The Latest
وحدت نیوز(گلگت) ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین وسابقہ ممبر گلگت بلتستان اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ صاحبہ نے نلتر میں پیش آنے والے دلخراش واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے جان بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس دلخراش سانحہ سمیت سابقہ سانحات کے مجرموں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائے تاکہ دہشت گردی پھیلانے والے اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکے اور امن وامان کی فضا برقرار رہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی ضروری سہولیات باہم پہنچائی جائے اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر سابقہ سانحات کے مجرموں کو عبرتناک سزا دی جاتی تو آج یہ سانحہ پیش نہ آتا۔
وحدت نیوز(کراچی) حلقہ این اے249 سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار علامہ مبشرحسن نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام ان امیدوار وں کا احتساب کریں گے جنہوں نے گزشتہ الیکشن جیتنے کے بعد عوام سے منہ موڑ لیا۔کراچی کے عوام باشعور ہیں اور میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔اب رنگین وعدوں پر بہلنے کا دور گزر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن اور سعید آباد کے مکین آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔اب خوشنما وعدوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے سیاست میں کامیابی کو ہدف سمجھے بغیر عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر ذاتی حیثیت سے غیر معمولی کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا روایتی نعروں پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ایسے سیاستدانوں کو دوبارہ آزمانے کی ضرورت نہیں جنہوں نے ماضی میں عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔انہوں نے کہا کہ اگر انہیں عوامی خدمت کا موقع دیا گیا تو اہل علاقہ کو کبھی مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔علامہ مبشر حسن نے حلقے کا دورہ کیا اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اہل علاقہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی مکمل حمایت کا وعدہ کیا ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینئر سخاوت علی نے کہا کہ یوم پاکستان وطن عزیز کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔23مارچ 1940 کو قرار داد پاکستان پیش کی گئی اور اسی دن پاکستان کے حصول کے لئے تحریک کا آغاز کیا گیا، پاکستانی قوم نے یہ ثابت کردیا کہ جب وہ فیصلہ کرلے تو پھر منزل حاصل کرکے ہی دم لیتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان میں تنظیم سازی کا سلسلہ جاری، ملتان کے علاقے غوث آباد میں نیا یونٹ قائم، مولانا زاہد حسین قریشی نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے، تفصیل کے مطابق غوث آباد یونٹ کا اجلاس صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینیئر مہر سخاوت علی سیال اور ممبر ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی محمد رضا مومن کی زیرصدارت منعقد ہوا، جلاس میں سردار مرید حسین خان، سید شکیل عباس طاہر، قمر عباس، مظاہر حسین، رضا عباس، ذیشان بھٹہ، اسد عباس شاہ، اسماعیل شاہ، افضال شاہ، ماسٹر بشیر حسین، ندیم شاہ، نیئر عباس، عبدالوہاب اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر اکثریت رائے سے مولانا زاہد حسین قریشی کو نیا یونٹ سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا، نومنتخب سیکرٹری جنرل سے صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی سیال نے حلف لیا۔ مہر سخاوت علی نے کہا کہ یوم پاکستان وطن عزیز کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔23مارچ 1940 کو قرار داد پاکستان پیش کی گئی اور اسی دن پاکستان کے حصول کے لئے تحریک کا آغاز کیا گیا، پاکستانی قوم نے یہ ثابت کردیا کہ جب وہ فیصلہ کرلے تو پھر منزل حاصل کرکے ہی دم لیتی ہے۔
یوم پاکستان کی قرار داد کی وجہ سے7سال بعد ایک نیا ملک پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔الحمد للہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین علامہ شیخ نیر مصطفویٰ کے مطابق گلگت بلتستان لیول پر مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام یوم جوان کا مرکزی اجتماع کل بروز ہفتہ 27مارچ کو جامع مسجد الحجت نومل گلگت میں ہوگا۔
جسمیں گلگت،نگر،استور،اور بلتستان سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ جوان کے اراکین شرکت کرینگے۔اس عظیم الشان اجتماع میں گلگت بلتستان کے معروف شعراء کرام، علماء کرام اور تنظیمی رہنما شریک ہونگے۔یوم جوان کے انعقاد کا مقصد نسل جواں کو سیرت حضرت علی اکبر علیہ السلام سے روشناس کرانا اور عصر حاضر کے الحادی حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
یوم جوان حقیقت میں حجت کبریا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے حضور جوانوں کے عہد کا دن ہے کہ جسمیں مولا کے حضور کڑیل جوان حضرت علی اکبر علیہ السلام کی سیرت کے تناظر میں جوان دین شناسی، اخلاقیات، معاشرہ شناسی اور دشمن شناسی سے آگاہ ہونگے۔انہوں نے مزید کہا۔یوم جوان میں نگر غلمت کے امام جمعہ رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان ڈاکٹر علی محمد، پروفیسر شیخ ارشاد حسین مصطفوی، مرکزی آرگنائزر تنظیم سازی شیخ محمدجان حیدری خصوصی خطاب فرماینگے۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ تربیت کے زیر اہتمام11سے 18 شعبان ہفتہ معرفت امام زمانہ علیہ السلام کے طور پر منانے کا اعلان۔سکردو،خپلو،روندو،شگر،گلگت ،نگر کے مختلف یونٹس میں معرفت امام زمانہ علیہ السلام کوئز مقابلہ کے حوالے سے 3000تین ہزار کتابیں تقسیم۔مطالعہ کے بعد امتحان لیکر ممتاز افراد کو انعام دیاجائے گا۔ اسکے علاوہ مختلف یونٹس اور ضلعی سیٹ اپ کے زیر اہتمام معرفت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ کے موضوع پر سیمنار،کانفرنس اور دروس کا اہتمام کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) نـلـتـر میں پیش آنے والا دلخراش واقعہ قابل مذمت ہے، شہر کراچی کی عوام غم کی اس گھڑی میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے،علاقے کے امن و امان کے بہت دشمن ہیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آئینگے جوکہ موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں، لہٰذا فرقہ وارانہ فساد ڈالنے والوں کو باشعور ہونے کا ثبوت دیں۔ان خیالات کا اظہار مولانا محمد صادق جعفری خطیب جمعہ ویسٹ کراچی اور سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے خطبہ جمعہ میں گفتگو کرتے کیا۔انہوں نے کہاکہ امن و امان کے صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان کو چاہئیے کہ جلد از جلد مجرمان کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں ۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)بسلسلہ یوم ولادت حضرت علی اکبر علیہ السلام و یوم جوان جامعۃ المصطفی خاتم النببین جیکب آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شبیہ پیغمبر حضرت علی اکبر علیہ السلام کی سیرت اور کردار نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ اپنے عظیم کردار اور علم و معرفت کے باعث شبیہ پیغمبر کہلائے۔
انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ کے مطابق رجب اللہ کا مہینہ ہے اور شعبان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مہینہ ہے جبکہ رمضان المبارک امت مسلمہ کا مہینہ ہے ہمیں چاہئے کہ شعبان کے مہینے میں ذکر خدا اور عبادت و عبودیت الہی کے ذریعے خدا سے تقرب حاصل کریں اور اس مبارک مہینے میں روزے رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پینے کا صاف پانی صحت اور صفائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر افسوس کہ اکیسویں صدی میں بھی ہم تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بچوں کی بہتر تعلیم کے لیے ہم مجبور ہو کر پرائیویٹ اسکولوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ صحت و صفائی اور دیگر خدمات میں حکومت اپنے فرائض انجام دینے سے غافل نظر آتی ہے۔
اس موقع پر تقریب سے حاجی سیف علی ڈومکی, برادر علی شیر لغاری, شیر محمد بلال اور دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر جامعۃ المصطفی خاتم النبیین کے طالبعلم سید عبدالغفور شاہ شاہ اور غلام مہدی ڈومکی نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری برائے تحفظ عزاداری محترمہ شبانہ میرانی نے کوئٹہ کی ذمہ دار خواتین سےمسلسل رابطے میں رہتے ہوئے اپنے دو روزہ تنظیمی دورہ کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کوئٹہ کا تنظیمی سیٹ اپ تشکیل دیا ۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ محترمہ رقیہ ڈومکی سابقہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل کوئٹہ بھی موجود تھیں، کوئٹہ کی فعال اور تنظیمی تجربہ رکھنے والی خواہران سے ایک نشست رکھی گئی جس میں کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل جناب ارباب لیاقت صاحب بھی شریک تھے۔
اس موقع پر تنظیمی طور پر موجود رکاوٹوں کے حل کا سد باب کیا گیا اور تمام خواہران کی آمادگی کے ساتھ نیا سیٹ اپ تشکیل دیا گیا جس میں محترمہ رقیہ بتول کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا اور اس کے ساتھ باقی کابینہ بھی تشکیل دی گئی نو منتخب کابینہ سے محترمہ شبانہ میرانی نے حلف لیا۔
وحدت نیوز(آرٹیکل) مسئلہ فلسطین کی تاریخ کی بنیاد ایک صدی پر محیط ہے لیکن اس مسئلہ سے فلسطینی عربوں نے کبھی بھی ہمت نہیں ہاری ہے اور مسلسل لگن اور جستجو کے ساتھ فلسطین کی آزادی کے لئے اور اپنے حق کی خاطر انتھک جد وجہد میں مصروف عمل ہیں ، شاید یہی جدوجہد ہی وجہ بنی ہے کہ دنیا کی دیگر اقوام بھی مسئلہ فلسطین کی جانب متوجہ ہوئی ہیں۔
یہ مقالہ چونکہ ایسے ایام میں لکھا جا رہاہے کہ فلسطین کی ایک عظیم شخصیت شہید شیخ احمد یاسین کی برسی کے ایام ہیں ، شیخ احمد یاسین فلسطین کی ایک 68سالہ اس شخصیت کا نام ہے جو دونوں پیروں سے معذور ہونے کے باوجود بھی ہمت و جہاد کے بلند مرتبہ پر فائز تھے ، آپ کو سنہ2004ء میں 22مارچ کو اسرائیلی حملہ آور جہازوں نے نشانہ بنا کر بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا تھا ۔
جیسا کہ مندرجہ بالا سطور میں فلسطینیوں کی جہد مسلسل کا ذکر کیا گیا ہے لہذا اس جد وجہد میں شیخ احمد یاسین کا نام ہمیشہ سنہرے حروف میں رقم کیا جا ئےگاکہ جنہوں نے مادر وطن کے دفاع اور اپنی ملت و قوم کے حقوق کے لئے جہاد کیا اور شہادت کی منزل پر جا پہنچے ۔
شیخ احمد یاسین فلسطینی مزاحمتی گروہ حماس کے بانی اراکین میں شمار ہوتے ہیں ، آپ نے حماس کی قیادت کی ہے یہ بات حقیقت ہے کہ جب تک مصیبت میں مبتلا فرد یا قوم خود سے اس مصیبت کا مقابلہ نہیں کرتی اس وقت تک دنیا میں کسی بھی قوم اوراداروں کی جانب سے ان کی حوصلہ جوئی نہیں کی جا سکتی۔
یہ اس زمانہ کی بات ہے کہ جب ایران میں امام خمینی جیسی عظیم شخصیت کی قیادت میں اسلامی انقلاب جنم لے رہا تھا تو دوسری طرف فلسطین میں موجود چھوٹے چھوٹے مزاحمتی گروہ بھی اس انقلاب سے متاثر ہو کر منظم ہو رہے تھے ، یہ وہ زمانہ تھا کہ جب عرب حکومتوں نے اسرائیل کے سامنے اپنے ہتھیار ڈال دئیے تھے ، ایک عام فلسطینی جو عرب حکومتوں کو اپنا پشتیبان سمجھتا تھا اب یہ تصور کرنے لگا تھا کہ کیمپ ڈیوڈ جیسے معاہدوں کے بعد اب فلسطین اور فلسطینی عرب کا مستقبل تاریک سے تاریک تر ہوتا چلا جائے گا تمام امیدیں دم توڑ رہی تھیں ۔
ایسے حالات میں فلسطینی قیادت ڈاکٹر فتحی شقاقی، یاسر عرفا ت اور شیخ احمد یاسین جیسے افراد ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی سے رابطہ میں آچکے تھے اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ جب وہ تمام عرب ممالک اور حکومتیں جن سے فلسطینیوں کو امیدیں وابستہ تھیں وہ سب کے سب امریکہ اور اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیک چکے تھے اور سودے بازی کر چکے تھے ایسے وقت میں ایران سے امام خمینی کی ایک ایسی آواز کہ جس میں فلسطینی تحریک آزادی کی حمایت اور ایران میں امریکہ و اسرائیل نواز حکمرانوں کے خلاف قیام کا اعلان تھا، فلسطینی عوام اور تحریکوں کے لئے خاصا اثر کر رہا تھا ۔
سنہ 1979ء میں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے فوری بعد مقبوضہ فلسطین میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ جیسی مزاحمتی تحریکوں نے باقاعدہ جنم لیا اور فلسطین کی آزادی کی جنگ اور جد وجہد جو سنہ1970ء کے بعد سے کمزور پڑچکی تھی اور عنقریب امریکہ اور اسرائیل عرب حکمرانوں کے ساتھ مل کر اسے ختم کر دینا چاہتے تھے ایک مرتبہ پھر نئے جوش اور ولولہ کے ساتھ ابھر کر سامنے آ گئی ۔
اس دور میں شیخ احمد یاسین نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں باقاعدہ طور پر حماس کی قیادت کو سنبھالا، اسی طرح کچھ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ڈاکٹر فتحی شقاقی کی قیادت میں جنم لینے والا مزاحمتی گروہ جہاد اسلامی اپنی پوزیشن سنبھال چکا تھا جبکہ لبنان میں اسرائیلی افواج کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف حزب اللہ سید عباس موسوی کی قیادت میں سرگرم عمل ہو چکی تھی ۔
اس زمانہ نے تحریک آزادی فلسطین کے بے جان جسم میں ایک متحرک اور جاندار قسم کی روح پھونک ڈالی تھی ، تاریخ شاہد ہے کہ اس زمانہ کے بعد سے تحریک آزادی فلسطین مسلسل ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ آج فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے جد وجہد کرنے والی تحریکیں اور مزاحمتی گروہ کئی گنا طاقتور ہو چکے ہیں اور اسرائیل کا مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ اسرائیل جو خو دکو ایک ناقابل تسخیر اور طاقتور فورس سمجھتا تھا اس قابل بھی نہیں رہا ہے کہ فلسطین اور لبنان میں مزاحمتی تحریکوں کے سامنے چند گھنٹے بھی جنگ لڑے ، اس بات کا مشاہدہ گذشتہ چند سالوں میں بہت قریب سے کیا گیا ہے کہ جب اسرائیل مسلسل جنگوں میں شکست خوردہو کر فرار کرنے پر مجبور ہو اہے ۔
موجودہ حالات کے تناظر میں اگر فلسطینی تحریکوں کی جدوجہد کا تقابلی جائزہ لیا جائے تویہ بات ثابت ہے کہ آج بھی ماضی کی طرح چند عرب ریاستیں اور حکمران امریکہ اور اسرائیل کے حق میں فلسطین کاز سے دستبردار ہو چکے ہیں لیکن آج کی صورتحال سنہ1979کے پہلے کی صورتحا ل سے ایک سو اسی فیصد مختلف ہے کیونکہ اس سے قبل فلسطینیوں کی امید صرف عرب حکمرانوں سے تھی لیکن 1979ء کے بعد فلسطینی تحریکوں اور قوم کو مخلص دوستوں میں غیر عرب ریاستوں کی حمایت بھی حاصل ہے ۔
آج عرب دنیا کے حکمران یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کر کے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر کے فلسطین اور اس کاز کو ختم کر نے میں کامیاب ہو جائیں گے تو ان کے لئے صرف یہی کہا جاسکتا ہے کہ یہ سب کے سب تاریخ کے غلط راستے پر کھڑے ہیں جہاں ان کو صرف اور صرف پشیمانی اور نقصان کے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ، البتہ دوسری طرف فلسطین کے عوام اور فلسطینی تحریکیں ماضی کی نسبت زیادہ پر عزم اور پر امید ہیں۔
آج فلسطین کی آزادی کی جد وجہد کرنے والی تحریکیں فلسطین کے اندرونی و بیرونی مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ مزاحمت کے میدان میں ڈٹ کرکھڑی ہیں ، آج آزادی فلسطین اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی تاکید پہلے سے کئی گنا زیادہ شدت کے ساتھ کی جا رہی ہے یہی وہ تاکید اور عمل ہے کہ جس نے ثابت کیا ہے کہ اگر دنیا کے تمام عرب اور دیگر ممالک بھی اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہو جائیں اور فلسطین کی آزادی کی خاطر ایک فلسطینی بھی باقی رہے تو اس کا مطلب فتح و کامیابی فلسطین اور فلسطینی تحریکوں کی ہے نہ کہ ان خائن عرب حکمرانوں کی کہ جو اسرائیل سے دوستی کر رہے ہیں۔
آج ان تمام تر حالات میں فلسطینیوں کا ، حق واپسی کا بھرپور موقف فلسطین کی آزادی کی تاکید ہے یعنی فلسطین سے نکالے گئے تمام باشندوں کی فلسطین واپسی درحققیقت فلسطین کی آزادی کا ایک منصفانہ راستہ اور حل بھی ہے۔
آج فلسطین کے اندرونی و داخلی انتشار کو فلسطینیوں نے اپنے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ نابود کر کے فلسطین کی آزادی کی تاکید کی ہے فلسطینیوں کا اعلان کرنا کہ وہ فلسطین کی ایک انچ زمین سے بھی دستبردار نہیں ہوں گے یہ اس موقف کا اعلان ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے ،یہ موقف بھی فلسطین کی آزادی کی تاکید پر مبنی ہے ۔
فلسطینیوں کا اعلان کہ القدس ہی فلسطین کا ابدی دارلحکومت تھا اور ہے اور رہے گا، یہ یقینی طور پر دنیا کے حریت پسندوں کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور فلسطین و قبلہ اول کی بازیابی کی تاکید کرتا ہے فلسطینی تحریکوں کا یہ اعلان کہ ایک بھی قیدی کو صہیونی جیلوں میں باقی نہیں رہنے دیا جائے گا حقیقت میں فلسطین کی آزادی کی تاکید ہے ۔
خلاصہ یہ ہے کہ فلسطینی تحریکوں کے شہداء اور قائدین کی قربانیوں کے باعث آج نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ تمام تر سخت حالات اور مشکلات کے باوجود کہ جب عرب دنیا بھی فلسطین کا ساتھ چھوڑ رہی ہے فلسطینیوں کے عز م اور حوصلہ بلند ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ فلسطین جلد صہیونی شکنجہ سے آزادی حاصل کر لے گا ، یہی وہی تاکید ہے جسے آج فلسطین سے باہر کی دنیا میں موجود فلسطین کاز کی حمایت کرنے والوں اور حریت پسندوں نے سمجھ لیا ہے اور دن رات مظلوموں کی حمایت میں سرگرم عمل ہے ۔ یہ الہیٰ وعدہ ہے کہ مظلوموں کی حکومت قائم ہو کر رہے گی اور ظالم و غاصب نابود ہوں گے۔
تحریر: ڈاکٹر صابر ابو مریم
وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع سکھر کی سیکریٹری تعلیم و تربیت محترمہ رعنا رضا اور محترمہ مطہرہ نے روہڑی اور سکھر کی تعلیم یافتہ بچیوں کے مابین قرآن و تاریخ کوئزمقابلے کا انعقاد سکھر ٹاؤن شپ امام بارگاہ میں کیا۔
اس مقابلے میں سکھر اور روہڑی سے بچیوں نے بھرپور حصہ لیا مقابلہ میں شریک تمام بچیوں نے قرآن اور تاریخ پر مشتمل سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اپنی بہترین علمی قابلیت کا مظاہرہ کیا مقابلے کے اختتام پر ججز کے فیصلے مطابق پہلی تین پوزیشنز لینے والی خواہران میں انعامات تقسیم کیے گیے پروگرام کے اختتام پر شرکاء کے لیےدسترخوان کا اہتمام بھی کیا گیا۔