
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(خوشاب)صوبائی آفس سیکرٹری پنجاب مولانا ظہیر کربلائی کی ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع خوشاب جناب مولانا سید عمار یاسر نقوی سے ملاقات ۔ تنظیمی اور ضلع خوشاب کی کابینہ کی تشکیل پر گفتگو ۔ سید عمار یاسر نقوی نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں کابینہ کی تشکیل مکمل ہے صرف چند نام فائنل ہونا باقی ہیں ۔ ان شاءاللہ اگلے ہفتے جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔
اس کے بعد کابینہ کی مشاورت سے صوبائی صدر اور صوبائی جنرل سیکرٹری اور مولانا سید ملازم حسین نقوی کی مصروفیات کو مد نظر کر پروگرام ترتیب دیں گے اور حلف برداری کی تاریخ کا اعلان کریں گے ان شاءاللہ۔ کوشش ہوگی کہ صوبائی صدر صاحب کے خوشاب وزٹ سے پہلے تحصیل نور پور اور خوشاب کے یونٹس مکمل کرلیئے جائیں ۔ ان شاءاللہ یہ ملاقات ظہیر کربلائی کی رہائش گاہ واقع جوہر آباد میں ہوئی ۔ ظہیر کربلائی نے بھی انہیں ہرقسم کی تنظیمی رہنمائی اور معنوی مدد کی یقین دہانی کرائی ۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع جیکب آباد میں ایک روزہ تعلیمی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ اسلام شناسی ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع کی پرنسپل محترمہ رقیہ سلطانہ اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع جیکب آباد کی صدر مسز سجاد علی نے درس دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہے جن کا نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں بنیادی کردار ہے۔ دین اسلام کی نظر میں تعلیم حاصل کرنا ہر مرد اور عورت پر فرض ہے۔ خواتین کو تعلیم سے روکنے والی جاھلانہ سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار اور حجاب کی مکمل پابندی کرتے ہوئے اجتماعی معاملات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے مسلم خواتین کے لئے حضرت سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا اور حضرت سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرت طیبہ بہترین اسوہ ہے جنہوں نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے امت مسلمہ کے اجتماعی معاملات میں اپنا کردار ادا کیا۔ دربار خلافت میں رسول زادی کا تاریخی خطبہ آج بھی بشریت کے لئے رہبر و رہنما ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں شعبہ خواتین نے حساس ترین مواقع پر جرئت مندانہ کردار ادا کیا دھشت گردی کے خلاف ملک گیر دھرنوں سے لے کر فکر دینی کی ترویج تک شعبہ خواتین کا کردار لائق تحسین ہے۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ بادل دشتی ضلع جیکب آباد کا دورہ کیا اور وہاں مسجد و امام بارگاہ کے پلاٹ کا معائنہ کیا اور مسجد و امام بارگاہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر گاؤں کے متنازع فریقین میں صلح کرائی مجلس علمائے شیعہ ضلع جیکب آباد کے صدر علامہ سیف علی ڈومکی ،مرکزی امام بارگاہ کے متولی سید محمد علی اصغر شاہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر شہادت حضرت امام موسٰی کاظم علیہ السلام کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فرزند رسول حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو ان کے عظیم حلم و بردباری کے سبب کاظم کہا جاتا ہے آپ نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی حیات مبارکہ کا طویل ترین دورانیہ قید خانے میں گذار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شدید ترین مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں اور حکومت کے منی بجٹ اور نئے ٹیکسز نے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اگر ملک و قوم سے مخلص ہیں تو بیرون ممالک میں موجود اپنے اربوں ڈالر پاکستان میں واپس لائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اب اپنے حقوق کے لئے اٹھنا ہوگا۔ ملک و ملت کی بربادی پر خاموشی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ارباب اقتدار بشمول مقتدر قوتیں آئی ایم ایف کے مظالم امریکی مداخلت پٹرول بم اور مہنگائی سے عوام کی توجہ بٹانے کے لئے دانستہ طور پر وطن عزیز پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ تاکہ پاکستان کے آئندہ انتخابات غلامی نامنظور اور غربت و افلاس کے خاتمے کی بجائے فرقہ وارانہ نعروں کی گونج میں لڑے جائیں اور فرقہ وارانہ ماحول کے سبب ملک و قوم کے مجرموں کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو مگر پاکستان کے عوام اپنی بیداری اور شعور سے یہ سازش بھی ناکام بنا دیں گے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے وفد نے پولیٹکل سیکریٹری علامہ مبشر حسن کی قیادت میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی سے ملاقات کی۔ ایم ڈبلیو ایم وفد میں ڈویژنل رہنماء مولانا ملک غلام عباس، ڈویژنل ڈپٹی جنرل سیکریٹری کاظم عباس، ضلع ملیر کے صدر احسن عباس رضوی شامل تھے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی اور کیو حاکم بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان کی سیاست اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
وحدت نیوز(گلگت) وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے وزارت خوراک کا اضافی چارج سنبھالنے سے معذرت کر لی ہے۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کسی اور کابینہ ممبر کو وزارت دینے کر غور شروع کر دیا ہے۔ حال ہی میں صوبائی مشیر خوراک شمس لون سے خوراک کی وزارت واپس لے کر انہیں مشیر داخلہ بنایا گیا تھا جبکہ خوراک کی وزارت کاظم میثم کو دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے گندم کے کوٹے میں کٹوتی، گندم کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے مطالبے، اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن ممبران کی گندم پر منفی سیاست اور ممکنہ طور پر آنے والے وقتوں میں مہنگائی کے طوفان کے پیش نظر کاظم میثم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وزارت خوراک کا اضافی چارج اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق کاظم میثم نے وزیر اعلیٰ کی جانب ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اضافی ذمہ داریاں دینے پر محکمہ خوراک کا قلمدان سنبھالنے کا عندیہ دیا تھا
تاہم وفاق کی جانب سے گندم قیمتوں میں اضافے کے مطالبے پر کاظم میثم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وزارت خوراک کا قلمدان اپنے پاس نہیں رکھیں گے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کاظم میثم کو امید تھی کہ حالات سازگار ہوجائیں گے تاہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کے نتیجے میں نئے ٹیکسوں کی بھرمار اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گندم کے ٹرانسپورٹیشن اخراجات بڑھنا یقینی ہو گیا ہے۔ اس صورت میں یہ ممکن نظر نہیں آتا کہ موجودہ سبسڈی میں گندم کی سپلائی احسن انداز میں ممکن بنائی جاسکے، اس لئے کاظم میثم نے کسی امتحان میں پڑنے کے بجائے وزارت خوراک کا قلمدان اپنے پاس رکھنے سے معذرت کر لی ہے۔
وحدت نیوز()25 رجب شہادت امام موسی کاظم علیہ سلام کے موقع پر مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی نے کہا کہ باب الحوائج امام موسی کاظم علیہ سلام کی المناک شہادت کے موقع پر تمام عالم اسلام اور بالخصوص امام زمان عج کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں انہوں نے کہا کہ شہادت اور زندان کی تاریکیاں حق پرستوں کے لیے اعزاز اور خدا کی عنایت میں سے ہے۔ حق کی خاطر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنا آزاد انسان کی نشانی ہے امام مظلوم نے آئمہ علیہم السلام میں سب سے زیادہ قید کی زندگی گزاری اور زندان میں ہی شہید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو ایسے حالات درپیش تھے جن کے پیش نظر وہ کھل کر ظالم حکمرانوں کے خلاف عملی جدوجہد انجام نہیں دے سکتے تھے، لہذا انہوں نے انتہائی مخفیانہ انداز میں اور تقیہ اپناتے ہوئے ظالم حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھی ان کا مزید کہنا تھا ہم پیروان امامت کو آئمہ علیھم السلام کی دی گئ قربانیوں اور دین مبین کی خاطر کی گئ انتھک جدوجہد کا قدرداں ہوتے ہوئے اس راہ پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔