The Latest
وحدت نیوز(سکردو) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2020 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نامزدامیدوار برائے حلقہ جی بی ایل اے 8 سکردو 2 محمد کاظم میثم کامیاب قرار پاگئے ہیں۔
ایم ڈبلیوایم کے امیدوار محمد کاظم میثم 7988 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر آئے۔ پی پی پی کے سید محمد علی شاہ 7012 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، ناصرشیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی، اسدعباس نقوی، تمام صوبائی سیکریٹری جنرل صاحبان سمیت ملک بھر سے کارکنان اور عہدیداران کی مبارک باد، حلقہ میں کارکنان ، ووٹرز اور سپورٹرز کا شاندار جشن ، صوبائی سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی اور محمد کاظم میثم کا شرکاء سے خطاب اور بھرپور اعتماد پر اظہار تشکر۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) وارثان شہداء کمیٹی کے زیراہتمام شہداء سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی چھٹی برسی کے موقع پر عظمت شہداء کانفرنس منعقد کی گئی۔کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ،ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری ،علامہ مشتاق حسین عمرانی، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے ڈویژنل صدر برادر اویس جکھرانی، آئی ایس او کے رہنما برادر اللہ بخش ،صوبائی رابطہ سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم برادر فدا عباس، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما اصغر علی سیٹھار، نذیر حسین جعفری، حاجی مولانا سیف علی ڈومکی ،مولانا حسن رضا غدیری، مولانا ارشاد علی سولنگی و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقعہ پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حکومت وارثان شہداء شکارپور و جیکب آباد سے کئے گئے وعدوں اور معاہدے پر عملدرآمد کرے۔سندھ کے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کا کیس ری اوپن کیا جائے اور دھشت گردوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔ مقام تعجب ہے کہ ڈی آئی جی پریس کانفرنس کرکے دھشت گردوں کے نام اور ثبوت پیش کرتا ہے جبکہ اس کے ماتحت پولیس ایس ایچ او پی ڈی ایس پی دھشت گردوں کے سہولت کار بن جاتے ہیں۔انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ عدالتوں سے دہشت گردوں کے با عزت بری ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے 28 شھداء کے خون سے انصاف کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)معروف صحافی ارشد وحید چوہدری کے انتقال پرسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا اظہار تعزیت، میڈیا سیل سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوںنے کہاکہ مرحوم اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مزید کہاکہ مرحوم ارشد وحید چوہدری کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے صبر کے لیے دعاگو ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کشمور کے انسانیت سوز واقعہ پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے اس درندگی کی بدترین مثال قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں قصور اور دیگر شہروں میں عصمت دری اور قتل کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا ملتی توایسی ملزمان کو حوصلہ نا ملتا۔وطن عزیز میں جنسی تشدد کا رونما ہونے والا ہر اگلا واقعہ بربریت و درندگی میں پچھلے واقعات کوپیچھے چھوڑ جاتا ہے۔درندہ صفت عناصر پر قانون کی کمزور گرفت اور سزاؤں میں غیر ضروری طوالت نے مجرمان کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں۔کشمور سانحہ میں ملوث افراد عبرتناک سزاؤں کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عصمت دری کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ اس پرفوری عمل درامد انتہائی ضروری ہے۔حکومت ایسے درندوں کو سرعام پھانسی دینے کے لیے قانون وضع کرے تاکہ دیکھنے والوں کو عبرت حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنسی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات عدم تحفظ کے احساس میں اضافے کا باعث ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ حکومت ان پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں کا درک کرتے ہوئے مذموم عناصر کو آہنی شنکجے میں لینا ہوگا۔علامہ باقر عباس زیدی نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکار اور ان کی بیٹی کے کردار کو سراہا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیگر مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ان سیاسی قوتوں کی شکست یقینی ہے جو جی بی کے عوام کے آئینی حقوق کے مخالف ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے تہتر سال سے محرومیوں کے شکار عوام کے لیے آئینی صوبے کا اعلان کر کے ان کے دل جیت لیے ہیں۔پی ڈی ایم کے جلسوں میں مقررین نے جی بی صوبے کے قیام کی کھل کر مخالفت کی جو اس خطے کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔عوام کی اکثریت آئینی صوبے کے قیام کی خواہاں ہیں۔نون لیگ کا بیانیہ عوامی خواہشات کے برعکس اور مودی کی سوچ کی ترجمانی کرتا ہے۔پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ ملک دشمن عالمی قوتوں کا ایجنڈا ہے جسے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں تقویت دے رہی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کو سوائے مایوسی کے اور کچھ نہیں دیا۔دونوں جماعتوں نے اپنے دور اقتدار میں عوامی ترقی کے کسی منصوبے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ سابق وزیر اعلیٰ کے اپنے حلقے میں بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہور ہی ہے۔طبی سہولیات کا فقدان ، روزگار کی عدم دستیابی اور تعلیم کے شعبے میں عدم توجہی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں تحریک انصاف سے اتحاد آئینی صوبے کے قیام کی بنیاد پر کیا۔یہاں کے عوام کو چاہیے کہ وہ ووٹ کی طاقت سے تحریک انصاف کو کامیاب کریں تاکہ انہیں آئینی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ایسے لوگوں کو مسترد کیا جائے جو یہاں کے عوام کو ان کے آئینی حقوق دینے کی ہر پلیٹ فارم پر مخالفت کر رہے ہیں۔
انہوں نے وادی نیلم میں بھارتی افواج کی جانب سے گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرحدی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو گرین سنگنل بھی ان قوتوں کی طرف سے ملتا ہے جو ارض پاکستان کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔صحافیوں پر کسی قسم کی قدغن نہیں ہو نی چاہیے۔چینل 24 کی نشریات کو بحال ہونا چاہیے۔کشمور واقعہ پر انہوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بربریت و درندگی کی اس سے بدترین مثال کہیں نہیں ہو سکتی۔ایسے درندوں کو جب تک سرعام عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں تب تک حیوانیت کا یہ باب بند ہوتا نظر نہیں آتا۔
وحدت نیوز(کراچی) سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی کی زیر صدارت تین ماہ کے لئے مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی کی انتظامی اور تنظیمی آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، کوآرڈینیٹر کے فرائض معروف اسکالر ، ذاکرہ و شاعرہ اہلبیت ؑ ڈاکٹر محترمہ ثروت عسکری اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر کے فرائض محترمہ معصومہ ممتاز سرانجام دیں گی۔
اس موقع پر محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے خواہران سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کسی بھی الٰہی ہدف کی حصول و کامیابی کیلئےخواتین کا کردار اور ان کی مجاہدانہ صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا معاشرے کی اصلاح اور فلاح کا دارومدار خواتین کے دیندار اور تربیت یافتہ ہونے پر ہے کیونکہ معاشرے کے صالح اور دیندار افراد ان ہی کی گود سے پرورش پاتے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ خاتون کو خدا نے بے شمار صلاحیتوں کا حامل بنایا ہے لھذا ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین اپنی ان صلاحیتوں کو بروے کار لاتے ہوے دین اسلام کی خدمت سر انجام دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جناب زینب سلام اللہ علیھا سے عشق رکھنے والی خواتین کبھی اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوتیں بلکہ میدان عمل میں مجاہدانہ کردار ادا کرتی ہیں بعد ازاں کمیٹی کے ارکان سے حلف لیا گیا۔
اس اجلاس میں طے پایا کہ آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر انتظام تین ماہ میں کراچی میں مختلف اضلاع اور یونٹز کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور تنظیمی امور ترتیب دیے جائیں گے ۔تین ماہ بعد ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کراچی کی سیکرٹری جنرل اور کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے مینا پن کے مقام پر منعقدہ خواتین کے اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا کہ گلگت کے عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایم ڈبلیو ایم ہی وہ جماعت ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے مسائل بہت سنگین ہیں اور ان تمام کا واحد حل آئینی صوبے کی تشکیل ہے اور علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی با بصیرت قیادت میں ہم یہ میدان بھی سر کر لیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی باشعور مائیں بہنیں 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں خیمے اور بلے پر مہر لگا کر خطے کے بہتر مستقبل کا فیصلہ کریں گی ۔
محترمہ صابرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوم اور محروم طبقے کا ساتھ دیا ہے جب گلگت میں چودہ اسیروں کی رہائ کے لیے آواز اٹھانے کا وقت آیا تو ایم ڈبلیو ایم کی خواہران اور برادران میدان عمل میں دکھائی دیئے۔ انھوں مزید نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس کے ہر حکم پر لبیک کہتے ہوے میدان میں موجود رہیں گےاس موقع پر سابقہ رکن اسمبلی جی بی محترمہ بی بی سلیمہ نے بھی خواتین سے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے جتنے بھی نمائندے منتخب ہو کر اسمبلی گئے ان کا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت اور بھلائی رہا۔
ڈاکٹرعلی محمد نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے گلگت بلتستان کی عوام بہت تعلیم یافتہ اور باشعور ہے اور ہمیں یقین ہے کے اس دفعہ یہاں کی عوام ذات اور قوم کے فتور سے باہر آئے گی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے بہتر فیصلہ کرے گی اور سب سے بہتر فیصلہ یہ ہی ہے کے جو جماعت آپ کو آپ کے تمام آئینی حقوق دے اس کا ساتھ دیں۔
وحدت نیوز (سکھر) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زھرا نقوی نے سکھر میں ضلعی سیکرٹری روابط محترمہ فرزانہ اظہر اور مرکزی رہنما محترمہ شبانہ میرانی سے ملاقات کی، اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی ، ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کےڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن اور آفتاب میرانی بھی موجود تھے۔
اس نشست میں ضلع سکھر کے تنظیمی امور سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا اور تمام امور کی اصلاح اور مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی گئی نیز اہم فیصلہ جات بھی کیے گئے۔
وحدت نیوز(سکردو) منگر گمبہ سکردو سے ایک بار پھر درجنوں افراد نے آج مجاہد ملت آغا علی رضوی اور مجلس وحدت مسلمین کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر کاروان آغا علی رضوی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کے نامزد اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کاظم میثم کی بھرپور حمایت اور تعاون کا اعلان کیا۔
عمائدین منگر گمبہ سکردو نے اس موقع پر آغا علی رضوی کو یقین دلایا کہ 15 نومبر کو علاقہ عوام بھرپور انداز میں اپنے گھروں سے نکلیں گے اور خیمہ کے نشان پر مہر لگا کر ایم ڈبلیوایم اور پی ٹی آئی کے متفقہ امیدوار محمد کاظم میثم کو کامیاب بنائیں گے ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایڈوکیٹ زاکر علی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ اختیارات اور اقتدارکی رسہ کشی نے مقتدر شخصیات کو ان کے فرائض سے غافل کر رکھا ہے۔بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی اور عوامی مسائل سے عدم توجہی کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے۔ملک کے معاشی حب کے تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔سرکاری اداروں میں کسی کی شنوائی نہیں۔نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ترقیاتی منصوبوں میں مالی بدعنوانیاں پہلے ہی مرحلے میں ترقی کے سارے دعووں کے پول کھول دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معمولی بارش کے بعد پورا کراچی کسی جوہر کا نقشہ پیش کر رہا ہوتا ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور عدم تحفظ حکومت کی انتظامی اہلیت پر سوالیہ نشان ہے۔پورا ملک بحرانوں کی زد میں ہے لیکن حکمران ان معاملات سے دانستہ طور پر انجان بنے بیٹھے ہیں۔حکومت جب تک عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہو گی تب تک مشکلات کا ازالہ ممکن نہیں۔محکمہ بلدیات سمیت تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا درک کرنا ہو گا۔
جب تک صوبائی و وفاقی حکومتیں ایک پیج پر نہیں ہوں عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا رہے گا۔معاشی و کاروباری اعتبار سے وطن عزیز کے سب سے بڑے شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک سے پورے ملک کی اقتصادی صورتحال پر بدترین اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کی ذمہ دار سندھ حکومت اور وفاق دونوں ہیں۔ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے اگر اداروں کی یہی روش برقرار رہی تو عوام کا ان پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے صرف نظر کو مجرمانہ غفلت کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔