
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ جات کیے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ بعدازاں انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ڈی جی خان کے علاقہ چوٹی زریں اور ٹھٹہ گبولاں کا دورہ کیا، جہاں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان میں نقدی تقسیم کی۔ ناصر عباس شیرازی سیلاب سے متاثرہ صوبہ بلوچستان کے علاقوں ڈیرہ اللہ یار اور ڈیرہ مراد جمالی بھی پہنچے، جہاں متاثرین سیلاب میں غذائی سامان تقسیم کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سندھ کے دورہ پر پہنچے، جہاں سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں سیلاب سے متاثرہ متعدد دیہات کا دورہ کیا۔ ناصر عباس شیرازی اپنی ٹیم کے ہمراہ 16 روز سے پانی میں گھرے ضلع خیر پور میرس کے گاؤں جھنگو پہنچے، جہاں متاثرین میں راشن اور نقد رقوم کی صورت میں ہدیہ جات کی فراہمی کی گئی۔
انہوں نے شکار پور کے گوٹھ شیر علی جتوئی کا دورہ بھی کیا اور متاثرین سیلاب سے مرکزی جامعہ مسجد میں ملاقات کی۔ بعد ازاں سیلاب سے متاثرہ مکانات، فصلوں اور عمارتوں کا جائزہ لیا۔ ناصر عباس شیرازی چک سٹی شکار پور میں مقامی محنت کش کے جواں سال بیٹے کی چھت گرنے سے وفات پر تعزیت کیلئے مرحوم کے گھر گئے، جہاں مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین سے تعزیت کی۔ ناصر عباس شیرازی نے تنظیمی وفد کے ہمراہ بارشوں کے نتیجہ میں اپنے 5 بہن، بھائیوں اور ماں سے محروم ہوجانے والے ننھے بچے رضا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رضا کی تعلیمی ذمہ داری اور مکان کی تعمیر کا ذمہ بھی ایم ڈبلیو ایم نے اپنے ذمہ لے لیا۔ ناصر عباس شیرازی نے شکارپور میں پریس کانفرنس بھی کی۔ ناصر عباس شیرازی نے جیکب آباد کے سیلاب زرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا، اور متاثرین سے ملاقات کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سیلاب سے ملکی معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے۔یہ وقت سیاسی پوانٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ قومی اور انسانی جذبے کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کو سہارا دینے کا ہے۔تمام سیاسی و دینی جماعتوں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ نیک نیتی, خلوص اور لگن کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ملک کے 110 اضلاع میں غیر معمولی جانی و مالی نقصان کوئی عام واقعہ نہیں۔ کم وبیش 10 لاکھ مکانات اور عمارتوں کی بحالی کی ذمہ داری صرف حکومت پر نہیں ڈالی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بہہ جانے والے مویشیوں کی تعداد سات لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے۔صوبہ سندھ کے23 اضلاع آفت زدہ جبکہ ایک کروڑ 45 لاکھ سے زیادہ آبادی متاثرین میں شامل ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ صوبہ بلوچستان کے 34 اضلاع اور 91 لاکھ 82 ہزار سے زیادہ افراد کے سیلاب سے متاثر ہونے کا دعوی کر رہے ہیں۔اس نقصان کی تلافی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہم ذاتی اختلافات اور رنجشوں کو بالائے طاق رکھ کر خالصتاً مدد کے جذبے سے میدان عمل میں نہیں نکلیں گے۔
انہوں نے زرعی اجناس اور امدادی سازو سامان کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت انسانی ہمدردی کا ہے۔ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب بنتے ہیں۔ہم دین اسلام کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے پوری قوم کا خیال رکھنا ہو گا۔مشکل کی یہ گھڑی ایثار اور بھائی چارے کا تقاضا کرتی ہے۔اگر ہم اپنی نسلوں کی بقا اور تحفظ کے لیے ملکی معیشت کو نئے سرے سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں تو پھر ایک دوسرے کا سہارا بننا ضروری ہے ۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء وزیر زراعت میثم کاظم صاحب کی اپنے وفد کے ہمارا اپر کچورا جھیل سانحہ میں متاثرہ خانوادہ کے گھر آمد، خانوادہ سے اظہار ہمدردی اور لاپتہ نوجوان کی سرچ آپریشن کے لئے تمام تر ریسورسس کو بروئے کار لانے کی یقین دہانی کی۔
میثم صاحب نے کچورا کے عمائدین سے بھی ملاقات کی جس میں علامہ شیخ لطیف مطہری، بزرگ عالم دین شیخ حسین، چئیرمین کچورا تحفظ کونسل حسن جعفری، کچورا یوتھ آرگنائزیشن کے صدر عقیل ترابی ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر افتخار غازی اور دیگر معززین شامل تھے. عمائدین نے اپنے مطالبات پیش کئے۔
وزیر زراعت نے جھیل پر جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا، ریسکیو میں مشغول جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ جلد نیوی ٹیم بھی یہاں پہنچے گی اور اس کیس کی شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سید محمد علی شاہ اور ڈپٹی سیکرٹری فرمان صاحب بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(سکردو) صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی کا وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات۔ملاقات میں گندم سبسڈی، حالیہ ریونیو اتھارٹی بل و دیگر ایشوز پہ گفتگو کی۔
آغا علی رضوی نے گندم سبسڈی اور بل پہ عوامی ترجمانی کرتے ہوئے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے تمام سٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد ہی بل پہ پیش رفت کی یقین دہانی کی۔اس موقع پر منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان و صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم محمد کاظم میثم بھی ہمراہ تھے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی جانب سے علمدار روڈ پر بلوچستان کے لاکھوں سیلاب متاثرین کے لئے قائم کردہ امدادی کیمپ میں شیعہ کانفرنس بلوچستان کے صدر جناب حاجی جواد رفعی صاحب، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء مبارک علی ہزارہ، تحریک انصاف کے رہنماء ماسٹر حسین علی کربلائی ،کامران علی ہزارہ و پنجابی امام بارگاہ کےپیش امام مولانا منظور حسین رحمانی بختیار آباد کی سماجی شخصیت سکندر علی سولنگی تشریف لائے اور مخیرین واہل خیر سے مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیلاب زدہ لوگوں کو راشن ٹینٹ چٹائیاں برتن کمبل ادویات کی اشد ضرورت ہے لہذا لوگوں کو اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
اس موقع پر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری صوبائی نائب صدر ایم ڈبلیوایم بلوچستان ۔مجلس وحدت مسلمین کےصوبائی سیکرٹری تبلیغات مولانا عبد الحق جمالی ،مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری نشر واشاعت مولانا ذاکر حسین درانی ، سید شبیر علی شاہ دوپاسی صوبائی ترجمان ایم ڈبلیوایم، صوبائی آفس سیکرٹری سید عباس زیدی ،صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان سہیل شیرازی موجود تھے۔
وحدت نیوز(جعفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان کے ضلع جعفر آباد پہنچ کر بارش و سیلاب متاثرین کے خیموں میں متاثرین سے ملاقات کی اور ضلعی ہیڈکوارٹر ڈیرہ اللہ یار میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن و دیگر رضا کاروں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ عزاداری کونسل کے چیئرمین برادر شمن علی حیدری برادر ظفر علی مولانا محمد سچل صادقی مولانا محمد حسین جسکانی صحافی نذیر حسین ڈومکی بشیر احمد ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم کے کارکن موجود تھے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے متاثرہ گاؤں کا وزٹ کیا اور متاثرہ مکانات اور مسجد کا جائزہ لیا جہاں اس وقت بھی کئی فٹ پانی کھڑا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلاحی ادارے اور پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے پاکستانی قوم اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے درد کو پوری شدت کے ساتھ محسوس کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا دل اھل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے اور بلوچستان کی مظلومیت اور محرومیت کا خاتمہ ضروری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں الفاظ اور دعوؤں کی بجائے عملی اقدامات کے ذریعے متاثرین کی مدد کریں۔ بدقسمتی سے حکومت متاثرہ علاقوں میں کہیں نظر نہیں آ رہی ہزاروں لوگ روڈوں پر کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں مگر کسی کے پاس ٹینٹ نہیں۔ دھوپ اور بارش میں لوگ پلاسٹک کی تھیلیوں اور کپڑے کی چادر سے خیمہ کا کام لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکن درد کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں ان مظلوموں اور محروموں کی خدمت کو ہم عظیم عبادت سمجھتے ہیں۔