
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے وفد کے ہمراہ انسانی حقوق کے وفاقی وزیر جناب ریاض حسین پیر زادہ سے ملاقات کی اور گذشتہ چند سالوں میں محرم میں عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف درج سینکڑوں ایف آئی آرز کو آئین پاکستان میں درج مذہبی آزادی کی پامالی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان مقدمات کی واپسی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چار دیواری میں مجلس عزاء کا انعقاد ہمارا بنیادی حق ہے۔ لہذا حکومت محرم میں عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف مقدمات درج کرنے کی بجائے عزاداروں سے تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اپنے شہریوں کو چار دیواری میں مذہبی عبادت کرنے کا مکمل حق دیتا ہے لہذا گھر یا امام بارگاہ کی چار دیواری میں مجالس عزا کے خلاف مقدمات آئین سے متصادم ہیں۔ جبکہ گرمی اور سردی کے تبدیل ہوتے موسم سرما و گرما کے مطابق مجالس عزا کی ٹائمنگ میں بانیان مجالس و جلوس عزا سے حکومت تعاون کرے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر جناب ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزارت حقوق انسانی شہریوں کے بنیادی حقوق کی محافظ ہے۔ آئین پاکستان ملک کے ہر شہری کو مذہبی آزادی دیتا ہے۔ درج مقدمات کی واپسی اور عزاداروں کو حاصل بنیادی انسانی حقوق کے سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت سے بات کروں گا۔
وحدت نیوز(سکردو)حلقہ دو سکردو گرلز ڈگری کالج کا سنگ بنیاد حجتہ الاسلام شیخ محمد حسن جعفری اور وزیر زراعت گلگت بلتستان و رہنما ایم ڈبلیو ایم محمد کاظم میثم کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر علماء، سرکردگان، ڈپارٹمنٹل ہیڈز، ضلعی انتظامی افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گرلز ڈگری کالج کے قیام کے بعد گھر کی دہلیز پر طالبات کو اعلی تعلیم کا حصول یقینی ہوگا۔ اس پروجیکٹ پر لگ بھگ تیس کروڑ کی لاگت آئے گی۔ سنگ بنیاد کے موقع پر دعائیہ کلمات میں حجتہ السلام شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ ہماری بچیوں کے لیے گرلز ڈگری کالج کا قیام ناگزیر تھا اور یہ منصوبہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج وزیر زراعت کی فعالیت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے جس پر انہیں داد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا حلقہ دو کے عوام خوش قسمتی ہے کہ انہیں ایک فعال اور قومی درد رکھنے والا نمائندہ ملا ہے انکی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہے۔ اس موقع پر وزیر زراعت محمد کاظم میثم نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج کے قیام سے حلقے کی طالبات کو گھر کی دہلیز پر تعلیم کی فراہمی یقینی ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا ڈگری کالج کا خواب شرمندہ تعبیر کرانے میں وزیراعلی گلگت بلتستان اور لینڈ ڈونرز کے ساتھ ساتھ عمائدین علاقہ کا کردار لائق تحسین ہے۔ تعلیم کسی بھی کی قوم کی موت و حیات کا مسئلہ ہے اور تعلیمی پیشرفت ہی علاقے کی ترقی کا ضامن ہوسکتا ہے۔ موجودہ حکومت نے اپنی اولین ترجیح تعلیم کو دی ہے۔ کم مدت میں جس تیزی کے ساتھ کام جاری ہے وہ لائق تحسین ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان سے صوبائی وزیر زراعت و رہنما مجلس وحدت مسلمین محمد کاظم میثم نے سی ایم ہاؤس میںخصوصی ملاقا ت کی ۔
اس ملاقات میں صوبائی وزیر زراعت نے وزیراعلیٰ کو حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور ان سے سیلاب اور دریائی کٹاؤ پر فوری نوٹس لینے کی درخواست کی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے شگریکلان، گمبہ سکردو، بوردو چنداہ تندل، رنگاہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ رات آسمانی بجلی گرنے کے باعث سیلابی تباہ کاریوں کا فوری نوٹس لےلیا وزیراعلیٰ نے ان علاقوں میں دریائی کٹاؤ اور سیلاب کے باعث پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے اور بچاؤ و بحالی کے لئے انتظامیہ و متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہے۔
وحدت نیوز (فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین وومن ونگ کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے فیصل آباد کے محلہ سدھوپورہ میں علاقے کی ذاکرات سے ملاقات کی ان کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام میں اپنے قلب و روح کی پاکیزگی کے ساتھ مجالس عزا میں شرکت کریں ہماری مجالس میں نوجوان طبقے کی فکری و روحانی تربیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے پیغام کربلا اور امام حسین علیہ سلام اور ان کے اصحاب با وفا کی قربانی کے صحیح مقصد کو عوام تک پہنچایا جائے۔
ذاکرات سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام میں اتحاد و یگانگت کی فضا قائم کی جائے اپنی مجالس میں دیگر مسالک کی خواتین کو بھی دعوت دیں تاکہ فکر امام حسین علیہ سلام اس معاشرے میں عام ہو سکے ، اس نشست سے مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم پاکستان برادر اسد عباس نقوی نے سیاسی تدبیر کے عنوان پر گفتگو کی ۔
وحدت نیوز(کراچی) آئی جی سندھ غلام بنی میمن صاحب کی زیر صدارت محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کیلئے جائرہ اور مشاورتی اجلاس آئی جی آفس میں منعقد ہواجس میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی و پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈی آئی جی صاحبان سمیت دیگر شیعہ علماء و اکابرین بھی شرکت ہوئے ، ایم ڈبلیوایم رہنماؤں نے آئی جی سندھ کو بدین، ماتلی، سجاول، جوہی، دادو،مٹیاری سمیت دیگر اضلاع میں عزاداری کی راہ میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقامی پولیس حکام کو پابند کیا جائے کہ وہ ایم ڈبلیوایم کے مقامی عہدیداران کے ساتھ مل کر مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) علامہ سید علی اکبر کاظمی دوبارہ مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے صدر منتخب ہوگئے۔ ایم ڈبلیوایم ضلع راولپنڈی کی شوریٰ کا اجلاس ضلعی دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت سینٹرل پنجاب کے صوبائی آرگنائزملک اقرار حسین نےکی جبکہ مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی علامہ مقصود ڈومکی نےخصوصی شرکت کی ۔
اجلاس میں ضلعی کابینہ کے تمام اراکین سمیت 10 یونٹس اور 4 تحصیلوں کی کابینہ کے اراکین شریک تھے۔ اجلاس میں سابقہ رکن صوبائی کابینہ سید نجیب الحسن نقوی و دیگر نے الیکشن کمیشن کے فرائض انجام دئیےجبکہ ارکین ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے علامہ سید علی اکبر کاظمی کو دوبارہ آئندہ تین سال کیلئے ضلعی صدر منتخب کرلیا۔ صوبائی آرگنائزر ملک اقرار حسین نے نومنتخب ضلعی صدر سے ان کے عہدےکا حلف لیا۔