The Latest
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین بہاولپور کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس شیعہ جامع مسجد فرید گیٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے گیارہ یونٹس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی سیکرٹری تربیت جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور عباس زیدی، ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل بہاولپور میجر(ر) زاہد حسین بخاری، عزاداری کونسل بہاولپور کے صدر سید نادر حسین بخاری، مولانا عبدالمجید منتظری، جاوید حسین کلاچی، سابق ضلعی سیکرٹری جنرل بہاولپور اظہر حسین نقوی ایڈووکیٹ، احسان حیدر سمیت دیگر سینیئرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سید سکندر عباس شاہ کو ایم ڈبلیو ایم بہاولپور کا ضلعی سیکرٹری جنرل جبکہ ڈاکٹر نوید محسن چوہان کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک مذہبی سیاسی جماعت ہے، ہم اس ملک میں امن کے داعی ہیں ہمارا منشور اتحاد بین المسلمین ہے، ہم کسی بھی قیمت پر ملک میں انتشار اور فرقہ واریت کو پنپنے کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت اور سیکیورٹی ادارے اربعین حسینی کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ اجلاس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری تربیت علامہ قاضی نادر حسی علوی نے نومنتخب صدر سے حلف لیا۔
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک دفعہ پھر ملک دشمن تکفیری دہشت گرد گروہ متحرک ہوگئے ہیں اور وہ ریاستی اداروں کو دھمکیاں دے کر لاقانونیت کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی ہزار شہدائے وطن کی قربانیوں کے بعد پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے ذریعے ملک میں امن قائم کیا بعض عناصر ایک مرتبہ پھر ملک کو بدامنی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ حکومت ملک بھر میں اربعین شہدائے کربلا کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی دارالحکومت میں داعشی دہشت گردوں کے حامی ایک دفعہ پھر سرگرم عمل ہو چکے ہیں جو ریاستی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، ایپکس کمیٹی نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں کالعدم دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں کا فی الفور نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ نے ہزاروں بے گناہ شہریوں کے قاتل دہشتگرد ٹولے کے لئے عام معافی کا اعلان کر کے وارثان شہدا کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی دستور ساز کمیٹی کا اہم اجلاس،اجلاس میں اتفاق رائے کے ساتھ آئندہ دستوری ترامیم کی منظوری دی گئی ہے اس موقع پر 11 قومی ملک گیر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی ۔
اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین سید ناصر عباس شیرازی،مرکزی جنرل سیکریٹری شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی ،جمعیت علمائے پاکستان کے پیر صفدرشاہ گیلانی، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اور چئیرمین البصیرہ ٹرسٹ و ڈپٹی سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل سید ثاقب اکبر بھی شریک تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ معروف صحافی سی آر اےشمسی کے انتقال پردلی افسوس ہوا۔صحافتی برادری کے حقوق کے لیے چوہدری رحمت اللہ شمسی کی کاوشوں کو تادیر یاد رکھا جائے گا،مرحوم نے ہمیشہ صحافتی اقدار کو مقدم رکھا،ان کا انتقال صحافتی حلقوں کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔صحافتی برادری اور اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) جامعتہ المصطفیٰ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین سینٹرل پنجاب کی صوبائی شوریٰ کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ مقصود ڈومکی نے کارکنان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ایک بڑی جنگ سے واپس لوٹے تو ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کا استقبال کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ آفرین ان لوگوں پر جو چھوٹا جہاد کر کے واپس آئے ہیں اور اب بڑے جہاد کیلئے تیار رہیں. حدیث کے ان الفاظ کے ذریعے رسول اللہ ص آج کے دور کے امتیوں کیلئے بھی پیغام دے رہیں یعنی مومنین ہمیشہ جہاد کیلئے تیار رہیں صحابہ رض نے حیرانگی سے پوچھا یا رسول اللہ ص اِس جہاد میں ساتھیوں کی شہادت ہوئی تکالیف برداشت کیں اور زخمی ہوئے اس سے بھی بڑی جنگ کیا ہوگی، تو رسول اللہ ص نے فرمایا کہ جہاد اکبر نفس کے ساتھ جنگ ہے ۔
یعنی ہر وقت ہمیں کردار سازی پر توجہ دینی ہے. شیطان ہر وقت حملے کیلئے تیار رہتا ہے جیسا کہ حدیث میں ہے تمہارا سب سے بڑا دشمن تمہارے دو شانوں کے مابین ہے. اس دشمن سے خود سازی کے ذریعے ہی جنگ کی جا سکتی ہے اور اس جنگ میں کامیابی کیلئے اہل علم کے ہمراہ دروس رکھے جائیں عملی میدان میں خودسازی کی جائے . جیسا کہ قم میں بہت بڑے بڑے علماء دوسرے علماء کے دروس میں شریک ہوتے ہیں. حالانکہ ان دروس میں ہونے والی گفتگو ان علماء کیلئے نئی نہیں ہے اور صرف تکرار ہیں لیکن ان علماء سے دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ اُن کے نزدیک تذکر ضروری ہے انسان حاصل کیا ہوا علم بھی بھول جاتا ہے جبکہ اس عمل کے ذریعے باتیں یاد رکھی جا سکتی ہے، جو انسان خدا کو بھول سکتا ہے وہ کچھ بھی بھول سکتا ہے. لہٰذا ہمیں جہاد أصغر اور جہاد اکبر دونوں کیلئے آمادہ رہنا ہے. جہاد اصغر ہم لڑ رہے ہیں مثلاً امریکہ مردہ باد اسرائیل مردہ باد ہندوستان مردہ باد حتی دور حاضر کے تمام فرعونوں اور یزیدیوں کے مقابلے میں صرف تشیع قیام کر رہی ہے. فقط ہمیں یہ اعزاز حاصلِ ہے اور حسینیوں کے علاوہ ہر کوئی وقت کے یزید وقت کے فرعون کے آگے سجدہ ریز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کتنا بڑا اعزاز ہے اور جب وقت کا فرعون ان کا مہمان بنتا ہے تو یہ ناچتے ہیں اس کے سامنے. لیکن حسینی ہی ہیں کہ وہ ان کے بھی سامنے ڈٹے ہوئے ہیں. آج کل عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر ایف آئی آر ہو جائے تو اس سے لوگ ڈرتے ہیں. اگر کربلا کو یاد رکھنا ہے تو کربلا کی جرات اور حریت کو بھی یاد رکھنا ہے. زکزاکی ہمارے سامنے ہے، زکزاکی پر انسانیت کو ناز کرنا چاہیے. دنیا کے سوا ارب مسلمانوں میں آپ کو اس شخصیت جیسی مثال نہیں ملے گی. جس کے بیٹے ہدف کیلئے قتل ہو جائیں اور وہ وقت کے یزید کے سامنے بیعت کیلئے تیار نہیں. ان کی زوجہ جیل میں ہوں اس کے تین بیٹے قتل کر دیے گئے. آسان تو نہیں ہے بیٹوں کے جنازے اٹھانا، پانچ سال اسے جیل میں رکھا گیا لیکن وہ خاموش نہیں رہا. اس دور میں بھی اگر کربلا کو اپنانا ہے تو ایسے کربلا زندہ رکھی جا سکتی ہے جیسے زکزاکی نے کربلائے معلیٰ زندہ رکھی ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہاکہ کوئی تصور کر سکتا ہے کہ سعودیہ جیسے جابر اور ظالم حکمرانوں کے سامنے نمر نے بات کی اور گردن کٹوائی. چالیس ممالک کا فوج کا اتحاد آج تک ایک انچ یمن سے نہ چھین سکا یہ یمنی حسینیوں کی قربانی کا نتیجہ ہےوہ عظیم وہ بہادر وہ شجاع وہ صاحب نظر لوگ ہیں اور ہمارے لیے مثال ہیںاور پاکستان میں ہمارے سامنے شہید قائد عارف حسین الحسینی جیسی شخصیت موجود ہیں جن کی سیرت پر اس وقت عمل پیرا ہونے کی ہمیں اشد ضرورت ہے. ہمیں خدا سے بخشش طلب کرنی چاہیئے کہ اتنی عظیم ذمہ داری ہمارے اوپر ہے. خدا ہمیں بھی شہید قائد کی طرح شہادت کے ساتھ سرخرو کرے. پاکستان میں یہ بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ نواسہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کو جرم سمجھا جائے۔ اس سے بڑھ کر یزیدیت کے پنپنے کیلئے اور کیا عوامل ہوں گے اور کیا ظلم ہوگا. جس ملک میں صوبے کا وزیر اعلیٰ اور ملک کا وزیر اعظم سکھ یاتریوں کے ساتھ انکی عبادت میں شامل ہوں لیکن اربعین حسینی کے جلوسوں پر پابندی ہو. گھروں میں برپا ہونے والی مجالس پر جھوٹے مقدمے درج ہوتے ہوں. سید زادیوں کے نام مقدمات میں ڈالے گئے ہوں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی پہلی ترجیح یہ ہوتی ہے کہ وہ قوم کے نمائندے ایسے افراد کو بنانا چاہتے ہیں جو انتظامیہ کے صحیح غلط ہر فیصلے پر یس سر کہے. انتظامیہ اربعین کی مشی کو غیر قانونی کہہ سکتی ہے لیکن ہم ملت جعفریہ کے لوگ کیسے یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ غیر قانونی ہے کوئی غیرت مند انسان ایسا بیان نہیں دے سکتا. ہم انتظامیہ سے اچھے تعلق رکھنے کے خواہاں ہیں لیکن برابری کی بنیاد پر. عزت اور قومی وقار کی بنیاد پر. کچھ نہیں ہوتا ان جھوٹے مقدمات اور شیڈول فور سے. مجھے شیڈول فور سے نکالا بھی انتظامیہ نے ہی ہے. لہٰذا ہمیں بہادری اور شجاعت کے ساتھ ہر مشکل کا مقابلہ کرنا ہے. ڈرنا نہیں ہے. اضلاع کے حوالے سے جہاں جہاں ایف آئی آرز ہوئی ہیں وہ مجھے ان کی کاپی ارسال کریں اور جن اضلاع میں نہیں ہوئی ہیں وہ بھی بتائیں. انشاءاللہ ہم قائد اور اقبال کے مسلم پاکستان کیلئے کوشاں رہیں گے جہاں ہر مسلمان کو اپنی عبادات آزادانہ طور پر انجام دینے کی کھلی اجازت ہوگی جہاں نواسہ رسول ص کے زکر کو روکنے کیلئے قدغن نہیں لگایا جائے گا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین سینٹرل پنجاب کادو روزہ صوبائی شوریٰ کا اجلاس آج اختتام پزیر ہو گیا. صوبائی شوریٰ کے اجلاس میں پنجاب بھر کے اضلاع سے ضلعی سیکرٹری جنرلز نے شرکت کی جبکہ مختلف نشستوں میں مرکزی و صوبائی عہدیداروں نے خطاب کیا. اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ جن اضلاع نے اب تک رپورٹ پیش کی ہے تمام کی تمام قابل تعریف ہیں۔ضلعی عہدیداران اپنی زمہ داریوں کو بخوبی انجام دے رہے ہیں. ہم آئندہ بھی آپ احباب سے اس ہی تعاون کی توقع رکھتے ہیں۔ عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پنجاب اور یہاں کے اضلاع کا کردار لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سے چودہ سو سال قبل جب بنو امیہ اور بنو عباس نے ہم پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیے ہم اس وقت نہیں رُکے تو یہ پنجاب حکومت اور عزاداری مخالف گروہ تو بنو امیہ و عباس کے عشر و عشیر بھی نہیں ہیں. ہمارے قائد ہمارے لیڈر بہادر ہیں شجاع ہیں میدان میں حاضر ہیں ہماری قیادت کی پالیسی واضح ہے اور زبان زد عام ہے وطن سے وفاداری اور حسین ع کی عزاداری. ہم پاکستان میں مسلکی انتہا پسندی ہرگز پھیلنے نہیں دیں گے۔ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے شیعہ و سنی فرزندان یکجا ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم پاکستان بنایا ہے اور تمام مسالک کو مسلم پاکستان ہی قبول ہے۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ تعلیمی نصاب کو مسلکی نصاب بنانے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور اپنے تئیں تمام تر کوششوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے انشاءاللہ ہم اس سازش کو بھی بے نقاب کریں گے اور جو لوگ تعلیمی نصاب سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امام حسین علیہ السلام کا ذکر نکال رہے ہیں اور خاتم النبیین پیغمبر خدا حضرت محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کے ساتھ من گھڑت کلمات کا اضافہ کر رہے ہیں انہیں بھی بے نقاب کریں گے. ہم ہمیشہ قائد و اقبال کے پاکستان کیلئے کوشاں رہیں گے اور ایک ترقی یافتہ متحد پاکستان کا حصول ہمارے ایمان کا حصّہ ہے۔
اجلاس سے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی علامہ،علامہ ظہیر الحسن کربلائی ، سید نجیب نقوی ،سید حسین زیدی ،رائے ناصر علی ، سید انوار زیدی، سید سجاد نقوی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ بلوچستان، اور سندھ میں عزاداری سید الشہداء امام حسین علیہ السلام پر کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا جبکہ پنجاب میں سینکڑوں مقامات پر خود سرکار کی مدعیت میں ہماری عبادت کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں یعنی کہ ابن زیاد کا کردار پنجاب حکومت ادا کر رہی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نےمجلس وحدت مسلمین سینٹرل پنجاب کے دو روزہ صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آج لاہور میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عزاداران حسین ؑ کسی صورت حکومتی و تکفیری سازشوں کے آگے سر تسلیم خم نہیں کریں گے، عزاداری ہماری موت و حیات کا مسئلہ ہےجس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جاسکتا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین سینٹرل پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا دو روزہ اجلاس جامعتہ المصطفیٰ لاہور میں صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینٹرل پنجاب کے تمام اضلاع کے سیکریٹری جنرل اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل صاحبان سمیت تمام اراکین صوبائی کابینہ نے شرکت کی ۔
دو روزہ اجلاس کے مختلف سیشنز سے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی،علامہ عبد الخالق اسدی، علامہ ظہیر الحسن کربلائی، آصف رضاایڈوکیٹ، سجاد نقوی ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔
نماز مغربین علامہ سید حسن نجفی کی امامت میں ادا کی گئی نماز کے فوراً بعد تلاوت کلام پاک سے اجلاس کی دوسری نشست کا آغاز ہوا. تلاوت کلام پاک کے بعد أضلاع کی رپورٹس کا سیشن شروع ہوا جس سے ضلع شیخوپورہ کے سیکرٹری جنرل علامہ گلزار فیاضی نے خطاب کیا اور ضلعی کارکردگی رپورٹ پیش کی اس کے بعد یوتھ ونگ پنجاب کے حوالے سے سیکرٹری یوتھ پنجاب سید سجاد حسین نقوی نے بریفنگ دی۔
اس کے بعد ضلع قصور غربی سے سید سجاد حیدر نقوی نے ضلعی کارکردگی رپورٹ پیش کی.اضلاع کی کارکردگی رپورٹس کے بعد مرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ مقصود ڈومکی نے خطاب کیا. علامہ مقصود ڈومکی کے خطاب کے بعد علامہ ظہیر الحسن کربلائی نے دعائے امام زمانہ عج اللہ فرج الشریف پڑھی اور علامہ محمد خان نے سیشن کے اختتام پر دعا تحفظ عزاداری و مادر وطن پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی۔
وحدت نیوز(سکردو) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ سکردو میں صوبائی و ضلعی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی،ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم جی بی شیخ احمد علی نوری،ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم جی بی شیخ نئیر عباس مصطفوی،سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم جی بی غلام عباس اور مولانا جان حیدری نے اظہار خیال کیا ۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم سید اسد عباس نقوی،مرکزی سیکریٹری روابط انصر مہدی ، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و صوبائی ترجمان ایم ڈبلیو ایم الیاس صدیقی،پارلیمانی سیکریٹری برائے لوکل گورنمنٹ علامہ اکبر علی رجائی، سابق ممبر جی بی اسمبلی حاجی رضوان علی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شیخ علی محمد کریمی،ڈاکٹر مشتاق حکیمی اور دیگر صوبائی و ضلعی ذمہ داران شریک ہوئے۔اجلاس کے آخر میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان مجاھد ملت آغا علی رضوی کے والد محترم کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔
وحدت نیوز (ڈیرہ غازی خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام سالانہ چہلم شہدائے کربلا و شہدا امام بارگاہ جوہر علی شاہ(وڈانی امام بارگاہ) کا اجتماع شہدا چوک میں منعقد ہوا، شہدا کی برسی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، برسی کے اجتماع سے، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی سمیت دیگر علمائے کرام نے خطاب جبکہ عالمی شہرت یافتہ نوحہ خواں سید علی صفدر رضوی نے نوحہ خوانی کی۔
رہنمائوں نے اپنے خطاب میں شہدائے امام بارگاہ جوہر شاہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہدا کسی بھی قوم کا سہرا ہوتے ہیں، شہدا کے خون سے قوموں میں انقلاب برپا ہوتا ہے، آج ہم جو کچھ بھی ہیں اپنے شہدا کی مرہون منت ہیں، شہدائے راہ کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قیامت تک کے لیے اپنے آپ کو امر کرلیا۔
رہنمائوں نے مزید کہا کہ اس سال چہلم امام حسین علیہ السلام یزیدیت کی عبرتناک شکست کا اعلان ہوگا، ملک بھر میں عزادار یزیدی کردار کو بے نقاب کرنے کے لیے میدان میں نکلیں گے، انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہدا ہماری عظیم قوت اور طاقت کا نام ہے جس سے ہر دور کا یزید خائف رہا ہے۔ 9صفر 2009 ڈیرہ غازیخان کی تاریخ کا دردناک اور دکھ بھرا دن تھا، جس دن انسانیت اور حسینیت کے دشمنوں نے چہلم شہدائے کربلا پر خودکش دھماکہ کیا تھا جس میں 26 لوگ شہید ہوگئے تھے۔