وحدت نیوز (بہاولپور) سید انتظار حسین نقوی سابق ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع بہاولپور گذشتہ روز انتقال کرگئے، دو روز قبل انہیں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیاجہاں ڈاکٹرو ں نے ان کی جان بچانے کی کافی کوشش کی لیکن وہ جانبرنہ ہو سکے، مرحوم کی نماز واپڈاگرائونڈمیں ادا کی گئی جس میں تنظیمی احباب ، اعزاءواقرباء،سمیت علاقہ کی سماجی شخصیات اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، سیکریٹری جنرل سنٹرل پنجاب علامہ اصغر عسکری، سیکریٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے پسماندگان سے دلی رنج وغم اورافسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انتہائی مخلص ، متحرک ، فعال ،تقوی و پرھیزگاری کے اوصاف میں اعلی ترین شخصیت کے بچھڑنے پر تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور بارگاہ خدا میں مغفرت اور بلندی درجات پسماندگان و سوگواران کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک اعلٰی سطح کے وفد نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال رضوی کی قیادت میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے وزیر اعلٰی ہاوس پشاور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزراء مشتاق غنی اور علی امین گنڈا پور بھی موجود تھے جبکہ مجلس وحدت کے مرکزی رہنما ناصر عباس شیرازی، اسد نقوی، آغا اقبال بہشتی، رکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا اور آغا سبطین حسین الحُسینی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی ناصر خان درانی، ہوم سیکرٹری، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور اور ہزارہ جات سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شہداء کے قاتلوں کی فوری گرفتاری، کیسز کی پیروی، اہم کیسز کو ملٹری کورٹس میں بھیجنے، شہداء کے خانوادوں کی مالی کفالت اور لواحقین کو ملازمتوں کی فراہمی سمیت اہم موضوعات پہ اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر میں ملت جعفریہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پانچ رکنی کوآرڈینشن کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی جس میں صوبائی وزیر مشتاق غنی، علی امین گنڈہ پور، ایک رکن اسمبلی اور ایم ڈبلیوایم کی جانب سے ناصرشیراز ی اور اسد نقوی شامل ہوں گے، پرویز خٹک نے ایم ڈبلیوایم وفد کو یقین دہانی کرائی کے آئندہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے کیسز کو ملٹری کورٹ بھیجنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ تین روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات میں ان کو یقین دلایا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت انکی شکایات فوری طور پر دور اور قاتلوں کی گرفتاریوں کو یقینی بنائے گی اور آج وزیراعلٰی پرویز خٹک کے ساتھ ہونیوالی اعلٰی سطح ملاقات اسی سلسلہ کی کڑی تھی۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاکستان میں دہشت گردی، شیعہ قتل عام اور تکفیری دہشت گردوں کے خلاف حکومتوں کی عدم کارروائی کے خلاف تیرہ مئی سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ چھ روز سے جاری، کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی،مولانا ہادی حسین ہادی، مولانا عمران ظفر،قاسم شمسی،ثقلین نقوی اور دیگر موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے نماز مغرب پریس کلب کے سامنے ادا کی اور نماز مغرب کے بعد شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر علامہ اقتدرا حسین نقوی نے کہا کہ ایک طے شدہ سازش کے تحت فوج کے امیج کو خراب کیا جا رہا۔انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان سے لے کر پارہ چنار تک ملک کے باوقار عسکری ادارے سے ایسی کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائے جو افواج پاک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔انہیں نے کہا کہ پارہ چنار میں تین بے گناہ افراد کو سر میں گولیاں مارنے والے کمانڈنٹ ،ایف سی و لیویز اہلکاروں کو فوری گرفتار کر کے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے ۔مختلف اداروں میں موجود داعش مائنڈ سیٹ وطن عزیز کے عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔دشمن غیر محسوس طریقے سے اپنی جنگ سرحدوں کے اندر لے آیاہے۔وطن عزیزکے اندر موجود ملک دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت کو ذاتی تعلقات اور بیرونی دباو سے بالاتر ہو کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ملتان کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے زیرہ اہتمام جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں جلالپور،پیروالا،علی پور،ڈیرہ غازیخان،بھکر،اور راجن پور میں بھی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اور علامہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کے لیے علامی بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے گئے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے گزشتہ چھ روز سے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جارہا ہے جن کا موقف ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے احتجاج جاری رہے گا۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) گزشتہ رات مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے ’’امید مظلومین کانفرنس ‘‘ کے عنوان سے علمدار روڈ پرجلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنی بھرپور حمایت کا م ثبوت دیا۔جلسے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ اعجاز حسین بہشتی ، مرکزی سیکریٹری آئمہ جمعہ فورم علامہ سید ھاشم موسوی ، صوبائی اسمبلی کے رکن آغا رضااور کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی سمیت تمام عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔ جلسے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت خوانی کی گئی ۔
ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے اپنے خطاب میں مساوات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہماری پہچان کیلئے ہمیں قوموں میں تقسیم کیا ہے،قومیت کے بنیاد پر خود کو دوسروں سے بہتر اور برتر سمجھنا آج کے ترقی یافتہ دور میں پرانی کی بات ہے۔ ہم نے ہمیشہ ان باتوں کو بالائے طاق رکھ کر بغیر کسی تفریق کے ، ہر نگ و نسل کے افراد کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے دین و سیاست کا راشتہ عوام کیلئے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے اس دنیا کیلئے ایک نظام تشکیل دی ہے، نظام الٰہی کو پیش کرنے کیلئے سیاست میں آنا ضروری ہے۔
امام جمعہ کوئٹہ علامہ ھاشم موسوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تمام انسانوں کو کامیاب کرنا چاہتا ہے، ہم سب اس دنیا میں مسافر ہیں اور کامیابی سے مراد آخریت کی کامیابی ہے اور اللہ و رسول کے احکامات یعنی قرآن و اہلبیت کا دامن تھام کر ہی کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے معاشرے میں اجتماعی اعمال کو انفرادیت پر ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمارے اجتماعی اعمال کو زیادہ پسند کرتا ہے انہوں نے ملک بھر میں اہل تشیع پر ہونے والے مظالم کا تذکرہ کیا اور کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس صاحب اسی ظلم و بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔
ایم پی اے آغا رضا نے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو عملی جامہ پہنانا ہے ۔ہم عوام کا حق ان کی دہلیز تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم ملک سے وفا رکھنے والی اور پر امن قوم ہے اور ملک میں بہترین پوزیشن رکھنے کے باوجود ہم نے کبھی کوئی غلط اقدام نہیں اٹھایا۔ہم نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے اپنے پروجیکٹس پر لگنے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین لوگوں کے زہنوں میں سوالات پیدا کرکے ہمارے ارادے پست کرنا چاہتا ہے مگر ہم قوم کو ہمیشہ اعتماد میں لے کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سابقہ حکومت کے باقی ماندہ کام بھی اگر شروع کیے تو پروجیکٹ شروع کرنے والوں کو اعتماد میں لیکر اس پر کام کیا اور انھی کے ہاتھوں اسکا افتتاح کروایاکیونکہ چوری چوری ہوتی ہے چاہے وہ پیسوں کی ہو یا نام کی۔
مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے عوام سے خطاب کے دوران علامہ راجہ ناصر عباس صاحب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ راجہ صاحب نے مجھے یہ پیغام دیا ہے کہ اگر ظلم کے خلاف ہمیں سو دن بھی احتجاج کرنا پڑے تو ہم ضرور کریں گے۔ ہم ہر قسم کے ظلم و ستم اور ہر مظلوم کیلئے آواز بلند کریں گے۔ حکومت کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانی پڑے گی اور ہمیں ہمارا حق دینا پڑے گا انہوں کہا کہ ہم ملک سے دہشتگردی اور انسانیت کی قتل و غارت گری کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں ، ہماری جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی ہے اس لئے ہمیں احتجاج کی رہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے بھر پور حمایت کیلئے کوئٹہ کے مومنین کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کے خطاب کے بعد ہزارہ پارکوئر اکیڈمی کے جوانوں نے ایم ڈبلیو ایم کی حمایت اور اپنے خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا جلسے کے اختتام پر ملک کے استحکام اور سلامتی سمیت دنیا و آخرت میں کامیاب رہنے کی دعا کی گئی ۔
وحدت نیوز(ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان میں انجمن متولیان کے زیراہتمام امام بارگاہ روشن چراغ سے احتجاجی ریلی برآمد کی گئی۔ جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تعاون سے یہ ریلی اس بھوک ہڑتال احتجاجی کیمپ سے اظہار یکجہتی کی مد میں نکالی گئی جو سرکلر روڈ حیدری چوک پر لگایا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں میں ہونے والی اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈی آئی خان میں بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ احتجاجی ریلی کا آغاز امام بارگاہ روشن چراغ سے ہوا، جو کہ مختلف مقامات و راستوں سے ہوتی ہوئی حیدری کیمپ پر اختتام پذیر ہوئی۔ امام بارگاہ تھلہ بموں شاہ، حسینی چوک، حیدری چوک، جائے شہادت شہید رضی الحسن شاہ بازار توپانوالہ سیت مختلف مقامات پر آئی ایس او، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنماوں اور انجمن متولیان کے صدر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اہل تشیع کو تحفظ اور شہداء کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی اور منظم شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی ریلی ، ریلی کی قیادت سینئیر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل آزاد کشمیر علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی ، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل آزاد کشمیر سید شبیر بخاری و دیگر زعماء نے کی ، ریلی مرکزی امامبارگاہ پیر علم شاہ بخاری مظفرآباد سے نکالی گئی ، ریلی جب سی ایم چوک پہنچی تو احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کر گئی ، مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی نے کہا کہ ہمارے لوگوں کا قتل عام بند کیا جائے، ہم حسینی ہیں ، کربلائی ہیں ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات ملت جعفریہ کے مطالبات ہیں ، انہیں فی الفور پورا کیا جائے ، اگر جلد کوئی عملدرآمد نہ ہوا تو ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ پارہ چنار ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کراچی میں ہمارے لوگوں کو چن چن کر مارا گیا ، پشاور شہر ہمارے خون سے رنگا ہوا ہے ، ایک پروفیشنل کی لاش گھنٹوں سڑک پر پڑی رہی کوئی اٹھانے والا نہ تھا ، حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشیاں ہمارے لیے ناقابل برداشت ہیں ، ہم فی الفور کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال آٹھ روز سے جاری ہے ، ہم اپنے قائد کے شانہ بشانہ ہیں ، مطالبات ملت جعفریہ کے ہیں ، ملت آج آٹھ روز سے احتجاج میں ہے ، پرامن و جمہوری طریقے سے احتجاج کر رہے ہیں ، ہم اس ملک کے شہری ہیں اپنا حق لیئے بغیر واپس نہیں پلٹیں گے ، بنیادی حق حقِ زندگی ہے ، جب ہماری مائیں بہنیں اپنے بیٹوں اور بھائیوں کے لیے گریہ و زاری کرتی ہیں تو دل خون کے آنسو روتا نہیں ، خدا شاہد ہے ہم نے کبھی اس ملک سے غداری نہیں کی نہ ہی کریں گے ، لیکن ملک کے وفادار بیٹوں کا تحفظ تو یقینی بنایا جائے ،اب دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف عملی کاروائی کا آغاز ہو جانا چاہیے .
سید شبیر حسین بخاری نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس ملت کی خاطر ، مظلوموں و محروموں کی خاطر کربلائی بنکر بیٹھے ہیں ، ہم قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی حمایت کرتے ہیں ، کشمیری قوم مظلوم ہے مظلوموں کا درد جانتی ہے ، ہم صورتحال دیکھ رہے ہیں اگر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملت جعفریہ آزاد کشمیر حتمی لائحہ عمل دے گی اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کرے گی۔ مظاہرہ سے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے رہنماء سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ ، امامیہ آرگنائزیشن آزاد کشمیر کے رہنماء سید زوار علی نقوی ، آئی ایس آزاد کشمیر کے ڈویژنل صدر سید رضی عباس ، مولانا سید جواد الحسن سبزواری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے قائد وحدت کی حمایت کا اعلان کیا اور مطالبات کی جلد از جلد منظوری کا مطالبہ کیا۔آخر میں احتجاجی اجتماع نے درج ذیل قراردادیں پیش کیں شرکائے مظاہرہ نے اللہ اکبر کہتے ہوئے قراردادوں کو پاس کیا۔آج کا یہ احتجاجی مظاہرہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔۲۔ مطالبہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں شیعہ نسل کشی میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے۔۳۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف فوری کاروائی کا آغاز کیا جائے ، نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو روکا جائے۔۴۔ملک میں شیعہ مسلمانوں پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملوں بالخصوص سانحہ شکار پور، سانحہ جبک آباد ، سانحہ چلاس، سانحہ بابوسر ، سانحہ حیات آباد، سانحہ عاشورہ ، سانحہ راولپنڈی سمیت تمام سانحات کے مقدمات کو ملٹری کورٹس میں بھیجا جائے۔۵۔پاکستان میں موجود تمام مسالک اور مذہب کے لوگوں کو تکفیری دہشت گردوں سے تحفظ فراہم کیا جائے۔۶۔ پنجاب حکومت اپنی شیعہ دشمن پالیسی فوراً ختم کرے ، عزاداری سید الشہداء پر غیر اعلانیہ پابندیاں ، شیعہ عمائدین اور بانیان مجالس کے خلاف ایف آئی آرز ختم کی جائیں ، ذاکرین اور علماء پر پابندی کا فوری خاتمہ اور جن شیعہ عمائدین کو ناجائز طور پر فور شیڈول میں ڈالا گیا ہے انہیں فوراً نکالا جائے۔۷۔ خیبر پختونخواہ حکومت شیعہ قتل عام پر مجرمانہ خاموشی ختم کرے اور دہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ کاروائی کرے ۔۸۔پارا چنار کرم ایجنسی میں ایف سی کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ مظاہرین کے لیے تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے ، کمانڈیٹ کرم ایجنسی ، پولیٹیکل ایجنٹ اکرام اللہ اور اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شاہد علی کے خلاف قانون کاروائی کی جائے۔ ۹۔ گلگت بلتستان اور پاراچنار کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش اور حکومتی سرپرستی میں شیعان حیدر کرار کی زمینوں پر قبضہ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔۱۰۔مسلکی بنیادوں پر پاکستان کی تقسیم کی سازش کے خلاف عملی اقدامات کیئے جائیں ۔