The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے دیوبند مسلک کے نامور عالم اور جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کو ملک و قوم اور امن کے خلاف مذموم سازش قرار دیا ہے۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ازلی دشمن بھارت پاکستان کے استحکام اور سکون کو برباد کرنے کے لیے فرقہ واریت کو ہوا دے رہا ہے۔رواں سال کے دوران بھارت کی شاطرانہ کاروائیوں نے زیادہ زور پکڑ لیا ہے۔مذہبی منافرت کے پرچار کی کوشش کو شیعہ سنی مدبر علما نے دانش وبصیرت سے ناکام بنایا۔

انہوں نے کہاکہ اب مذہبی شخصیات کو نشانہ بنا کر مختلف مسالک کو ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سیکورٹی اداروں کو ملک دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنی ہو گی تاکہ ملکی سالمیت کے خلاف کسی سازش کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے نارووال میں خواتین پر پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔انہوں نے کہا ہم ایک خود مختار ملک کے باسی ہیں کسی غاصب ریاست کے شہری نہیں۔ خواتین پر پولیس تشدد کی ایسی مثال تو کسی آمرانہ دور میں بھی نہیں ملتی۔

انہوں نے ڈی پی او ذوالفقار احمداور ایس ایچ او نارووال ریاض تاثیر چیمہ کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت انضباطی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (آج) 12اکتوبر 2020بروز سوموار شام چار بجے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں موجودہ ملکی صورت حال پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

وحدت نیوز(سکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے پاکستان تحریک انصاف جی بی کے صدر جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ کے سانحہ ارتحال پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ سید جعفر شاہ کے سانحہ ارتحال پر دلی صدمہ پہنچا،سید جعفر شاہ گلگت بلتستان کی مضبوط ترین آواز تھی،انکی سماجی اور سیاسی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انکی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا اسے پر نہیں کیا جاسکتا۔ گلگت بلتستان کے حقوق کے لئے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دکھ کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور لواحقین کی خدمت میں تسلیت عرض کرتے ہیں۔ غم کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان کے عوام لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سید جعفر شاہ انتہائی نیک، متدین، جرأت مند، با اصول اور اعلیٰ اوصاف کے مالک تھے۔خداوند کریم سے دعا ہے مرحوم کی مغفرت کرے، انکے درجات کو بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) ملی یکجہتی کونسل آزادکشمیر کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر سمینار کمیٹی روم ہاسٹل قانون ساز اسمبلی  آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل آزادکشمیر کے صدر عبدالرشید ترابی نے کی جب کہ اجلاس کے مہمان خصوصی لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور علامہ ثاقب اکبر نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و عمائدین کے علاوہ ملی یکجہتی کونسل کی ممبر تنظیمات کے ذمہ داران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وفد کے ہمراہ شرکت کی جبکہ جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیر کا وفد علامہ سید فرید عباس نقوی کی سربراہی میں شامل اجلاس ہوا اسی طرح شیعہ علماء کونسل آزادکشمیر کا وفد سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر حافظ علامہ سید کفایت حسین نقوی کی زیر قیادت پروگرام میں شریک ہوا۔

 اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم کشمیر کاز پہ اکٹھے ہیں کشمیر کے مسئلے پر بھارت نے جس طرح کشمیر کی ڈیموگرافی چینج کرنے کی کوشش کی ہے جس طرح وہاں پر کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ ہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہم کشمیریوں نے انڈیا کے اس کالے قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا ہے جس کے ذریعے ہندوستان نے کشمیر کی آيئنی حثیت میں تغیروتبدل کیا اور کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے جوخطے میں مسلم اکثریتی آبادی کا توازن بگاڑنے کی سازش ہے ۔

علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ خطہ کشمیر میں لیاقت بلوچ اور علامہ ثاقب اکبر نقوی کو خوش آمدید کہتے ہیں اور عبدالرشید ترابی اور ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل مولانا امتیاز صدیقی نے جو خوبصورت گلدستہ سجایا ہے اس میں اگرچہ ہر پھول کا رنگ الگ الگ ہے پر سب کی خوشبو ایک جیسی ہے۔ اللہ کرے یہ محبتیں امن کا پیغام اور اتحاد و وحدت کا سفرجاری رہے انشاء اللہ تعالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو فرقہ واریت کی لہر اٹھی ہے اس پر ملی یکجہتی کونسل نے پاکستان میں فعال اور مثبت کردار ادا کیا ہے جس کی ہم ستائش کرتے ہیں خاص کر جو کراچی میں کانفرنس منعقد کی گئی وہاں جو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا وہ ایک مشعل راہ کی حثیت رکھتا ہے۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ آج کے اجلاس میں جو قراردادیں پیش کی جا رہی ہیں ان میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اور فرقہ وارانہ  ہم آہنگی کے قیام کے لیے جامع قرارداد شامل کی جا ئے گی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ سپریم کونسل کے سینئر وائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ فلسطین کے مسئلے پر یکجا ہوئی ہوتی تو آج کشمیری مسلمانوں کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔

 انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا ادارہ مسلم قوم کی مشکلات   اور دردوں کے مداوے کے لیے بنا تھا وہ کہاں ہے او آئی سی کا ادارہ  خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قضیہ کے حل کا حق  گلگت بلتستان کے عوام کو دیا جائے وہی اس پر بات کرنے کا حق رکھتے ہیں ہمارا موقف یہ ہےکے جی بی کی عوام کو آئینی حقوق دیے جائیں کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے حافظ سید کفایت حسین نقوی, سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر مولانا معصوم علی سبزواری ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل مظفر آباد ڈویژن, سید طالب حسین ہمدانی ڈویژنل وائس چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل مظفرآباد ڈویژن, سید عارف حسین نقوی ایڈوکیٹ انچارج سیاسی امور شیعہ علما کونسل, سید عامر علی نقوی سیکرٹری روابط مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے علاوہ جمعیت علماء پاکستان آزادکشمیر , جماعت اسلامی, جمیعت اہل حدیث, جمیعت علمائے اسلام , جموں کشمیر تحریک جوانان پاکستان,ھدیۃ الھادی ,شاہ ہمدان ویلفیئر ٹرسٹ ،تنظیم مساجد آزادکشمیر اور دیگر مذہبی و سیاسی ملی جماعتوں کے عمائدین شامل ہوئے۔

کانفرنس کے اختتام پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی۔ کانفرنس کے اختتام پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر جناب سردار مسعود خان کی طرف سے ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و ذمہ داران شریک ہوئے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا ہے کہ جامعہ فاروقیہ کے پرنسپل مولا ناڈاکٹرعادل خان پر قاتلانہ حملہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی عالمی سازش کا شاخسانہ ہے۔مولا ناعادل خان پر قاتلانہ حملہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔

علامہ باقرعباس زیدی نےجامعہ فاروقیہ کے پرنسپل اور معروف دیوبند عالم دین مولاناسلیم اللہ خان کے فرزند مولانا ڈاکٹرعادل خان کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو شہر کا امن تباہ کرنے کی ملک دشمن قوتوں کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت واقع میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرے۔

علامہ باقرعباس زیدی نے کہاکہ مولانا عادل خان کےاس افسوسناک سانحے پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، سندھ حکومت قاتلوں کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائےاور اس سازش کو بے نقاب کرے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل وممبر پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے نارووال میں خواتین پر پولیس کے جارحانہ تشددکو پولیس گردی کا بدترین اور المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ مرد پولیس اہلکاروں کی سر عام دست درازی اختیارات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔پنجاب پولیس کے متعصب ایس ایچ او ریاض تاثیر چیمہ کی بربریت نے ایک خود مختار اور مقبوضہ ریاست کے فرق کوختم کردیا ہے کل تک مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل کے غصب شدہ علاقوں میں پولیس کی درندگی کے جو مناظر دیکھ کر دل دھل جاتے تھے آج وہ وطن عزیز کی گلی کوچوں میں دہرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی سے احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر ضروری دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہےکہ خواتین کی تذلیل کے اس واقعہ پر خاموش نہیں رہیں گے۔عوام کے ہجوم میں خواتین کے احترام کو جس بے رحمی اور شرمناک انداز سے پامال کیا گیا اس نے پولیس کے شعبے میں ہونے والی نام نہاد اصلاحات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔طاقت اور اختیارات کے زور پر کسی بھی غیر آئینی اقدام کی مجلس وحدت مسلمین کھل کر مخالفت کرے گی۔انہوں نے گرفتار اور لاپتا خواتين کی فوری بازیابی اور قانونی شکنی کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اربعین کے موقع پر ملک بھر میں عزاداری کے پُرامن، پُرعقیدت اور بھرپور جلوسوں کے انعقاد پر پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محب وطن شیعہ و سنی قوم نے دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ ملت اسلامیہ ایک بیدار، باوقار اور غیرت مند قوم ہے جو حسینیت کے دشمنوں اور ملک دشمنوں کا ان کی قبر تک تعاقب کرتی ہے۔حسینیت کو محدود کرنے کے لیے شیطانی منصوبہ سازی میں مصروف سعود و یہود کے چیلوں کی عقلیں زائل ہو چکی ہیں۔گلی محلے سے نکلتے ہوئے عزاداری کے جلوس اور حسین زندہ باد کے فلک شگاف نعرے یزیدیت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا پنجاب کے مختلف علاقوں میں اربعین کے بعد مقدمات کا اندراج تشویش کا باعث ہے۔عزاداری اور جلوس میں شرکت کے لیے پیدل سفر ہماری عبادت و عقیدت ہے جس کے اظہار سے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔قانون کی آڑ میں اس طرح کی متعصبانہ کاروائیاں اختیارات کا ناجائز استعمال ہے جس کسی طور قابل قبول نہیں۔پنجاب پولیس میں موجود سابقہ حکومت کے ہمدرد ملت تشیع کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت سے بدظن کرنے کے لیے انتقامی حربے استعمال کر رہے ہیں۔حکومت ایسے سازشی عناصر سے ہوشیار رہے۔تشیع کے خلاف مقدمات کا سلسلہ اگر نہ روکا گیا تو موجودہ حکومت کے خلاف ان گنت سوال کھڑے ہوجائیں گے۔مذہبی آزادی اس ملک میں بسنے والے ہر شخص کا آئینی حق ہے کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمارے اس اختیار کو سلب کرے۔

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور تمام صوبائی وزراء اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ عزاداری کی بنیاد پر قائم کیے گئے تمام مقدمات خارج کیے جائیں اور آئندہ کسی عزادار پر جلوس نکالنے کی پاداش میں کسی بھی قسم کا مقدمہ درج نہ کیا جائے۔عزاداری سید الشہدا کے حوالے سے ہمارے موقف بالکل واضح اور شفاف ہے۔یہ ہماری عبادت ہے جس پر کسی بھی قسم کی قدغن قابل قبول نہیں۔ایسے ہر اقدام کی ہم کھل کر مخالفت کریں گے جس سے ہمارے عزاداروں کو کسی غیر ضروری آزمائش کا سامنا کرنے پڑے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ملک بھر میں عزاداری امام حسین علیہ السلام کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت ہے۔ پاکستان کا آئین اور قانون ہمیں مذہبی آزادی اور اپنے عبادتوں کو انجام دینے کی بھرپور ضمانت دیتا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے درج کئے گئے مقدمات ہماری مذہبی آزادی پر حملہ ہیں اور پاکستان کے آئین میں بیان کردہ مذہبی آزادی سلب کرنے اور آئین سے بغاوت کے مترادف ہے۔ ہزاروں بے گناہ مومنین پر مقدمات قائم کرکے کے یہ میسیج دیا گیا ہے کہ اس ملک میں مذہبی آزادیوں پر قدغن ہے جو ہمیں کسی صورت بھی قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ فوراً مقدمات کو واپس لے عزاداری امام حسین علیہ السلام کی حفاظت کے لئے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے آمادہ ہیں۔  انہوں نے کہا کہ عزاداروں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حکمرانوں سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ پاکستان کے گلی کوچوں میں جنہوں نے جلسے کر کے یزید ملعون کے لیے زندہ باد کے نعرے لگائے اور نفرت انگیز تقریریں کیں ان کے خلاف کتنے مقدمات درج ہوئے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مرکزی جلوس چھلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں مشی اربعین حسینی ع نے یزیدیت کو روندتے ہوئے یہ ثابت کر دیا کہ یہاں حسینیت والے زندہ باد ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں فخر ہے ہمارے غیرت مند جوانوں پر، سلام ہو اُن جوانوں پر جنہوں نے ملک بھر میں مشی اربعین حسینی ع کا اہتمام کیا اور سلام ہو ہر عزادار پر جنہوں نے مشی اور جلوس عزاء میں شرکت کر کے یزیدیت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا آج اربعین حسینی نے یہ ثابت کردیا کہ یزیدیت لاکھ سازشیں کریں مگر حسین ع والے کبھی جھکتے نہیں ہیں بلکہ پہلے سے زیادہ پُر جوش اور منظم ہو کر ان کے ہر سازش کو ناکام بنا دیتے ہیں۔

علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا اس ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہاں مسئلہ حسینی اور یزیدی افکار کاہے۔ تاریخ گواہ ہے معرکہ کربلا سے اب تک فتح صرف حسینیت کی ہوئی ہے اور جس جس نے حسینیت کو للکارا ہے ان کا نام و نشان مٹ گیا ہے۔ آج وطن عزیز میں کچھ یزیدی گروہ پھر سے سرگرم ہے لہذا حکومت وقت کو چاہئے کہ ان کو لگام دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام ہوں۔

وحدت نیوز(گلگت)‎ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت کی سیکرٹری جنرل  اور مرکزی سیکرٹری شعبہ جواں محترمہ سائرہ ابراہیم نے ہنزہ کے اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے جاری بیان میں کہا کے ہم ہنزہ و گلگت بلتستان کے اسیروں سمیت پورے پاکستان میں بے گناہ اسیران کے ساتھ کھڑے ہیں اس میدان حق وباطل میں جتنی بھی تکلیف آئے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

 انہوں نے کہا کے یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں ہے سب اپنے حصے کا فرض ادا کریں ہم جتنی دیر سے ظلم کے خلاف اٹھیں گے اتنی ہی ذیادہ قربانیاں دینی پڑیں گی ہماری منزل خطہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں عدل و انصاف کا قیام ہے ہم کسی طور اپنے اہداف و مقاصد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں ۔

انھوں نے کہا دشمن ہم سے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے تقسیم در تقسیم کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے لیکن یہ دشمن کی بھول ہے ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے اس کے لئے اسمبلیوں میں ان لوگوں کو پہنچائیں جو آپ کے حق کے لئے آواز اٹھا سکیں۔مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ سے ہر ظلم کے خلاف میدان عمل میں موجود ہے چاہیے مظلوم کا تعلق کسی بھی فرقہ سے ہو انسانیت پر جہاں بھی ظلم ڈھایا جائے گا ایم ڈبلیو ایم اپنی آواز بلند کرے گی۔

 محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا خطے کے لئے دی گئی قربانیوں کو نہیں بھولا جائے گا ہم ہمیشہ اپنے اسیروں اور شہیدوں کے خانوادوں کے ساتھ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کے کربلائے کوئٹہ ہو یا پارا چنار گلگت بلتستان ہو یا کراچی ایم ڈبلیو ایم ہمیشہ ظالم کے خلاف میدان میں سیسہ پلائی  ہوئی دیوار بنی رہے گی۔

وحدت نیوز(کراچی)مرکزی اربعین کمیٹی کراچی کی جانب سےوحدت ہاوس کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماعلامہ باقر عباس زیدی ،آئی ایس او کے رہنمامولانا عقیل موسی ،شیعہ علماءکونسل کے رہنماعلامہ کامران عابدی،علی حسین نقوی،مولانا علی انور ،عسکری زیدی،احمد علی جعفری کا کہنا تھا کہ ماہ صفر کی بیس تاریخ کو نواسہ رسول (ص) اور مظلوم جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے ان باوفا اصحاب کہ جو سنہ ۶۱ ہجری میں کربلائے معلی کی سرزمین پر اسلام کی بقاء کی خاطر شہید ہوئے، ان کا چہلم چودہ سو سال سے پوری دنیا میں منایا جا رہا ہے لہذا اسی تسلسل میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عاشقان رسول اکرم (ص) و اہلبیت علیہم السلام نواسہ رسول (ص) کا چہلم مناتے ہیں۔ لہذا اس سال بھی چہلم امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے پاکستان بھر میں چہلم کے اجتماعات اور جلوس برپا کئے جا رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہاکہ کورونا وباء کے باعث سرحدوں کی بندش ہے اور زائرین امام حسین علیہ السلام عمومی طور پر کربلائے معلی کی طرف عازم سفر نہیں ہو پائے ہیں۔ تاہم اس برس پاکستان میں چہلم امام حسین علیہ السلام ایک نئے جوش اور ولولہ اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔عزاداری کے جلوسوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی متعلقہ ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔جسے ہر حال میں پورا کیا جانا چاہیے ۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس بار چہلم شہدائے کربلاشیعہ سنی وحدت کا شاندار مظہر ہو گا۔ ہم وفاقی اور سندھ حکومت سے گذارش کرتے ہیں کہ اس سال چہلم نواسہ رسول (ص) ابا عبد اللہ امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے شہریوں اور عزاداروں کے لئے ہمیشہ کی طرح بہترین انتظام اور سہولیات فراہم کریں۔ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ حکومت کی صفوں میں موجود ایسے عناصر اور کالی بھیڑیں موجود ہیں جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے تقدس کو پامال کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کر کے پر امن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں لہذا ہم ان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ عناصر ہوش کے ناخن لیں۔

 ہم حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نواسہ رسول اکرم (ص) سے عقیدت اور محبت کے اس سفر میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ اور اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا لہذا حکومت اپنی صفوں میں موجود ایسے عناصر کا تدارک کرے بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔مشترکہ پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین ،شیعہ علماکونسل ،آئی ایس او و دیگر ملی تنظیموں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree