The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) ملت تشیع کے جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کے لیے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دھرنا دینے والے مظاہرین پر وفاقی پولیس نے دھاوا بول دیا۔کئی کئی سالوں سے لاپتا اپنے پیاروں کی غیر آئینی حراست کے خلاف آواز اٹھانا ایک جمہوری ریاست میں جرم ٹھہرا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز  کے زیر اہتمام کراچی میں گزشتہ تین روز سے دھرنا جاری ہے ۔مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان نےکراچی احتجاج کی حمایت میں اتوار کے روز ملک کے مختلف شہروں میں علامتی دھرنا دے رکھا تھا۔وفاقی دارالحکومت میں پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاج کے شرکاء کو پولیس نے اچانک گرفتار کر لیا۔مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے واقعہ کو پولیس گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی کا تقاضا کرنے والوں کے خلاف اسلام آباد پولیس کی کاروائی اختیارات سے تجاوز ہے۔وفاقی پولیس ملت تشیع کے مظاہرین کو گرفتار کر کے پورے ملک کے حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔پرامن مظاہرین کے خلاف کارروائی کا حکم دینے والے  افسران کو فوری بر طرف کیا جائے۔دو قومی نظریے کے خلاف لبرل طبقے کے احتجاج میں اسلامی شعائر کا پولیس کی موجودگی میں مذاق اڑایا گیا جبکہ دو قومی نظریے کے حقیقی مدافعین کی طرف سے آئینی بالادستی کا تقاضہ کرنا پولیس کی نظر میں جرم ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ملک کو پولیس سٹیٹ نہیں بننے دیں گے۔ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے،ہمیں مزید آزمانے سے گریز کیا جائے۔ہم نے اس ملک کے قیام اور سلامتی کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے۔کسی کو غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی اجازت نہیں دیں گے۔اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ظلم وجبر سے ہمیں دبا لے گا تو وہ قطعی مغالطے میں ہے۔انہوں نے اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

وحدت نیوز(کنب) جامعہ امام علی علیہ السلام کنب ضلع خیرپور میں نظام ولایت و امامت کانفرنس منعقد ہوئی کانفرنس سے بزرگ عالم دین استاد العلماء علامہ سید ارشاد حسین نقوی ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ ذوالفقار علی مفکری ،مدرسہ امام علی ع کے پرنسپل علامہ محمد نقی حیدری، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکریٹری تربیت علامہ نبی بخش دانش ،شیعہ علما کونسل کے رہنما جناب اسد علی شر، مولانا یاسین علی کمیلی، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما فضل حسین اصغری نے خطاب کیا۔

اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم نے علم کی اہمیت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اہل علم کی طرف رجوع کرنے کا حکم دیا ہے جاھل کا عالم کی طرف رجوع کرنا حکم قرآن ہے اور تقلید قرآن سنت اور عقل سے ثابت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ولایت فقیہ عصر غیبت میں اللہ اور اس کے رسول و اہل بیت ع کی اطاعت کا نام ہے جو ولایت فقیہ کو نہیں مانتے وہ اپنی عملی زندگی میں ولایت طاغوت کو تسلیم کر چکے ہیں۔اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے استاد العلما علامہ سید ارشاد حسین نقوی نے کہا کہ فقیہ عادل جامع الشرائط کی تقلید کرنا حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے فرمان سے ثابت ہے آئمہ اہل بیت نے ہمیں زمانہ غیبت کبری میں فقیہ عادل کی طرف رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ امام علی ع کے پرنسپل علامہ محمد نقی حیدری نے کہا کہ نظام ولایت و امامت کانفرنس کے ذریعے مرجعیت تقلید اور ولایت فقیہ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد خوش آئندہے جس میں فتنہ گر غیرمہذب افراد کے شبہات اور اعتراضات کا علمی جواب دیا جارہا ہے جو عوامی بصیرت کا باعث ہے۔کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا صفدر علی ملاح ،سابقہ چیٸرمین رٸیس نثار علی چانڈیو، میر ٹالپر سید زین العابدین شاہ و دیگر شریک ہوئے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا جبری گمشدگیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور ریاست پاکستان کے آئین سے متصادم ہیں کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ نوجوانوں کو ان کی زندگی کے قیمتی ترین حصہ میں اٹھائے اور انھیں عقوبت خانوں میں بند کرکے انھیں ان کے پیاروں سے دور کردے ۔

خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ اس غیر آئینی اقدام ا خلاف کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ ہمارے بے گناہ نوجوانوں کو رہا کیا جائے اگر کسی کا کوئی جرم ہے تو اسے مقدمہ کا اندراج کرکے عدالت کے ذریعے سزا جائے ۔

سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم  شعبہ خواتین نے کہا کہ جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کی تحریک آئین و قانون کی بالادستی کی تحریک ہے ہم جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کی ہر تحریک کی حمایت کرتے ہیں ہم اپنے شرعی ا اخلاقی فرض سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ اس کا قانونیت کے خلاف آخری حد تک لڑیں گے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں شھدائے چلاس کی برسی اور شیخ نوروز نجفی کے ایصال ثواب کےلئے مجلس کا اہتمام کیاگیا۔جسمیں تنظیمی برادران نے شرکت کی۔

مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے رکن جی بی اسمبلی علامہ شیخ اکبر رجائی نے فرمایا کہ شیخ نوروز نجفی مرحوم نے اپنی پوری زندگی تعلیمات محمد وآل محمد کی نشر واشاعت اور شاگردان مکتب امام صادق علیہ السلام کی تربیت میں گزاری۔ان کے علمیت سے کسب فیض کرنے والے والے سینکڑوں علماء کرام مختلف حوزات علمیہ اور پاکستانی مدارس میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انکے برجستہ شاگردوں میں آیت اللہ غلام عباس رئیسی، آیت اللہ ناصر مہدوی،سید حسن ظفر نقوی، استاد حوزہ سید حامد رضوی،اور آغا راحت حسین الحسینی قابل ذکر ہیں۔

رکن جی بی اسمبلی نے مزید کہا کہ شھدائے چلاس کی عظمت کے لئے یہی کافی ہے کہ انہیں سیدالشہدا علیہ السلام سے محبت کے جرم میں شہید کیاگیا انکی راہ اور مکتب ایمان ،عمل صالح اور سعادت مند زندگی ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) نے لاہور پریس کلب کے باہر ملت جعفریہ کے لاپتہ افراد کی بازیابی اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوۓ علامتی دھرنا دیا۔ دھرنے میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ حنا تقوی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی، سیکرٹری نشرو اشاعت سیدہ توقیر بتول سمیت خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی محترمہ حنا تقوی نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوۓ وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جمہوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوۓ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان لا پتہ افراد میں کوئی بھی مجرم ہوا تو ایم ڈبلیو ایم اس کی حمایت نہیں کرے گی۔ لیکن بغیر جرم ثابت ہوۓ اور بغیر قانونی کاروائی کے انسانوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردینا اور ان کے خانوادہ کو اذیت سے دوچار کرنا جمہوری،آئینی اور انسانی حقوق کی پامالی ہے۔بہت سے بچے اپنے والد اور مائیں اپنے بیٹوں کے لۓ تڑپ رہے ہیں۔حکومت فورا ان کی بازیابی کے لۓ اقدامات کرے۔شیعہ قوم کو دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جاۓ۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسن آزاد کشمیر کی طرف سے مظفرآباد میں احتجاج کیا گیا۔احتجاج سےزعیم ملت مفتی سید کفایت حسین نقوی ،سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، شیخ غلام حسن صابری،ریجنل ناظم امامیہ آرگنائزیشن آزاد کشمیر سید زوار نقوی ،ڈویژنل صدر آئی ایس او آزادکشمیر ڈویژن برادر قمر عباس،جنرل سیکرٹری آئی ایس او آزادکشمیر ڈویژن برادر سید اکرام کاظمی،آئی ایس او آزادکشمیر ڈویژن کے برادر سیدکرامت کاظمی الحسینی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ ملک میں لاپتہ شعیہ افراد کی بازیابی کے لیے شروع ہونے والی ہر تحریک کی حمایت کرتےہیں۔کسی بھی حکومتی ادرے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر ان کی زندگی کا قیمتی ترین حصہ حفیہ عقوبت خانوں کی نظر کریں۔اس غیر آئینی اقدام کے خلاف کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ہم اس ملک کے اند آئین و قوانین کی بالادستی چاہتے ہیں اور اپنے اس موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ ہم شیعہ لاپتا افراد کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کا دھرنا ملک میں آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد ہے۔کسی بھی شہری کی جبری گمشدگی بنیادی انسانی حقوق سے متصادم اور آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کئی کئی سالوں تک نوجوانوں کو خفیہ عقوبت خانوں میں قید رکھنا شدید ظالمانہ اقدام اور قابل مذمت ہے۔مظلومین کی حمایت کے  شرعی و اخلاقی فریضے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔کراچی میں مسنگ پرسنز کے لیے دیے جانے والے دھرنے کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔جب تک ہمارے لاپتہ نوجوانوں کو سامنے نہیں لایا جاتا تب تک یہ احتجاج جاری رہے گ, 4اپریل کو ملک بھر میں جوائنٹ شیعہ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسن کے مطالبات کی حمایت میں ملک بھر میں پرامن علامتی دھرنے دینگے۔

انہوں نے کہا وطن عزیز کے قیام کے لیے ہمارے اجداد نے غیر معمولی قربانیاں دیں ہیں۔اس سرزمین کو کوئی بھی ادارہ اپنی ذاتی جاگیر نہ سمجھے۔کسی بھی حکومتی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر ان کی زندگی کا قیمتی ترین حصہ خفیہ عقوبت خانوں کی نذر کریں, ملک کے حکومتی اداروں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ لاپتہ نوجوانوں کو  آئین کے مطابق عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے۔جو لوگ قصوروار ہیں انہیں  قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں۔بے گناہ لوگوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک نا قابل برداشت ہے۔ حکومت عدلیہ اور سکیورٹی اداروں سمیت ہر پلیٹ فارم پر ہم آواز بلند کریں گے،یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔

وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری تحفظ عزادری کونسل محترمہ شبانہ میرانی نے تمام خواہران گرامی سے گزارش کی ہے کہ جہاں جہاں ملک بھر میں شیعہ مسنگ پرسن کے حوالے سے دھرنے دیئے جارہے ہیں۔ دھرنوں کے مقامات اپنی فیملیز کے ہمراہ پہنچیں ۔جہاں تک ممکن ہو دیگر خواتین اور فیملیز کو بھی دھرنوں کے مقام پر پہنچنے کی ترغیب دلائیں ۔ اس وقت کراچی میں مزار قائد اعظم کے سامنے تنظیمی برادران ملت تشیع اور مسنگ پرسن کی فیملیز کا مرکزی دھرناجاری ہے ۔                                                  

انہوں نے کہا کہ یہ وقت گھر بیٹھنے کا نہیں ایک ملت ہونے کا ثبوت دیں اور اپنے خاندان کے ہمراہ احتجاج والے مقام پر پہنچیں اور برادران کے شانہ بشانہ میدان عمل میں آئیں ،ہمیشہ ملت آپ کے تعاون سے سرخرو ہوئی ہے اور آپ جب بھی میدان میں نکلیں مد مقابل نے گھٹنے ٹیک دیئے ۔ آپ کردار زینبی (س) ادا کرتے ہوئے ۔ حالات حاضرہ سے باخبر رہیں اور جہاں دھرنے دیئے جارہیں وہاں اپنے بچوں ،بچیوں کے ہمراہ پہنچ جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج مسنگ پرسن کی فیملیز مشکل میں ہیں اور ہمارے قائدین کا حکم بھی ہے کہ ہم سب اپنا وظیفہ انجام دیتے ہوئے ان متاثرہ فیملیز کا ساتھ دیں ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے ۔ آمین

وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس و موسسہ شہید عارف الحسینی کے زیراہتمام ولادت باسعادت منجی بشریت امام زمانہ علیہ السلام کے حوالے سے جشن کا اہتمام کیا گیا، جشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور حدیث کساء سے ہوا، جس کا شرف عمران میرانی نے حاصل کیا، جبکہ جشن کی نطامت کے فرائض سید حسن زیدی نے انجام دیئے۔ ڈاکٹر سید نیر رضوی نے اپنے کلام سے آفتاب عالم تاب امام زمان عجل اللہ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ سید عمران نقوی و قمر علی کشمیری نے اپنی بہترین آواز سے سامعین سے خوب داد تحسین وصول کی۔

اس کے علاوہ جناب موسیٰ موسوی، ذاکر اسدی اور جناب اصغر مشہدی نے اپنے مخصوص انداز میں محفل کو رونق بخشی۔ سید عامر عباس کشمیری نے اپنی بہترین آواز جبکہ جناب الفت حسین جوئیہ نے اپنے تازہ کلام سے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ پروگرام کے خطیب جناب حجت الاسلام والمسلمین اسحق جواد نے غیبت امام زمان عجل اللہ فرجہ الشریف میں ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر بہترین فکری گفتگو کی۔ ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین آقای عقیل حسین خان نے آخر میں جشن کے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی ہونا شروع ہوچکی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، جس کا دل چاہتا ہے اپنی مرضی سے قیمتوں میں اضافہ کر دیتا ہے اور سرکاری سطح پر قیمتوں کے تعین سے لیکر قیمتوں کی جانچ پڑتال کا کوئی جامع نظام نظر نہیں آتا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ماہ رمضان المبارک کے شروع ہونے سے قبل مہنگائی میں کمی کیلئے خصوصی اقدامات کرے تاکہ عوام ذہنی سکون کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں سے فیضیاب ہوسکیں۔

انہوں نے کہاکہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کیلئے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا اور جسم و روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوچکا ہے۔ حکومت موجودہ نظام کی تبدیلی کی بجائے خود ہی نظام کی خرابی کا رونا روتی نظر آتی ہے۔ حالانکہ یہ بات عیاں ہوچکی ہے کہ موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے، جب تک اسے تبدیل نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام آدمی کو ریلیف ملنا بہت مشکل ہے۔ عوام تبدیلی کے نعرے کو عملی شکل میں ڈھلتے دیکھنا چاہتے ہیں مگر ابھی تک دور دور تک اس کے آثار نظر نہیں آتے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree