The Latest

وحدت نیوز(نگر)جی بی اے 5 نگر 5 میںمجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار حاجی رضوان علی کے انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف پرنس قاسم علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی رضوان ہمارا امیدوار ہے اور میں اپنے تمام ووٹرز کارکنان سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ حاجی رضوان کو کامیاب بنائیں۔حاجی رضوان کی کامیابی میری کامیابی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں برسر اقتدار جماعتوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، انشاءاللہ 15 نومبر کو جی بی کے باشعور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پورے جی بی میں پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیوایم کے متفقہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) جامعہ امامیہ کراچی کے پرنسپل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی سے جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے پرنسپل اور جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے ملاقات کی جس میںاتحاد امت، ملک کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کراچی وحدت ہاوس ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی بھی موجود تھے۔دونوں مذہبی رہنماؤں نے قومی امن اور ملک کے استحکام کے لیے وحدت و اخوت کی ضرورت پر زور دیا۔ علامہ باقرعباس زیدی نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔دوسروں کے مذہبی نظریات اور عقائد کا احترام کو مقدم رکھ کر ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ملک دشمن قوتیں مذہبی منافرت کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں ایسی صورتحال میں علماء کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ معتدل مذہبی شخصیات کو امن و آشتی کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔

مفتی گلزار نعیمی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اختلافات پر الجھنے کی بجائے مشترکات پر باہم ہونے کی ضرورت ہے۔شیعہ سنی علما کے اتحاد سے ان عناصر کو شکست ہو گی جو ملک میں نفاق کا بیج بونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ  فلسطین، کشمیرسمیت دنیا بھر کے مظلومین کے لیے آواز بلند کرنا ہم سب کی شرعی اوراخلاقی ذمہ داری ہے۔مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے قبضے کے خلاف آج پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے۔ کشمیر و فلسطین کا تنازع محض کسی زمین کے ٹکڑے کے حصول کے لیے نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت کو جھٹلانے اور نہتے مسلمانوں پر یہود و ہنود کی ظالمانہ کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بننے کے لیے ہے۔عالم اسلام کو دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہوگا۔

وحدت نیوز(سکردو)گمبہ سکردو حلقہ 2 سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار میثم کاظم کے انتخابی جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔جلسے سے وفاقی وزراء علی امین گنڈا پور، مراد سعید، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسدعباس نقوی، آغا علی رضوی، سابق وزیر قانون بلوچستان آغا سید رضا سمیت دیگر نامور مذہبی وسیاسی شخصیات نے خطاب کیا۔

 وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جی بی کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیحات کا حصہ ہیں۔ اب کسی کو ان پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں برسراقتدار آکر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔وزیر اعظم کی طرف سے آئینی صوبے کا اعلان عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے۔آئندہ بھی یہاں کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پی ٹی آئی کے وزراء اور مرکزی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آج گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہے۔ایک وقت تھا ہمارے نوجوانوں کی یہاں سے لاشیں اٹھتی تھی اور ہر طرف سکوت تھا۔اس ظلم و بربریت کےخلاف ہم نے ہر سطح پر آواز بلند کی ہے۔پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے یہاں کے عوام کو سوائے مایوسی کے اور کچھ نہیں دیا۔گلگت بلتستان کے آئینی صوبے کی راہ میں رکاوٹ بننے والی سیاسی جماعتوں کو عوام مسترد کر یں گے۔15 نومبر کو وہ طاقتیں رسوا ہوں گی جو پاک فوج کے خلاف ملک دشمنوں کی زبان بولتی ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ آج کا عظیم الشان اجتماع اس حلقے سے ہماری فتح کی دلیل ہے۔عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔بلاول زرداری کا دھاندلی کا واویلا ثابت کرتا کہ پی پی پی نے اپنی شکست قبول کرلی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کابنیادی آئینی صوبے کا اولین مطالبہ پی پی پی اور ن لیگ نے کیوں پورا نہیں کیا؟؟؟پی پی پی اور ن لیگ نے آج تک صحت ، پانی ، سڑکوں کی سہولیات گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم نہیں کی۔بلاول زرداری کو شکست کا خوف نہیں بلکہ کرتوتوں کا ڈر ہے۔عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔سی پیک کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوگا اور یہاں کے عوام کو اس میں بھرپور حصہ ملے گا۔

انہوں نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بہترین شاہراہوں اورہائی ویز کی تعمیر کا جلد آغاز ہوگا۔گلگت بلتستان میں روزگاراور کاروبار کے شاندار اور یکساں مواقع سب کو میسر ہوں گے۔ہرشہری کو بنیادی طبی سہولیات کی بہترین فراہمی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کا اعلان کردیا ہے۔سندھ کو لوٹنے والے اب گلگت بلتستان پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کے بڑے منصوبوں کا آغاز جلد گلگت بلتستان میں ہوگا۔گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 46ارب کے فنڈز سابق صوبائی حکومت کو فراہم کیئے ان سب کا حساب 15 نومبر کے بعد لیں گے۔اسرائیل نواز این جی اوز نے عمران خان کے خلاف محاذ گرم کررکھا ہے کیوں کہ عمران خان نے اقوام عالم کے سامنے امت مسلمہ کی درست ترجمانی کی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری نے گلگت بلتستان میں دس مقامات پر ٹورزم زون بنانے اور پی سی بھوربن طرز کے ہوٹل کے قیام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے ضرور پورے کئے جائیں گے۔بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے آئینی صوبے بنانے کا سب سے زیادہ مخالف ہیں۔ وہ یہاں کے عوام کو بند گلی میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ لاڑکانہ کی حالت زار کو نا سدھارنے والے گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر کو نہیں بدل سکتے۔آئندہ چھ ماہ کے اندر اس خطے میں ڈیرھ سو انٹرنیٹ ٹاورز لگائے جائیں گے۔یہاں کے نوجوانوں کو بیرون ممالک روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔کرکٹ ، فٹبال اور ہاکی کےسٹیڈیم،میوزیم اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بنانے کا بھی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔بلاول کی جانب سے دھاندلی کا شور اس کی شکست کی دلیل ہے۔

وحدت نیوز(سکردو) گمبہ سکردو حلقہ 2 میں مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے متفقہ امیدوار محمد کاظم میثم کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور علامہ راجہ ناصرعباس نے آئینی عبوری صوبے کا وعدہ پورا کرکے گلگت بلتستان کے محروم عوام کی دیرینہ خواہش کو پورا کردیا ہے۔گلگت بلتستان کے عوام خودمختار صوبائی اسمبلی چاہتے ہیں جو اپنے حقوق کا تحفظ خود کرسکے۔مضبوط گلگت بلتستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان انتخابی اتحاد خطے کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ،امید ہے جلد وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کیئے گئے اپنے وعدوں کو پوراکریں گے ۔

وحدت نیوز(کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کھرمنگ حلقہ 5 میں ایم ڈبلیو ایم کے حمایت یافتہ اور تحریک انصاف کے امیدوار امجد عباس زیدی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو سیاسی جماعتیں جی بی کے آئینی صوبہ بننے کی مخالفت کر رہی ہیں خطے کے عوام ووٹ کی طاقت سے انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔یہاں کے باشعور عوام مداریوں اور لیٹروں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت کے ساتھ میدان میں نکلی ہے۔

خطے کے عوام کی جدید طبی، تعلیمی اور دیگر سہولیات کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے آخری دم تک جدوجہد جاری رہے گی۔ تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی اتحاد کا مقصد خطے کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔گلگت بلتستان کو آئینی صوبے کی حیثیت حاصل ہونے سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین زبانی دعووں کی بجائے عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔کسی بھی سنگین صورتحال اور اہم ایشوز پر میدان عمل میں ہماری موجودگی ہمارے اس دعوے کی تائید میں دلیل ہے۔تحریک انصاف کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے اور عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل کے اعتبار سے ایک مالامال خطہ ہے۔اگر ماضی کی حکومتیں خطے کی ترقی کے لیے مخلصانہ تگ و دو کرتیں تو آج یہاں کے عوام کے حالات مختلف ہوتے۔تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کا اتحاد علاقے کی ترقی و استحکام اور عوام کی فلاح وبہبود سے مشروط ہے۔عوام سے کیے گئے وعدوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا۔

جلسے سے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی، علامہ اعجاز بہشتی، شیخ اکبر رجائی اور علی احمد نوری سمیت متعدد مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے میہڑ میں تین شہیدوں کے ورثاء اور ام رباب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے۔ ہم نے ہمیشہ ظلم دھشت گردی اور نا انصافی کی کھل کر مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میہڑ میں تین بے گناہ انسانوں کے قتل کے بعد انصاف کے حصول کے لیے ام رباب کی جدوجہد قابل تحسین ہے قبائلی معاشرے میں سرداری نظام سردار اور نواب کے جبر کے خلاف جدوجہد کرنا ایک مشکل کام ہےانہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے آپ کی جدوجہد  ایک دن ضرور کامیاب ہو گی اور تہرے قتل کے جرم میں ملوث عناصر بے نقاب ہوں گے اور قانون کی گرفت میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ حضرت سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا کی کنیز ہیں لہذا ان کی پیروی کریں۔ ہمیں ظلم کے خلاف قیام کا حوصلہ تحریک کربلا اور حضرت سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا کی جدوجہد سے ملا ہے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ام رباب نے کہا کہ حصول انصاف کیلئے میں اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی۔

 انہوں نے گھر آ کر اظہار یکجہتی کرنے پر علامہ مقصود علی ڈومکی کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے میرے ابو دادا اور چچا کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا اور میں مسلسل حصول انصاف کے لیے جدوجہد کر رہی ہوں۔ میں ان کی شکرگذار ہوں جو حق سچ کی اس جدوجہد میں میرا ساتھ دے رہے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے آئی ایس او کے 49ویں سالانہ مرکزی کنونشن کے اختتام پر برادر عارف حسین الجانی کو دوسری مرتبہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔

مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ آئی ایس او ایک تربیت ساز ادارہ ہے جہاں سے پاکیزہ نوجوان معاشرے کو میسر آتے ہیں ، امید ہے کہ برادر عارف الجانی اس الہیٰ کاروان کی قیادت پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں انجام دیں گے اور ظہور امام زمانہ عج کی زمینہ سازی کی کوشاں آئی ایس اوکے جوانوں کی درست سمت میں رہنمائی جاری رکھیں گے ۔

دوسری جانب ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی ، سید ناصرشیرازی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے بھی برادر عارف حسین الجانی کے دوبارہ آئی ایس او کے مرکزی صدر منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کیا ہے ان کی کامیابی کیلئے دعا کی ہے ۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے مختلف قومی اداروں کی نجکاری، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے جس منشور کا اعلان کر کے عوام سے مینڈیٹ حاصل کیا تھا آج اس منشور کی معمولی سے جھلک بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہی، اسٹیل مل، ریڈیو اور دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین سے ان کی ملازمتیں چھین کر سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکومت عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔ہوشربامہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔جس فلاحی ریاست کے خواب دکھائے گئے تھے اس کا کہیں وجود نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہاکہ آئے روز بجلی و گیس اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوام کے لیے ایک نا ختم ہونے والی اذیت بن چکا ہے۔وزیر اعظم کو یہ بات ذہن نشیں کر لینی چاہئے کہ محض خوشنما وعدوں کے سہارے عوام کو نہیں بہلایا جا سکتا۔عوام کا رہن سہن آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری سے ہزاروں برسر روزگار افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔اداروں کی ری سٹرکچنگ اور اصلاحات کے نام پر لوگوں سے ان کا روزگار چھیننا ظلم ہے۔جو ادارے بحران کا شکار ہیں ان میں اعلی انتظامیہ کو بہترین بزنس پلان متعارف کرانا چاہئے تاکہ انہیں نفع بخش بنایا جا سکے۔ادارے اعلی انتظامی افسران کی نااہلی کے باعث تنزلی کا شکار ہوتے ہیں جس کی سزا کارکنوں کو دینا ناانصافی اور ظلم ہے۔

وحدت نیوز (کواردو) کواردو میں الیکشن کمپین آفس افتتاح کی تقریب میں کواردو کے سرکردگان جوانوں اور عوام کی جم غفیر نے شرکت کرکے ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار برائے حلقہ دو سکردو محمد کاظم میثم کی مظبوط پوزیشن پہ مہر تصدیق ثبت کردی-آج کی منعقدہ تقریب پیار ,امن اور محبت کی تقریب ثابت ہوئی- تمام سیاسی حریفوں کے نام  محبت کا پیغام دیا گیا-  کواردو عوام کی جمع غفیر اور اپنے ساتھ والہانہ عقیدت و محبت اور عشق دیکھ کر آغا علی رضوی نے کہا کہ اس عظیم قوم اور عوام کے خاطر میں کاچو امتیاز کی سابقہ غلطیوں کو معاف کرتا ہوں اگر پہلے معاف کرتے تو لوگ کہتے کہ اے ڈی پی کی خاطر معاف کیا ہے-

انہوں نے کہاکہ ان سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں قومیات میں جو بھی عوام کے ساتھ نہ دے انکا محاسبہ عوامی عدالت میں کرتا رہوں گا۔ تمام نمائندوں کی عزت و احترام کرتا ہوں۔ سب میرے لیے عزیز ہیں اور تمام امیدواروں میں جو سب سے بہتر تھا انہیں میں نے اپنا نمائندہ قرار دیا ہے۔علامہ شیخ اکبر علی مخلصی نے اپنے خطاب میں قوم پرستی کی شدید مزمت کرتے ہوئے اسے دور جاہلیت کا رواج قرار دیا اور کہا کہ خدا کے نزدیک برتری کا معیار صرف تقویٰ اور پرہیزگاری ہے-

مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کا متفقہ امیدوار کاظم میثم نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمارا پیغام محبت کا پیغام ہے ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے کارکنان علمائے کرام اور سادات کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیئے گئے ہیں- آج میں ان سب کو محبت کا پیغام بھیجتاہوں- ہم سب کا احترام کرتے ہیں- تمام سیاسی جماعتوں کے حامیوں اور کارکنان میرے لئے لائق صد احترام ہےآپ نے اپنے ووٹرز سے گزارش کی کہ اگر کسی مخالف سیاسی جماعت کا جھنڈا کہیں بھی گرا ہوا نظر آئے تو اسے اٹھاکر ایک بلند جگہے پہ نصب کر دیں کیونکہ ہمارا کام گرتے ہوؤں کو تھامنا اور غریب عوام کی عزت و وقار کو بلند کرنا ہے-

مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما رسول میر نے نفرت کا جواب محبت , الزام کا جواب  احترام , بدکلامی کا جواب خوش اخلاقی اور بے وفائی کا جواب معافی سے دیکر اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرنے پر کواردو کے عوام کی طرف سے مجاہد ملت آغا علی رضوی اور آپ کے دست راست میثم کاظم کو زبردست خراج تحسین پیش کیااور شکریہ ادا کیا-

وحدت نیوز (لاپور) حکیم الامت شاعر مشرق علامہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے 143ویں یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ علامہ اقبال جیسی تاریخ ساز شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں آپ نے مسلمانوں کو بیدار کر کے انہیں بھولا ہوا سبق یاد دلایا، اور رسالت مآب (ص) کی تعلیمات کو اپنانے پر زور دیا اور خود اس کی عملی تصویر بنے۔

 انھوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ نے شاعری کو اپنے افکار و خیالات کے اظہار کا ذریعہ بنایا اور مسلم اُمہ کو قومیت ،حب الوطنی ، انسانیت،اتحاد اور جدوجہد کا درس دیا۔انھوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی سیاسی بصیرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ، انھوں نے مسلمانوں کے ملی تشخص کے لیے جداگانہ طریق انتخاب پر زور دیا اور اسے برقرار رکھنے کے لیے عملی سیاست میں حصہ لیا یہی جدا گانہ انتخاب بعد میں قیام پاکستان کا تصور بنااور یہی نقطہ اقبال ؒ کی سیاسی فکر کا محور تھا ان کا کہنا تھا  شاعر مشرق کی اُمیدیں نوجوان طبقے کے ساتھ، سب سے زیادہ وابستہ تھیں وہ سمجھتے تھے کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج قوم کی حالت دگرگوں نظر آتی ہے آج کے جوان غفلت کا شکارہیں ادب ، تہذیب فکر و تدبر شعور و آگہی سے بے بہرہ یہ نئی نسل اپنا اصل مقام بھول چکی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے تعلیمی نظام میں اقبالؒ کی شاعری کو باقاعدہ مضمون کے طور پر نصاب میں شامل کیا جاے تاکہ ملت کا ہر جوان علامہ محمد اقبال کی تصانیف کا مطالعہ کرے اور انکے پیغام کو عملی زندگی میں نافذ کرے تو یہ نسل نو تعلیم یافتہ،باصلاحیت ،مہذب اور روشن دماغ ہوگی اور قوم کا مستقبل تابناک ہوگابصورتِ دیگر قوم اندھیروں میں بھٹکتی رہے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree