردہ اسلام انحرافات اور خرافات سے محفوظ رہ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان سوسائٹی عشرہ محرم الحرام کی دوسری مجلس عزاء سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام 1447 ہجری کی آمد کے ساتھ دنیا بھرکے گوشہ و کنار میں نواسہ رسول اکرم (ص) سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ علیہ السلام کے با وفا ساتھیوں اور اہل و عیال کی قربانی کی یاد منانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، سرزمین پاکستان پر بھی دنیا بھر کی طرح عاشقان رسول (ص) نواسہ رسول (ص) کی شہادت اور آپ علیہ السلام کے باوفا اور جانثار ساتھیوں او ر اہل و عیال کی قربانی کی یاد منانے کے لئے آمادہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سید الشہداء کی یاد اور عزاداری کے اجتماعات کو حتمی شکل دے رہے ہیں تاکہ پیغمبر گرامی قدر حضرت محمد مصطفی (ص) اور خاتون جنت جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کو ان کے فرزند ارجمند حضرت امام حسین علیہ السلام اور باوفا ساتھیوں اور اہل و عیال کا پرسہ پیش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی عاشقان مصطفی (ص) و عاشقان اہلبیت علیہم السلام قیام پاکستان سے قبل اور پاکستان کے قیام کے بعد سے سید الشہداء کی یاد مناتے آئے ہیں اور یہ سلسلہ پوری مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ کے ساتھ آج بھی جاری و ساری ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گذشتہ تین دہائیوں سے مملکت خداداد پاکستان میں ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں جہاں مملکت کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں وہاں عزاداری سید الشہداء کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنا کر سید الشہداء اور ان کے باوفا ساتھیوں اور اہل و عیال کی اسلام کی خاطر پیش کی جانے والی عظیم قربانیوں کو فراموش کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے حکومت بھی ان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی سمیت اندرون سندھ تمام اضلاع میں عزاداری نواسہ رسول (ص) امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے، ہم وزیرا علیٰ سندھ اور شہر کراچی کی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں جگہ جگہ مون سون بارشوں کے بعد موجود کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں پر بہتے بارش اور سیوریج کے گندے پانی کی صفائی کا فی الفور انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایام عزاء کا آغاز ہوچکا ہے اور حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور ستھرائی کے حوالے سے کئے گئے تمام تر اعلانات ابھی تک صرف اعلان ہی ہیں جبکہ عملی اقدامات انجام نہیں دیئے گئے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے ماہ محرم الحرام سے ایام عزاء کے آغاز کے سلسلہ میں عزاداری ونگ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، عزاداری ونگ کراچی کی ذمہ داری رضی حیدر رضوی انجام دیں گے، عزاداری ونگ شہر بھر میں عزاداری سے متعلق معاملات کی 24/7 مانیٹرنگ کرے گا اور پولیس سمیت رینجرز اور دیگر اداروں کے ساتھ انتظامی معاملات میں بھی کو آرڈی نیشن قائم کرے گا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہماری شہ رگ حیات ہے، سندھ پولیس کی جانب سے عزاداری کے خلاف سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

ایک بیان میں علامہ مبشر حسن نے کہا کہ سندھ پولیس کی جانب سے کل رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر کو پھاڑا گیا اور اس کی بےحرمتی کی گئی، امام حسینؑ کے نام اور اقوال پر مشتمل بینرز بھاڑے گئے اور آج اردو یونیورسٹی میں سبیل امام حسینؑ پر پولیس اہلکاروں نے حملہ کیا گیا اور طلباء پر تشدد کیا گیا، یہ ناقابل برداشت ہے۔

علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فوری طور پر عزاداری امام حسین علیہ السلام کے خلاف سازش کا نوٹس لے، آئی جی سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان افسران کیخلاف کاروائی کرے اور ان کو معطل کریں اور قوم کو ان یزید صفت افسران کی نشاندہی کریں جو عزاداری امام حسینؑ کے خلاف سازش کررہے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)محرم الحرام 1447 ھ کے آغاز پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام 1447ھ کا چاند ہمیں ایک بار پھر کربلا کے اُس لازوال پیغام کی یاد دلاتا ہے جو نواسۂ رسول، سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر، فسطائیت اور طاغوت کے مقابل میں حق، عدل اور انسانیت کے تحفظ کے لیے پیش کیا۔ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ہر دور کے ظالم و مظلوم کے درمیان ایک روشن معیار ہے۔

‏آج جب امتِ مسلمہ عالم بھر میں آزمائش، جارحیت اور فرقہ واریت کا شکار ہے، محرم الحرام ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنے فروعی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق، صبر و استقامت، اور ظالم کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا عہد کریں۔

‏کربلا نے سکھایا کہ ظلم چاہے کسی بھی شکل میں ہو، اس کے خلاف آواز بلند کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔ اور یہ بھی کہ ملت کی بقا، وحدت اور باہمی احترام میں مضمر ہے۔ دشمنانِ اسلام امت کو کمزور کرنے کے لیے ہمیں فرقہ واریت، لسانیت اور تعصب میں الجھانا چاہتے ہیں، مگر امام حسینؑ کا پیغام ہے کہ امت کی طاقت اُس کے اتحاد میں ہے۔

‏آئیے اس محرم الحرام پر ہم عہد کریں
‏کسی بھی مسلک، مکتب یا عقیدے کی توہین سے گریز کریں۔
‏مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کا تقدس قائم رکھیں۔
‏مظلومینِ عالم، خصوصاً فلسطین، لبنان،کشمیر، یمن اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں یک زبان ہوں۔
‏اسلام دشمن قوتوں کے مقابل امت کے شیرازے کو بکھرنے نہ دیں۔

‏خدا کرے کہ یہ محرم الحرام امتِ مسلمہ کے لیے بیداری، وحدت، نصرتِ حق اور ظالموں کے زوال کا پیغام لے کر آئے۔الٰہی آمین

‏انسان کو بیدار تو ہو لینے دو
‏ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین

وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی، انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم جناب شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ضلع کرم کی موجودہ حساس صورتحال، بالخصوص امن و امان کے بگڑتے ہوئے حالات اور مسلسل قتل و غارت کے واقعات پر گفتگو کی گئی۔ ایم این اے حمید طوری نے وزیر اعظم کی توجہ ٹل پارہ چنار روڈ کی بندش اور دیگر اہم سڑکوں پر مسافروں کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان راستوں کو عوامی آمدورفت کے لیے کھولا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کرم کے عوام کو روزمرہ سفر اور بنیادی ضروریات کی فراہمی میں سنگین رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کا تدارک فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ممکن ہے۔

وزیر اعظم نے ایم این اے حمید طوری کے مؤقف کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرے گی تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔

وحدت نیوز(منڈی بہاؤالدین)مجلس وحدت مسلمین ضلع منڈی بہاؤالدین کا ضلعی کنونشن صوبائی آرگنائزر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کنونشن میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس کے دوران جناب حاجی سیف اللہ رانجھا کو بھاری اکثریت سے ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔

اجلاس میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کے نمائندگان اور سابقہ ضلعی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔ انتخابی عمل دستور کے مطابق شفاف انداز میں مکمل ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی برادران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ آخر میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے خصوصی خطاب کیا ۔

وحدت نیوز(کراچی)سندھ کی صوبائی و شہری حکومت عزاداران امام حسینؑ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے، عزاداری ہماری آئینی، قانونی اور شہری حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، صدیوں سے نواسہ رسول ؐ امام حسینؑ کی یاد میں عزاداری جاری ہے، عزاداری کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری و دیگر رہنماؤں علامہ مبشر حسن، رضی حیدر، حسن کاظمی، آصف صفوی، محمد  عباس سمیت دیگر نے وحدت ہاوس صوبائی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ماہ محرم 1447ہجری کی آمد آمد ہے، محرم میں علماء کرام و ذاکرین عظام امامت کے اسلوب حکومت و سیاست لوگوں کے سامنے بیان کریں، جلوس و مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے موثر انتظامات کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیپرا کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ محرم الحرام میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائے، اس محرم میں پہلے سے زیادہ مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند ہوگی، شیعہ سنی مل کر نواسہ رسولؐ کی یاد منائیں گے، عزاداری ہماری میراث ہے اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ و شہری حکومت کراچی کی خستہ حالی پر رحم کریں، سارا ملبہ وفاقی بجٹ پر ڈال کر اپنی جان نہ چھڑائیں، مون سون کی بارشوں کو گزرے سال گزر چکا ہے، شہر کی سڑکیں ناقص سیوریج نظام کے باعث گڑھوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی و شہری حکومتیں شہر کا بجٹ کہاں خرچ کرتی ہیں، پیپلز پارٹی نے اس شہر کو بدترین شہر کے نہج پر پہنچا دیا ہے، بلدیاتی مسائل کے حوالے سے کراچی میں محرم الحرام سے قبل اعلیٰ سطح سے لے کر نچلی سطح پر ملاقاتیں ہوچکی ہیں مگر کہیں بھی انتظامات نظر نہیں آرہے، صرف میٹنگ کرنا کافی نہیں عملی اقدامات ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عزاداری ہمارے لئے فرض ہے اور قیامت تک قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت مختلف جگہوں سے را کے ایجنٹوں کی گرفتاری کی اطلاعات ملی ہیں، علما اور خطبا کے ساتھ مجالس کے بعد سیکورٹی حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری مسائل پورے کراچی میں ہیں، میئر صاحب نے محرم سے قبل مسائل کے حل کیلئے اب تک کوئی خاطر خواہ کوششیں نہیں کی اور نا ہی ان مسائل کے حل کیلئے کوئی اجلاس بلایا گیا یے، شہر میں دو مسئلے سب سے زیادہ اہم ہیں، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی وجہ سے تباہ حالی ہے، سیوریج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے، ایک روز بعد محرم شروع ہونے والا ہے مگر میئر صاحب نے کسی سے رابطہ نہیں کیا ہے، مرکزی شاہراہوں کے ساتھ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں، سندھ حکومت، میئر کراچی اور ایم کیو ایم کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ انسانیت کا پیغام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے محرم سے پہلے اپنی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں کا دورہ کریں تو پتا چلے گا آپ کے نااہل وزیر اعلیٰ اور میئر نے کوئی کام نہیں کیا، پورا کراچی شہر غلاظت کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں کراچی عزاداری کا سب سے بڑا مرکز ہوتا ہے، چند روز پہلے جو سروے رپورٹ آئی ہے کہ کراچی رہنے کے قابل شہروں میں سب سے پیچھے جاچکا ہے، وزیر بلدیات کے پاس اربوں روپے کا بجٹ ہے ترقیاتی کام نظر نہیں آرہے ییں، ہم وزیر اعلیٰ سندھ و وزیر بلدیات سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہر کے سنگین بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے خصوصی فنڈ جاری کریں گے، عشرہ محرم الحرام سے قبل مجالس و جلوس ہائے عزاء کے روٹس پر مکمل صفائی و ستھرائی، بجلی، سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ صوبائی سندھ کے صدر علامہ علی انور جعفری،مرکزی نائب صدر سید زین رضوی، ضلع حیدرآباد کے صدر علامہ گل حسن مرتضوی، صوبائی رہنما مجلس علماء مکتب اہلبیت مولانا عمران علی دستی ڈویژنل صدر حیدرآباد سید صفدر عباس عابدی، لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ رحمان رضا عباسی، ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری محمد جمن سولنگی،  جعفریہ الائنس کے صدر ساجد علی انصاری، اصغریہ علم و عمل کے مرکزی رہنماء سید پسند علی شاھ، انجمن حیدری سے سید فرزاد، باب علی دامن کوہسار سے سید ارشد تقوی صاحب پیام ولایت فاؤنڈیشن سے جناب عاشق علی  نے پریس کلب حیدرآباد پر پریس رلیز میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

ایام عزاء میں ہونے والی عزاداری ہماری شہہ رگ حیات ہے اور یزیدیت کے منھ پر تماچہ ہے۔ عالم اسلام میں عزاداری ہم تمام مسلمانوں کو اتحاد، نظم و ضبط اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔ جس طرح اس پاک و طاہر ماہ میں تمام عزاداران جلوس، مجالس اور ماتم میں مصروف ہوتے ہیں وہاں حکومت وقت کی زمیداری ہے کہ وہ تمام علاقوں میں بلخصوص عزاداری کے وقت پر بجلی، پانی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ جیسی تکلیف کو ختم کرے اور معاشرے میں امن امان کی صورت حال کو برقرار رکھے۔ 

ایام عزاء کے دوران عزاداروں سے کسی بھی قسم کی جارحیت اور ناانصافی منظور نہیں ہے کئی جگہوں پر مجالس یا جلوس کروانے پر ایف آئی آر درج کی جاتی ہیں یا جلوس کے راستے تبدیل لئیے جاتے ہیں تحفظ کے نام پر! حکومت کو چاہیئے کے ایسے شر پسند عناصر کو اپنی گرفت میں رکھے اور محرم الحرام کے مھینے میں عزاداران یا عزاداری پر کسی بھی قسم کی پابندی لگانے کی کوشش بھی نہ کرے۔
آخر میں ہم ان تمام شھداء جو ایران میں  اسرائیلی جارحیت میں شھید ہوئے ہیں ان کو خراج پیش کرتے ہیں اسرائیل اور آمریکا کی تمام شیطانی حرکات کی پرزور مزمت کرتے ہیں اور ایران کو جنگ کی کامیابی پر بھادری سے جنگ کرنے پر اسلام کا نام بلند کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں حکومت سندھ سے کہ ایام عزاء میں تمام سہولیات عزاداران کو مہیا کی جائیں جو ہر شھری  کا قانونی حق ہے اور عزاداران کو سراپاء احتجاج ہونے پر مجبور نہ کیا جائے۔

وحدت نیوز(پاراچنار)تحصیل چئیرمین اپر کرم مولانا مزمل حسین فصیح کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے پیواڑ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار میں عیادت کی اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ارشاد حسین بنگش، شفیق حسین مطہری اور دیگر موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

وحدت نیوز(ملتان) امام بارگاہ قصر ابو طالب اڈا منیر آباد بہاولپور روڈ ملتان پر عمائدین و علماء منتظمین ملت جعفریہ ملتان نے ایک پریس کانفرنس کی، جس سے علامہ سید اقتدار حسین نقوی مرکزی صدر عزاداری ونگ وحدت مسلمین پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان ڈویژن میں تمام مکاتب فکر کے افراد باہمی رواداری سے نواسہ رسول جگر گوشہ علی و بتول کی یاد میں محرم الحرام کی تقریبات میں شریک ہو کر خانوادہ رسول کو پرسہ پیش کرتے ہیں، ملتان ڈویژن میں 909 جلوس ہائے عزا روایتی و  لائسنسی برآمد ہوتے ہیں اور 3182 مجالس عزا عشرہ محرم الحرام کے دوران برپا ہوتی ہیں، گزشتہ کچھ برسوں سے حکام بالا نے نیشنل ایکشن پلان کا بہانہ بنا کر بلاجواز ملت تشیع کو ہراساں و پریشان کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، گزشتہ برس ملتان شہر میں 40 سے زائد ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، جس میں چار دیواری کے اندر مجالس کی ایف ائی آر اور سبیلوں کی بابت بھی 2 عدد ایف ائی آر شامل ہیں۔

حتی کہ امام بارگاہ قصر ابو طالب کے متولی مولانا کوثر عباس پر امام بارگاہ کی حدود میں اندر چار دیواری مجالس عزا کروانے پر 11 عدد ایف آئی آرز درج کی گئیں، اس کے ساتھ ساتھ مولانا کوثر عباس کو شیڈیول فور میں ڈالا گیا اور اس کے علاوہ ضلع ملتان میں ملت تشیع کے 11 افراد کو عزاداری کے فروغ دینے اور اس کے لیے کام کرنے پر ناجائز طور پر شیڈول فورتھ میں ڈالا گیا ہے جبکہ ملتان ڈویژن میں 170 افراد کو شیڈیول فور میں ڈالا گیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ آمدہ محرم الحرام کے سلسلہ میں بھی انتظامیہ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے بلاجواز اور غیر قانونی طور پر 83 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی، 62 علماء و ذاکرین کی زبان بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جو آئین پاکستان کی سنگین خلاف ورزی ہے، اس کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان کا بہانہ بنا کر قدیمی مجالس اور جلوس ہائے عزا کا اندراج نہ کیا جا رہا ہے۔

محرم الحرام سے قبل ہی بانیان عشرہ محرم و جلوس عزا کو جبراً متعلقہ تھانہ میں بلا کر ان کی عبادت مجالس جلوس ہائے ادا کو روکنے کے لیے حراساں و پریشان کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ضمانت نامہ داخل کرنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے ایسے اقدامات کی وجہ سے ملت تشیع میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ اس موقع پر علامہ عون محمد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان ہر شخص کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرنے کی آزادی دیتا ہے، حکومت پنجاب بالخصوص جنوبی پنجاب کی انتظامیہ کی جانب سے ملت تشیع کو محرم الحرام میں عبادات سے روکنے کے لیے جو ظالمانہ اقدامات نیشنل الیکشن پلان کی آڑ میں کر رہی ہے، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر سید اقبال مہدی زیدی ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا ملت تشیع کے ساتھ بیوروکریسی کی جانب سے کیے جانے والے ناروا سلوک کو روکا جائے اور فی الفور علماء و ذاکرین پر عائد کی جانے والی ضلع بندی، زبان بندی کا نوٹس لے کر واپس لیا جائے۔

قدیمی پروگرامز مجالس و جلوس عزا کا فی الفور اندراج کیا جائے، نیشنل الیکشن پلان کی آڑ میں درج کی گئی ناجائز ایف ائی ار کو خارج کیا جائے، اندر چار دیواری مجالس عزا اور عزاداری کرنے پر ہراساں اور پریشان نہ کیا جائے، بلکہ کتابچہ میں محرم الحرام کے جو پروگرام کی غلطیاں ہیں، ان کو فی الفور درست کیا جائے، اس کے علاوہ اگر اپنی روش تبدیل نہ کی تو تمام علماء نے اور منتظمین نے خبردار کیا کہ اگر ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش کرتے ہوئے عزاداری امام حسین میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو حالات بگڑنے کی تمام ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی، نیز فورتھ شیڈیول میں دیئے گئے افراد کو فی الفور شیڈول سے نکالے جانے کے اقدامات کیے جائیں۔

Page 5 of 1571

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree