The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میاں چنوں کے نواحی علاقہ تلمبہ میں توہین قرآن پاک کے الزام میں ایک ذہنی معذور شخص کی متشدد گروہ کے ہاتھوں ہلاکت کے سانحہ کو قانون و انصاف کے چہرے پر بدنما داغ قرار دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی جنونیت کے بڑھتے ہوئے واقعات ریاست کے وجود کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔انصاف کی فراہمی میں سست روی اور ظالموں کی سزا میں تاخیر ان عناصر کے حوصلوں کو تقویت فراہم کرتے ہیں جو مذہب کے نام پر درندگی اور بھیانک ردعمل کو قابل فخر سمجھتے ہیں۔جب تک ایسے شدت پسندوں کو عبرت ناک سزائیں نہیں دی جاتیں تب تک عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ اگر صاحبان اقتدار کو وطن عزیز کی سالمیت و بقا عزیز ہے تو وہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر ان کے لیے فوری اور سخت سزاؤں کو یقینی بنائے۔ اپنے باسیوں کے ساتھ ریاست کا سلوک جب تک ماں جیسا نہیں ہو گا تب تک ملک کی سلامتی پر تباہ کن خطرات منڈلاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسند مذہبی عناصر نے ارض پاک کی ساکھ کو پوری دنیا کے سامنے داغدار کر رکھا ہے۔قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر اور اپنی عدالت لگانے والے یہ جھتے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اس ملک کو جتنا نقصان متشدد مذہبی گروہوں نے پہنچایا ہے اتنا کسی نے نہیں پہنچایا۔ دین کے نام پر قتل و غارت کی بنیاد رکھنے اور تکفیر کا نصاب پڑھانے والوں کی مذموم سازش ایسے المناک سانحوں کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ذہنی معذور شخص کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور ایسے واقعات کی مستقبل میں روک تھام کے لیے سخت ترین قانون سازی کی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)نوابشاہ کے علاقے نواب ولی محمد میں زمین کے تنازع پر 6 افراد قتل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی کا المناک سانحے پر اظہار افسوس، نواب ولی محمد کا واقعہ ظلم و بربریت کی بدترین مثال ہے۔ 6 بے گناہ انسانوں کا قتل المناک سانحہ سے کم نہیں جس کی میں شدید مذمت کرتا ہوں۔نواب ولی محمد میں سفاک درندوں کے ہاتھوں بے دردی سے قتل ہونے والے کسانوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر لیا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سفاک درندوں کے ہاتھوں 6 کسانوں کا قتل قابل مذمت عمل ہے میں اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ سندہ میں بے دردی سے قتل ہونے والے غریب کسانوں کے ناحق قتل کا نوٹس لے۔ کسانوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی عوام کے نمائندے ہیں انہيں متاثرہ خاندانوں کے پاس ہمدردی کے لئے جانا چاہئے۔ مظلوم کسان دو دن سے اپنے شہداء کے جنازے لے کر روڈ پر بیٹھے مگر کوئی ان کی بات سننے کے لئے تیار نہیں۔ ہماری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے سابق سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد و متحرک عالم دین علامہ امداد علی نسیمی کی ٹریفک حادثے میں ناگہانی وفات پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔
اپنےتعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عزیزم مولانا امداد نسیمی کے اچانک انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا۔آقای امداد نسیمی ایک بہترین علمی و فکری شخصیت تھے۔قوم کے لیے ان کے اندر بےپناہ درد موجود تھا۔
انہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی ترین حصہ قومی خدمات کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ مجلس وحدت مسلمین کے لیے ان کی مخلصانہ کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔دکھ کی اس گھڑی میں سوگواران کی خدمت میں ہدیہ تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور اہل خانہ کے صبر کے لیے دعاگو ہوں
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام ’’یوم حجات‘‘ کی مناسبت سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی اور سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور شعبہ خواتین خانم حنا رضا تقوی نے کی جبکہ اس موقع پر خانم عظمیٰ نقوی، خانم نگین رضوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھیں۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کی بہادر مسلمان بیٹی مسکان خان کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ مسکان خان نے ہندو وحشیوں کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر اپنی بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاب مسلمان عورت کا زیور ہے، جس سے کوئی طاقت محروم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آپکو ایک جمہوری ریاست کہتا ہے، حالیہ واقعہ نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کےمنہ سے نقاب نوچ ڈالی ہے۔
خانم حنا تقوی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ریاست کرناٹک کی طالبہ مسکان نے باطل کے سامنے حق کا نعرہ بلند کیا، اللہ اکبر کا نعرہ کالج میں لگا، اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا میں اس کے نام کے نعرے لگوا دئیے، مسکان نے ثابت کر دیا کہ مسلمان خواتین کا بہادری میں کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام خواتین حجاب پہن کر احکامات دین کی پیروی کریں، حجاب ہمارا تحفظ ہے، جس سے کسی طور دستبردار نہیں ہوں گی۔
وحدت نیوز(قم) سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے زیر اہتمام قم المقدس میں انقلاب اسلامی ایران کے شہداء اور مقبول بٹ شہید کی یاد میں ایک مجلس مذاکرہ بعنوان ''خون صد ہزار انجم سے ہوتی ہے سحر پیدا'' کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس مذاکرہ کیلئے علامہ اقبال کی نظم طلوع اسلام کے مذکورہ مصرعے کو عنوان قرار دیا گیا تھا۔ جس کا مقصد استعمار کے خلاف انقلاب کی کامیابی میں شہداء کے خون کی مدیریت اور ان کے پیغام کو نسل در نسل زندہ رکھنے کیلئے مختلف زاویوں کا جائزہ لینا تھا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی اور علم و اجتہاد کے شہر قم میں منعقدہ اس مجلس مذاکرہ میں جہاں اسلامی انقلاب کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، وہیں مقالہ خوان حضرات نے قائد کشمیر شہید مقبول بٹ کے عزم اور نظریات پر بھی فکرانگیز گفتگو کی۔
صدر مجلس حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے اپنا صدارتی خطبہ بیان کیا، جس میں ایران کے اسلامی انقلاب اور مقبول بٹ کی شخصیت، نظریات اور افکار کے حوالے سے مجلس مذاکرہ میں پیش کئے گئے نکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وہی تحریکیں کامیاب ہوتی ہیں، جن کی قیادت مقامی اور عوامی ہو۔
انہوں نے اپنے خطبے میں کہا کہ کشمیر کو صرف خود کشمیری ہی آزاد کرا سکتے ہیں، ہمیں ایمانی بنیادوں پر کشمیریوں کی غیر مشروط حمایت اور مدد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب کئی جہتوں سے دنیا کے تمام مظلومین خصوصاً کشمیریوں کیلئے نمونہ عمل ہے۔ یاد رہے کہ مجلس مذاکرہ کا اہتمام قم المقدس ایران میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے تعاون سے کیا گیا تھا۔
وحدت نیوز(لاڑکانہ)مجلس وحدت مسلمین ایمپلائز ونگ کے زیر اہتمام ڈویژنل عزم انقلاب ایمپلائز کنونشن لاڑکانہ میں منعقد ہوا۔ اس کنونشن میں ضلع لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ اور شکارپورکے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد ایمپلائز نے شرکت کی اورممبر شپ فارم پرُ کرکے ایم ڈبلیوایم ایمپلائز ونگ میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ۔
کنونشن میں ایمپلاِئز ونگ کے مرکزی سیکرٹری ملک اقرار حسین سمیت ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری یوتھ علامہ شیخ اعجازبہشتی، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی، مرکزی معاون سیکریٹری ایمپلائز ونگ آغا منور جعفری نے خصوصی شرکت کی اور ایمپلائز سے خطاب کیا۔
ملک اقرار حسین نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ وحدت ایمپلائز ونگ کا ھدف مختلف شعبہ زندگی میں کام کرنےوالے مومنین کو ایک لڑی میں پرونا ہے اس طرح ملت کی مضبوطی اور انسجام کا کام سر انجام دیا جائے گا تاکہ یہ شعبہ دوسرے شعبہ زندگی کی تقویت کا باعث بنے ۔اس موقع پر پانچوں اضلاع لاڑکانہ، کشمور، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ اور شکارپور میں وحدت ایمپلائز فورم کی تشکیل کا اعلان بھی کیا۔
کنونشن میں خطیب ولایت آغا اعجاز بہشتی اور مرکزی ترجمان آغا مقصود ڈومکی نے انقلاب اسلامی کی 43ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا ۔مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ایمپلائز ونگ برادر منور جعفری نے کنونشن کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔کنونشن کے آخر میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) انقلاب اسلامی ایران مظلومین اور مستضعفین کے لیے ایک امید کی کرن ہے امام خمینی نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ قرار دیکر اور خودمختاری کو اپنا اصلی مشن قرار دیتے ہوئے تسلط پسند طاقتوں کے خلاف قیام کیا اور ایک الہی نظام حکومت قائم کیا ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے گیارہ فروری انقلاب اسلامی ایران کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوے کیا۔
انہوں نے کہا یمن و کشمیر کے عوام اس انقلابی راستے کو اپنا کر اپنے تمام حقوق حاصل کر سکتےامام خمینی کی اس تحریک کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس نے انقلابی اقدار کو ایک دائمی اور ہمیشہ رہنے والی تحریک میں بدل دیا اور دنیا کی محروم اور مستضعف اقوام کو اس بات کا حوصلہ اور امید عطا کی ہے کہ وہ تسلط پسند نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا ایران کے اسلامی انقلاب نے امام خمینی کے بتائے ہوئے راستے کو زندہ رکھتے ہوئے قوموں کے حقوق کے حصول کو اپنا نصب العین قرار دے رکھا ہے اور دوسرے انقلابوں کے برخلاف اپنے اصلی راستے سے منحرف نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے مذید کہا ایران کا اسلامی انقلاب علاقے میں عظیم بنیادی تبدیلیوں کا باعث بنا اور یہ وہ حقیقت ہے جو کسی سے پوشیدہ نہیں۔ امام خمینی نے اسلام کے سیاسی نظام کی صلاحیتوں اور گنجائشوں کو جس طرح پیش کیا ہے اسکے اثرات پوری دنیا کے سامنے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج چار دہائیاں گزرنے کےباوجود انقلاب اسلامی کا سورج رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظ اللہ کی عظیم قیادت میں پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے بھارت میں خاتون کے پردے پر دلیرانہ اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پردہ تحفظ اور پاکیزگی کی علامت ہے پردہ صرف عورتوں کی ہی ضرورت نہیں بالکہ معاشرے کو بھی پاکیزہ بناتا ہے پردہ ایک مسلمان عورت کے لئے ایمان کے بعد خوب صورت ترین تحفہ ہے جو معاشرے سے بے حیائی کی جڑ کاٹ کر اس کی نسلوں کو پاکیزہ ماحول مہیا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعائر اسلام کو انتہا پسندی، قدامت پرستی اور دہشت گردی سے جوڑنا تعصب کا منہ بولتا ثبوت ہے خود کو انسانی حقوق کا چیمپئین گرداننے والے انتہا پسند عورت کو گز بھر کا کپڑا سر پر رکھنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں ۔ دنیا کی کوئی طاقت عورت سے پردے کا حق چھین نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا انتہا پسند ہندو نہ صرف مسلمانوں بالکہ دیگر اقلیتوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے لئے ہر حد کو عبور کر رہا ہے اور بھارت بھی دنیا بھر کی استحصالی قوتوں کی تقلید میں اسلامی شعائر کو پسپا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔
انہوں نے بھارت اور مغرب کے منافقانہ طرز عمل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم حجاب کی بنیاد پر عورتوں سے امتیازی سلوک یا تعصب کا نشانہ بنانے پر نوٹس لے اور بھارت پر دباءو بڑھائے تاکہ خطے میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب نہ ہو ۔
وحدت نیوز(سلام آباد) وزیر زراعت گلگت بلتستان و صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم محمد کاظم میثم نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دبئی ایکسپو میں گلگت بلتستان کے متعلق ہونے والی سرگرمیوں اور پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی گلگت بلتستان نے افتتاحی تقریب میں گلگت بلتستان کی بہتر نمائندگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال اور مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیرزراعت گلگت بلتستان کی گزارش پر سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج تندل سکردو سے تعلق رکھنے والے مریض کاشف حسین کی بیماری کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سی ایم انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے تمام تر علاج کے اخراجات کو برداشت کرنے کے احکامات جاری کرا دئیے۔ وزیر زراعت نے کاشف حسین کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر زراعت نے گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کے اجرا کو بہترین کارنامہ قرار دیا اور اسے موثر بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر آج ملک بھر میں "یوم نصاب" منایا گیا۔ اس حوالے سے جمعہ کے اجتماعات میں علمائے کرام نے حکومت کی جانب سے نافذ کئے جانیوالے یکساں قومی نصاب پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
لاہور کی تمام مساجد میں خطبات کا موضوع "یکساں قومی نصاب پر اہل تشیع کے تحفظات" ہی تھا۔ جامعہ مسجد المصطفیٰ میں علامہ محمد خان، جامعہ مسجد حیدریہ میں علامہ گلزار حسین فیاضی، کوٹ لکھپت میں علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت دیگر مساجد کے آئمہ جمعہ جماعت نے کہا کہ نصاب میں اہلبیت اطہار(ع) کا ذکر خارج کر دیا گیا ہے، جبکہ جن جنگوں کا ذکر شامل ہے، ان میں بھی دانستہ طور پر حضرت علی(ع) کا کردار خارج کر دیا گیا ہے۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ نصاب کمیٹی میں شامل شیعہ ارکان کے تحفظات بھی دُور نہیں کئے گئے جبکہ ان کی طرف سے مسلسل اعتراضات تحریری طور پر پیش کئے گئے، مگر حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ علماء کا کہنا تھا کہ اہل تشیع موجودہ یکساں قومی نصاب کے مواد سے مطمئن نہیں، پہلے ہمارے تحفظات دور کئے جائیں اس کے بعد ہی اسے نافذ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نصاب نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں ایسی شخصیات کو نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی ہے جنہوں نے اسلام کو نقصان پہنچایااور ان شخصیات کو اسلام کا ہیرو بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ علماء کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اسلام کی بقاء کیلئے قربانیاں دیں، دین بچایا، انہیں نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ علماء کے مطابق یکساں قومی نصاب کے ذریعے ناصبیت کو فروغ دینے کی سازش کی جا رہی ہے جسے کسی طور کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔