The Latest
شہید سردارقاسم سلیمانی وابومہدی المہندس کی پہلی برسی پر ایم ڈبلیوایم کی جانب سے ترانہ شہادت کا اجراء
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے شہید سردار قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی پہلی برسی کے موقع پر ترانہ شہادت جاری کردیا گیا ہے ، اے مالک اشتر کے ورثہ دار۔۔۔۔اے شیر دلاور اے علمدار۔۔۔ کے ٹائٹل سے جاری اس منفرد ترانہ شہادت کو مولانا علی رضاقمی نے اپنے خوبصورت انداز بیان میں ریکارڈ کروایا ہے ۔ شہدائے مدافعین حرم کی پہلی برسی کی مناسبت سے مکمل ترانہ المجلس ٹی وی یوٹیوب چینل پر ریلیز کردیا گیا ہے، جس کا لنک ذیل میں موجود ہے ، زیادہ سے زیادہ شیئر اور لائک کریں۔ شکریہ
یوٹیوب لنکhttps://youtu.be/DUqxQBhbGbQ
وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ کے تین روزہ دورہ سندھ کے دوران لاڑکانہ سٹی کے نجی ہوٹل میں ڈویژنل ورکرز اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ عادلانہ نظام کے نفاذ کی جدوجہد جاری رکھیں گے،مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مہدوی دور کے پاسبان ہیںہمیں مل کر ظہور امام ؑ کیلئے زمینہ سازی کو تیز کرنا ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے والے احمق ہیں سوائے خسارے کے ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئےگا، پاکستان میں بھی اسرائیل کی حمایت میں باتیں کرنے والے پست ترین لوگ ہیں۔
اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی، صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی،ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ رضا محمد سعیدی ، صوبائی رہنما علامہ علی انور جعفری، علامہ نقی حیدری، چوہدری اظہر حسن ،ضلعی رہنما مولانا محمد علی شر ، عبدالرزاق جلبانی و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری حفظ اللہ نے ضلع سکھر کے تنظیمی دورے کے دوران مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سکھر کی جانب سے منعقدہ نشست میں شرکت کی ، نشست میں ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ ذیشان زہرا ، کابینہ اراکین اور دیگر خواتین نے شرکت کی۔
معاشرے میں خواتین کے کردار اور تربیتی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا موجودہ حالات میں جناب زینب سلام اللہ علیھا کی پیروکار خواتین کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں ذیادہ بڑھ گئی ہیں ۔خواتین اور بچیاں اپنے کردار کو اتنا مضبوط بنائیں کہ امام زمانہ عج کی فوج کے ہر اول دستے میں شامل ہو سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری باشعور اور با کردار خواتین کو معاشرے میں تربیتی حوالے سے کام کرنا ہے تاکہ صالح اور الہی بچوں اور جوانوں پر مشتمل معاشرہ تشکیل پا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہمارے بارہویں امام عج کا ظہور ہوگا تو ان کی صدا پر جو شخصیات پلٹ کہ آئیں گی ان میں ایک شھید سردار مدافعین حرم بھی ہونگے جو امام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اٹھیں گے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ملتان کی جانب سے درسگاہ جعفریہ جامعہ خدیجة الکبری ملتان میں جشن ولادت با سعادت امام زین العابدین علیہ سلام کا انعقاد کیا گیا سیکرٹری جنرل ملتان محترمہ تصدق زہرا نے جشن سعید سے خطاب کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ امام زین العابدین علیہ سلام نے اپنی دعا و مناجات کے ذریعے ہماری روحانی تربیت کا طریقہ اپنایا ، امام کی دعاوں پر مشتمل کتاب صحیفہ سجادیہ کو زبور آل محمدؐ بھی کہا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی عملی زندگی میں دعا و مناجات کے اسی انداز کو اپنانا چاہیے جشن سے محترمہ نسرین اور محترمہ ھما گیلانی نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کرک میں مندر نذرِ آتش کرنے کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کسی کے مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔ملک کے آئین کے مطابق بھی اقلیتوں کوہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے۔یہ شرپسندانہ اقدام ان عناصر کی کاروائی ہے جو ملک میں مذہبی منافرت کو ہوا دے کر انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا جو قوتیں یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ پاکستان میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں مذکورہ واقعہ میں وہی ملوث ہیں۔ایسے واقعات کی روک تھام کے لیےعبرتناک سزاؤں پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے واقعہ پر چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی اور اقلیتوں کی دلجوئی کے پیش نظر یہ اقدام انتہائی اہم اور قابل تحسین ہے۔
وحدت نیوز (سینو) منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے دورہ خپلو کے موقع پر خصوصی طور پر اپنے محبوب قائد و مربی مرحوم حجت الاسلام و المسلمین علامہ شیخ حافظ حسین نوری کے مرقد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔صوبائی وزیر زراعت اپنے قائد و رہنماء کی جدائی اور فراق میں اشک بار بھی ہوئے۔اس موقع پر منسٹر ایگریکلچر محمد کاظم میثم نے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم مرحوم شیخ حافظ نوری کی کمی بہت زیادہ محسوس کرتے ہیں۔ جی بی میں مزاحمتی اور عوامی تحریک کا آغاز مجلس وحدت مسلمین کی صورت میں ہوئی تو علامہ حافظ نوری اس کے بانی تھے آپ نے اپنی زندگی میں محروم اور مظلوم عوام کی بھرپور طریقے سے نمائندگی کی۔
علامہ حافظ نوری ایک روحانی عرفانی اور علمی شخصیت کے ساتھ ساتھ مزاحمتی تحریکوں کے بانی بھی تھے گلگت بلتستان کی عوام کو حقوق دلوانے میں آپ کا کردار غیر معمولی تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں فخر کرتا ہوں کہ میری تربیت اس شخصیت کے زیر سایہ ہوئی ہے جنہوں نے مظلوموں اور محروموں کو بولنا سکھایا۔ اگرچہ انکی شخصیت بظاہر ہمارے درمیان نہیں ہے لیکن انکا نظریہ کردار کبھی ختم نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ خپلو سینو وہ علاقہ ہے جہاں ایک ایسی شخصیت پیدا ہوئی جس نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا انکی شخصیت جہد مسلسل سے عبارت رکھتی ہے اور وہ ایک ایسا نورانی شخصیت ہے جن کا نظریہ کردار اور تربیت رہتی دنیا تک قائم رہے گی۔
وحدت نیوز(سکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردو شیخ فدا ذیشان کی زیر صدارت ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ سکردو میں ایک آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جسمیں ضلع سکردو کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں جنوری کا پہلا عشرہ،عشرہ شہدائے مدافع حرم کے عنوان سے منانے کا فیصلہ ہوا جس کے تحت مختلف یونٹس میں چھوٹے بڑے پروگرامات منعقد کیا جائے گا۔جب کی مرکزی پروگرام تمام ملی تنظیموں کا مشترکہ دس جنوری بروز اتوار مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں بعنوان"عظمت شہداء کانفرنس"بمناسبت برسی مدافعین حرم کرنے کا فیصلہ ہوا۔اجلاس کے آخر میں شھداء گلگت بلتستان شہداء مدافع حرم کی بلندی درجاتِ کے لئے خصوصی دعا کی۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے رکن اسمبلی و صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم کی جے ایس بینک آمد ، معروف بینکر منیجر محمد کاظم کیساتھ ملاقات۔ ملاقات میں معروف بینکر منیجر محمد کاظم نے جے ایس بینک آمد پر وزیر ذراعت کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور صوبائی وزارت ذراعت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے علاقے کی تعمیر و ترقی خصوصا ذراعت اور منسلک شعبوں میں بہتری کیلئے انکی صلاحیتیوں کی بابت نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوران ملاقات منیجر جے ایس بینک نے بلتستان میں جے ایس بینک کی سروسز اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے خدمات پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس بینک بلتستان میں مختلف ترقیاتی اور فلاحی امور کی انجام دہی کیلئے مائیکرو فنانسنگ، آسان اقساط اور کم سے کم نرخ پر ایگری فائنیس، مثلاً ذرعی ضروریات کیلئے سولر انرجی سروسز کیلئے فنانسنگ، ویمن ایمپاورمنٹ کو پروموٹ کرتے ہوئے خواتین کیلئے کم ترین نرخ پر قرضوں کی فراہمی، گولڈ کے بدلے میں کاروبار کیلئے کم ترین نرخ پر لون، اور خصوصی افراد کیلئے بھی کم سے کم نرخ پر قرضے فراہم کرتی ہے جن سے مستفید ہوتے ہوئے بیشمار افراد مختلف شعبوں میں ناصرف کامیابی کیساتھ کاروبار کررہے ہیں بلکہ ذراعت اور دیگر شعبوں میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیطرف راغب ہوکر مالی طور پر مستحکم ہونے لگے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طریقے سے جہاں علاقے میں بے روزگاری کے خاتمے، خواتین کی خودکفالت، اسپیشل پرسنز کی خودمختاری اور دیگر معاملات کی بہتری میں مدد مل رہی ہے وہیں سرکاری اور پرائیوٹ نوکریوں پر انحصار کی بجائے ذاتی کاروبار کیجانب جوانوں اور خواتین کا رجحان بڑھتا نظر آرہا ہے، جوکہ علاقے کی بہتر مستقبل کیلئے حوصلہ افزا امر ہے۔ صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے منیجر محمد کاظم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انکے ادارے کیجانب سے بیشتر سالوں سے جاری سروسز کو سراہتے ہوئے انکے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا، خصوصا ذاتی طور پر منیجر محمد کاظم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وحدت نیوز (لاہور) سال 2021کے آغاز پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ سال ۲۰۲۰ کی ابتداء سے ہی کرونا وائرس جیسی خطرناک وبا نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لیا جسکے نتیجے میں بے شمار قیمیتی جانیں ضائع ہوئیں اور ابھی تک دنیا اس وبا کے تباہ کن اثرات سے چھٹکارا حاصل نہیں کر پائی لیکن امید کرتے ہیں کہ نئے سال میں خداوند عالم کی رحمت سے ہم اس بیماری سے مکمل چھٹکارا حاصل کرلیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ملک پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی اقتصادی ، معاشی اور سیاسی طور پر بے شمار مسائل کا شکار ہے اور ملک میں امن و خوشحالی کے استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا آنے والا سال امیدیں اور توقعات لے کر آتا ہے اور انسان کے عزم کو پھر سے جوان کرتا ہے کہ جو کام پچھلے سال ادھورے رہ گئے انہیں اس سال مکمل کر لینا ہے، افراد کی طرح اقوام کی زندگی میں بھی نیا سال ایک خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے، یہ قوموں کو موقع فراہم کرتا ہے کہ گذشتہ غلطیوں سے سبق سیکھ کر آنے والے سال میں اسکا ازالہ کریں کرنے کی کوشش کریں ان کا کہنا تھا کہ جہاں سال نو امید ، عزم اور ارادوں کو مضبوط کرتا ہے وہیں اس بات کا بھی شدت سے احساس دلاتا ہے کہ ہماری زندگی کا ایک اور سال کم ہوگیا ہے لھذا ہمیں اور ذیادہ ذمہ داریوں کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔
انھوں نے مزید کہا سال کا آغاز جمعہ کے مبارک دن سے ہو رہا ہے لھذا امن وسلامتی کی دعاؤں کے ساتھ اسکا آغاز کیا جائے اس امید کے ساتھ کہ نیا آنے والاسال پاکستانیوں کے لئے خیروعافیت اور خوشحالی لیکر آئے، اللہ رب العالمین سے دعا ہے کہ وہ اس خطہ ارض کو محبت و احترام ، باہمی رواداری، اور امن و سلامتی کا مرکز بنائے دنیا بھر کے مظلومین و مستضعفین خصوصا کشمیر و فلسطین کے غیور عوام کو غلبہ عطا فرماے اور اسلام و ملک دشمن قوتوں کو نیست و نابود فرمائے۔ آمین
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے نئے سال کی آمد پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ملک کی خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے انفرادی کردار ادا کیاجائے گا۔ باہمی اتحاد و اخوت کے جذبوں سے سرشار ہو کر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ہر قسم کے تعصبات، دوریوں اور نفرتوں کو مٹا کر رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا مادر وطن کسی مخصوص مسلک کی جاگیر نہیں بلکہ اس میں بسنے والے ہر فرد کو بلاتخصیص مذہب و ملت برابری کے حقوق حاصل ہیں۔مختلف مسالک کے مابین موجود اختلافات کی بنیاد علمی و تاریخی ہے جسے ملک دشمن قوتیں آپس کی دشمنی میں بدلنا چاہتی ہیں۔ہم مشترکہ دشمن کے نشانے پر ہیں۔ ہمیں فروعی اختلافات کو نظر انداز کر کے اس دشمن کا درک کرنا ہو گا جو ایک خودمختار اور پُرامن اسلامی ریاست کو جہنم بنانے پرتُلا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ہم سب کی شناخت اور ہمارے عقیدوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ہماری سلامتی ارض پاک کی سالمیت و بقا سے مشروط ہے۔ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔نئے سال کا آغاز پوری قوم اس عزم اور عہد کے ساتھ کھڑے ہوں کہ ہر اس قوت کی مخالفت کی جائے گی جو ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کرتی ہو۔ملک کی ترقی میں ہر شخص اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرے گا۔کسی بھی ایسی مذہبی و سیاسی جماعت کے آلہ کار کا کردار قطعاََ ادا نہیں کیا جائے گا جس کا مقصد ملک میں انارکی پھیلا کر سیاسی ،معاشی، تجارتی یا اقتصادی نظام کو پٹری سے اتارنا ہو۔انہوں نے کہا کہ پُرامن پاکستان ہی ہم سب کے لیے کامیابی کی نوید ثابت ہو سکتا ہے۔