
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(ہری پور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے زیراہتمام شہدائے مدافعین شہید الحاج قاسم اور شہید ابو مہدی کی دوسری برسی ہری پور میں منعقد کی گئی۔ امامیہ مسجد میں منعقدہ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے خطاب کیا اور شہید سردار کی زندگی اور خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید قاسم نے دین اسلام کی پرخلوص خدمت کی، آج اگر ہمارے مقدسات محفوظ ہیں تو اس میں شہید سردار کا بہت بڑا کردار ہے۔ شہید سردارنے داعش جیسی فتنہ انگیز دہشتگرد تنظیم کو کچل کر رکھ دیا اور اس کے ناپاک وجود سے معصومینؑ کے روضے محفوظ رہے۔ آخر میں علامہ وحید کاظمی نے مصائب حضرت قاسم علیہ السلام بیان کئے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نئے سال کی آمد پر امت مسلمہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2022 "تکفیریت سے پاک پاکستان" کے طور پر منایا جائے گا۔وطن عزیز کی ترقی واستحکام اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ہماری جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ وحدت و اخوت اور مذہبی رواداری کا جو پرچم تھام کر ہم نکلے ہیں اسے کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عالمی استعماری قوتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے ارض پاک میں مسلکی، لسانی اور صوبائی تعصب کا فروغ چاہتی ہیں۔انہیں شکست دینے کے لیے قوم کے ہر فرد کو بابصیرت اور دانشمندانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔دشمن ہر اگلے روز نئی شاطرانہ چالوں اور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں نکلتا ہے جنہیں سمجھنے کے لیے ہم سب کو مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا وطن عزیز میں بسنے والے ہر شہری کا بلاتخصیص مذہب و مسلک اس ملک پر مساوی حق اور آئین کی رو سے ہر ایک کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔دوسروں کے عقائد کو نشانہ بنانا اور اپنے فکر کو دوسروں پر زبردستی مسلط کرنا شدت پسندی ہے اوریہی ان کالعدم جماعتوں کا نصاب ہے جو دین کے نام پر آگ و خون کا بازار گرم رکھتے ہیں۔ملک کے تمام معتدل مکاتب فکر مل کر اس تکفیری فکر کا خاتمہ کرے گا تاکہ ملک امن کا گہوارہ بن سکے۔
انہوں نے کہا کئی سالوں سے جبری لاپتہ شیعہ افراد کے اہل خانہ کے ہر نئے دن کا آغاز امید اور شام مایوسی میں گزر جاتی ہے.دعا ہے کہ سال2022ان کی بازیابی کا سال ہو۔ہمارا مطالبہ ہے کہ جبری گمشدگان کو منظر عام پر لایا جائے اور قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کر کے آئین کی بالادستی کو ثابت کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے نئے سال کے آغاز میں تجدید عہد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ میدان عمل سے ایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوں گے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے '' تعمیر کراچی تعمیر پاکستان'' کل جماعتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اے پی سی میں شریک تمام جماعتوں اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں کی شرکت سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ کراچی کے عوام کی مشکلات کے ازالے کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عروس البلاد کراچی کا حُسن بحال کرنے کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی، کراچی شہر کی خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کی ضامن ہے۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی بلال غفار، متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری، محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، عارف شاہ، قمر عباس رضوی، پاک سرزمین پارٹی کے رہنما سید حفیظ الدین، جعفرالحسن، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما سردار عبدالرحیم، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق حسن، جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عمر صادق، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما کامران اقبال، آل پاکستان سنی تحریک کے رہنما مطلوب اعوان قادری، پاکستان فلاح پارٹی، انٹرنیشنل لائرز فورم، عوامی ورکرز پارٹی، ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی، مسلم لیگ فنکشنل سمیت سول سوسائٹی کے دیگر رہنماؤں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے مستقبل میں بھی مشترکہ جدوجہد کی امید ظاہر کی ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سید فدا حسین شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لئے امن کا قیام بنیادی شرط ہے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بہتر نظر آرہی ہے۔ ہم نے امن و امان کے قیام کے لئے ہمیشہ حکومت اور ریاستی اداروں سے تعاون کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے قبائلی معاشرے میں خواتین کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اخلاقی جرائم میں ملوث عناصر چاہے کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں انہیں نشان عبرت بنایا جائے تاکہ لوگوں کی عزت و ناموس محفوظ رہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سید فدا حسین نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون سے قیام امن کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان طاہر رائے کی قیادت میں پولیس دھشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ہم خداوند تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس شہر اور صوبے کو امن کا گہوارہ بنا دے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈی آئی جی سید فدا حسین شاہ کو درشہوار احمد زئی کی کتاب حضرت امام حسین علیہ السلام کا تحفہ پیش کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے مختلف اشیاء پر سیلز ٹیکس کی مد میں دی گئی چھوٹ کے خاتمے یا اس کی شرح میں اضافے کے لیے پیش کئے گئے منی بجٹ کو ناانصافی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی نئی لہر عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گی۔قوم پر اس کی برداشت سے زیادہ بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔عوام نے تحریک انصاف کو جس مثبت تبدیلی کے لیے مینڈیٹ دیا تھا وہ کہیں بھی نظر نہیں آ رہی۔گزشتہ تین سالوں کے دوران جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اس کی ملک کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی۔حکومتی اراکین کی جانب سے منی بجٹ کا دفاع عوام کی انکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ملک کے متوسط طبقے کو مہنگائی کی اذیت سے نجات دلائی جائے۔موجودہ مہنگائی کے تناسب سے عوام کو ریلیف دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ منی بجٹ سے عام ادمی کے متاثر نہ ہونے کا حکومتی دعوی اگر جھوٹ ثابت ہوا تو مذکورہ بجٹ کو عوام کے معاشی قتل کے لیے ایک ظالمانہ اقدام سمجھا جائے گا۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے اسلام پورہ یونٹ کی جانب سے عظمت و تکریم شہداء ِ مکتب اہلبیت علیہ السّلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلہ میں کانفرنس اور قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی، کابینہ ممبران اور یونٹ اراکین سمیت کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک و قرآن خوانی سے کیا گیا۔فرائض ِ نظامت و منقبت خوانی محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے ادا کئے۔
راہ ِ حق پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء مکتب اہلبیت علیہ السّلام کی قربانیوں سے متعلق خصوصی خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کا کہنا تھا کہ شہدائے انقلاب کے لیے ذاتِ سید الشہداء علیہ السلام چراغِ نور و ہدایت ہے۔ امام حسین علیہ السلام کو سید الشہداء اور بقیہ شہدائے کربلا کو تاریخ شہداء کا سردار کہا جاتا ہے جو سب سے عظیم اور سب سے برتر ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا سب سے پہلا سبق دین اور خدا کی راہ میں فدا ہو جانا ہے ۔ امام عالی مقام نے تمام مسلمانوں بلکہ تمام عالم بشریت ، تمام آزاد منش افراد چاہے وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم ، کو یہ درس دیا کہ اگر انسان کا شرف ، اس کی آزادی اور استقلال ، انسانی اقدار اور مسلمانوں کا دین خطرے میں پڑ جائے تو سخت حالات میں بھی دین کا دفاع ایک اسلامی اور انسانی فریضہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے ہمارے تمام شہداء بالخصوص شہید عارف حسین الحسینی، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور شہید قاسم کی زندگیاں اسی درسِ کربلا کا عملی مظاہرہ پیش کرتی نظر آتی ہیں۔ یہ زمانہ عصر تحریک اور عصر انقلاب ہے اور مومن کے لیے ذاتِ حسین ابن علی علیہ السّلام ایک ماہتاب عالم تاب ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے انقلاب و مکتب اہلبیت علیہ السّلام نے اپنی زندگیاں عالمی و طاغوتی استعمار کی سازشوں کیخلاف اور محروم و مظلوم طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد میں صرف کر دی ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے شہداء کی زندگیوں کا روشن فکری کیساتھ مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں۔
آخر میں محترمہ حنا تقوی نے محترمہ روبی سیکرٹری شعبہ مالیات اسلام پورہ یونٹ اور محترمہ شہزادی کی اس عظیم اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔