
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور) رکن پنجاب اسمبلی و مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی سابقہ سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال علیہ رحمۃ کے یوم پیدائش کے موقع پر کہا کہ پاکستان میں آج بھی وہی حالات ہیں جن کا تذکرہ علامہ اقبال نے پاکستان بننے سے پہلے اپنی شاعری میں کیا وطن عزیز کو اقبال کا پاکستان بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اگر شاعر مشرق و عظیم رہنما علامہ محمد اقبال کے پیغام کو صحیح معنوں میں سمجھا جاے اور اس پر عمل کیا جاے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا ہر جوان اقبال کا شاہین بن کر ان کے خوابوں کی تکمیل کرے گا ۔
انہوں نے کہا پاکستان اقوام عالم میں ایک باوقار مقام تب ہی حاصل کرے گا جب علامہ محمد اقبال کے خیالات و پیغامات کو عملی جامہ پہنایا جاے گا اقبال کے افکار اور ان کی فکر انگیز اور بصیرت افروز کلام سے قوم کو محروم رکھنا ملک و قوم سے نا انصافی ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال علیہ رحمۃ نے مسلمانان ہند کو مایوسی کی اندھیری غار سے نکال کر امید و وقار کے راستے پر گامزن کیا اور اسی طرح آج بھی ان کے افکار پر عمل کر کے ہماری قوم ایک پر وقار اور عظیم قوم بن سکتی ھے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں کے وفد نے زمان پارک میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے ملاقات کرنیوالے وفد کی قیادت وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کی جبکہ وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی رہنما سید محسن شہریار اور میڈیا کوآرڈینیٹر اسد علی بلتستانی شامل تھے۔ عمران خان نے علامہ احمد اقبال رضوی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ گولیاں حق پرستوں کو حق کے راستے سے نہیں ہٹا سکتیں، مجلس وحدت مسلمین ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کیلئے تحریک انصاف کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے علامہ راجہ ناصر عباس کی جانب سے بھی عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کی جڑ بیرونی مداخلت ہے، جب تک بیرونی مداخلت ختم نہیں ہوگی ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکے گا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ خوفزدہ نہیں ہوئے بلکہ ان کا حوصلہ مزید بڑھ گیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پوری قوم کا حوصلہ ہیں، جس طرح قوم نے اس واقعہ کے بعد تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے، یہ قابل ستائش ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے بھی عمران خان کو یقین دہانی کروائی کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ میں ایم ڈبلیوایم کے کارکنان بھی بڑھ چڑھ کر شریک ہوں گے اور ملک کو حقیقی آزادی سے ہمکنار کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 145ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افکار اقبال کی تجدید عہد حاضر میں ضروری ہو گئی ہے آپ ایک دل سوز اور دور اندیش رہنما تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد راستہ انکے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہونے میں ہی مضمر ہے آپ نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے گراں قدر اور ناقابل فراموش خدمات سر انجام دیں اور اسلام کے حقیقی پیغام کی ترجمانی کی۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و تعلیمات پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے لئے شعور و بیداری کا پیغام ہے۔ اقبال ؒ نے اپنے اعلی افکار و عظیم تعلیمات کے ذریعے قوم کو غلامی سے آزادی کا راستہ دکھایا۔ اقبال کا کلام اللہ تعالیٰ پیغمبر اسلام قرآن کریم اور آل محمد علیہم السلام کے عشق و محبت سے لبریز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے حکمران طبقے اور مقتدر حلقوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار و تعلیمات سے بغاوت کر کے پاکستان کو ایک ایسی غلام ریاست میں بدل دیا جہاں کرپشن کی نحوست میں غرق پست افکار و کردار کے حامل لوگ حاکم ہیں۔ علامہ اقبال کے افکار و نظریات کی روشنی میں ہم ملکی استقلال آزادی کا تحفظ کرتے ہوئے ملک و قوم کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے امت مسلمہ کے سامنے کربلا کے پیغام حریت کی تشریح کرتے ہوئے ظلم و استبداد کے خلاف قیام کا درس دیا۔ اقبال کا تصور خودی در حقیقت قرآن کریم کے تصور نیابت الہی کی فلسفیانہ اور بلیغانہ تفسیر ہے۔ اقبال نے ایسے رزق پر موت کو بہتر قرار دیا جو انسانی پرواز میں کوتاہی کا باعث ہو۔ عصر حاضر میں امت مسلمہ کلام اقبال کی روشنی میں اپنی منزل پا سکتی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سرفہرست ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید خطرات لاحق ہیں اس حوالے سے کئی عالمی ادارے متنبہ کر چکے ہیں لیکن ہم خواب غفلت سے بیدار نہیں ہو رہے۔
انہوں نے کہا کہ 75 سال سے وطن عزیز کو سیلاب جیسی قدرتی آفت سے شدید نقصان پہنچ رہا ہے لیکن صوبائی یا وفاقی سطح پر کوئی منظم اور مستحکم منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہمارے خطے کے کئی ممالک ایسے ہیں جن میں چین،بنگلہ دیش،ہندوستان اور نیپال شامل ہیں جہاں سالانہ اوسط بارش پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہونے کے باوجود وہاں سیلاب سے اس قدر شدید نقصان نہیں ہوتا جتنا ہمارے ملک میں نقصان پہنچتا ہے ان ممالک نے اپنے قومی وسائل کو ملک کے وسیع تر مفادات میں بروقت اور موقع محل کے مطابق استعمال کیا ہے جس میں ہماری حکومتیں اور پالیسی ساز ادارے ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران بیرونی قرضوں کی مد میں اربوں ڈالرز لے چکے ہیں جنکا آج تک قوم کو نہیں پتہ کہ یہ بھاری بھرکم قرضہ جات آخر کہاں خرچ ہوئے ہیں۔ موجودہ حکمران بھی اربوں ڈالر امداد سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے نام پر وصول کر چکے ہیں اور ابھی تک عالمی برادری اور فورمز پر اپنے بھیکاری پن کا اظہار کر رہے ہیں لیکن ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگ آج بھی حکومتی امداد کے منتظر ہیں سردیوں کا موسم شروع ہو چکا ہے لوگ بے یار مددگار گھروں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے دن رات بسر کرنے پر مجبور ہیں۔سندھ کے کئی علاقوں میں سیلاب کا پانی کھڑا ہونے سے گندم کی کاشت نہیں ہو سکی بچے اب تک سکول نہیں جا سکے لیکن انکا کوئی پرسان حال نہیں اور نہ ہی ارباب اختیار ٹس سے مس ہو رہے ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے یوم اقبال کے موقعہ پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا موجودہ پاکستان اس کی حقیقی تعبیر نہیں ہے۔اس عظیم دانشور کا پیغام کسی ایک خطے کے لیے نہیں تھا۔انہوں نے پوری امت مسلمہ کوجھنجھوڑاتاکہ مسلمانوں کی ان کی عظمت رفتہ یاد دلائی جا سکے۔اس وقت امت مسلمہ کی تنزلی و انتشارکا بنیادی سبب باہمی نفاق ہے۔یہی وجہ ہے بیشتر مسلم ممالک تباہ حالی کا شکار ہیں۔خطہ میں مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں امت مسلمہ کا کردار منصفانہ نہیں آج بھی شب و روز کشمیر و فلسطین میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔علامہ اقبال مسلمانوں کے اتحاد و اخوت کے داعی تھے ان کے نزدیک مسلمانوں کی خستہ حالی سے نجات کا واحد راستہ اتحاد امت تھا۔جس کا انہوں نے اپنی شاعری میں بارہا تذکرہ کیا۔علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں دنیا کی باقی قوموں کے سامنے باوقار مقام دلا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا اس وقت ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں علامہ اقبال کی شخصیت پر ڈاکٹریٹ کی تعلیم دی جارہی ہے تاکہ لوگ ایک بہترین فلاسفر،شاعر اور دانشور کی تعلیمات سے آشنا ہو سکیں۔ہمیں اقبال کی تعلیم کو محض شاعری تک محدودرکھنے کی بجائے ان کے فلسفہ کو بھی اسکول اور کالجز میں پڑھانا چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان ایک بہترین فکر سے روشناس ہو سکیں۔زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر دان ہوتی ہیں۔یوم اقبال پر عام تعطیل وفاقی حکومت کا اچھا اقدام ہے لیکن علامہ محمد اقبال کی گراں قدر شخصیت وافکار سے حکمرانوں کی عدم دلچسپی قوم کے لیے تکلیف دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کی جانب سے پاکستان کے قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سطح پر تقریبات کا انعقاد ہونا چاہییے۔