The Latest


وحدت نیوز(جیکب آباد)مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع جیکب آباد میں خطاب کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عورت مارچ کی آڑ میں دینی اقدار کی توہین شرمناک عمل ہے۔ مغربی ثقافت نے عورتوں کی آزادی کے نام پر عریانی فحاشی اور بے حیائی کی ترویج کی ہے جبکہ اسلام حیاء عفت اور پاکدامنی کا علمبردار ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم عورتوں کے حقوق کے علمبردار ہیں۔ عورتوں کے حقوق کی بات کرنے کا مقصد انہیں اعلی تعلیم دینا اور انہیں میراث میں حق دلوانا ہے۔ آج بھی پاکستانی خواتین کی اکثریت حق میراث سے محروم ہے۔ پاکستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے لئے وومین یونیورسٹیز قائم کی جائیں ایک اسلامی ملک میں مخلوط نظام تعلیم انتہائی افسوناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورت کو اپنے مقدر کا فیصلہ کرنے کا بھی حق حاصل ہے ۔ ماں باپ یا رشتے دار شریک حیات کے انتخاب میں عورت پر جبر نہیں کر سکتے۔ دین اسلام عورت کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے مگر عورت مارچ کی آڑ میں دینی اقدار کا مذاق اڑانا اغیار کا ایجنڈا ہے مغربی تہذیب کے شب خون کا مقابلہ کرنے کے لئے ملک بھر کے اہل فکر و دانش اور دینی قوتیں متحد ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کے لئے 20 جمادی الثانی یوم ولادت سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا ہی یوم خواتین ہے۔ یہ دن خواتین کے اعلی انسانی اقدار کی ترویج کا دن ہے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی ڈی سی لاہور سے ملاقات شعبان المعظم میں جشن کے پروگرامز ایس او پیز کے مطابق منعقد کرنے کی اپیل. ڈی سی لاہور کی جانب سے ایس او پیز کے مطابق منعقد ہونے والے چشن میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے سے اجتناب کی یقین دہانی۔

ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی ، سیکرٹری سیاسیات برادر حسن کاظمی اور سیکرٹری تحفظ عزاداری برادر خرم نقوی نے شرکت کی. عبادت کا درجہ رکھنے والے مذہبی اجتماعات پر بے جا اور غیر قانونی ایف آئی آرز کے اندراج کے بعد یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ انتظامیہ کا رویہ پُرامن شہریوں کو اشتعال دینے کے مترادف ہے لہٰذا اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر انتظامیہ کو نظر ثانی کرنے کے بعد اچھے انداز میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے شعبان کے بابرکت مہینے میں آنے والے آل محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خوشی کے دنوں کو بھرپور انداز سے منانے کی اپیل کی گئی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے مشترکہ طور پر اپنی گفتگو میں یہ بات واضح کی ہے کہ جس طرح عزاداری ہماری شہہ رگِ حیات ہے اس ہی طرح محمد و آل محمد صلوات اللہ علیہم اجمعین کی خوشی کے دنوں میں اجتماعی خوشی منانا بھی اولین عبادت اور فریضہ ہے۔ کسی بھی صورت ہم اپنی عبادت اور ایمان سے دستبردار نہیں ہو سکتے البتہ انسانی زندگی کا تحفظ انتظامیہ اور اداروں سمیت ہم بھی اپنی زمہ داری اقر فرض سمجھتے ہیں. ہمیں حکومت ایس او پیز پر عمل کرنے کا کہے یا نہ کہے ہم انسانی جانوں کے تحفظ کی خاطر اپنا فرض اور ایمان سمجھتے ہوئے مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

وحدت نیوز(کوہاٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ کو ہر دور میں شہادتوں سے دبانے کی کوشش کی گئی، لیکن شہادت تشیع کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت کا باعث بنی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ کے علاقہ عیسیٰ خیل ’’عظمت شہداء کانفرنس‘‘ بسلسلہ شہدائے ملت جعفریہ و شہدائے کچئ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر چیئرمین البصیرہ ٹرسٹ سید ثاقب اکبر، رکن شوریٰ عالی ایم ڈبلیو ایم علامہ محمد اقبال بہشتی، امامیہ علماء کونسل کے رہنماء اور پرنسپل جامعہ عسکریہ ہنگو علامہ خورشید انور جوادی، صوبائی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کے پی کے علامہ وحید علی کاظمی نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شیعہ، سنی کے درمیان پہلے کوئی جھگڑا تھا نہ آج ہے، پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی خاطر ہمیں ملکر جدوجہد کرنا ہوگی، وطن عزیز اس وقت دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے، لیکن ہم نے دشمن کی تمام سازشوں کو متحد ہوکر ناکام بنانا ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیگر علمائے کرام کے ہمراہ شہداء کی تصویروں پر مبنی نمائش بھی دیکھی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلسِ وحدتِ مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ میں پیدا ہونیوالی صورتحال اچانک نہیں ہوئی، اس کے پیچھے ایک عرصے کی پلاننگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلان شہباز شریف کے دورِ حکومت میں بنایا گیا جس وقت شہباز شریف نے مشتاق سکھیرا کو آئی جی پنجاب بنایا اور اس وقت کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ کی ایماء پر عزاداری کیخلاف سازشیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ سمیت پورے پنجاب میں اہل تشیع کے سرکردہ افراد کے نام بلاوجہ فورتھ شیڈول میں ڈالے جا رہے ہیں۔ کوئی مجلس کروا دے تو اس کیخلاف مقدمات درج کر لئے جاتے ہیں۔ علامہ اسدی نے کہا کہ ماضی میں شہباز شریف دور میں پولیس کو کہا گیا کہ اگر کوئی عزاداری کا لائسنس یافتہ جلوس دو منٹ بھی لیٹ ہو جائے تو مقدمات درج کر لئے جائیں۔ چھوٹے چھوٹے بچوں پر مقدمات درج ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ہماری بات ہی نہیں سن رہی، جب ریاست ہی ہماری بات نہیں سنے گی تو ہم کیا کریں، ہم نے وطن کی محبت میں سو سو لاشیں اٹھائیں مگر دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے کوئی بات بھی نہ ہو تو مقدمہ درج کر دیا جاتا ہے جبکہ ہمارے مخالف، ہمارے قاتل لاشیں گرا دیں تو انہیں پوچھتا کوئی نہیں۔ اگر چاردیواری کے اندر بھی مجلس عزا برپا کی جائے تو اس پر بھی پولیس بانیان کو ہراساں کرنا شروع کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عزاء کے انعقاد پر بانی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈال دیا جاتا ہے، اسے سی ٹی ڈی کے دفتر میں بلا کر ہراساں کیا جاتا ہے، کوئی بتا سکتا ہے کہ یہ سب کس قانون کے ساتھ ہو رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ڈی سی چنیوٹ کی حرکت کو دیکھیں کہ علامہ راجہ ناصر عباس سمیت ہمارے جید علماء کرام جنہوں نے ہمیشہ امن کی بات کی ان کے چنیوٹ داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ جن علماء پر پابندی لگائی گئی ہے انہوں نے وحدت و بھائی چارے کیلئے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف چنیوٹ کا نہیں، بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے، پورے صوبے میں مقدمات درج کئے گئے ہیں، اس حوالے سے انتظامیہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ ہمارا مذاکرات کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں، مگر کوئی انہیں پوچھتا نہیں، منڈی بہاوالدین میں ایک عزادار شہید ہوا، اس کے قاتل بھی سرعام گھوم رہے ہیں، انتظامیہ شیعوں کیخلاف خوامخواہ کی نفرت بنا کر بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہا تشیع نے پاکستان کی سلامتی کیلئے قربانیاں دی ہیں، ہمیں دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے جس کسی طور کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کی خرابی میں سعودی عرب ملوث ہے، اس کیساتھ اب مودی بھی شامل ہو گیا ہے، اس صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بیرونی مداخلت روکے، وہ سعودی عرب ہو یا انڈیا، ان کی مداخلت ختم کی جائے۔ ہم پاکستان میں پرامن قوم ہیں، ہم شیعہ سنی صدیوں سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں، یہ فساد اور دنگا بیرونی مداخلت سے ہے، اس میں آل سعود ملوث ہیں، ہمیں پہلے دہشتگردی سے ڈرایا گیا، ہم اس سے خوفزدہ نہیں ہوئے تو اب پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے، ہم عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز(کوہاٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ حمید حسین امامی کے درمیان دورہ کوہاٹ کےدوران ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ اقبال بہشتی، علامہ سید وحید عباس کاظمی، جلال حسین طوری اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مختلف قومی اور ملی امور پرخوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دورہ کوہاٹ کے دوران عظمت شہداء کانفرنس میں بھی خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ علامہ حمید امامی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا خیر مقدم کیا۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ تنظیم سازی کے آرگنائزر جناب مولانا محمدجان حیدری کے کہا ہےکہ دستوری پالیسی کے مطابق گلگت بلتستان کے ہر انتخابی حلقہ کو تنظیمی ضلع کا مقام دیاگیاہے۔اس فارمولےکے تحت آج گلگت حلقہ 1، 3 اور 4کےضلعی  سیکریٹریز کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

حلقہ 1 سے فاضل عالم دین حجت الاسلام و المسلمین سید قائم علی شاہ ،حلقہ 3 سے فعال نظریاتی شخصیت جناب ابوالحسن صاحب جبکہ نگر حلقہ 4 سے برادر شیخ عارف حسین فاروقی کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

ان تینوں بزرگوں سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ نیر مصطفوی نے باقاعدہ حلف لیا۔حلقہ 3 کی تقریب حلف برداری جامع مسجد دنیور ، حلقہ 1 اور4کی تقریب حلف برداری صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں ہوئی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے ماہ شعبان المعظم کی آمد پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ خداوند سبحان نے اپنے بندوں پر کرم و بخشش کرنے کے لیے ماہ رجب شعبان اور رمضان جیسے با برکت مہینے عطا کیے ہیں ماہ شعبان المعظم کے بارے میں ختمی المرتبت حضرت محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ ماہ شعبان میرا مہینہ ہے پس قرب خداوندی اور سرور کائناتؐ کی محبت میں اس ماہ میں روزے رکھے جائیں مخصوص عبادات اور اذکار بجا لاے جائیں تاکہ ہم معرفت خدا و رسولؐ کی منازل طے کر سکیں۔

 ان کا کہنا تھا اس ماہ کی فضیلت تو اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اس کے آغاز میں عقیلہ بنی ہاشم جناب زینب بنت علی سلام اللہ علیھا کی ولادت ہوتی ہے اور پھر سیدالشہداء امام حسینؑ ، غازی عباس علمدارؑ ، امام زین العابدین ع  جناب قاسمؑ و اکبرؑ اور حجت آخر امام مھدی علیھم السلام کی ولادت غرضیکہ  نفوس قدسیہ کی آمد کا ایک سلسلہ ہے جو اس ماہ کی رونقوں اور خوشیوں کو دوبالا کرتا ہے ۔

 ان کا کہنا تھا اہلبیت علیھم السلام سے عشق و محبت کا دم بھرنے والوں کے لیے یہ خوشیوں اور روحانی کیفیات سے بھرپور ایام  ہیں خداوند عالم سے دعا ہے کہ اہلیبیت علیھم السلام کی خوشیوں کے صدقے تمام محبان و فدایان محمد و آل محمد (ع) کے رنج و غم دور ہوں اور ان پاک ہستیوں کے وسیلے سے ہر ایک کا دامن رزق ، صحت و عافیت سے بھر دے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ماہ شعبان  کے بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ اس مہینے کو نبی کریم،ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا مہینہ قرار دیا ہے۔ اس ماہ نیک اعمال کے ذریعے قرب خداوندی کے حصول کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا ذات رب کریم کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے جس نے ماہ و ایام کو بھی ہمارے لیے رحمتوں میں بدل دیا ہے۔اس ماہ میں کامل تقویٰ، محبت اور عاجزی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرکے خدا بزرگ و برتر کی رضا حاصل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ محض عبادات سے خدا کو راضی کرنا ممکن نہیں بلکہ حقوق العباد پر بھی توجہ کرنا ضرور ی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اسلام عبادات کے ساتھ ساتھ معاشرتی تعلقات،سماجی روابط،سیاسی عمل،معاشی ضروریات اور اقتصادی استحکام سمیت زندگی کے تمام پہلوؤں پر دین اسلام کے مطابق توجہ دینے پر زور دیتا ہے۔ ماہ شعبان میں جو لوگ تزکیہ نفس کے ذریعے اپنے اخلاق کو سنوارنے کی کوشش کرتے ہیں ان کی محنت رائیگاں نہیں جاتی۔

وحدت نیوز(کراچی)کراچی کے حلقے NA-249 ضلع کیماڑی میں ہوئے والے ضمنی انتخاب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے علامہ مبشرحسن کو امیداوار نامزد کردیا ہے۔ امیدوار کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن سے وصول کرلیئے گئے ۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے حلقہ NA-249 کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے علامہ مبشر حسن کو اپنا امیدوار نامزدکردیا ہے ۔ علامہ مبشر حسن ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ترجمان کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں ،وہ کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے بھی طویل عرصہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ NA-249 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن فیصل واوڈا کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی ، اس نشست پر الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، سال 2018 کے قومی انتخابات میں اس حلقےسے مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف بھی حصہ لے چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 7اپریل 2021 ہے جبکہ NA-249  میں ضمنی انتخاب 29 اپریل 2021 کو منعقد ہوں گے ۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ نے این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی کی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں ہونے والے اس فیصلے کی ملت تشیع کی جانب سے بھرپور تائید کی گئی ہے۔ شرکاء اجلاس نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں شرکت کا فیصلہ متفقہ ہے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہر طرح کی تنظیمی وابستگی سے بالاتر ہو کر کوشش کی جائے گی۔

علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے لیے ہماری مخلصانہ تگ و دو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ہم نے ہمیشہ قوم کو تمام تعلقات پر ترجیح دی ہے۔ہم تعمیری سیاست اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔مذکورہ حلقہ کے عوام کو ماضی میں منتخب نمائندوں نے مایوس کیا۔ آج بھی حلقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے عوام مقتدر شخصیات کے منتظر ہیں۔مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ عوامی فلاح وبہبود کو مقدم رکھا۔

انہوں نے کہا کہ کہ اگر حلقے کے عوام نے انہیں خدمت کا موقع دیا تو انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا اور ہر سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔اجلاس میں کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری،علامہ مبشر حسن،میر تقی ظفر،ناصر الحسینی،سبط اصغر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree