
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(احادیث) حضرت امام علی علیہ السلام نے ایک روایت میں طالب علموں کو نصیحت کی ہے۔
قال امیرالمومنین علیه السلام:
عَلى المُتَعَلِّمِ أن يُدئبَ نَفسَهُ في طَلَبِ العِلمِ، و لا يَمَلَّ مِن تَعَلُّمِهِ و لا يَستَكثِرَ ما عَلِمَ
حضرت امام علی علیہ السلام نے فرمایا:
متعلم پر لازم ہے کہ وہ علم حاصل کرنے کی کوشش کرے اور علم حاصل کرنے سے کبھی نہ تھکے اور کبھی یہ خیال نہ کرے کہ اس کی معلومات بہت زیادہ ہو چکی ہیں۔
غررالحكم: ۶۱۹۷
مرکزی کردار سازی کونسل مجلس وحدت مسلمین پاکستان
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی کی صدارت میں مجلس وحدت مسلمین گلگت کے آفس میں تنظیمی اراکین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سابقہ سیکرٹری یوتھ ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ سائرہ ابراہیم اور سابقہ رکن صوبائی اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ نے بھی شرکت کی۔
اس اجلاس میں مرکزی صدر نے خواتین کے تنظیمی و تربیتی امور پر مشتمل سوالات کے جوابات دیے، اجلاس میں طے پایا کہ کل محفل دعائے کمیل کا انعقاد کیا جاے گا جس میں نو منتخب صدر کے نام کا اعلان کیا جائےگا علاوہ ازیں محترمہ معصومہ نقوی نے آئی ایس او طلبات گلگت ڈویژن کی صدر محترمہ حرا روحانی سے بھی خصوصی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
وحدت نیوز(خیرپورناتھن شاہ) المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کراچی ڈویژن مسلسل کئی ماہ سے سندھ کے سیلاب متاثرہ ہم وطنوں کی بحالی کیلئے میدان میں مصروف عمل ہے، گذشتہ دنوں زین رضوی ڈائریکٹر المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی زیر نگرانی سندھ کے علاقوں خیرپور ناتھن شاہ ضلع دادو،ضلع خیرپوراور کنڈیارو میں سینکڑوں سیلاب متاثرہ خاندانوں میں راشن ،خیمے اور گرم کپڑے تقسیم کیئے گئے۔
اس موقع ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما شفقت لانگا،ضلع غربی کراچی کے صدر کلیم رضا زیدی، ضلع خیر پور کے صدر مولانا صفدر علی ملاح، ضلع دادو کے صدر اصغرعلی چانڈیو اور دیگر بھی زین رضا رضوی کے ہمراہ موجود تھے ۔
زین رضا نے وحدت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کراچی ڈویژن سیلاب متاثرہ اہل وطن کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، ہم دکھ اور پریشانی کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وہ مخیرین جنہوں نے ان تمام امور خیریہ میں ہمارے ادارے کے ساتھ تعاون کیا ان کے انتہائی ممنون مشکور ہیں اور دیگر صاحبان ثروت افراد سے بھی ادارے کے ساتھ دل کھول کر تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) ملک بھر میں شاعر مشرق حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 145واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی کی قیادت میں مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کا گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔
ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، صوبائی رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی، اسد علی بلتستانی، سید حسین زیدی، سید سجاد حسین شاہ، نجم خان، سید زین رضوی،رانا کاظم علی، ایڈووکیٹ اسد نقوی، آفتاب ہاشمی و دیگر رہنما اور کارکنان بھی شامل تھے۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے مزار اقبال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فکر اقبال سے خودی کا درس ملتا ہے، اگر نسل نوء کو فکر اقبال سے آگاہی دی جائے تو فکری غلامی کا خاتمہ ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان امریکی غلامی میں پھنسا ہوا ہے، جبکہ علامہ اقبال نے اسی غلامی سے نجات کی فکر دی اور نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہہ دیکر چھپٹنا، پلٹنا اور پلٹ کر چھپٹنا کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ فکر اقبال کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنا کر نسل نوء کو اس سے روشناس کروایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر فکر اقبال کی روح پر عمل کریں تو امریکہ سمیت ہر غلامی سے نجات پاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نہ صرف برصغیر بلکہ عالم اسلام کے عظیم مفکر، فیلسوف اور شاعر تھے جنہوں نے وہ اسلام جو رسول اللہ ص پر نازل ہوا تھا پیش کرنے کی کوشش کی، علامہ اقبال کی ذات ہمارے ساتھ ساتھ برادر اسلامی ممالک ایران اور افغانستان میں بھی عظیم مفکر اور عالم کی حیثیت سے بلند مقام و مرتبہ حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی آئندہ نسلوں کو سدھارنا چاہتے ہیں اور حقیقی اسلام سے انہیں روشناس کروانا چاہتے ہیں جو شدت پسندی اور دہشتگردی سے پاک ہو جو معتدل اسلام ہو جو رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر مبنی اسلام ہو، جس اسلام میں امن، بھائی چارہ، معرفت، شعور و بصیرت ہے،ایسے حقیقی اسلام اور اسلامی قوانین کے نفاذ کیلئے ہمیں علامہ اقبال کی دی ہوئی تعلیمات اور فکر پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کرنا ہوگا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سینٹرل سیکریٹریٹ کے میڈیاسیل انچارج برادر شجاعت علی بلتی کے والد بزرگوار زوار علی محمدولد زوار محمد علی مرحوم مختصر علالت کے بعد بارضائے الہٰی دارالفناءسے دار البقاء کی جانب کوچ کرگئے۔
مرحوم زوار علی محمدولد زوار محمد علی مرحوم کے انتقال پر ملال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، وائس چیئرمین علامہ سیداحمد اقبال رضوی، مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرشیرازی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین سمیت مختلف اضلاع کے صدور صاحبان نےبرادر شجاعت علی بلتی سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ برادر شجاعت علی بلتستانی کے والد بزرگوار کی رحلت کی خبر سن کر انتہائی رنج کا احساس ہوا، خداوند متعال مرحوم ومغفور کی مغفرت فرمائے انہیں جوار آئمہ اطہارؑ میں محشور فرمائے اور برادر شجاعت علی سمیت تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا عظیم اجر عنایت فرمائے۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل انچارج برادر شجاعت بلتی کے والد بزرگوار کے انتقال پرملال پر دلی افسوس ہوا خدا وند متعال مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے،آمین۔
وحدت نیوز(لاہور)نو نومبر یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مفکر پاکستان کے فرمودات سے ہمیں اسلام کا حقیقی پیغام سمجھنے میں مدد ملتی ہے، علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے غلامی سے نجات، ترقی اور خوشحالی کے لئے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی کو بیدار کیا اقبال کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجات کے لئے نسخہ کیمیا ہے آج بھی درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے علامہ اقبال کے پیغام اور فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان خود کو اقبال کے افکار اور نظریات کے سانچے میں ڈھالیں حکیم الامت نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیشن گوئی کی جن کا آج ہمیں سامنا ہے، فرقہ واریت، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے علامہ اقبال کی سوچ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی فکر سے وابستگی کا تقاضا ہے کہ ہم ان کی سوچ کو نہ صرف سمجھیں بلکہ اس پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں وہ ریاست بنائیں جس کا تصور علامہ نے دیا تھا۔