The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید بعثت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس بابرکت دن میں قرب خداوندی حاصل کرنے کے لئے لیے زیادہ سے زیادہ کوشش کی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عید بعثت رسولؐ کے موقع پر ملک و قوم کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں کی جائیں اور اس عزم کا اعادہ کیا جائے کہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی اس نظریاتی ریاست میں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ آج روبہ زوال ہے جس کی واحد وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔نبی کریم ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے عمل و کردار سے اہل عرب کی زندگی بدل کر رکھ دی۔اگر معاشرے میں انقلاب برپا کرنا ہے تو گفتار کے ساتھ کردار کا بھی غازی بننا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی یلغار اور لبرل طبقے کے ذریعے ہم سے اسلامی اقدارچھینی جا رہی ہیں۔عورت کی آزادی کے نام پر مذہبی قدروں کی پامالی افسوسناک ہے۔ایسی صورت حال میں ہم سب کی ذمہ داریاں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ہر کلمہ گو کا یہ شرعی فریضہ ہے کہ اسلامی تعلیمات پر کوئی آنچ نہ آنے دے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین مرکزی کے ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے چنیوٹ انتظامیہ کی طرف سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، آئی ایس او کے مرکزی صدر عارف الجانی اور دیگر شیعہ رہنماؤں کی چنیوٹ میں داخلے پر پابندی عائد کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس متعصب عناصر کے ایما پر صوبے میں حالات خراب کرنے کی دانستہ کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں کا اختیارات سے تجاوز کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔وہ عناصر جو مذہب کے نام پر فرقہ واریت کے پرچار میں کھلے عام مصروف ہیں اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے انہیں پنجاب پولیس نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جبکہ وہ شخصیات جنہوں نے ہمیشہ احترام بین المذاہب،حب الوطنی اور قانون کی بالادستی کا درس دیا ان پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔اس طرح کے غیر منصفانہ اقدامات پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پولیس انتظامیہ کسی کا آلہ کار بننے کی بجائے اپنی آئینی زمہ داریاں ادا کرے۔وطن عزیز کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔یہاں طاقت کی حکمرانی یا اختیار ات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پنجاب پولیس ہوش کے ناخن لے۔پنجاب پولیس نے اپنی روش نہیںبدلی تو ملت جعفریہ اس ناروا رویے کے پنجاب بھر میں احتجاج کرے گی۔انہوں نے پنجاب کے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے آئین و قانون سے متصادم غیر جمہوری اقدامات کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس متصبانہ نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
وحدت نیوز(گلگت)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سےرہنما مجلس وحدت مسلمین اور وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے سی ایم ہاؤس گلگت میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں محکمہ زراعت کے مجموعی ایشوز ، بلتستان ریجن کے مسائل اور حلقہ دو کی محرومیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بلتستان ریجن کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں ہوگا ۔ یہ دور انصاف کا دور ہے تمام ریجنز کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سکردو کا دورہ کیا جائے گا اور چند بڑے منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔ بلتستان ریجن میں کم و بیش سو میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام ہوگا۔ 250 بیڈ ہسپتال پر کام میں تیزی آئے گی اور محکمہ صحت کی مسنگ فیسلٹیز کو پوری کی جائے گی۔آر ایچ کیو ہسپتال میں ایم آر آئی مشین تنصیب کی جائے گی۔سکردو میں بہت جلد میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شتونگ نالے کی ڈائورژن اور سدپارہ میں سترہ میگا واٹ بجلی گھر،غواڑی بجلی گھر،ہرپوہ بجلی گھر اور شغر تھنگ پاور پروجیکٹ پہ کام میں تیزی لائی جائے گی اور پورے بلتستان میں صاف پینے کے پانی کی جو کمی ہے اس کو دور کیا جائے گا اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔سکردو شہر بلتستان کا صدر مقام ہے لہذا اس شہر کی خوبصورتی سمیت سیوریج کے لئے آٹھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اس سے سکردو شہر کا دیرینہ اور بڑا مسئلہ حل ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکردو سے براستہ شغرتھنگ استور سڑک بننے کے بعد اسلام آباد سے سکردو کا فاصلہ کم ہو جائے گا اور اسی سال کے آخر میں شغرتھنگ سڑک پہ بھی کام شروع ہوگا۔سکردو میں دریائی کٹاو کی زد میں آبادیاں اور زرعی زمینیں ہے اس کی پروٹیکشن کے لئے بھی بہت جلد فنڈ مہیا کریں گے۔گلگت سکردو روڈ جو سکردو شہر میں پہنچنے سے پہلے ختم ہوگئی ہے اسکی توسیع شگر کھرمنگ اور خپلو تک کی جائے گی اس کے بعد بلتستان کا نقشہ بدل جائے گا۔گلگت بلتستان بھر میں جو سیاحتی مقامات میں ہے وہاں تک ایکسس کو آسان بنانے کے لیے راستوں کو بہتر بنائے جائیں گے اور دیگر سہولیات کو پوری کی جائے گی اس سے پورے خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے اور نوجوان نسل کے لئے ٹورزم ایگرو ٹورزم اور دیگر جدید شعبوں میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیامر ریجن بلتستان ریجن اور وہ تمام محروم علاقے جو محرومی کا شکار ہے ان کی محرومی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان ہے اور گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج گلگت بلتستان کے لیے لایا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانا اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری بنیادی ترجیحات میں ہے اسے یقینی بنایا جائے گا۔
وحدت نیوز(گلگت) رہنما مجلس وحدت مسلمین و صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم کا گلگت ایگریکلچر کمپلکس کا دورہ۔اس موقع پر انہوں نے مشروم کے لیباریٹری کا دورہ کیا اور انہوں ہدایت جاری کیا کہ مشروم کی پروڈکشن پر خصوصی توجہ دینے اور عام عوام تک اس کی رسائی کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ مشروم غذائیت کے ساتھ ساتھ آمدنی کا بھی ذریعہ ہے اسکو پورے گلگت بلتستان میں پھیلایا جا سکتا ہے اس کے لئے کام میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کے بعد تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے اعلان نے والدین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا تاہم تعلیمی حوالے سے والدین کے تحفظات بھی اپنی جگہ درست ہیں۔ بچوں کی معیاری تعلیم کے حصول کے لیے تعلیمی عمل کا تسلسل ضروری ہے۔ کورونا نے تعلیمی نظام کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ تعلیمی سلسلے میں بارہا تعطل نے طلباء کوکنفیوژ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز مروجہ نظام تعلیم کا متبادل نہیں۔ ملک کا اکثریتی طبقہ محدود وسائل کے سبب موبائل اور دیگر جدید آلات سے استفادہ نہیں کر سکتا لہذا مجبوراََ انہیں تعلیمی سلسلہ روکنا پڑتا ہے۔ حکومت تعلیمی اداروں میں تعطیلات کی بجائے کوئی ایسی حکمت عملی اختیار کرے جس سے طلباء کی تعلیم کی بھی حرج نہ ہو اور صحت سے متعلق ضروری تقاضوں پر بھی عمل کیا جا سکے۔اس سلسلے میں ان ممالک سے رہنمائی لی جائے جہاں کورونا کے باوجود تعلیمی نظام میں خلل نہیں پڑا۔
انہوں نے کہا کسی بھی ملک کی ترقی تعلیم یافتہ افراد کی مرہون منت ہے۔ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں وہی ریاستیں شامل ہیں جہاں خواندگی کی شرح زیادہ ہیں۔اگر تعلیمی نظام پر خاطر خواہ توجہ نہ دی گئی تو یہ آنے والی نسلوں کے ساتھ زیادتی ہو گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین سنٹرل سیکریٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 3 روزہ شوری عمومی اجلاس کے تیاریوں کے حوالے سے اہم فیصلہ جات کئے گئے۔ایم ڈبلیوایم کی شوریٰ عمومی کا سالانہ تین روزہ اجلاس 2،3،4 اپریل 2021 بروز جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ عمومی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے تیاریوں کے لئے اہم کمیٹیاں بنائی گئی جس میں قیام و طعام کمیٹی ۔ استقبالیہ کمیٹی۔ پنڈال کمیٹی۔ رابطہ اور دیگر شامل ہے جو ضلع اسلام آباد و راولپنڈی اورمرکزی آفس کے ذمے لگائی گئی ہیں۔ اجلاس کی صدارت شوری عمومی اجلاس کے کنوینر برادر ملک اقرار حسین نے کی ۔
اس موقع پر مرکزی رہنما علامہ محمد اقبال بہشتی ،معاون سیکرٹری امور خارجہ سید ابن حسن ،ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل علامہ اکبر کاظمی ،مولانا غلام محمد عابدی،تصور ہمدانی، ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی اور آفس اسٹاف شریک رہے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا پہلے دن جمعہ کو جشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ڈویژن لاڑکانہ کے ایک وفد نے ڈویژن صدر برادر دھنی بخش جلبانی کی قیادت میں ایک وفد نے جامعہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات کی۔ اور انہیں ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی کی برسی میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ولایت فقیہ قرآن کریم کے بیان کردہ نظام ولایت کی عملی تفسیر اور ولایت انبیاء کا تسلسل ہے۔انبیائے الہی اور آسمانی کتابوں نے ظالم طاغوتی نظام کا ساتھ دینے کی بجائے انسانیت کے درمیان نظام عدل و انصاف قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی لئے قرآن کریم میں طاغوت کی اطاعت سے منع کیا گیا ہے۔ حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے نمرود کے خلاف جب کہ حضرت موسی کلیم اللہ نے فرعون کے خلاف قیام کیا اور حضرت داؤد علیہ السلام اور سلیمان نبی ع نے الہی حکومت تشکیل دی۔ حضرت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ طیبہ میں جو اسلامی حکومت قائم کی وہ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظام ولایت فقیہ در اصل قرآن کریم کا دیا ہوا نظام ہے جو وقت کے ظالم طاغوت کی اطاعت کی بجائے قانون خدا اور دین کی حاکمیت کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نظریہ ولایت فقیہ پر یقین رکھتے تھے اور آپ نے حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے حقیقی عاشق اور پیروکار ہونے کا عملی ثبوت دیا۔نہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی منانے کا مقصد ان کے افکار و نظریات اور کردار سے تجدید عہد ہے۔ ڈاکٹر محمد علی نقوی نظام ولایت کے حقیقی مبلغ تھے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ایم آئی سکس کے ایجنٹس ایک مرتبہ پھر تشیع کے پاکیزہ اور نورانی چہرے کو داغدار کرنے کے لیے متحرک ہو چکے ہیں ان کی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے علماء کرام اور نظریاتی تنظیموں کو آگے آنا چاہیے تا کہ معاشرے میں نظام ولایت فقیہ کا مکمل تعارف کرائیں اور شبہات اور اشکالات کا جواب دیں۔ ہم عوام میں آگاہی اور شعور کی تحریک چلا کر دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نظام ولایت فقیہ اور مرجعیت ہمارا افتخار ہے اس لئے ہمیں عوام کے اندر حقائق کو بیان کرنا ہوگا نظام ولایت پر یقین رکھنے والی تمام تنظیموں کو متحد ہوکر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دوستوں کی مشاورت سے عنقریب ایک عظیم الشان عظمت مرجعیت و نظام ولایت کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
وحدت نیوز(لاہور)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پی سی ہوٹل لاہور میں مضبوط خاندان،! محفوظ عورت،! مستحکم معاشرہ کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی اور ثمینہ سعید کی خصوصی دعوت پرمحترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور نے خصوصی خطاب کیا۔تقریب میں ضلع کی نامور خواتین جن میں ڈاکٹرز پروفیسرز وکلاء اور مختلف شعبہ جات کی خواتین نے شرکت کی ۔
محترمہ حنا تقوی نے اپنےخطاب میں کہا کہ خاتون کے معنی حیا دار پردے میں رہنے والی کے ہیں خواتین صرف وہ ہی ہیں جو معزز ہیں معاشرے کی تمام عورتوں کو خواتین نہیں کہتے۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم مظبوط خاندان ! محفوظ عورت! مستحکم معاشرہ چاہتے ہے تو ہمیں حضرت فاطمتہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا پڑےگا کیونکہ انہوں نے ایسا خاندان مرتب کیا جو قیامت تک بے مثل رہے گا ایسے راہنما و رہبر بیٹے جو دین اسلام کی بقا اور شان ہیں اور ایسی با عظمت بیٹیاں مشکل سے مشکل حالات میں بھی ظلم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہیںتقریب میں عظمی نقوی ڈپٹی سیکرٹری اور حمیرا رضوی سیکرٹری شعبہ سیاسیات نے بھی شرکتِ کی تقریب کے اختتام پہ شرکاء محفل نے حنا تقوی سے ملاقات کی اور خطاب کو سراہا۔
وحدت نیوز(تھرپارکر) حیدرآباد سے 300 کلومیٹر کی مسافت پر واقع تھر کے گاؤں گوٹھ آدم رند جو کہ انڈیا کے بارڈر سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، وہاں گزشتہ روز مرکزی رابطہ جنرل سیکرٹری محترمہ سیمی نقوی، مرکزی مسئول معاون تنظیم سازی غزالہ جعفری اور مسؤل تعلیم و تربیت ضلع حیدرآباد کنول بتول نے تنظیم سازی کے ہدف کے تحت دورہ کیا ۔
تینوں خواتین نے باری باری وہاں پر موجود خواتین کے سامنے اپنے آنے کے ہدف کو بیان کرتے ہوئے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ان خواتین کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ ہم خواتین معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، کبھی اپنے آپ کو کمتر نہیں سمجھیے، عورت کے بغیر معاشرے کی ترقی ناممکن ہے، ہمارا ہدف مل جل کر ایک ایمانی معاشرے کا قیام ہے، ہمیں چاہیے کہ خدا کی راہ جوکہ انبیاء کرام علیہم السّلام اور آئمہ معصومین علیہم السّلام نے تعلیم فرمائی ہے اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں اور پھر استقامت کے ساتھ اس راہ پر گامزن ہوجائیں کہ یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم زمانے کے امام عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خوشنودی کو حاصل کرسکتے ہیں۔
محترمہ سیمی نقوی نے تمام موجود خواتین کو ان کی ذمہ داریاں سمجھائیں اور پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی اور ان سب کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پورے خلوص کے ساتھ جب آپ اپنے اردگرد کو سنوارنے کی کوشش کریں گی تو ان شاءاللہ آپ خود اپنی زندگیوں میں بہترین تبدیلیاں دیکھیں گی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسن زیدی نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ ظلم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔اشیائے خورد نوش، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز نئے اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔صوبائی و وفاقی حکومتوں کے مابین اختیارات کی کھینچا تانی اور سیاسی چپقلش نے انہیں عوامی مسائل سے غافل کر رکھا ہے۔عوام کی مشکلات پر توجہ دینے کی بجائے اپوزیشن اپنے اثاثے اور حکومت اپنا اقتدار بچانے میں اپنی ساری قوت صرف کر رہی ہے۔عوام کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں نے آج عوام پر زندگی تنگ کر دی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتظامی معاملات پر اپنی گرفت مضبوط کرے۔تاجر طبقہ اور عوام طویل لاک ڈاؤن کے بعد پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ معاشی مسائل اور بے روزگاری میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ایسی صورتحال میں چاہیئے تو یہ تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا لیکن اس کے برعکس عوام کو ان سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جنہوں نے مافیا کی شکل میں ہر کاروبار میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔عام اشیائے خوردونوش، سبزی اور پھلوں سمیت دیگر ضروریات زندگی کی من پسند داموں فروخت انتظامی معاملات سے حکومت کی عدم دلچسپی کا بین ثبوت ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیا کو مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیئے۔انہوں نے کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔