The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے بزرگ کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے حصول آزادی کے طویل جدو جہد کی ہے اور بہت قربانیاں دی ہیں۔ آزادی کی اس جدوجہد میں سید علی گیلانی جیسے بہادر لوگوں کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں سید علی گیلانی کا نام ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا جو زندگی کے آخری لحظے تک وطن کی آزادی کے لئے لڑتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی مرحوم کی مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آپ نے تمام عمر کشمیریوں کی حق خوداردیت اور آزادی کے لئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی۔سید علی گیلانی کی وفات پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ کشمیر کے بہادر عوام کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور سید علی گیلانی کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر واسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اپنے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما ناصرعباس شیرازی،علامہ محمد اقبال بہشتی اورڈاکٹر یونس حیدری بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورخطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اتحاد و اخوت کے فروغ اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی کوششوں کوسراہا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے گزشتہ دہائی کے دوران بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لیے جو کاوشیں کیں ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔اس جماعت کے بیانیے نے ان تکفیری عناصر کے حوصلوں کو پست کیا ہے جو بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی سلامتی اور وحدت و اخوت کے لیے ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے عقائد کا تحفظ آئینی تقاضا ہے۔مختلف مسالک کے درمیان تاریخی و علمی اختلافات چودہ سو سالوں سے موجود ہیں۔کچھ شدت پسند ان علمی اختلافات کو جواز بنا کر مذہبی منافرت پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کو بدامنی کا شکار کیا جا سکے۔ایسے عناصر سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام سے مودت ہی معیار حق وصداقت ہے۔آل رسول ص کے دشمنوں سے بیزاری اسلامی تعلیمات کا جز ہے۔تمام مسالک کو رواداری کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہو گا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز حریت پسند بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے دلی افسوس اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے میڈیا کو جاری تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ممتاز حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر دل بہت غمگین ہے۔کشمیر کی جدوجہد آزادی ایک ایسے عظیم حریت رہنما سے محروم ہو گئی ہے جو مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حقوق کے لیے اٹھنے والی ایک جاندار آواز تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی ضعیفی اور نقاہت کو کبھی اپنے راستے کی دیوار نہیں بننے دیا۔بھارت کے غاصب اور ظالم حکمرانوں کے سامنے ہمیشہ کشمیری مسلمانوں کے موقف کا مضبوط موقف کے ساتھ دفاع کیا۔ان کی رحلت تحریک آزادی مقبوضہ جموں کشمیر کے لیئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خدا وندقدوس انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے اور ان کے پسماندگان اور تمام حریت پسند کشمیریوں کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز(اٹک) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع اٹک کی جانب سے محرم الحرام کے دوسرے عشرے میں ضلع اٹک کے تینوں یونٹس میں مجالس کا اہتمام کیا گیا۔جس سے مختلف عالمہ اور ذاکرین نے خطاب فرمایا۔
1.مجالس خمسہ 16محرم الحرام سے 20محرم الحرام اور یوم علی اصغر علیہ السلام اور بی بی سکینہ مرکزی امام بارگاہ حسینیہ کاملپور سیداں میں منعقد کیا گیا جس سے خانم چمن فاطمہ نے کردار سازی اور نہج البلاغہ کے موضوع پر بہت خطاب فرمایا۔
2.سنجوال یونٹ میں خواہر زینب رباب کے گھر عشرے ثانی 11محرم الحرام تا 20محرم الحرام کا اہتمام کیا گیا جس سے خانم ثریا مہتاب نے توحید اور امامت کے موضوع پر بہترین انداز میں روشنی ڈالی ۔
شین باغ یونٹ میں سوئم مجلس سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام پر خانم تلبیہ زینب نے تفسیر سورۃ الشمس بہت عمدگی سے بیان کی۔امام بارگاہ حسینیہ کاملپور سیداں میں مجالس کے دوران آئی ایس او کی طالبات کی معاونت سے کفش برداری کی ذمہ داری دی جارہی ہے جو کہ انشاء اللہ اربعین امام حسین علیہ السلام تک دی جائیں گی انشاء اللہ۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بہاولنگر کے دلسوز واقعہ پر حکومتی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے واضح طور پر لگایا جا سکتا ہے کہ تاحال غفلت برتنے پر کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھانا کُجا پنجاب حکومت کے ترجمان نیشنل میڈیا پر ڈھٹائی سے یہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ انہیں دہشتگردی کے اس سانحے کی درست معلومات ہی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی او بہاولنگر ظفر بزدار کی غفلت کا تاحال نوٹس کیوں نہیں لیا گیا. انہوں نے بہاولنگر دہشتگردانہ کارروائی میں شہید اور زخمی ہونے والے عزادار شہریوں کیلئے حکومت پنجاب کے وزیر میاں شوکت علی لالیکا کے امدادی اعلان کی جلد تکمیل کا مطالبہ بھی کیا۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ بہاولنگر میں یہ دہشت گردی کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی یہاں ہماری مسجد میں اذانِ فجر دیتے ہوئے ضعیف مؤذن پر کلہاڑی کے وار کر کے شہید کیا گیا۔ اگر پہلے ہی واقعے پر انتظامیہ اور ادارے نوٹس لے لیتے تو بم دھماکوں کی نوبت نہ آتی۔ یکے بعد دیگرے دو ہینڈ گرینیڈ جلوس عزاء پر پھینکے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک سوائے ان دہشتگردوں کے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جو دہشت گرد موقع واردات سے عزادار شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گرفتار کرکےدیئےتھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اپنی زمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں۔ ضروری نہیں ہے کہ ہر دفعہ اپنا جائز آئینی و قانونی حق لینے کیلئے ہم دھرنا دیں اور احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن پاکستان بالخصوص پنجاب کسی بھی احتجاجی سلسلے کا متحمل نہیں ہو سکتا لہذا حکومتی ارکان و انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقامی افسران کی کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے، شہداء اور زخمیوں کے خانوادوں سے کیئےگئے امداد کے وعدوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ دہشتگردوں کے سرغنہ کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے ملتان شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں مختلف شخصیات سے اُن کے عزیزو اقارب کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔ علامہ اقتدار نقوی نے اعظم حسین جعفری سے ملاقات کی، ملاقات میں اُن کے بھائی اور دیگر عزیزوں کی وفات پر فاتحہ خوانی کی، بعدازاں اُنہوں نے گلگشت کالونی میں سہیل عابدی سے ملاقات کی، ملاقات میں اُنہوں نے سہیل عابدی کے عزیز کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ علاوہ ازیں غازی آباد، سوتری وٹ اور سورج میانی کا دورہ کیا، علامہ اقتدار نقوی نے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی سے بھی ملاقات کی اور اُن کی عیادت بھی کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت سید الساجدین امام علی بن الحسین زین العابدین علیہ السلام نے واقعہ کربلا کے بعد مشکل ترین حالات میں منصب امامت و ھدایت کے تقاضے پورے کئے آپ نے یزیدی سلطنت کے تمام تر پروپیگنڈہ کو ناکام بناتے ہوئے پیغام کربلا کی حفاظت کی۔امام سجاد علیہ السلام کی دعاؤں کا مجموعہ صحیفہ سجادیہ زبور آل محمد کہلایا جو دعا اور مناجات کی صورت میں دینی تعلیمات اور علم و عرفان کا سمندر ہے۔ صحیفہ سجادیہ پوری امت مسلمہ اور عالم انسانیت کے ایک گراں قدر علمی سرمایہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناصبی ٹولے کی جانب سے ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازشیں ہو رہی ہیں حکومت اور ریاستی ادارے دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔ بنو امیہ کے پیروکاروں کی جانب سے یزید پلید کی حمایت پر مبنی بیانات کو روکا جائے۔ اور ان لوگوں کے خلاف توہین اھل بیت کے مقدمات قائم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں اھل بیت رسولؐ کے فضائل اور مناقب بیان کرنے پر جو مقدمات درج کیے گئے ہیں وہ انتہائی افسوسناک ہیں۔ ملک میں بسنے والے کروڑوں شیعیان علیؑ کے مذہبی عقائد اور مذہبی آزادی کا احترام کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شعبہ تربیت کے زیر اہتمام قائد ملت جعفریہ مفتی جعفر حسین مرحوم کی برسی کے موقع پر مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر نحیف اور کمزور نظر آنے والے مفتی جعفر حسین چٹان سے بھی مضبوط ارادے کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں واحد طاقتور ترین قائد مفتی جعفر حسین ہی تھے، جنہوں نے اسلام آباد میں ضیاءالحق جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مفتی جعفر حسین ہم میں ہوتے تو ہماری ملت ان مسائل اور پریشانیوں کا شکار نہ ہوتی، انہوں نے اپنی محنت، ولولے اور مصمم ارادے سے پوری ملت تشیع پاکستان کو ایک لڑی میں پرو دیا تھا۔
مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ظہیر الحسن کربلائی کا کہنا تھا کہ مفتی جعفر کے قائدانہ اوصاف ناقابل شمار ہیں، ان کا ہر عمل حکمت سے بھرپور اور ان کا ہر قول اپنے اندر لاتعداد مفاہیم سمیٹے ہوئے تھا۔ ان کی شخصیت زندگی کے مختلف پہلوؤں سے مزین تھی۔ ضیاء الحق نے جب شیعہ عقائد سے متصادم قانون کی منظوری دینی چاہی تو مفتی جعفر کی ایک آواز پر پوری قوم آمر حکومت کے خلاف اسلام آباد میں جمع ہوگئی اور حکومت کو مجبوراً گھٹنے ٹیکنا پڑے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملت جعفریہ کے مرحوم قائد علامہ مفتی جعفر کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری قوم کی یہ خوش بختی ہے کہ اس نے ایسی جرات مند، باحکمت و بابصیرت اور درویش صفت قیادت کا دور بھی دیکھا جس کی حکیمانہ فکر و تدبر اور نڈر طرز عمل سے ضیا ءجیسے آمر بھی خوفزدہ تھے۔جو قوم کو متحد رکھنے کا ہنر جانتے تھے۔جسے بڑے سے بڑے ڈکٹیٹر کے سامنے کلمہ حق کہنے اور اپنے اصولی و اخلاقی موقف کو منوانے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر کے قائدانہ اوصاف ناقابل شمار ہیں ان کا ہر عمل حکمت سے بھرپور اور ان کا ہر قول اپنے اندر لاتعداد مفاہیم سمیٹے ہوئے تھا۔ان کی شخصیت زندگی کے مختلف پہلوؤں سے مزین تھی۔ ضیا الحق نے جب شیعہ عقائد سے متصادم قانون کی منظوری دینی چاہئیے تو مفتی جعفر کی ایک آواز پر پوری قوم آمر حکومت کے خلاف اسلام آباد میں جمع ہو گئی اور حکومت کو مجبوراً گھٹنے ٹیکنا پڑے۔اس عظیم قائد کی برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین نے اپنے مرکزی،صوبائی اور ضلعی دفاتر میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد بھی کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے ایم ڈبلیوایم کے سابق مرکزی سیکریٹری امور شماریات اور سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان برادر علی مہدی کے والد بزرگوار کے سانحہ ارتحال پر رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم کے انتقال پر ملال پر پسماندگان اور بالخصوص برادر علی مہدی کوتعزیت و تسلیت پیش کرتاہوں ۔ رب العزت بحق چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحوم کی مغفرت فرمائے ۔الہیٰ آمین