
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سید اسد عباس نے کہا ہے کہ اگر سیلاب متاثرین کے معاملے پر غفلت اور لا پرواہی برتی گئی تو صورتحال کسی انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے، سیلاب متاثرین کو دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کرنا اور متاثرہ علاقوں میں انفرا سٹرکچر کی تعمیر حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے کہ آسان ہدف نہیں ہے، اس لئے ان معاملات کو دیکھنے کیلئے معتبر شخصیات، ملک و غیر ملکی تکنیکی ماہرین، کارپوریٹ سیکٹر اور مخیر حضرات کو میدان عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتا ہوں ۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں سید اسد نقوی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حالات انتہائی نازک ہیں، فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، اگلی فصل کی کاشت تاخیر کا شکار ہونے سے ملک میں غذائی بحران جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں مہنگائی کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگا، جبکہ سیلابی پانی جمع ہونے سے متاثرہ علاقوں سمیت پورے ملک میں ڈینگی دوبارہ پھیل سکتا ہے، اس لئے محکمہ صحت کی ٹیموں کو سیلاب کے جمع شدہ پانی میں ڈینگی کی افزائش روکنے دیگر وبائی امراض کی روک تھام کیلئےخصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے دیرینہ تنظیمی ساتھی سید نوید رضا کے والد سید ارتضی حسین ابن سید واحد حسین کا کراچی میں رضائے الہی سے انتقال ہوگیا ہے۔
مرحوم کے انتقال پر چیئر مین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ، جنرل سیکریٹری سید ناصرشیرازی اور ضلع اسلام آباد کے صدر اسدعباس سمیت دیگر رہنماؤں نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔
رہنماؤں نے کہا کہ سید نوید رضا اور ان کے اہل خانہ کے حضورتعزیت پیش کرتے ہیں ، رب کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے ، انہیں جوار آئمہ اطہار ؑ میں محشور فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔
نماز جنازہ آج بروز پیر 5ستمبر 2022 مسجد خیر العمل انچولی میں شام 6بجے ادا کی جائے گی بعد ازاں تدفین وادئ حسین قبرستان میں ہوگی ۔دعائے مغفرت اور بعد نمازعشاء نمازوحشت قبر پڑھنے کی استدعا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کے ساتھ مالی تعاون ہم سب کا شرعی اور قومی فریضہ ہے، مشکل کی اس گھڑی میں مصیبت زدہ خاندانوں کی امداد کرکے دنیا و آخرت کی زندگی کو سنوارنے کا خدا نے موقع فراہم کیا ہے لہٰذا اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بھائیوں کی مدد فرمائے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مکتب میں ایثار و قربانی کی انتہائی اہمیت بیان کی گئی ہے، انسانی ہمدردی کا جو جذبہ پاکستانی قوم میں بدرجہ اتم موجود ہے اور اس قوم نے جب بھی مشکل پڑی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اس مرتبہ بھی اس ملت نے اپنا جذبہ دکھا دیا ہے اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں اور اداروں نے سیلاب زدگان اور متاثرین کی مدد کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے ہم ان کے ممنون ہیں اور دعا گو ہیں کہ رب جلیل مخیر حضرات کی تمام جائز خواہشوں کی اجابت فرمائے، نیز جس طرح مصیبت زدگان کی مشکلات کو آسان بنانے کی کوشش کی ہے خدا وند تعالی ان کی مشکلات کو حل فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں و سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوگئے ہیں، ہم ان کے نقصانات کا ازالہ تو نہیں کرسکتے لیکن ایک حد تک ان کی مشکلات میں کمی کرسکتے ہیں، میری تمام مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ نقد و جنس (کپڑے، کمبل، رضائی، کھانے پینے کی اشیاء وغیرہ) کی صورت میں تعاون فرمائے، خداوند تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کی جانب سے تونسہ شریف میں متاثرین سیلاب میں راشن اور اشیائے خوردونوش تقسیم کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تونسہ شریف کی بستی ناڑی میں ایک سو سے زائد خاندانوں میں راشن اور کھانا تقسیم کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی، نائب صدر مولانا ہادی حسین، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر مہر سخاوت علی سیال، ضلعی صدر ڈی جی خان انعام حیدر، ضلعی صدر لیہ مولانا ساجد رضا اسدی اور دیگر موجود تھے۔
ضلعی صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کے ساتھ ہے، ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر محمد رضا مومن، عاصم رضا، حسنین کربلائی، غلام رضا عابد اور دیگر موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم ملتان کی جانب سے متاثرین میں پکا پکایا کھانا، راشن، ادویات اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء بشمول خیمے بھی تقسیم کیے گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ اس وقت سیلاب زدگان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خوراک اور رہائش کی اشد ضرورت ہے جسے منظم انداز میں پورا کرنا وفاقی و صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کے لیے جو مسئلہ سب سے زیادہ پریشانی کا باعث بن سکتا ہے وہ وبائی امراض کا پھوٹنا ہے جو کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے اب روزانہ دو سے چار اموات ہیضہ،ملیریا ،ڈینگی بخار اور سانپ و بچھو کے کاٹے سے ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے تدارک کے لیے حکومت کو چاہیے کہ بروقت اقدامات کرے تاکہ انسانی جانوں کے زیاں سے بچا جا سکے۔متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس اور موبائل میڈیکل ٹیموں کا پہنچنا عوامی خدمت اور وبائی امراض سے تحفظ کا باعث بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے سیلاب زدگان کے لئے ملنے والی بیرونی امداد کی تقسیم کے دائرہ کار کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں اور اعداد و شمار کو بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری کریں جس سے شفافیت کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)کمسن بچے نے سائیکل خریدنے کیلئے جمع کردہ پیسے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عطیہ کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق علمدار روڈ پر واقع مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے امدادی کیمپ میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن بچے نے احساس اور انسانیت کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تمام جمع پونجی حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی بحالی کیلئے دے دیئے۔ بچے کی والدہ نے بتایا کہ اس نے گزشتہ کئی مہینوں سے اپنے لئے سائیکل خریدنے کیلئے پیسے جمع کئے تھے۔ گزشتہ روز جب وہ کیمپ کے قریب سے گزرہ تو اپنی والدہ سے امدادی کیمپ کی وجہ پوچھی۔ اسکی والدہ نے اسے سیلاب متاثرین کے بارے میں بتایا تو اس نے سائیکل خریدنے کیلئے جمع کردہ تمام جمع پونجی سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کر دیئے۔