The Latest

وحدت نیوز(بھکر)مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کی ضلعی شوری کا اجلاس پیر اصحاب میں ضلعی آرگنائزر مزمل حسین کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھکر کے یونٹس اراکین اور نمائندگان نے شرکت کی، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی اور صوبائی سیکرٹری عزادری صفدر حسین خان نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں سید سبط حسن، ملازم حسین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کے بعد بذریعہ ووٹنگ اکثریت رائے سے مزمل حسین کو ایم ڈبلیو ایم بھکر کا نیا ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں اس سال اربعین حسینی شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔

عزاداری سید الشہداء ہماری طاقت اور عظمت کا نام ہے دشمن جس عزاداری کو محدود اور کم کرنا چاہتا تھا آج اُسے اپنے مقصد میں شدید شکست ہوئی ہے، یہ ملک شیعہ سنی نے مل کر بنایا تھا اور مل کر ہی اس کا تحفظ کریں گے، چند مٹھی بھر شرپسند عناصر اس ملک کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں، انشاء اللہ جلد ہی اُن کا خاتمہ ہوگا، اس موقع پر نومنتخب سیکرٹری جنرل مزمل حسین کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح انشاء اللہ ضلع بھکر میں تشیع کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے محکمہ داخلہ کے مراسلے کے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ پاکستان میں بسنے والے تمام حسینیوں کی آواز ہے، یہ شہدائے کربلا کیساتھ عقیدت کا اظہار ہے کہ لوگ چہلم کے جلوسوں میں شرکت کیلئے پیدل چل رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پورے ملک میں تکفیریوں نے ریلیاں نکالیں، تکفیری نعرے لگائے، دیواروں پر کافر کافر کی چاکنگ کی، تب یہ محکمہ داخلہ کہاں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 32 سے زائد چھوٹے بڑے جلسے اور ریلیاں ہوئیں، کیا وہ متنازع ریلیاں محکمہ داخلہ کو دکھائی نہیں دیں، تب قانون کیوں نہیں بنایا گیا، ملکی سالمیت کیلئے تب کیوں محکمہ داخلہ حرکت میں نہیں آیا۔ محکمہ داخلہ کو یہ پُرامن لوگ ہی دکھائی دیئے ہیں جن کے جلوسوں پر پابندی لگائی جا رہی ہے، یہ ہماری مذہبی آزادی پر حملہ ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اب جب لوگ صرف پیدل جلوسوں میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں، یہ ماتمی جلوس نہیں بلکہ جلوسوں کی جانب سفر ہے، لوگ کثرت سے جار ہے ہیں تو ان سے برداشت نہیں ہو رہا۔ چہلم کے اس جلوس میں لوگ پاکستانی پرچموں کیساتھ شریک ہیں لبیک یاحسینؑ کے نعروں کیساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی شامل ہیں، لوگوں نے علم اُٹھائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ داخلہ کے اس مراسلے کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے عزاداری کے جلوسوں کو کسی طور نہ روکا جائے، ہم محکمہ داخلہ اور پولیس کے رویے کی مذمت کرتے ہیں اور مزاحمت بھی کرتے ہیں یہ رویہ غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلوس کو کسی طور نہ روکا جائے اور حکومت ایسی مہم جوئی سے باز رہے، جو خواتین، بچے اور بوڑھے واک میں شریک ہونا چاہتے ہیں انہیں کسی طور نہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شہروں میں اربعین کے جلوس نکالنے پر ہمارے کچھ کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ان کارکنوں کو رہا کیا جائے، اگر گرفتار کارکن رہا نہ ہوئے تو چہلم پر اس حوالے سے اہم اعلان کریں گے اور پھر گرفتار کرنیوالوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈیٹس آرگنائزیشن برادر عارف الجانی سمیت یگرمذہبی رہنماؤں اور علماءکے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہے عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی متعلقہ ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔جسے ہر حال میں پورا کیا جانا چاہیے۔اس بار چہلم شہدائے کربلاشیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہو گا۔اب حسینی اور یزیدی گروہوں کی شناخت کا وقت آ گیا ہے۔دنیا دیکھے گی کہ حسینیت اکثریت میں اور یزیدی ٹولے اقلیت میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ملک بھر میں چہلم کے جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرے۔ایک طرف تو وطن عزیز میں مذہبی منافرت پھیلانے والے تکفیری گروہوں کے آزادانہ اجتماع منعقد ہو رہے ہیں جب کہ دوسری طرف تشیع کوان کی عبادت سے روکنے کے لیے انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے خطہ اسلام دشمن قوتوں کے نشانے پر ہے۔طاقت کے توازن کی ایشیاکی جانب منتقلی کو روکنے کے لیے امریکہ اور اس کے اتحادی پاکستان سمیت مختلف ممالک کو عدم استحکام کا شکار کر رہے ہیں،اس مقصد کے لیے مذہبی منافرت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ترکی ،شام اوردیگر اسلامی ممالک کو توڑنے کے لیے آٹھ ہزار ارب ڈالر خرچ کئے جائیں گے۔ماضی کی ''تقسیم کرو اور حکومت کرو'' کی پالیسی کو ایک بار پھر دہرایا جا رہا ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ پاکستان میں مختلف مسالک کے مابین علمی اختلافات کو نفرت اور دشمنی میں بدلنے کے لیے پاکستان میں کالعدم جماعتوں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔یہ مذہبی منافرت ملک کے لیے نقصاندہ اور دشمنوں کے لیے نفع بخش ثابت ہو گی،مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام سے اس کھیل کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔شیعہ سنی علما کو بابصیرت کردار ادا کرنے کے لیے میدان میں آنا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالم استعماری قوتوں نے مختلف ممالک کو تباہ کرنے کے لیے وہاں کے معاشی اور سیاسی ڈھانچے کو مفلوج کیا لبنان کی مثال سب کے سامنے ہے۔قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا۔ پریس کانفرنس میں مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان برادر عارف الجانی سمیت انجمن جانثار ان کے رہنما بھی شریک تھے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ضلع خانیوال اورپنجاب کے مختلف اضلاع میں عزاداروں کیخلاف چادر و چاردیواری کی تقدس کو پامال کرتے ہوئے پولیس گردی کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کا شیعہ مسلمان شہریوں کی مذہبی آزادی پر حملہ آئین پاکستان میں تسلیم شدہ حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اس غیر قانونی غیر آئینی عمل کا نوٹس لیں،ایک طرف کالعدم جماعتوں کوفرقہ وارانہ مظاہروں اور جلسے جلوسوں کی چھوٹ اور دوسری طرف امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں باہمی وحدت اور ملکی سالمیت پر ایمان رکھنے والوں کی شرکت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا فرقہ واریت پھیلانے والوں کی حوصلہ افزائی ہے۔

وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ برکت علی مطہری نے کمشنر نصیر آباد ڈویژن عابد سلیم قریشی سے ملاقات کی اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید شاہد حسین شاہ ،سید نیاز حسین شاہ ،غلام حسین شیخ، مولانا مشتاق حسین عمرانی، ممتاز علی ڈومکی ودیگر ان کے ہمراہ تھے۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ملک بھر کی طرح بلوچستان کے مختلف شہروں میں نواسہ رسول امام حسین عالی مقام علیہ السلام کی یاد میں چہلم کی مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا منعقد ہوتے ہیں محرم کے ایام میں پولیس اور انتظامیہ کا ہم سے بھرپور تعاون رہا جس کے لیے بحیثیت کمشنر آپ نے انتہائی مثبت کردار ادا کیا۔ اس موقع پر علامہ برکت علی مطہری نے کہا کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی جلوس عزا برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وطن دشمن عناصر ملک میں فرقہ واریت کی فضا کو ہوا دے رہے ہیں جبکہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین امن و اخوت اور حب الوطنی کی علمبردار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نصیر آباد ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ محرم الحرام کی طرح چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر بھی انتظامیہ کا بھرپور تعاون رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کا ہمارے ساتھ بھرپور تعاون رہا جس پر میں آپ کا شکر گزار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض ملک دشمن عناصر وطن عزیز پاکستان میں فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دینا چاہتے ہیں ہم اتحاد اور بھائی چارے کے ذریعے دشمن کے مکروہ عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ برکت علی مطہری نے کمشنر عابد سلیم قریشی کو بہترین انتظامی خدمات اور تعاون پر شیلڈ پیش کی۔

وحدت نیوز(کراچی) سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن و خطیب جامع مسجد حیدری علامہ محمد صادق جعفری صاحب نے پاکستان رینجرز سندھ کےبریگیڈیئر ویسٹ زون طاہر صاحب کے آفس نارتھ ناظم آباد میں رکھی گئی میٹنگ میں شرکت کی اور شہر کراچی کی امن وامان اور دیگر مسائل کی نشاندہی کی اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو مرکزی جلوس چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کی دعوت دی۔

 اس موقع پرتمام مسالک کے علمائے کرام، مساجد کے خطباء،مساجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹیز ، رضی حیدر رضوی چیئرمین ایچ کے ٹرسٹ اورنگی ٹاؤن ویسٹ ،مولانا غلام عباس کمیلی ( امام جماعت مسجد و امام بارگاہ العباس حسین آباد اورنگی ٹاون ، عاصم جعفری ٹرسٹی خیرالعمل ٹرسٹ انچولی ، آفتاب زیدی ٹرسٹی مسجد و امام بارگاہ باب العلم فروغ ایمان ٹرسٹ نارتھ ناظم آباد ، عباس الوانی بلدیہ ٹاؤن کے علاوہ ڈی آئی جی ویسٹ زون جناب عاصم قائم خانی ،ڈی ایس پی آپریشن ویسٹ زون جناب ناصر بخاری ، ایس ایس پی سینٹرل جناب راؤ عارف اسلم ، ایس ایس پی ویسٹ جناب فدا حسین اور ویسٹ زون کے تمام ونگ کمانڈرز نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)  مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی کابینہ کا دو روزہ اجلاس سینٹرل سیکرٹیریٹ ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد میں مرکزی سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب کی مرکزی نمائندگان جن میں مرکزی سیکرٹری سیاسات محترمہ نرگس سجاد ، سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی ، سیکرٹری آفس محترمہ بینا شاہ ، سیکرٹری ورکنگ وومن محترمہ ڈاکٹر ردا فاطمہ ، سیکرٹری مالیات محترمہ قراةالعین ، سیکرٹری شماریات محترمہ فرح دیبا ، سیکرٹری تعلیم محترمہ گلشن , میڈیا سیکرٹری عرفاعباس ، معاون میڈیا سیکرٹری محترمہ زینب بنت الھدی اور ضلع اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ صدیقہ بتول اور ضلعی میڈیا سیکرٹری محترمہ فروا نے شرکت کی۔

 اجلاس میں شعبہ خواتین سے متعلق اہم فیصلہ جات کیے گئے نیز شعبہ تنظیم سازی کے لیے قوائد و اصول معین کیے گئے اور شعبہ تربیت کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی کونسل تشکیل دینے پر اتفاق ہوا۔

 اجلاس کے دوسرے روز مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے اہم موضوعات اور تنظیمی امور سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی۔ علامہ راجا ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے معاشرے میں تربیت کے امور میں خواتین کو بھرپور کام اور فعالیت انجام دینے کی ھدایات کیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےکہا ہے کہ عزاداری  ہماری عبادت، ہماری شناخت اور ہماری نسلوں کی بقا کی ضامن ہے ۔شرف انسانیت کے اس معیار کو حسینیت کہتے ہیں جو حق وباطل کے راستوں کو جدا جدا کرتا ہے۔امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کی حق پسندی کو صرف عالم اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر مذاہب بھی عقیدت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہی وجہ ہے روز عاشور اور اربعین کے موقع پر کربلائے معلی میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائی، ہندو اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مٹھی بھر تکفیری عناصر نے بغض اہلبیت علیہم السلام میں یزید کی حمایت کے نعرے لگا کر اپنی فکری وابستگی کو آشکار کیا ہے۔اس سال کا اربعین اس امر کا تقاضہ کرتا ہے ہر عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چاہے وہ اہل سنت ہو یا اہل تشیع، نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نواسے سے محبت کے عملی اظہار کے لیے اربعین کے جلوس میں شریک ہوں اورساری دنیا کو یہ واضح پیغام دے کہ یزید روز ازل سے نفرت کی علامت تھا اور روز قیامت تک لعنت کا حقدار رہے گا۔

انہوں نے کہا اربعین یزیدیت کے خلاف مولا علی علیہ السلام کی شیر دل شہزادی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی للکار کا نام ہے۔ اہلبیت علیہم السلام کے شیعہ سنی پیروکاروں نے اپنی وحدت و اخوت کے اظہار سے سال 2020 کے اربعین کو پاکستان کا ایسا تاریخی دن ثابت کرنا ہے جس کی یاد کو کبھی فراموش نہ کیا جا سکے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرم جب بھی آتا ہے اِس مردہ معاشرے میں نئی روح پھونک کر جاتا ہے اور ساتھ ساتھ اربعین حسینی دنیا بھر میں ہر سال پہلے برسوں سے بہتر انداز میں منعقد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند برسوں سے اربعین حسینی ایک عالمی موضوع بن گیا ہے، اس سال پاکستان کے علماءے کرام نے خصوصاً قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس نے حکم دیا ہے کہ اس سال اربعین پہلے سے زیادہ پُرجوش انداز میں منایا جائے تاکہ یزیدی فکر کو فروغ دینے والوں اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کو پیغام جائے کہ حسینی متحد اور بیدار ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ جس طرح قائد وحدت نے حکم دیا ہے اُسی ولولے سے تمام مرد و زن 20 صفر کو سیاہ پٹیوں کیساتھ، سیاہ پرچموں کیساتھ گھروں سے نکلیں اور یہ حسینیت زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے عزاداری کے جلوسوں کو رونق بخشیں گے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ اس سال شیعہ اور سنی مل کر اس چہلم کو منعقد کر رہے ہیں، بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے گھروں سے نکلیں اور 20 صفر کے جلوسوں کو اپنے وجود سے رونق بخشیں اور اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں واضح ہو چکا ہے کہ دو ہی گروہ ہیں، ایک حسینی اور دوسرا یزیدی، جو جو حسینی ہے اور اپنی وابستگی نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام سے رکھتا ہے وہ یزیدی قوتوں کیخلاف 20 صفرالمظفر کو میدان عمل میں نکلے۔ انہوں نے کہا کہ 20 صفر کو گھروں سے نکل کر حسینی ہونے کا ثبوت دیں۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس زیر صدارت سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی مظفرآباد میں منعقد ہوا جس میں مرکزی نمائندگان رکن شوریٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ محمد اقبال بہشتی, نمائندہ مرکزی سیکرٹری جنرل ملک اقرار حسین اور آصف رضا ایڈوکیٹ بطور خاص شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران نظامت کے فرائض ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر مولانا سید حمید حسین نقوی نے سرانجام دئیے۔

اجلاس کے دوران تمام شعبہ جات کے سیکرٹریز نے اپنے اپنے شعبے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی جن میں سیکرٹری تنظیم سازی سید فداحسین نقوی, سیکرٹری سیاسیات تنویر احمد خان مغل, ایڈیشنل سیکرٹری سیاسیات وقارت کاظمی, سیکرٹری ویلفیئر خالد محمود عباسی, سیکرٹری تعلیم و تربیت مولانا سید اسرار عباس نقوی, کوارڈنیٹر ایمپلائزونگ ممتاز حسین نقوی, سیکرٹری میڈیا سید اسد بخاری سیکرٹری یوتھ و ADMC رضی عباس سبزواری سیکرٹری روابط سید عامر نقوی شامل ہیں۔

 مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے دوران ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع مظفرآباد سید غفران علی کاظمی, سیکرٹری جنرل ضلع جہلم ویلی سید عاطف حسین ہمدانی, سیکرٹری جنرل ضلع نیلم سید وقار علی کاظمی اورکوارڈنیٹر ضلع باغ خواجہ غلام حسین زوار نے اپنے ضلع میں تنظیمی فعالیت اتحاد بین المسلمین اور تنظیم کی فلاح و بہبود اور تنظیم کو درپیش مشکلات و مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

 اجلاس میں قرار دیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین کراچی سے کشمیر تک ہر مظلوم کی جماعت اور ساتھی ہے اور وحدت پر یقین محکم رکھتی ہے بہت جلد حق و انصاف کے بول بالا, احکام الہٰی کے نفاظ کے لیے ہر فرد گلی محلہ کوچہ میں اپنا پیغام عام کرے گی۔آمدہ الیکشن کے لیے بھی مشاورتی عمل جاری اور بہت جلد پولٹیکل کونسل تشکیل دے دی جائے گی جو انتخابی حوالے سے فیصلہ کرے گی۔مجلس وحدت مسلمین نے قوم,ملت وحدت کے لیے لازوال و بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

اجلاس میں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور اس کی کابینہ کا ہر فرد قوم میں ایک تحریک قوم و ملت اور ہر دل عزیز کی حیثیت رکھتا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین مذہبی سیاسی جماعت ہے جو الہٰی نظام کے مطابق حق و انصاف کا بول بالا کرے گی اور پرامن بھائی چارے کی فضا قائم کرے گی۔

اجلاس میں وطن عزیز میں جاری حالیہ فرقہ واریت کی لہر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا گیا کہ بعض ممالک کی سازشیں بھی فرقہ واریت کو ہوا دینے میں شامل ہیں۔ بے لگام سوشل میڈیا کے کنٹرول کے لیے کوئی میکنزم بنایا جانا چاہیے ۔

اجلاس میں طے پایا کہ 20 صفر المظفر چہلم امام حسین علیہ السلام کو موجودہ تناظر کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور انداز میں منایا جائے نیز اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ مضافات وغیرہ سے چہلم کے موقع پر عزاداران مرکزی مقامات پر جمع ہوں تاکہ فرقہ پرستی پر مبنی اذہان کو ایک مثبت پیغام دیا جا سکےاور ساتھ امت واحدہ کے تصور کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔ آزادکشمیر میں کالعدم جماعتوں کی سرگرمیاں, جھنڈوں, ریلیوں اور جلسے جلوسوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ضرب عضب کے طرز پر گرفت سخت کرتے ہوئےایسے عناصر اور تنظیمات کے کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت قانونی و آئینی کاروائی کی جائے۔

 اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر کی بھی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بھارت کی ظالم حکومت کی طرف سے روا رکھے جانے والے مظالم,انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں, قتل وغارت گری,جبری لاک ڈاؤن اور کشمیر کو ایک سازش کے تحت ڈیموگرافی کی تبدیلی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم, اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری مداخلت کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

 اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں اب ان قوتوں کو اکھٹا ہونا چاہیے جو حسین ابن علیؑ کے راستے پر چلنے والے ہیں ہم برادران اہلسنت وشیعان پاکستان آزادکشمیر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم فرقہ پرستوں اور تکفیری سوچ کے حامل عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائینگے اور ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree