The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)سانحہ مچھ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ۔ شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے جانی نقصان پر وزیر داخلہ کا اظہار تعزیت۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے علامہ راجہ ناصرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پرشرکائے دھرنا کے مطالبات سننےکوئٹہ جا رہا ہوں۔ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ حکومت شیعہ ہزارہ برادری کے مطالبات تسلیم کرے۔ دہشت گردی کا حالیہ واقعہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش ہے، حکومت کو ایسے واقعات پر قابو پانا ہو گا۔

 علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہاکہ ہم ہزارہ برادری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کے مطالبات کی منظوری اور ہمارا موقف یکساں ہے۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے گیارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے اسے قومی سلامتی کے خلاف عالمی سازش قراد دیا ہے، انہوں نے کہا ہے ملک میں دہشت گردی کا دوبارہ آغاز قومی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ہے داعش کی طرف سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے کا مقصد پاکستان کی سرزمین ہر عالمی دہشت گرد تنظیم کی موجودگی کے تاثر کو تقویت دینا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت، اسرائیل اور امریکہ کے ناپاک وجود نے پورے خطے کا امن غارت کر رکھا ہے۔انہی طاقتوں کے سہولت کار پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔بلوچستان میں بربریت کے حالیہ واقعہ میں وہ تکفیری دہشت گرد ملوث ہیں جن کی ڈور غیر ملکی ایجنسیوں کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ قبیلہ کو دشمن نے آسان ہدف سمجھا ہوا ہے حکومت مکمل تحفظ فراہم کرے۔ہماری قوم نے اپنی مٹی سے محبت کی قیمت انمول جانوں کی قربانی دے کر چکائی ہے۔ہم مزید کسی آزمائش کے قطعی متحمل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں مقتولین کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاشیں لے کر مغربی بائی پاس پر دو دن سے احتجاج کر رہے ہیں،مطالبات کی منظوری میں بے جا طوالت حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بنے گی ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے ہزارہ برادی کی دادرسی کرے ان کے دکھوں کا مداوا کرے۔دہشت گردی کے واقعات کے سدباب کے لیے شدت پسندوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنا ہو گا وگرنہ دہشت گردی کے خلاف ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر جیتی ہوئی جنگ کی بازی پلٹنے کا خطرہ سر پر منڈلاتا رہے گا۔

وحدت نیوز (کراچی) بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی میں علمائے کرام، ذاکرین عظام اور طلاب دینیہ کے ساتھ خصوصی فکری نشست سے اپنے خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شہید سلیمانی دنیائے اسلام کے ایک عظیم مجاہد اور مقامات مقدسہ کے نڈر مدافع تھے، استکباری و صیہونی قوتیں انہیں ایک تیز دھار ننگی تلوار سے زیادہ خطرناک سمجھتی تھیں، ان کی زندگی کا واحد مقصد اسلام کی سربلندی اور دشمنان اسلام کی نابودی تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ یمن، شام اور عراق میں ذلت آمیز شکست کے بعد امریکہ کی طاقت دم توڑ رہی ہے، اپنی اکھڑی ہوئی سانسوں کو بحال کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف عالمی دہشت گرد امریکہ کا اصل چہرہ ساری دنیا کے سامنے آشکار ہوچکا ہے، طاقت کے توازن کی مغرب سے مشرق کی طرف منتقلی کے عمل کو روکنے کیلئے استکباری بلاک مذموم سازشوں میں مصروف ہے، اس کے مقدر میں اب سوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں، سردار قاسم سلیمانی سمیت دیگر شہداء کے خون کا بدلہ قدرت اپنی طاقت سے لے گی، شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔

اس موقع پر علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مرزا یوسف حسین،علامہ شیخ احمد علی نوری، علامہ صادق جعفری، علامہ محمد رضا جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ نثار قلندری اور علامہ سجاد شبیر رضوی ، علی حسین نقوی ،علامہ اظہرحسین نقوی، علامہ آل حسن رضوی سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام، آئمہ مساجد، ذاکرین عظام اور طلاب دینی نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام مچھ میں قتل ہونے والے مزدوروں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، رہنماؤں نے انسانیت سوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، گزشتہ رات بلوچستان کے علاقہ مچھ میں بیدردی کے ساتھ قتل کیے جانے والے گیارہ مزدوروں کی یاد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام شمعیں روشن کی گئی۔

 اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، مہر سخاوت سیال، ثقلین نقوی، ضلعی آرگنائزر فخر نسیم صدیقی، غلام عباس نقوی اور دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

 رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ مچھ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ شرکا نے وزیراعظم عمران خان سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ آخر میں شہدا کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام آج پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ بلوچستان مچھ میں ہزارہ برادری کے 11 افراد کا بہیمانہ قتل سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بزدل دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کو لہولہان کر دیا۔ بے گناہ مزدوروں کو جس ظلم وبربریت سے نشانہ بنایا گیا ہے اس نے پوری انسانیت کو غم زدہ کردیا ہے۔ شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ قاتلوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے بلوچستان واقعے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر ریاست کو کمزور کرنے کیلئے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر بیگناہ شہریوں اور ریاست کے محافظوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

الیاس صدیقی کا مزید کہنا تھا اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے اپنی بیوی بچوں کی کفالت کیلئے مزدوری کرنے والے محنت کشوں کا بہیمانہ قتل کی یہ کوئی ایک مثال نہیں بلکہ ماضی میں بھی بسوں سے اتار کر محنت کش مزدوروں اور مسافروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ ملک دشمن عناصر ایک عرصے سے معصوم پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کا خاتمہ کرکے ہی ریاست کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مٹھی بھر ملک دشمن عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ لہٰذا موثر فوجی آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردوں کیخلاف موثر کاروائی کرے اور اس دلسوز واقعے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے خاندان والوں کیلئے سپیشل شہداء پیکیج دیا جائے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں جاری دھرنے کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر احتجاج شروع ہوجائے گا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ریاست ماں ہونے کا کردار ادا کرے اور شدید سردی میں دھرنے دینے والوں کے زخموں پر مرہم رکھے، حکومتی اراکین دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کر کے ان کے دلجوئی کریں ، منفی 9 کی سخت سردی میں جاری دھرنے کے مطالبات منظور کیے جائیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت کو متنبہ کیا کہ حکومت مظاہرین کے مطالبات فوری منظور کرے وگرنہ یہ احتجاج کا سلسلہ ملک بھر میں شروع ہو سکتا ہے۔

انہوں نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ داعش کی جانب سے سانحہ مچھ کی ذمہ داری قبول کرنا قومی سلامتی کے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،شیعہ ہزارہ کمیونٹی پر 1600سے زائد حملے کیے جا چکے ہیں، قاتلوں کا کیفر کردار تک نہیں پہنچنا قانون و انصاف کا قتل ہے۔

واضح رہے کہ ہزارہ شیعہ برادری گزشتہ روز سے 11شہیدوں کے جسد ہائے خاکی کے ہمراہ کوئٹہ میں دھرنا دیے بیٹھی ہے لیکن تاحال حکومت کی جانب سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام بارگاہ شہدائے کربلا میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔جن قوتیں نے اسلامی ممالک کو تباہ وبرباد کیا آج وہ پاکستان کے گرد منڈلا رہی ہیں۔ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے دشمن اپنے ایجنڈے کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ملک کی سیاسی جماعتوں کو تدبر و حکمت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔متنازع امور کو پارلیمنٹ کے فورم پر حل کیا جانے چاہئے۔مذاکرات کے ذریعے معاملات کا حل ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ اپوزیشن کے جلسوں کا سازشی عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سیاستدانوں کو چاہیے کہ اپنے کارکنوں کی سیاسی تربیت کریں۔اپوزیشن عوامی ایشوز پر فوکس کرنے کی بجائے غیر آئینی انداز سے حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے جو کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔عدلیہ کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ہزاروں بے گناہ افراد جیلوں میں قید کی اذیت جھیل رہے ہیں۔ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے بہیمانہ انداز سے قتل ہونے والے چودہ مقتولین کے اہل خانہ تاحال انصاف کے منتظر ہیں۔مہذب ممالک میں آئین کی حکمرانی ہوتی ہے۔دستوری خامیوں یا کمیوں کو ترامیم کے ذریعے دور کیا جاتا ہے۔وقت کے تقاضوں اور ضرورت کے مطابق آئین میں ردوبدل انتہائی ضروری ہے۔پاکستان مسلسل عدم استحکام کا شکار ہے جس کی بنیاد وجہ ماضی میں ایسی پالیسیوں کا اجراء تھا جو قومی سلامتی اور ملکی مفادات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔افغان جہاد اور تکفیری جماعتوں کے ساتھ لچک آمیز رویہ انہی پالیسیوں کی مثالیں ہیں۔تکفیری گروہوں کو ملنے والی چھوٹ کا سب سے زیادہ نقصان ملت تشیع نے اٹھایا۔ہمارے باصلاحیت نوجوانوں، اور ہنرمندوں کو چن چن کر قتل کیا گیا۔آج پاکستان بدل رہا ہے۔ ہم ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کا محل وقوع تجارتی و سرحدی اعتبار سے انتہائی اہم ہے۔مغرب سے مشرق کی طرف اسے گیٹ وے کی حیثیت حاصل ہے۔پاکستان کا استحکام ایشیا کی تقدہر بدل سکتا ہے اور یہی بات مغرب کے اضطراب کا باعث ہے۔گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی تکمیل اور امریکی سالمیت کے لیے پاکستان پر پنجے گاڑنا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں مذہبی و سیاسی بحران کھڑے کرنے کی غیر معمولی کوشش کی جا رہی ہے۔مولانا کی سربراہی میں چلنے والی تحریک پاکستان کے قومی مفاد کے خلاف ہیں یہ دشمن کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں۔پاکستان کو امریکہ کی بجائے رشین بلاک سوٹ کرتا ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ سے اپنا دامن ہمیشہ کے لیے چھڑا لیاجائے۔پریس کانفرنس میں مولانا باقر عباس زیدی، مولانا شیخ سلیم، مولانا مرزا یوسف حسین، علامہ نثار قلندری، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن،مولانا علی انور جعفری، مولانا غلام عباس، مولانا آل حسن، مولانا اظہر نقوی، سید علی حسین نقوی، میر تقی ظفر اور زین رضوی سمیت دیگر بھی موجودتھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی آفس میں فقیہ عصر، فلسفی دوراں ،عمار ولایت فقیہ، آیت اللہ علامہ تقی مصباح یزدیؒ کی رحلت پر مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مرکزی آفس کے تمام اسٹاف کے علاوہ مقامی شخصیات نے بھی شرکت کی۔مجلس ترحیم سے مولانا علی شیر انصاری اور مولانا ظہیر کربلائی نے خطاب کیا۔

مرکزی رہنما مولانا ظہیر کربلائی نے کہا مصباح یزدی کوئی ممعولی مجتھد نہیں تھے بلکہ انکی لکھی  ہوئے کتابیں قم اور نجف میں سلبیس کے طور پر پڑھائی جاتی ہیں۔ وہ جوانی میں عاشق امام خمینیؒ تھے۔

 انہوں نے انقلاب کے دفاع کے لئے بہترین جوان تربیت کئے جو سیاست اور قومی اداروں کے اصل محافظ بنے ہیں۔ شہید قاسم سلیمانی انکے تربیت یافتہ جوانوں میں سے ایک تھے۔ مصباح یزدی  فلسفےاور عرفان  کے عظیم استاد تھے جس کا کوئی ثانی نہیں مصباح یزدی کا یوں جدا ہونا پورے عالم اسلام کو ناتلافی نقصان ہوا۔اللہ ان کو جوار اہلبیت علیہم السلام  میں جگہ عنایت فرمائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام شہید سردار قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کی مناسبت سے ایک عظیم الشان محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ملک کے نامور شعراء اختر عثمان، منظر نقوی، علی اکبر ناطق، اشفاق عامر، ثاقب اکبر اور مجتبی شیرازی سمیت دیگر نے شہید سردار کو خراج عقیدت پیش کیا۔مشاعرے میں علماء کرام،  دانشور،  اہل قلم اور دیگر شرکاء کثیر تعداد میں موجود تھے۔

تقریب سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر جعفری نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید سلیمانی دنیائے اسلام کے ایک عظیم مجاہد اور مقامات مقدسہ کے نڈر مدافع تھے۔ استکباری و صیہونی قوتیں انہیں ایک تیز دھار ننگی تلوار سے زیادہ خطرناک سمجھتی تھیں۔ان کی زندگی کاواحد مقصد اسلام کی سربلندی اور دشمنان اسلام کی نابودی تھا۔وہ زندگی میں کبھی کسی دنیاوی خدا سے مرعوب نہیں ہوئے۔ارض پاک کے لیے ان کے جذبات دیدنی تھے۔وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ اگر کسی ملک نے پاکستان کی طرف پیش قدمی کا سوچا تو اسے پہلے ہماری لاشوں سے گزرنا ہو گا۔ان کی شہادت کے بعد اسرائیل سمیت دیگر اسلام دشمنوں کے حوصلے بلند ہوئے اور انہوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں۔

انہوں نے کہا یمن، شام اور عراق میں ذلت آمیز شکست کے بعد امریکہ کی طاقت دم توڑ رہی ہے۔ اپنی اکھڑی ہوئی سانسوں کو بحال کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف عالمی دہشت گرد امریکہ کا اصل چہرہ ساری دنیا کے سامنے آشکار ہو چکا ہے۔طاقت کے توازن کی مغرب سے مشرق کی طرف منتقلی کے عمل کو روکنے کے لیے استکباری بلاک مذموم سازشوں میں مصروف ہے۔اس کے مقدر میں اب سوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار قاسم سلیمانی سمیت دیگر شہداء کے خون کا بدلہ قدرت اپنی طاقت سے لے گی۔شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔انہوں نے مشاعرے کے حاضرین اور شعراء حضرات کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(ساہیوال) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے ساہیوال کے دیہی علاقے سنگوراکہ میں اہل تشیع کی اس مسجد کا دورہ کیا جسے شرپسندوں نے گزشتہ دنوں شہید کر دیا تھا اور متولی کو شدید نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔انہوں نے مذکورہ واقعہ پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کے امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا۔

دریں اثنا مرکزی رہنما نے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبد الخالق اسدی اور ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا ملازم حسین کے ہمراہ ساہیوال میں شیعہ عمائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد سے خطاب بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا ملنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے یہ ہمارے قومی وقار کا مسئلہ ہے۔وڈیو ریکارڈنگ میں مسجد پر حملہ کرنے والے افراد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔متشدد فکر کے حامل افراد کے ساتھ لچک کے نتائج انتہا پسندی کی صورت میں گزشتہ تین دہائیوں سےپوری قوم بھگت رہی ہے۔دوسروں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں۔مسجد کو شہید کرنے پر اکسانے والے مولوی اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا سدباب ہو سکے۔ علاقے کے شیعہ اکابرین نے ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسجد کی بلا تاخیر تعمیر نو کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا پولیس انتظامیہ کے متعصبانہ طرز عمل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پُرامن احتجاج سے عدالتی چارہ جوئی تک تمام آپشنز کو استعمال کیا جائے گا۔وڈیو کے ذریعے شناخت شدہ مجرمان کی پولیس حراست سے آزادی  علاقے میں اشتعال پیدا کرنے کی سازش ہے۔اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کا بھی احتساب ضروری ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree