وحدت نیوز (کراچی) ملک بھر میں جاری فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ سمیت شیعہ حقوق کی پائمالی کے خلاف اسلام آباد میں جاری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش چورنگی پر قائم علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے گیارہویں روز مجلس وحدت کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی، صوبائی پولٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی ، سیکرٹری جنرل کراچی میثم عابدی، علامہ مبشر حسن ، علامہ علی انور جعفری ،علامہ صادق جعفری ،علامہ احسان دانش، ڈاکٹر مدثر حسین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کیلئے علامتی بھوک ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے نو منتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی نے کہا کہ اس احتجاجی کیمپ کا مقصد ملک میں دہشتگردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والی بے گناہ عوام کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی اور ملک خداداد میں جاری دہشتگردی اور کالعدم جماعتوں کے بڑھتے ہوئے نفوذ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف حکومتی و ریاستی اداروں کی مجر مانہ خاموشی پر اپنا مؤثر پُرامن احتجاج ریکارڈ کر وانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کے ملک میں دوبارہ طالبان دہشتگردوں اور ان کی بغل بچہ کالعدم جماعتوں کو فری ہینڈ دیا جا رہا ہے اور پھر سے پروفیشنلز کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قومی نقصان کیا جا رہا ہے، اس صورتحال پر تمام محب وطن عوام انتہائی تشویش کا شکار ہیں۔
رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کی احتجاجی تحریک صرف شیعہ سنی مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام محب وطن اقلیت برادری کیلئے بھی ہے، ہم نہیں چاہتے ہیں کسی بھی مکتب کی آزادیاں سلب کی جائیں، ہر مکتبہ فکر کو آزادی ہونی چاہیئے کہ وہ اپنی عبادات بجا لاسکیں، انہیں بھی پاکستانی کی حیثیت سے یکساں شہری حقوق حاصل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس ملک کو مسلکی پاکستان نہیں بننے دیں گے، پاکستان کے لوگوں کو قائد و اقبال کا پاکستان چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک طرف خاص طور پر اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جبکہ دوسری جانب عزاداری سیدالشہداء پر قدغن لگائی جا رہی ہے، ملک بھر میں ہزاروں بانیان مجالس اور ذاکرین کیخلاف مقدمے درج کر لئے گئے ہیں، جو کام دہشتگرد نہیں انجام دے سکے، وہ نواز حکومت پنجاب سمیت ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے نام پر انجام دینا چاہتی ہے،آج ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے محب وطن طبقے کو دانستہ طور پر دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تاکہ انہیں ظالم حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا موقع نہ مل سکے، لیکن ہم محب وطن اہل تشیع مسلمان پاکستانی ہر حال میں اس صورتحال کا راستہ روکیں گے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) کوئٹہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور بلوچستان اسمبلی کے رکن جناب آغا رضا نے کہا ہے کہ ہم ہر کھیل کو فروغ دینے کی کوششیں کررہے ہیں، قومی کھیل میں نوجوانوں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔ یہ بات انہوں نے آل ہزارہ صفدر علی بابل ہاکی ٹورنامنٹ کے نمائشی میچ میں خطاب کے دوران کی انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں کی مدد کی پوری کوشش کی ہے اور کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے مختلف ٹیموں میں انکی ضرورت کی اشیاء بھی انہیں فراہم کردی ہے، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے نوجوان اپنا وقت ضائع نہیں کرتے اور ہمارا معاشرہ ایک صحت مند معاشرہ بن رہا ہے۔ صفدر علی ہاکی اسٹیڈیم گلستان ٹاؤن میں ینگ ہزارہ ہاکی کلب کے زیر اہتمام ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ایم پی اے آغا رضا بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور پہلا ہٹ مار کر آغا رضا نے ٹورنامنٹ کے میچوں کا آغاز کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور ہمیں یہ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی کہ ہمارے نوجوان اس کھیل میں بھی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور باقاعدہ ٹورنامنٹ کا بھی آغا ہوچکا ہے۔ میچ کے آخر میں ایم پی اے آغا رضا نے صفدر علی بابل ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے دو لاکھ روپے اور اس کے ساتھ ہی اسٹیڈیم میں ٹرف بچانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے گزشتہ حالات نے عوام کے زہنوں میں ایک عجیب کیفیت طاری کردی تھی اور ایسی سرگرمیاں عوام کے زہنوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور خوشگواری کیلئے کارآمد ثابت ہوتی ہے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) خیبرپختونخواہ کے سابق گورنر جسٹس (ر) ابن علی کی قیادت میں وحدت کونسل کوہاٹ، ہنگو اور اورکزئی کے عمائدین کے ایک24 رکنی وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہرتالی کیمپ میں ملاقات کی اور ان کے اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔انہوں نے علامہ ناصر عباس سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملت تشیع کے لیے ان کے تدبر، بصیرت ،اخلاص اور درد دل کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کی جدوجہد کو محض ملت تشیع سے منسوب نہیں کیا جا سکتا بلکہ ان کا یہ اقدام پاکستان کے ہر اس مظلوم طبقے کے لیے ہیں جو ریاستی جبر اور ظلم و بربریت کا شکار ہے ۔ہم سب کو اس تحریک کا حصہ بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد طاقتیں پاکستان کی بقا و سالمیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا تب تک اس ملک کے عوام کو حقیقی امن و سکون میسر نہیں ہوسکتا۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ہم علامہ راجہ ناصرعباس کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے وفد کا احتجاجی کیمپ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد ظلم، کرپشن ،دہشت گردی اور ریاستی جبرکے خلاف گزشتہ دو ہفتے سے مسلسل احتجاج پر ہیں۔حکومت کی روایتی بے حسی اس کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ملک بھر سے مختلف شیعہ سنی جماعتیں مل کرحکومت کے خلاف ایک بھرپور تحریک لانے پر بھی غور کر رہی ہیں تاہم ہماری یہ کوشش ہے کہ قوم کو کسی آزمائش میں نہ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ یہ احتجاج زیادہ عرصہ جاری نہیں رہ سکے گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ہمارے اعصاب مضبوط ہیں۔ہم رمضان بھی یہاں گزاریں گے اور عید بھی احتجاجی کیمپ میں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا اس ملک میں اب کرپٹ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف قوم اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔وفد میں وحدت کونسل کے اراکین،سابق رکن اسمبلی حسین الحسینی اور مولانا عبد الحسین سمیت نامور شخصیات بھی شامل تھیں۔
وحدت نیوز(لندن) لندن میں وزیراعظم نواز شریف کی آمد کے موقع پرپارک لین میں ان کی رہاش گاہ کے باہر پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خلاف مظاہرہ کیا اور وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کہ وہ اس پر ایکشن لیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے گھر کے باہر ہونے والے مظاہرے کی قیادت علامہ غلام خر شبیری، علامہ سید علی رضارضوی ، علامہ مشرف حسینی، علامہ جعفر نجم،علامہ تقی رضوانی اور علامہ حسن معروفی نے کی جبکہ احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرین نے 14 روز سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ ان کا احتجاج نہ تو پہلا ہے اور نہ ہی آخری ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ قائد وحدت کی ثابت قدمی اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں، جو مکتب اہل بیت (ع) کی خاطر اتنی بڑی قربانی دے رہے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ ناصر عباس نے تاحال قوم کو نہیں پکارا، جب وہ اعلان کریں گے تو پوری دنیا میں ان کے چاہنے والے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت اور ریاستی اداروں سے کالعدم جماعتوں اور دہشتگردوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ نیشنل ایکشن پلان ناکام ہوگیا تو پاکستان ایک ناکام ریاست بن جائیگی۔
وحدت نیوز(نیویارک) پاکستان کے مختلف شہروں میں اہل تشیع افراد کے قتل عام کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال 14ویں روز میں داخل ہوگئی ہے، ان سے اظہار یکجہتی اور قتل عام کی مذمت میں امریکہ کے شہر نیویارک میں بھی پاکستان قونصلیٹ کے سامنے جمعہ اور ہفتہ کو دو روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایک جاری بیان کے مطابق پاراچنار، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور اور کراچی میں اہل تشیع کے قتل عام اور نواز حکومت کی بےحسی کےخلاف نیویارک میں شیعہ کمیونٹی 27 اور 28 مئی کو بھوک ہڑتال کرے گی۔ بھوک ہڑتال کا مقصد علامہ ناصر عباس سے مکمل اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے جنرل سیکریٹری عباس علی نے اپنے بیان میں ماہ شعبان میں اہلبیت علیہ السلام میں سے بعض آئمہ کی ولادتوں پر مبارکباد پیش کی اور نظام الٰہی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے روبرو تمام انسان برابر ہیں۔ ہم سب کا تعلق اللہ سے ایک ہی ہے اور وہ تعلق بندگی کا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ ہم سے محبت کرتا ہے اس نے ہمیں مختلف قوموں میں، ہماری پہچان کیلئے تقسیم کیا ہے ۔ اپنی قومیت کے بنا پر خود کو دوسروں سے زیادہ بہتر سمجھنا اور خود کو ان پر برتری دینا ہماری غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ؐ ہمیں پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ کسی کو کسی پر برتری حاصل نہیں اور اللہ کی بارگاہ میں ہم سب برابر ہے ۔ اس لئے نظام الٰہی قائم کرنے کی کوشش میں، ہم نے بغیر کسی قومی، نسلی یا لسانی تفریق کے ، ہر فرد کی مدد کی اور انکی خدمت کی۔ ہمارے سیاست کا مقصد کسی خاص فرقے یا قوم کی ترقی نہیں بلکہ اللہ کے بندوں کی فلاح اور بہتری ہے۔ہم اسلامی احکامات کی پیروی کرتے ہیں اورعدل و مساوات کو ہمیشہ مد نظر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حاکم کو بغیر کسی تفریق کے کام کرنا چاہیے مگر افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کے افسران اور حکمران مملکت خداداد کے اچھے عہدوں اور بڑی کرسیوں پر بیٹھ کر یہ بھول جاتے ہیں کہ اس ملک کا قیام ہی اسلام کے نام پر ہوا تھا ۔ وہ اسلامی احکامات کی پیروی نہیں کرتے اور ملک میں مسائل اور دشواریاں جنم لیتے ہیں،عدل و مساوات کو ترجیح دینے سے ہی اللہ کا نظام ملک میں لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ یہ ہرگز نہیں چاہتا کہ کسی بھی انسان پر کسی طور ظلم ہو، اپنے فرائض پورے کرکے اور عوام کے خدمت کی صورت میں سیاست کو جہاں حکمران عبادت بنا سکتے ہیں وہی اسے ایک گالی کا نام دیا گیا ہے، سیاسی میدان سے وابسطہ افراد کے دلوں میں خوف خدا کی موجودگی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا کہ ملک میں مثبت تبدیلی نہیں آسکتی اور جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔ مجلس وحدت مسلمین کی پوری کوشش یہی رہی ہے کہ ملک میں بہتر نظام لایا جائے جہاں ہر شخص کو اسکا حق ملے اور ہر فرد نظام الٰہی کا حصہ بنے۔