وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کا حصول لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا ہے، ہم وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان کی حفاظت ہمارا مذہبی و قومی فریضہ ہے، پڑوسی ممالک کی گیڈر بھبکیاں کوئی نئی بات نہیں، بھارتی حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستانی قوم کی دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا، ملکی عوام بیدار اور یکجان ہیں اپنا بھرپور دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان کے عوام بیدار اور عالمی سازشوں سے آگاہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج بھارت کشمیر میں اور غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل فلسطین میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، اہل حکمت و بصیرت یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کی سنگین صورتحال پیدا کرنے کا مقصد اہم ترین عالمی ایشوز سے اقوام عالم کی توجہ ہٹانا تو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سازش، کوئی دھمکی اور کوئی چال ہمیں وطن عزیز کے دفاع سے ایک لحظہ کے لیے بھی غافل نہیں کر سکتی، ہم محب وطن قوم ہیں، وطن سے محبت ہمارے خون میں شامل اور ہماری تربیت کا حصہ ہے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔