
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے طور پر امدادی سامان پر مشتمل ٹرک روانہ کر دیا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی، مجلس علما شیعہ جنوبی پنجاب کے صدر علامہ قاضی نادر علوی، ضلعی نائب صدر مولانا ہادی حسین، ضلعی رہنما انجینئر سخاوت علی سیال، غلام رضا عابد، محمد رضا مومن، سید عاصم رضا اور دیگر موجود تھے۔ امدادی سامان تونسہ کے علاقے ناڑی کے لیے روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم ملتان کے ضلعی صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم سیلاب زدگان کے ساتھ ہے، ہر ممکن مدد اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مخیر حضرات کے تعاون سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ آج تونسہ شریف روانہ کی ہے جبکہ دوسری کھیپ راجن پور کی تحصیل جام پور روانہ کی جائے گی۔ اس موقع پر علامہ قاضی نادر علوی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سنت نبوی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے بعد ان کی بحالی کی بڑی ذمہ داری ہے۔ پوری قوم بشمول اوورسیز پاکستانی اس وقت متاثرین کے ساتھ ہیں۔
وحدت نیوز(تونسہ شریف)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کی جانب سے تونسہ شریف میں متاثرین سیلاب میں راشن اور اشیائے خوردونوش تقسیم کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تونسہ شریف کی بستی ناڑی میں ایک سو سے زائد خاندانوں میں راشن اور کھانا تقسیم کیا گیا۔ قبل ازیں مجلس وحدت مسلمین ملتان کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر تونسہ شریف اسد خان چانڈیو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی، نائب صدر مولانا ہادی حسین، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر مہر سخاوت علی سیال، ضلعی صدر ڈی جی خان انعام حیدر، ضلعی صدر لیہ مولانا ساجد رضا اسدی اور دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں متاثرین سیلاب کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کے ساتھ ہے، ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر محمد رضا مومن، عاصم رضا، حسنین کربلائی، غلام رضا عابد اور دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں گھرے مجبور اور مصیبت زدہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایک مرتبہ پھر مہنگائی اور کساد بازاری کی چکی میں مسلسل پیسا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نا اہل حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ساری عالمی برادری پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال اور شدید جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کر رہی ہے اور ہمارے حکمران عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک پاشی کرنے میں مصروف ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے پر عوام پہلے ہی سراپا احتجاج ہیں، اس نا اہل ٹولے کو مسلط کرنے والے ان تمام مشکلات کے ذمہ دار ہیں، غریب عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، حکومت کا ہدف عوامی مفاد نہیں اپنے اقتدار کو دوام دینا ہے، جب تک یہ نا اہل امپورٹڈ حکومت وطن عزیز پر مسلط ہیں، عوام کو ریلیف اور سیاسی بے یقینی کا خاتمہ ممکن نہیں، اس ملک کے سیاسی معاشی و دیگر مسائل کا واحد حل فوری اور صاف شفاف انتخابات ہے، اس کے بغیر ملکی حالات کے بہتری کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
وحدت نیوز(گلگت) متاثرین سیلاب کے ساتھ مالی تعاون ہم سب کا شرعی اور قومی فریضہ ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں مصیبت زدہ خاندانوں کی امداد کرکے دنیا وآخرت کی زندگی کو سنوارنے کا خدا نے موقع فراہم کیا ہے لہٰذا اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بھائیوں کی مدد فرمائے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی رہنما خواہر سائرہ ابراہیم نے کہا کہ ہمارے مکتب میں ایثار وقربانی کی انتہاٸی اہمیت بیان کی گئی ہے۔انسانی ہمدردی کا جو جذبہ پاکستانی قوم بدرجہ اتم موجود ہے اور اس قوم نے جب بھی مشکل پڑی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔اس مرتبہ بھی اس ملت نے اپنا جذبہ دکھادیا ہے اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔جن لوگوں اور اداروں نے سیلاب زدہ گان اور متاثرین کی مدد کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے ہم ان کے ممنون ہیں اور دعا گو رب جلیل مخیر حضرات کی تمام جائز خواہشوں کی اجابت فرمائے نیز جس طرح مصیبت زدہ گان کی مشکلات کو آسان بنانے کی کوشش کی ہے خدا وند تعالی ان کی مشکلات کو حل فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے گلگت دیامر غذر اور نگر میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوگئے ہیں۔ہم ان کے نقصانات کا ازالہ تو نہیں کرسکتے لیکن ایک حد تک ان کی مشکلات میں کمی کرسکتے ہیں۔میری تمام مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ نقد و جنس ( کپڑے۔کمبل ۔رضائی۔کھانے پینے کی اشیا ءوغیرہ)کی صورت میں تعاون فرمائے۔خداوند تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سید ناصر عباس شیرازی کنوینیئر المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ملک بھر میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ المجلس ویلفیئرآرگنائزیشن پہلے دن سے ہی سیلاب زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔متاثرین سیلاب کے لئے ملک کے مختلف اضلاع میں امدادی کیمپس لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کے رضاکار سندھ،بلوچستان ،جنوبی پنجاب ،کے پی کے اور گلگت بلتستان میں امدادی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایم ڈبلیوایم کے ملک بھرمیں لگے ریلیف کیمپس پر جمع ہونے والی نقد امداد، اشیائے خوردونوش، راشن، خشک اجناس، منرل واٹر، کپڑے، برتن ، خیمے، چٹائیاں سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جارہی ہیں۔ جبکہ مختلف شہروں میں دو وقت کا تیار کھانا بھی سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ یہ سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ کا وقت نہیں پاکستان اس وقت نہایت مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تمام رفاعی اداروں سیاسی ومذہبی جماعتوں کی سب سے پہلی ترجیح سیلاب زدگان کی فوری بحالی ہونی چاہئے ،مخیر حضرات خصوصا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپنے مصیبت زدہ ہم وطنوں کے لئے مدد کی اپیل کرتا ہوں۔مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم اپنے سیلاب سے متاثرہ ہم وطن بہن بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ سید حسن رضا ہمدانی کا کہنا ہے کہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے کالا باغ ڈیم سمیت دیگر معیاری ڈیموں کی تعمیر یقینی بنائی جائے۔ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنیوالے بتائیں کہ کالا باغ ڈیم نہ بنا کر ان کے شہر پانی میں کیوں ڈوبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر سے سیلابی پانی کو محفوظ کرکے سارا سال زراعت کیلئے پانی دستاب رہے گا، نیز ان ڈیموں سے سستی ترین بجلی حاصل کرکے مہنگی بجلی سے نجات ملے گی اور توانائی بحران و لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نےلاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے ضرورت سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ایک موثر نظام کی ضرورت ہے۔ سب سے اہم اقدامات میں سے ایک نکاسی آب کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی فوری اور بڑھ چڑھ کر مدد کی ضرورت ہے تاکہ ان کی فوری بحالی ممکن ہو سکے۔ وطن عزیز اس وقت چاروں اطراف سے سیلاب کی زد میں ہے سیلاب اس وقت قومی آفت بن چکا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے سب لوگ آگے آئیں اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔