
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(جیکب آباد) کتاب اھل بیت علیھم السلام کا علمی مقام امت اسلامی کے اتحاد کا محورکی تقریب رونمائی مدرسہ خاتم النبیین جیکب آباد میں منعقد ہوئی۔ کتاب کے مؤلف ممتاز عالم دین اتحاد بین المسلمین کے علمبردار حضرت آیت اللہ محمد علی تسخیری تھے جس کا اردو ترجمہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کیا۔ تقریب رونمائی میں شیعہ سنی علماء کرام اور اکابرین نے شرکت کی۔
تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت آیت اللہ محمد علی تسخیری عالم اسلام کے جید عالم دین فقیہ اور اتحاد امت کے علمبردار تھے آپ نے دارلتقریب بین المذاھب کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے مختلف مکاتب فکر کے درمیان اتحاد اور اخوت کے لئے جدوجہد کی۔ آپ نے دارالتقریب کی سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر امت مسلمہ کے اکابرین اور قرآن و سنت کی روشنی میں اھل بیت علیھم السلام کے علمی مقام اور منزلت سے متعلق جو تحقیقی مقالہ پیش کیا وہ مستقل کتاب کی صورت میں اھل علم کے سامنے پیش کیا ہے۔ ھفتہ وحدت کے موقع پر یہ کتاب اتحاد امت کے جذبے کے تحت عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔
تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کراچی سے آئے ہوئے ممتاز عالم دین ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی ضرورت بھی ہے اور حکم قرآنی بھی۔ سیرت مصطفٰی اور اہلبیت سے ہمیں اتحاد بین المسلمین کا درس ملتا ہے۔اس موقع پر اھل سنت کے رہنما جمیل احمد سلطانی نے کہا کہ اھل بیت کا علمی مقام امت مسلمہ کے درمیان مسلمہ حقیقت ہے۔ اھل سنت وہی ہیں جو اھل بیت کی تعظیم کریں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم اھل بیت رسول کے من ماننے والے ہیں۔
اس موقع پر ترقی پسند پارٹی کے رہنما دلمراد لاشاری نے کہا کہ اھل بیت علیھم السلام سے محبت ایمان کا تقاضا ہے اور علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک علمی کتاب کا ترجمہ کرکے قابل تعریف کام کیا ہے۔اس موقع پر تقریب سے اھل سنت رہنما اسد جمیل سلطانی ،احمد حسن حیدری ،مدرسہ المصطفیٰ خاتم النبیین کے استاد علامہ عبد الوھاب نجفی، علامہ سیف علی ڈومکی ،مولانا منور حسین سولنگی ،غلام شبیر پنجتنی و دیگر نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی روایتی حریف بھارت کے مقابل بہترین کارکردگی اور جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔اس تاریخی فتح پر پاکستانی قوم کی خوشی دیدنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جیت کی خوشی کا یہ اظہار قوم کا اپنے وطن سے والہانہ محبت کا عکاس ہے۔ محنت،لگن اور اپنے شعبے سے دیانتداری کرنے والے ہر میدان میں سرخرو رہتے ہیں آج پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر دنیا کے ہر کونے میں موجود اہلیان وطن کے سر فخر سے بلند ہیں۔
وحدت نیوز(ٹنڈوالہیار)جشن عید میلاد النبیؐ اور ولادت امام جعفر صادقؑ کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈوالہیار کی جانب سے جشن صادقینؑ ریلی امام بارگاہ جاگیر امام رضا چمبٹر روڈ سے نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں ہوتی ہوئی امام بارگاہ حیدر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت سجادہ نشین درگاہ سید سخی موج دریا رضوی، سید قربان علی شاہ رضوی کررہے تھے۔
ریلی میں خصوصی شرکت مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نے کی۔ ان کے علاوہ پرویز سموں، نیاز حسین حیدری، زوار لیاقت علی کمبوہ، زوار غلام رسول لاشاری، انجمن تاجر اتحاد کے رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہود و ہنود مغربی طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی غرض سے ہادی برحق حضور اکرمؐ کی ذات مبارکہ پر مختلف انداز سے حملہ اور گستاخیاں کر رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ مستقبل میں اسلام کی عظمت اور حضور کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کا دور دورہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نبی آخر الزماں (ص) نے غار حرا میں عالم انسانیت کو نیکی کی راہ دکھانے، سخت اور مشکل ترین حالات میں اللہ رب العزت کے حضور اقوام عالم کو ظلم اور بربریت کی ذلالت سے نکالنے کے لئے اللہ تعالیٰ سے مدد چاہی، آپ نے فاران کی چوٹی سے وہ پیغام دیا کہ جس نے قیصر و کسریٰ کے ایوانوں میں زلزلہ برپا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمان تعلیمات مصطفوی (ص) پر عمل پیرا رہے، ہر میدان میں کامیاب رہے اور اقوام عالم کو باور کرا دیا کہ حضور کی لائی ہوئی شریعت ہی میں مسلمانوں کی فلاح اور ترقی کی ضامن ہے، جب تک مسلمان تعلیمات مصطفوی (ص) تک عمل پیرا رہے پورے عالم میں مسلمانوں کا ڈنکا بجتا رہا، ہمیں چاہیئے کہ آج بھی ہم اپنی طاقت کو پہچانیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں تو اپنی کھوئی ہوئی عظمت کو حاصل کر سکتے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سینیئر رہنما الحاج محمد علی کے والد بزرگوار اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی وپارلیمانی سیکریٹری برائے حقوق نسواں کنیز فاطمہ علی کے سسرمحترم جناب حاجی مہدی طویل علالت کےبعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
مرحوم کے سانحہ ارتحال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس، علامہ سید احمد اقبال رضوی ، سیکریٹری جنرل گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی ، وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم ، صوبائی سیکریٹری جنرل پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی، صوبائی سیکریٹری جنرل سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی، صوبائی سیکریٹری جنرل خیبرپختونخوا علامہ وحید کاظمی، صوبائی سیکریٹری جنرل بلوچستان علامہ برکت مطہری، صوبائی سیکریٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی سمیت ملک بھر سے مرکزی وصوبائی قائدین نے دلی افسوس اور رنج وغم کااظہار کیا ہے ۔
قائدین نے مرحوم کی رحلت پر اپنے اپنے تعزیتی پیغامات میں کہا کہ مرحوم سکردو کی معروف مذہبی ودینی شخصیت تھے، ذاکر اہل بیتؑ، مرثیہ خواں اور مؤذن کے فرائض عمر کے آخری حصے تک بخوبی انجام دیتے رہے۔ خدا وند متعال اس عظیم سانحے پر مرحوم کے تمام پسماندگان بالخصوص برادر عزیز الحاج محمد علی کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔ مرحوم کو جوارآئمہ اطہار ؑ میں محشور فرمائے اور ان کے تمام گناہان کبیرہ و صغیرہ کو معاف فرمائے ۔
وحدت نیوز(کنب)جامعہ امام علی علیہ السلام کنب اور مجلس وحدت مسلمین ضلع خیرپور کے زیر اہتمام سالانہ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی اور میلاد صادقین کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآن کریم اور آسمانی کتابوں میں حضرت امام الانبیاء محمد مصطفیٰ کے فضائل و مناقب اور عظمتوں کو بیان کیا گیا ہے آپ کی ذاتِ گرامی ہمارے لئے نمونہ عمل ہے۔ ہمیں اپنے گفتار اور کردار میں مصطفویؐ افکار کو اپنانا چاہیے۔ آپ نے ہمیں عبودیت الہی تقوی و تہذیب نفس علم و حکمت عفو و درگذر جیسے اعلیٰ انسانی اقدار کی تعلیم دی۔ آپ کی سیرت و کردار آج بھی بشریت کے لئے رہنما ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ھفتہ وحدت کے موقع پر امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا پیغام عام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ انسان دشمن استکباری قوتیں کا پیغام۔ لڑاؤ اور حکومت کرو۔ جبکہ قرآن کریم کا پیغام۔ انما المؤمنون اخوۃ۔ یعنی اخوت اور وحدت کا پیغام ہے۔ جو مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازش کرے وہ شیطان کا آلہ کار ہے۔ حضرت امام خمینی نے وحدت اسلامی کا پیغام قرآن کریم اور سیرت محمد و آل محمد سے حاصل کیا۔ مدینہ طیبہ میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی درسگاہ اتحاد بین المسلمین کا عملی نمونہ تھی جہاں امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ علیہ جیسے علماء ایک شفیق استاد کی بارگاہ میں حصول علم کے لیئے حاضر ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ھفتہ وحدت کے موقع پر شیعہ سنی علماء کو ایک دوسرے کی مساجد اور مدارس میں جا کر پیغام وحدت کو فروغ دینا چاہیے۔
وحدت نیوز(کراچی)گورنر ھاؤس سندہ کراچی میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عشرہ رحمت للعالمین کی مناسبت سے ریاست مدینہ اور سیرتِ خاتم النبیین کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سید الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی عالم بشریت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے اور پروردگار عالم نے اس نعمت عظمیٰ پر احسان جتلایا ہے خداوند تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں حضرت محمد مصطفیٰ کا امتی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایام اتحاد بین المسلمین کے ہیں کیونکہ رسول اسلام کی ذاتِ گرامی امت مسلمہ کے لئے نکتہ اتحاد ہے۔ فرقہ واریت اور نسل پرستی قینچی کی طرح امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کر رہی ہے جبکہ اسلام دشمن قوتیں بھی مسلسل امت مسلمہ کے درمیان اختلاف و تفرقے کو فروغ دینے کے لئے مصروف عمل ہیں ہمیں دشمن کی سازشوں کو سمجھنا ہوگا اور مل کر اپنے اتحاد سے دشمن کو ناکام بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ اقبال نے ہمیں وحدت اور اتحاد کا درس دیا۔ اتحاد بین المسلمین کی عملی تفسیر تحریک پاکستان کی جدوجہد ہے جس میں شیعہ سنی سب متحد تھے۔کانفرنس سے گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا نور الحق قادری، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے خطاب کیا۔کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی ،کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری و دیگر شریک ہوئے۔