
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی ایران کی 44 ویں سالگرہ کی مناسبت سے سیمینار بعنوان انقلاب اسلامی ،مظہر وحدت امت مسلمہ کا انعقاد ہوا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے لیے آج دن عید کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ انقلاب اسلامی ایران اپنے 45 ویں سال میں داخل ہو گیا ہے، انقلاب اسلامی ایران نہ تو مغرب اور نہ ہی مشرق کے نظریہ پر وجود میں آیا بلکہ خالصتاً اسلامی نظریہ پر برپا ہوا جسے دنیا میں منفرد و نمایاں مقام حاصل ہوا، فلسطین آج انقلاب اسلامی کی وجہ معتبر ہوا، ایران نے موجودہ دور کی ترقی میں بدترین پابندیوں کے باوجود ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا، پاکستان میں بھی ہمارے لیڈر وہ ہو سکتے ہیں جو نڈر اور بے باک ہوں قوم کا درد رکھتے ہوں نہ کہ ڈرے ہوئے سہمے ہوئے ہوں۔ اسلامی دنیا کی سربراہی کے نام نہاد دعویدار سارے ہیں لیکن حقیقت میں فلسطین کو ایک گولی تک دینے سے عاری ہیں لیکن انقلاب اسلامی نے ان مقاومتی تحریکوں میں نئی روح پھونک دی، انقلاب اسلامی ایران نے امریکی استعماریت کی سپر میسی کو ملیا میٹ کر دیا، امریکہ نہیں سننا چاہتا کہ ہمارے ملک کی آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی ہو، طاغوت کو ایبسلوٹلی ناٹ کہنا قرآنی حکم ہے،ہمارے حکمران مت بکیں،مت پست ہوں ہم بھوک اور سختیاں برداشت کر لیں گے لیکن کسی کی غلامی برداشت نہیں کریں گے، میرے ملک کے باعزت و کریم عوام اٹھیں،مسلم غیر مسلم اٹھیں،شیعہ سنی کھڑے ہوں،بلوچ سندھی پختون اور پنجاب کے باسی اٹھیں اور اپنے ملک کی عزت کی خاطر کمزور اور غیر ملکی کاسہ لیس حکمرانوں سے اپنے ملک کو محفوظ کریں۔
سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر بخاری نے کہا کہ آج دن کی مناسبت سے تمام عاشقان انقلاب اسلامی ایران کو مبارکباد پیش کرتا ہوںانقلاب لانے کے لیے قربانی دینا ضروری ہے اور اسے قائم رکھنے کے لیے اس سے بھی بڑھ کر قربانیاں ایرانی عوام نے دی ہےایران وہ اسلامی ملک ہے جس نے مسالک سے بالاتر ہو کر فلسطین اور کشمیر کے مظلومین کی حمایت کی۔ہمارے ملک کے ساتھ بھی ایرانی عوام کا خلوص روز روشن کی طرح عیاں ہے ان پر پابندیوں کے باوجود وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں لہذا ہمیں بھی اپنے ملک کے وسیع تر مفادات کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔
ایران کے ثقافتی قونصلر اسلام آباد جناب احسان خزاعی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ اور مبارک باد پیش کرتا ہوں میں اس اقدام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، انقلاب اسلامی ایران نے ظلم کی تمام تر زنجیروں کو توڑ پھینکا اور ہمیں اپنی وحدت کی حفاظت اور تربیت بھی کرنی چاہیے کیونکہ اسلام دشمن عناصر امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے، انقلاب اسلامی ایران ایک بہت بڑی ثقافتی تبدیلی کا نام ہے اور دنیا میں آنے والے دیگر انقلابات سے ممتاز ہے۔
وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب اسلامی ایران جن مقاصد اور اہداف کے طور پر آیا وہ اپنے اہداف پر موجود ہے۔استقلال ،آزادی اور جمہوری اسلامی یعنی ہمارا ملک کسی شرقی و غربی بلاک کا حصہ نہیں، امریکی مداخلت ہمارے ملک کی پہچان بن چکی ہے ہم اپنے ملک کے فیصلے خود نہیں کر سکتے۔امام خمینی نے مغرب کے بڑے بڑے ماہرین اور دانشمندوں کے منصوبوں کی ایک فیصلے سے سے بساط لپیٹ دیرسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورا ہفتہ وحدت کے طور پر اعلان کیاماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منانے کے عظیم اعلان نے فلسطین کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔
معروف اینکر پرسن امیر عباس نے کہا کہ ایرانی انقلاب بیسویں صدی کا غیر معمولی انقلاب ہے باقی سب انقلاب ناکام ہو گئے لیکن یہ واحد انقلاب ہے جو ناکام نہیں ہوا جبکہ چلی،اٹلی،فرانس اور افریقی انقلاب مٹ گئے کیونکہ یہ انقلاب جن اہداف کو دوام دینے کے لیے وقوع پذیر ہوا ان کو رائج کیا۔ایران کے انقلاب نے پہلوی اور کاچاری بادشاہت کے ظالم ترین نظاموں کو ملیا میٹ کر دیا۔
مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ امام خمینی کے اس عظیم انقلاب سے پہلے امت مسلمہ میں قوت مدافعت ختم ہو گئی تھی مقاومت نام کی کوئی چیز نہیں تھی تو امام خمینی کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ جس نے روشن ضمیری اور رمز قرآن کو جاننے والے نے پوری امت مسلمہ کو نئی جہت اور جلا بخشی،انقلاب ایران ہی موجب بنا کہ اسلام کو اب کوئی جھکا نہیں سکتا۔سیمینار میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی،پروگرام کے دیگر مقررین میں علامہ حیدر علوی،علامہ اقبال بہشتی اور ملک اقرار حسین بھی شامل تھے۔
وحدت نیوز (سرگودھا) مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے مبلغین امامیہ کا ریجنل اجتماع۔
اجتماع میں انقلاب اسلامی کی حمایت و تائید اور مذہبی قوانین سے متعلق متنازعہ ترامیم پر مذمتی قراردادیں پیش۔
اجتماع میں سرگودھا ریجن کے مبلغین امامیہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین نقی ہاشمی نے کہا انقلاب اسلامی کو نہضت انبیاء کا تسلسل قرار دیتے ہوئے انقلاب کے چاہنے والوں کو خود کو اسی نہضت کا حصہ سمجھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔
حجت الاسلام والمسلمین نقی ہاشمی نے مزید کہا کہ مختلف انبیاء کی امتوں نے اپنے زمانے میں ایک ہی ہادی کو مشاہدہ کیا اور اسی ایک نبی کا اسوہ ان کے سامنے رہا لیکن ہم نے اس عصر میں متعدد اولیاء الہی کا دور دیکھا اور ان کے اسوہ کا مشاہدہ کیا ہے لہذا ہماری ذمہ داری بھی اسی لحاظ سے زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا ملک پاکستان میں ایک سپرپاور بننے کی تمام تر صلاحیت و توانائی ہے لیکن نااہل حکمرانوں کیوجہ سے ہم آج در در سے بھیک مانگ رہے ہیں۔
حجت الاسلام نقی ہاشمی نے مزید کہا انقلاب اسلامی ایران قرآن کی تعلیمات کا حقیقی مصداق ہے۔
اجتماع کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے دوسرے مقرر سید ابن حسن بخاری نے کہا متنازعہ فوجداری ترمیمی بل قرآن و سنت کی حقیقی تعبیر کی بجائے مسلکی تعبیر کو ملک پر نافذ کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
انہوں نے اس بل میں سنگین سزائیں تجویز کی گئی ہے جو توہین مذہب کے قانون کی اصلاح کے بغیر مسلکی غلبے کا ایک ہتھیار ہے۔
انہوں نے پاکستان کی تشکیل سے پہلے سے لیکر آج تلک شیعہ قوم کو اپنے حقوق کے حوالے سے تشویش ہے۔
انہوں نے کہا اہل اقتدار ہر کچھ عرصے بعد ایک نیا مسلکی ایجنڈا لیکر آجاتے ہیں تاکہ شیعہ قوم کو بیک فٹ پر رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا شیعہ حقوق کے حوالے سے راجہ آف محمود آباد جناب امیر حیدر خان نے قائد اعظم محمد علی جناح سے جس تشویش کا اظہار کیا تھا وہ تشویش آج بھی باقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا توہین سے متعلق قانون میں متنازعہ تبدیلی سے شیعہ شناخت اور عقیدے کی آزادی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
مبلغین امامیہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تیسرے خطیب جناب حجت الاسلام والمسلمین سید جاوید حسین شیرازی نے کہا پیغمبر کی مصاحبت میں رہنے والے افراد کے بارے امت کے درمیان اختلاف ہے۔ اختلافی موضوعات پر کسی ایک مسلک کی تاریخ اور عقیدے کو نافذ کرنا قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا مزید مذہب اہلبیت ع میں صحابیت کا معیار صدق و ایمان کا تمام عمر قائم رہنا ہے، ظالم و فاسق و گناہ گار کے لیے نبی مکرم اسلام کی مصاحبت بے فائدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا مذہب اہلبیت ع میں صحابیت کا موضوع دیگر مسالک سے مختلف ہے۔
انہوں نے مزید کہا قرآن میں دسیوں آیات ایسی ہین جن میں پیغمبر ص کی مصاحبت اختیار کرنے والے بعض افراد کی شدید مذمت وارد ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا اگر بعض صحابہ کی اگر مدح و ستائش ہے تو بعض کو کج دل والے کہا گیا ہے۔
خاتم الانبیاء کمپلیکس سرگودھا میں منعقد مبلغین امامیہ کے اس اجتماع میں سرگودھا ریجن کے مخلتف علاقوں سے سینکڑوں علماء و مبلغین نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ایس ایس پی شکار پور کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی سے ملاقات کی۔ وفد میں مدرسہ جوادیہ لکھی غلام شاہ کے پرنسپل مولانا عبدالمجید بہشتی، مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے صدر اصغر علی سیٹھار ،ضلعی رہنما شاکر حسین سومرو ،حب علی مہر ،علی احمد برڑو شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع شکار پور میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی مشکوک سرگرمیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکار پور طویل عرصے تک کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی فعالیت اور دھشت گردی کا گڑھ رہا ہے جہاں مختلف سانحات میں دھشتگردوں کے ہاتھوں بہتر 72 مظلوم اور بے گناہ انسان شہید ہو چکے ہیں۔ ان سانحات میں وارثان شہداء نے اورنگزیب فاروقی کو مرکزی مجرم کے طور پر نامزد کیا ہے جسے معزز عدالت سے دھشت گردی کے جرم میں سزا ہوچکی ہے ایک سزا یافتہ مجرم کا اس طرح پھرنا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال 2022 میں بھی شکار پور ضلع کے دو دھشت گرد مارے گئے۔ ملک بھر میں ایک دفعہ پھر دھشت گرد فعال ہو چکے ہیں جس کے باعث دھشت گردوں کے نیٹ ورک اور کالعدم تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ضلع شکار پور میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کار چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا گذشتہ دنوں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما برادر شاکر حسین سومرو کی کار شکار پور کے وسطی علاقے سے دن دھاڑے چوری ہوگئی دو مہینے گزر جانے کے باوجود پولیس اسے بازیاب نہیں کرا سکی۔ جبکہ کئی شہریوں کے موٹر سائیکل بھی چور اور ڈاکو لے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوری شدہ گاڑیوں کی جلد بازیابی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے شہدائے شکار پور کی آٹھویں برسی کے موقع پر سیکورٹی کے بہتر انتظامات اور امن و امان سے متعلق مناسب اقدامات پر ایس ایس پی شکار پور کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی فیضان علی نے کہا کہ ملک بھر میں دھشت گرد نیٹ ورک کی سرگرمیوں پر نظر ہے شکار پور کے سماج دشمن عناصر اور دہشت گرد تنظیموں پر کڑی نظر رکھیں گے کالعدم تنظیم کو شکار پور میں جلسوں کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مسروقہ گاڑی اور موٹر سائیکلوں کی بازیابی کے لئے سنجیدہ کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ ایس ایچ او صاحبان کو فون کر کے ضروری ھدایات دیں۔، اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے انہیں کتاب کا تحفہ دیا، ایس ایس پی فیضان علی نے دل سے شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)عشرہ فجر انقلاب اسلامی کی مناسبت سے مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد کے زیر اہتمام تقریب جشن منعقد ہوئی۔ انقلاب اسلامی کی 44 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ انقلاب اسلامی پوری دنیا میں نور کی کرن بن کر چمکا جس نے ضلالت و تاریکی میں نور ھدایت کی شمع روشن کی۔ انقلاب اسلامی نے عالمی استکباری قوتوں کے ظالمانہ طاغوتی نظام کو للکارا اور یہ انقلاب دنیا بھر کے مستضعفین و محرومین کی امیدوں کا مرکز بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ چشم فلک نے گذشتہ ایک ہزار سال میں حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ جیسا عظیم انسان نہیں دیکھا جو اپنی الہی سیاسی بصیرت فقاہت شجاعت اور بے مثال قائدانہ صلاحیتوں کے باعث عصر حاضر کی انسانی تاریخ میں منفرد کردار ہیں۔آپ نے قرآن و سنت کے سائے میں اسلامی انقلاب بپا کر کے لبرل ازم اور سیکولر ازم کے علمبرداروں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی اور بقاء کا راز عوامی حمایت میں پوشیدہ ہے۔ یہ عوام ہی تھے جنہوں نے رہبر کبیر حضرت امام خمینی کی قیادت میں رضا شاہ پہلوی کی بدنام زمانہ ایجنسی ساواک اور شیطان بزرگ امریکہ و اسرائیل کی سازشوں کا جرئت سے مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مکار دشمن نے پروپیگنڈہ کیا کہ یہ ایرانی انقلاب ہے تاکہ یہ دنیا کے دیگر ممالک کے لئے مثال نا بن سکے عالمی استکباری قوتوں نے کہا یہ شیعہ انقلاب ہے تاکہ اھل سنت اس کے قریب نا آئیں مگر امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اسے اسلامی انقلاب کا نام دیا۔ دشمن کی تمام تر سازشوں کے باوجود انقلاب اسلامی عالمی رخ اختیار کر چکا ہے۔
وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین یونٹ بشام خان لہر ضلع جعفر آباد کے زیر اہتمام مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں ایک روزہ اسلام شناسی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ اسلام شناسی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دین کی معرفت ہر انسان کے لئے لازمی ہے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کو دینی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ رجب المرجب کا مہینہ تزکیہ و تہذیب نفس کے لئے بہترین مہینہ ہے قرآن کریم نے واضح طور پر اعلان کیا کہ کامیاب وہ ہوا جس نے نفس کو پاکیزہ بنالیا اور وہ ناکام ہوا جس نے نفس کو گناہوں میں آلودہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ملک گیر توسیع تنظیم مہم کے موقع پر یونٹس نو نکاتی پروگرام پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں مسجد محور یونٹ کا مقصد کارکنوں کی مساجد سے تعلق کو مستحکم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط تنظیم ہی کے ذریعے ملت کے حقوق کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔
وحدت نیوز(صحبت پور) بلوچستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث جن مساجد کا نقصان ہوا ان نقصانات کا جائزہ لینے کے مختلف علاقوں میں مساجد کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کے برادر امداد حسین انجینئر رانا آصف و ضلعی ذمہ داران ہمراہ تھے ۔
اس موقع پر صحبت پور سٹی بھنڈ مراد علی کھوسہ تاج پور جمالی ڈیرہ مراد جمالی بختیار آباد ڈومکی نوتال و دیگر مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مسجد معاشرے کی اصلاح کا مرکز ہے جہاں معاشرے کی دین و دنیا آباد کرنے کی رہنمائی ہونی چاہیئے۔ دین اسلام جامع نظام حیات ہے جو انسان کی انفرادی معاملات کے ساتھ اجتماعی معاملات میں مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ جس سے انسانی معاشرے کی درست سمت میں رہنمائی ہوتی ہے۔ حقیقی اسلام سے دوری کے سبب آج بدقسمتی سے مسجد کا معاشرتی کردار محدود ہوچکا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ مساجد کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد محور معاشرہ تشکیل دیں۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے رہبانیت اور ترک دنیا کی تعلیم نہیں دی اسی لئے اکیلے نماز پڑھنے کی بجائے نماز باجماعت اور نماز جمعہ کی تاکید کی۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ طیبہ میں جو مسجد قائم کی وہ نماز باجماعت جمعہ تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت کا مرکز تھی جہاں مجلس مشاورت منعقد ہوتی اور معاشرے کی ہر پہلو سے رہنمائی کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مسجد محور یونٹ اور ضلع کا پروگرام دیا گیا ہے جس سے کارکنوں کا مسجد سے تعلق مضبوط ہوگا۔