وحدت نیوز(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ ڈاکٹر صغیراحمد کے پاک سرزمین پارٹی میں شمولت کے بعد PS-117کی خالی ہونے والی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار محسن مقادم اور رضوان پنجوانی شیعہ علماءکونسل کے امیداوار علی رضا لال جی کے حق میں دستبردارہو گئے ہیں ، اس بات اعلان گذشتہ روز ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے نامزد سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی نے شیعہ علماءکونسل کے صوبائی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ قومی وحدت اور یگانگت کو پارٹی مفادات پر ترجیح دی ہےاور حلقہ PS-117میں بھی ہم نے اپنی قیادت کی اتحاد وحدت کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے شیعہ علماءکونسل کے امیدوار کے حق میں اپنے امیداوار دستبردارکروانے کا اعلان کیا ہے، ہم شیعہ علماءکونسل کے امیدوار کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ساتھ ہی ان کی الیکشن مہم میں بھی ان کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرواتے ہیں ۔شیعہ علماءکونسل کے رہنما علامہ جعفر سبحانی نے مجلس وحدت مسلمین کے اس جذبہ خیر سگالی پر مسرت کا اظہار کیا اور علی رضا لال جی کی حمایت کرنے پر اظہار تشکر کیا۔واضح رہے کہ ایم ڈبلیوایم کے امیداروں کے علاوہ اس نشست پر نامزددو آزاد امیداروں حسنین حیدری اور عون علی نے بھی علی رضا لال جی کی حمایت میں دستبردارہو نے کا اعلان کردیا ہے ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) بین الاقوامی شہرت یافتہ خطیب اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رہنما علامہ سید حسن ظفرنقوی اپنی تمام تر نجی مصروفیات ترک کرکے شیعہ نسل کشی کے خلاف اسلام آباد میں جاری سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی احتجاجی بھوک ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں ، نیشنل پریس کلب کے باہر قائم احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آمد پر ان کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان کا ایک عظیم لیڈر قوم کے حقوق کی خاطر تین روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھا ہے، اب ہماری قومی وملی جماعتوں او رتنظیموں کا کیا وظیفہ ہے،یہ کسی شخصیت ، تنظیم یا جماعت نہیں بلکہ قومی غیرت وحمیت کا مسئلہ ہے، جس میں پوری قوم کو علامہ راجہ ناصرعباس سے اظہار یکجہتی کرنا چاہئے، انہوں نے مذید کہا کہ جن مومنین سے میرےمجالس یا میلاد میں شرکت کے وعدے ہیں، ان سب سے انتہائی معذرت کے ساتھ کہتاہوں کہ یہ ناچیز حاضر نہیں ہو سکتا،مومنین کے قتل عام کے خلاف آواز اٹھانا اور احتجاج کرنا آج میری سب سے بڑی ذمہ داری ہےاور اپنے مولا سے کیئے ہوئے وعدے کو وفا کرنا سب سے بڑی وفاداری ہے.
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تنظیمی پیام وحدت کنوکشن کے اختتام پر آئندہ تین سال کیلئے برادر میثم رضا عابدی ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، امام بارگاہ عزاخانہ ابوطالبؑ سولجر بازارمیں منعقدہ کنونشن میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے اراکین کابینہ اور چھ اضلاع سے عہدیداران نے اپنے خفیہ حق رائے دہی کے نتیجے میں نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کیا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی ، صوبہ سیکریٹری فلاح وبہبود الفت عالم کربلائی اور سیکریٹری روابط شفقت علی لانگا نے الیکشن کمیشن کے اراکین کی حیثیت سے انتخابی عمل کی نگرانی کی، میثم عابدی کے مد مقابل سید رضا امام اور سجاد اکبر زیدی کے نام بھی انتخابی عمل میں شامل تھے۔نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی سے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی نے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی کا کہنا تھا کہ ایک بھاری ذمہ داری میرے کاندھو ں پر ڈال دی گئی ہے، آپ تمام دوستوں کے تعاون کے بغیر اس الہیٰ وضیفے کی انجام دہی ناممکن ہے، انشاءاللہ آئندہ تین سال جماعت کے تنظیمی ڈھانچے کی مذید مضبوطی کیلئے اقدام بروئے کار لائے جائیں گے اور ایم ڈبلیوایم کو وطن عزیز کی ایک مظلوم دوست جماعت کی حیثیت سے روشناس کروائیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) اہل سنت عالم دین محمد علی نقشبندی صاحب کی تحفظ ناموس رسالت کے وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ آمد، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو پھولوں کے گلدستے کے ساتھ مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اتحاد امت مسلمہ کے لیے کی جانے والی خدمات پر ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو خراج تحسین پیش کیا،س موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری مالیات علامہ سید مبارک علی موسوی ، مرکزی سیکرٹری سیاسیات برادر اسد نقوی ، برادر ناصر شیرازی اور لاہور کے نو منتخب سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ہمدانی سمیت دیگر ضلعی عہدہ داران موجود تھے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ دلچسپی کے امور سمیت ملکی حالات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری وفدمیں شامل معززمہمانان گرامی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ روزدورہ لاہور کے موقع پر سربراہ تحریک اتحاد امت مصطفیٰ پیر شفاعت الرسول سے ان کے آستانہ پر ملاقات کی ، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی، رکن شوریٰ عالی سید ناصرشیرازی،سیکریٹری جنرل لاہور علامہ سید حسن ہمدانی ودیگر بھی مو جود تھے ، ایم ڈبلیوایم قائدین کی آمد پر پیر شفاعت الرسول کے مریدوں کی جانب سے گل پاشی کرکے شاندار استقبال کیاگیا ،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پیر شفاعت الرسول کو تحریک اتحاد امت مصطفیٰ ﷺکا چیف آرگنائزر نامزدہونے پر مبارک باد پیش کی،
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان سے تکفیریت کے خاتمے اور امن واستحکام کے قیام کیلئے مضبوط شیعہ سنی روابط کا قیام ناگزیر ہے، الحمداللہ مجلس وحدت مسلمین نے وطن عزیز میں اہل سنت تنظیمات کے ساتھ گراس روٹ تک برادرانہ تعلقات قائم کرکے تکفیریت کا منہ کالا کیا ہے۔ پیر شفاعت الرسول نے تحریک اتحاد امت مصطفیٰ ﷺمیں مجلس وحدت مسلمین کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیوایم اور خصوصاًآپ کی اتحاد بین المسلمین کے لئے جدوجہد روز روشن کی طرح عیاں ہے، انہوں نے ایم ڈبلیوایم قائدین کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کرم ویلی ٹیچر ایسوسی ایشن کے تحت یکم جولائی2012سے فاٹا اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر پابندی کے خلاف نیشنل پریس کلب کے باہر جاری احتجاجی دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےخصوصی شرکت کی اور شرکائے دھرنا سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ آغا سید علی رضوی، ارشاد حسین بنگش اور محمد علی بھی موجود تھے، علامہ راجہ ناصرعباس نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا اساتذہ کی حق تلفی قابل مذمت ہے، معاشرے کے سب سے قابل احترام طبقے کے حقوق غصب کرنا غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام ہے ، مجلس وحدت مسلمین متاثرہ اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاقی حکومت فاٹا کے اساتذہ کے ساتھ متعصبانہ رویہ ترک کرے اور ان کی قابلیت ، اسکیل اور مدت ملازمت کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کرے۔