وحدت نیوز(سکردو)صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم جی بی آغا علی رضوی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، متاثرین طوفانی سیلاب کے رحم و کرم پر ہیں۔ عوام کی نگاہیں وفاق پر ہے جتنا بڑا چیلنج ہے وہ صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں۔ اب تک کھربوں کے نقصانات کا شکار گلگت بلتستان ہوئے ہیں۔ ان طوفانی سیلاب میں جن قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے ان کے لواحقین کو تسلیت پیش کرتے ہیں۔ جو مسافرین ابھی تک مسنگ ہیں انکی سلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے یہ مشکل وقت ہے یہ وقت بھی اچھے انداز میں نکل جائے گا۔
عوام حکومتی امداد کے منتظر نہ رہیں آگے بڑھیں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں اور ریسکیو میں حصہ لیں۔ جس انداز میں مسافرین کی رہائش کھانا اور ریسکیو کے لیے انتظامات مشکلات میں پھنسی ہوئی میری قوم نے ایثار فداکاری کے ساتھ کیا وہ قابل فخر ہے۔ بلخصوص سدپارہ کے عوام نے گھروں کے دروازے کھول دئیے مہمان نوازی کی اسی طرح دیامر کے عوام نے مہمان مسافرین اور سیاحوں کو رہائش و کھانے کا انتظام کیا۔یہی ہماری روایات اور ہماری پہچان ہے۔ ہم وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو آفت زدہ قرار دیا جائے، ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو تیز کی جائے، متاثرین سیلاب کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔