The Latest
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد کی وزیر قانون پنجاب جناب راجہ بشارت سے ملاقات ہوئی جس میں پنجاب بھر میں عزاداری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے ملت جعفریہ کو لاحق تمام تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
ایم ڈبلیوایم وفدکے مطالبے پر صوبائی حکومت کاکورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نام پر محرم اور چہلم امام حسین علیہ سلام کے موقع پر درج کی گئی ایف آئی آرز واپس لینےکا فیصلہ۔ ناجائز طور پر 4th شیڈول میں شامل کیئے گئے عزاداروں کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر تحفظات کو بھی دور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
اعلیٰ سطح ملاقات کے بعد سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے چنیوٹ اور لاہور سے دھرنے کی کال کو موخر کر دیا اور اعلان کیا کہ مذاکرات میں منظور شدہ مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو 4 جون 2021ء کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہونگے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملتان کے زیر اہتمام 9 یونٹس تشکیل پانے کے بعد پہلی تربیتی و تنظیمی نشست کا اہتمام کیا گیا یہ نشست جامعہ شہید مطہری میں شہید عارف حسین الحسینی ہال میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ملتان کے تمام یونٹس کے عہدہ داروں نے شرکت کی۔ اس تربیتی نشست سے جامعہ شہید مطہری کے اساتذہ کے علاوہ قاضی نادر حسین علوی پرنسپل جامعہ شہید مطہری و صوبائی سیکریٹری تربیت صوبہ جنوبی پنجاب اور مولانا ظہیر الحسن کربلائی مرکزی کوارڈینیٹر شعبہ تربیت نے تنظیمی و تربیتی عنوان سے دروس دیئے ۔
قاضی نادر حسین علوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد یونٹس بنا کر بھولنا نہیں بلکہ ضلع اور یونٹس ملکر ہر پندرہ دن بعد ملکر بیٹھیں گے تاکہ جو ذمہ داری جس کو ملی ہے ،دیکھا جائے کہ وہ ذمہ داری نبھا بھی سکتا ہے یا کہ نہیں ۔تنظیم کا مقصد نظم لانا ہے اور اگر ہم یونٹ سے ہی بے نظمی کا شکار ہوگئے تو ضلعی سٹریکچر کمزور ہو جائے گا اور اس کی زمہ داری تنظیم میں شامل ہر عہدہ دار پر ہوگی لہذا ہم مربوط اور منظم انداز میں قائد وحدت کے وژن کے مطابق ان شاءاللہ اپنا سفر جاری رکھیں گے ۔ برادران اور بزرگان سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست ہے ۔ میں اعلان کرتا ہوں کہ جامعہ شہید مطہری کو آپ اپنا گھرسمجھیں اور ضلعی یونٹس برادران جب چاہیں اس ہال میں اپنا پروگرام رکھ سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں برادر ظہیر کربلائی کے جنہوں نے طبعیت ناساز ہونے کے باوجود ہماری دعوت کو قبول کیا اور مسلسل تین دن سرگودھا ،جھنگ کا سفرکرنے بعد وہ یہاں تشریف لائے ۔ اگر مرکزی دوستوں نے اسی طرح تعاون کیا تو اضلاع اور یونٹس مضبوط ہوتے جائیں گے اور ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی رہے گی ۔
مولانا ظہیر کربلائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے اہداف اور شعبہ تربیت کے اہداف کا ضرور مطالعہ کریں ۔ جب آپ حلف اٹھاتے ہیں اور ایک ذمہ داری قبول کرتے ہیں تو اس وقت آپ کی مسئوولیت اور بھی بڑھ جاتی ہے ۔ اب آپ نے اپنے ذاتی امور کے ساتھ ساتھ تنظیمی پروگرامز کے لئے بھی وقت نکالنا ہے ۔ اور اس کا بہترین حل ہر شب جمعہ یا اتوار کے دن یا پھر روز جمعہ یہ خود اس یونٹس کے دوست طے کرلیں کہ نماز جمعہ کہاں پڑھنی ہے ۔ ہوسکے تو کم از کم ایک گھنٹہ مل بیٹھیں ۔ یونٹ برادران کے کسی گھرپر حدیث کساء ،دعائے توسل کا ہی اہتمام کرلیں اور ملکر مختصر نیاز کے اس یونٹ کے مسائل پر گفتگو کر لیں ۔ حالات حاضرہ سے باخبر رہیں ۔ اخلاقیات کو اپنے اندر رواج دیں ۔ عموما تنظیمی برادران رات دیر تک جاگتے ہیں رات ساڑھے گیارہ بجے کے بعد نماز شب کی عادت ڈالیں پڑھ کر سوئیں ، قرآن پڑھیں ۔گھروں میں قرآنی محافل ،دعا کی محافل اور عزاداری کی محافل کو رواج دیں ۔
ظہیر کربلائی نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ شہوت ، غضب اور وہم و گمان سے اجتناب کریں ۔ اپنی اور دنیا کی حقیقت کو پہچانیں ،دین اور آخرت کی معرفت حاصل کریں تو ایک کامیاب تنظیمی فرد کے طور معاشرے میں فعالیت کرسکتے ہیں ۔رات سونے سے پہلے آپ اپنا محاسبہ اس انداز سے کر کے سوئیں کہ آج میں کتنا وقت اپنے خالق کے لئے مختص کیا تھا ،کتنا وقت اپنے ظاہری و باطنی دشمن کے بارے سوچا تھا اور میں نے اپنے والدین ،عزیز واقارب اور ہمسایوں کے ساتھ صلہ رحمی کے لئے کیا کیا ؟ اور آخری اور اہم ذمہ داری کے بارے میں سوچیں کہ جس ماحول اور معاشرے میں زندگی گزار رہاہوں !!میں نے اس ماحول اور معاشرے کے لئے کیا کیا ہے؟اگر ہم ان چار امور کی جانب اپنی توجہ مبذول کرکے سوئے تو آپ دیکھیں گے کہ کچھ دنوں کے بعد آپ میں خود بخود تنظیمی اور تربیتی جذبہ پیدا ہو جائےگا۔ پروگرام کے آخر میں مہمانوں کے لئے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کوئٹہ میں جبری گمشدگی کے حالیہ واقعات کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت تشیع کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کے سنگین واقعات ریاستی اداروں کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔مقتدر حکومتی شخصیات کی طرف سے مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود جبری گمشدگی کے واقعات کےتسلسل کے ساتھ جاری رہنے سے حکومت اپنا اعتماد کھو رہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے مرکزی رہنما رشید طوری اور مجلس وحدت مسلمین کے سابق عہدیدار جعفر علی کا اہلکاروں کے ہاتھوں اغواء ریاستی دہشت گردی کے زمرے میں آ تا ہے۔شیعہ عزاداروں کی جبری گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پوری قوم کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔ قانون کے نام پر کسی کو ظلم وبربریت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
علامہ احمد اقبال نے کہاکہ اگر جبری گمشدہ افراد کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں تو انہیں قانون کے مطابق عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے۔گھروں سے اٹھا کر اور دوران سفر کسی کو لاپتا کرنا اداروں کا آئینی حقوق سے تجاوز ہے جس پر ملک گیر احتجاج سمیت تمام آئینی ذرائع استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لکپاس پوسٹ کوئٹہ سے اغوا ہونے والے مذکورہ شیعہ رہنماؤں کو فوراً بازیاب کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے ارض پاک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فرد کو انفرادی کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کا حصول طویل جدوجہد اور ان گنت قربانیوں کے بعد ممکن ہوا ہے۔ نئی نسل پر یہ شرعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اجداد کے اس قیمتی اثاثے کا ہر محاذ پر دفاع کریں۔
انہوں نے کہا کورونا وبا کی تیسری لہر پوری قوم کے لیے ایک چیلنج ہے۔بہادر قومیں حکمت و دانائی کے ساتھ چیلنجز سے نبرد آزما ہوتی ہیں۔ حکومت کی طرف سے طے شدہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے تاکہ مذید کسی سنگین صورتحال کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا پاکستانی قوم وہ بہادر قوم ہے جنہوں نے دہشت گردی جیسے عفریت کو بھرپور عزم و استقامت کے ساتھ شکست دی ہے۔ ملک دشمن قوتوں کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ اس نظریاتی ریاست میں مسلکی سیاست،مذہبی منافرت اور صوبائی و لسانی تعصب پھیلا کر بدامنی کی راہ ہموار کی جائے۔ عالمی طاغوتی و استعماری طاقتوں کے ایجنڈے کو کامیاب بنانے میں ان کے آلہ کاروں نے مذہبیت کا روپ دھار کر شدت پسندی کو فروغ دیا جس سے دہشت گردی کے واقعات میں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ ملک کی محب وطن قوتوں نے باہمی اخوت و یگانگت سے استکباری طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ اتحاد و اخوت کے لیے سازگار فضا پیدا کرنے میں مجلس وحدت مسلمین نے جو کردار ادا کیا وہ حب الوطنی کے جذبوں کاہمیشہ عمدہ اظہار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عقیدے اور وطن پر زندگی کو نچھاورکیا جا سکتا ہے۔آج کا دن اس عزم کے اعادہ کا تقاضا کرتا ہے کہ وطن عزیز کی محبت کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے۔ ارض پاک ہماری شناخت، ہماری پہچان اور ہمارا وقار ہے۔ہماری ہر اس فرد، شخصیت اور جماعت سے کھلی دشمنی ہے جو ملکی امن واستحکام کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے طویل جدوجہد کے ذریعے انگریز سامراج کی غلامی سے نجات حاصل کی اس جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ اور حضرت حکیم الامت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم قائدین کی قیادت انہیں میسر آئی۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی شاعری کے ذریعے امت مسلمہ کو اور خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ان کی شاعری اور افکار ونظریات آج بھی امت مسلمہ کے لیے اور پاکستان کے عوام کے لئے ایک عظیم سرمایہ ہے حکیم الامت کے افکار اور نظریات ہمارے لیے آج بھی مشعل راہ ہیں جو ہمیں امریکی سامراج کی غلامی کی بجائے ایک آزاد اور خودمختار قوم کی حیثیت میں عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کا درس دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ وہ تاریخی دن ہے کہ جب برصغیر کے مسلمانوں نے مصور پاکستان حکیم الامت ڈاکٹر محمد اقبال کے دیئے ہوئے نظریہ کے مطابق ایک آزاد اسلامی مملکت کا نقشہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو قائد کے اصولوں اور حکیم الامت علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں تعمیر نو کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا المیہ ہے ہے کہ انہیں حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال جیسے عظیم قائدین کے جانشین کے طور پر بونے اور چھوٹے قد اور چھوٹی فکر کے مفاد پرست سیاستدان رہبر کی صورت میں ملے جن کا کردار رہبر سے زیادہ راہزن کا ہے۔ پاکستان کو اللہ نے ہر طرح کی نعمت سے نوازا ہے لیکن صالح قیادت کے فقدان کے باعث وطن عزیز پاکستان ان مشکلات پر قابو پانے سے قاصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بابائے قوم مادر ملت اور مصور پاکستان سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ان کی دی ہوئی امانت یعنی وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاک وطن کو فرقہ واریت کی لعنت اور قوم پرستی کی نفرتوں سے پاک کرتے ہوئے ایک جدید ترقی یافتہ اسلامی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے جہاں اقوام اور مذاہب کے درمیان محبت اور اخوت کا رشتہ قائم ہو۔ مجلس وحدت مسلمین قائد اعظم اور حکیم الامت کے نظریات اور اصولوں کی پاسدار جماعت ہے جو وطن کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان ایک عظیم الشان تاریخی دن ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کے جوش و جزبہ اور الگ مملکت کے حصول کے لیے کی گئ جدوجہد کی یاد دلاتا ہے یوم پاکستان دراصل شہدائےپاکستان سے تجدید عہد کا دن ہے نظریہ پاکستان جو کہ دراصل نظریہ اسلام ہے اسے زندہ کرنے کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان کی مناسبت سے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
انھوں نے کہا پاکستان بنانے والی قیادت کی وجہ شہرت ان کی سچائی، ایمانداری، اپنی قوم سے محبت تھی بانیان پاکستان اپنے مثالی کردار کے باعث دلوں میں زندہ ہیں انہوں نے کہا وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ملک کی سیاسی قیادتوں کو قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کروانا، دینی و سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا ریاست مدینہ منورہ کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے جو نظریہ اسلام پر معرض وجود میں آیا ایک ایسی عظیم مملکت جس کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا خون شامل ہے یہ تاریخ کے وہ عظیم لوگ تھے جنہوں نے نظریہ اسلام کے تحت مملکت کے حصول کے لیے بے مثال اور عظیم قربانیاں دیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قومیں نظریات کی بنیاد پر زندہ رہتی ہیں آج ضرورت اس امر کی ہے قائد و اقبال کے خوابوں کی تعبیر اور ملک کے استحکام اور بقا کے لیے نوجوان نسل کے اذہان میں نظریہ پاکستان اسطرح راسخ کر دیا جائے اور ان کی تربیت اس انداز میں کی جائےکہ وہ کسی بھی لمحے اس نظریے اور مملکت کی خاطر دی گئی اپنے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش نہ کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ترجمان علامہ مقصودڈومکی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ علامہ راجہ ناصرعباس کا کورونا ٹیسٹ کروایاگیا تھا جو کہ مثبت آیا ہے ۔
ترجمان ایم ڈبلیوایم کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور ناصرشیرازی نےتمام نجی وتنظیمی دورہ جات، ملاقاتیں اور خطابات ملتوی کرکے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے ۔
ترجمان ایم ڈبلیوایم نے پوری قوم سے اس موزی مرض سے بچاؤ کیلئے احتیاط اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت تمام مریضوں اور کورونا میں مبتلا تمام انسانوں کی جلد مکمل صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے ۔
دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے احباب اور تنظیمی دوستوں سے صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومت کے طے کردہ ایس او پیز پر پوری طرح عمل کیا جائے۔جو لوگ اس مرض کا شکار ہو چکے ہیں ان کا یہ شرعی فریضہ ہے کہ وہ دوسروں سے دور رہیں اور اس وبا کے پھیلاؤ کا باعث نہ بنیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائد نے ان تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی علالت پر اپنے پیغامات کے ذریعے ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے پنجاب میں عزاداران و عزاداری کے تحفظ اور پنجاب پولیس کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ احتجاج کا فیصلہ صوبائی و مرکزی رہنماؤں کے اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔احتجاج میں علماء کرام، کارکنان، نوحہ خوان تنظیمیں اور مذہبی کارکن شریک ہوں گے۔احتجاج کا آغاز 26 مارچ کو پنجاب اسمبلی ہال سے کیا جائے گا۔
جبکہ تحفظ عزاداری کے چیئرمین سیف شیرازی نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں بالخصوص پولیس اور انتظامیہ عزاداروں کے نام فورتھ شیڈول میں ڈال رہی ہے اور عزاداری جیسی عظیم عبادت بجا لانے پر جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے۔تکفیری عناصر کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے پنجاب پولیس ملت تشیع کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔بانیانِ مجالس و جلوس عزاداری بیلنس کی ہر اس پالیس کو سختی سے مسترد کرتی ہے جس میں ایک پُرامن قوم پر دہشت گردوں کے خلاف بنائے گئے قانون کو لاگو کیا جائے۔
انہوںنے کہاکہ عزاداری ہمارا بنیادی آئینی حق اور عبادت ہے دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اس سے دور نہیں رکھ سکتی۔انتظامیہ کی یکطرفہ کاروائیاں، مجالس و جلوس کے خلاف بلاجواز مقدمات کا بے دریغ اندراج، عزاداروں کو ہراساں کرنا اور مسلکی سیاست کا مقصد ان قوتوں کو خوش کرنا ہے جو قومی سلامتی اور ملکی مفادات کے خلاف ہمیشہ سے سرگرم ہیں۔ محبان وطن اور شر پسندوں کو ایک ہی ترازو میں تولنے کی روش اب ختم کی جائے۔ہم نے اس ملک میں امن کے قیام کے لیے ان گنت قربانیاں دیں ہیں۔کسی کو اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنے آئینی اختیارات کو ملک و قوم کے منافی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرے۔لہٰذا 26 مارچ کو فوراً بعد نماز جمعہ اسمبلی ہال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا احتجاجی کمیٹی کے ممبران نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کو دھرنے یا پنجاب حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں بدلنے کا آپشن بھی زیرِ غور ہے۔
وحدت نیوز (میانوالی) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے جامعہ سیدہ خدیجۃ الکبری میانوالی کی جانب سے منعقدہ دو روزہ سیمینار بمناسبت ولادت امام عصر حضرت امام مہدی عج میں خصوصی شرکت کی۔
نصرت امام زمانؑ اور منتظرین کی یکجہتی کے عنوان پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےسیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ تقوی اور پرہیزگاری انسان کو اپنے امام کی طرف گامزن کرتی ہے، اپنے اور دوسروں کے دلوں میں امام زمانہ عج کی محبت اجاگر کی جائے اور زندگی میں کسی بھی کام کو انجام دینے سے پہلے یہ سوچنا ہوگا کہ میرے ہر کام کو میرا امام دیکھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ انتظار عملی پہلو میں انسان کے اعمال اور کردار کو راستہ دیتا ہے امام مھدی علیہ سلام کے منتظرین کو ان کے ظہور کی زمینہ سازی کے لیے ایمان اور خلوص کے ساتھ معاشرے میں سرگرم عمل رہنا ہے تاکہ امام کے حقیقی منتظرین میں شامل ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حجت خدا کے ظہور کے لئے زمینہ ہموار کرنے کے لئے ضروی ہے کہ دوسرے مکاتب فکر کے ساتھ مل جل کر رہا جائے کیوں کہ منجی کا تصور صرف مسلمان میں ہی نہیں بلکہ یہ تصور دوسرے مکاتب فکر میں بھی پایا جاتا ہے بالخصوص حقیقی منتظران کو ہمدلی اور یکجہتی سے ظہور کا زمینہ فراہم کرنا ہوگا ۔
اپنے دورہ میانوالی کے دوران محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے علامہ سید افتخار نقوی صاحب اور ان کی زوجہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر محترمہ زہرا نقوی نے جامعہ خدیجۃ الکبری کا بھی دورہ کیا اور جامعہ کے تمام شعبہ جات کا مشاہدہ کیا۔
وحدت نیوز(کھرمنگ)مجلس وحدت مسلمین کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی علامہ شیخ اکبر علی رجائی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن کے اجلاس عمومی میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ اس موقع پر آئی ایس او کے رکن نظارت و رہنما کاچو زاہد علی خان ، چیئرمین الھدیٰ فاؤنڈیشن و مہتمم جامعہ النجف سکردو علی نوری، ارکان ذیلی نظارت، سابق صدور و سینئیر اراکین ایی ایس او، کابینہ ممبران اور مختلف یونٹوں کے اراکین و مسئولین شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ اکبر رجائی نے کہا کہ آئی ایس او کے جوان معاشرہ سازی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں، اسلام ناب محمدی کی ترویج و اشاعت میں دن رات ایک کرنے والے جوانوں اور طلبہ حقیقتاً افکار امام راحل حضرت امام خمینی و رہبر معظم سمیت مراجع عظام کی نشر و اشاعت اور انقلابی جوانوں کی آبیاری میں بانی آئی ایس او شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں جو کہ قابل رشک اور اپنی مثال آپ ہیں۔
رکن گلگت بلتستان اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ آئی ایس او کے جوانوں کے ہر عمل کو دل وجان سے سراہتا ہوں اور کوشش کرینگے کہ ہر ممکن طور پر ان اقدامات کو ثمر آور بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کروں۔