
Ahsan Mashadi
بنون، تقریب بعنوان ’’عشق پیغمبر رسولِ اعظمﷺ و عشقِ صادقینؑ‘‘ کا انعقاد،ایم ڈبلیوایم رہنماؤں کا خطاب
وحدت نیوز(بنوں) ولادت باسعادت امام الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے بنو ں میںایک بابرکت تقریب بعنوان ’’عشق پیغمبر رسولِ اعظمﷺ و عشقِ صادقینؑ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں شیعہ، سنی علماءِ کرام و معززینِ ضلع بنوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صدر علامہ جہانزیب علی اور صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ صوبائی رہنماء نوروز علی کربلائی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر علماء نے ولادت باسعادت امام الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت و کردار پر بھرپور روشنی ڈالی اور سنی، شیعہ اتحاد کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ اسرائیل پر مقاومت کا حملہ صہیونی ریاست کو قبول کرنے کی باتیں کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، آج کے حملے سے یقیناً عرب ممالک سمیت دیگر مسلم ممالک کے خائن حکمرانوں کو واضح پیغام مل گیا ہے کہ نہ تو فلسطینی عوام نے اسرائیل کو قبول کیا ہے اور نہ ہی مسلم امت کبھی ناجائز ریاست کو قبول کرے گی، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلوم عوام قدس کی آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ابراہیمی معاہدے کے نام پر عرب ممالک سے تعلقات بحال کرنے والا اسرائیل اب خود اپنی بقاء کیلئے سر توڑ کوششیں کررہا ہے، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اسرائیل کے زوال کی جو پیش گوئی کی ہے وہ اب پوری ہوتی دکھ رہی ہے، مقاومت کے تابڑ توڑ حملوں نے اسرائیلی فوج کا بھرم پاش پاش کردیا ہے، مقاومت نے آج ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ حق کے راستے میں ثابت قدمی ہی فتح کا بہترین راستہ ہے۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی جانب سے سالانہ میلاد صادقینؑ ریلی بمناسبت ولادت رسول خداؐ اور امام جعفر صادقؑ کی مناسبت سے مسجد الحسین سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی گئی،میلاد صادقین ریلی میں علمائے کرام اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکائے جلوس نے ہاتھوں میں پرچم اٹھا رکھے تھے، اس موقع مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی،صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی،علامہ قاضی نادر علوی علامہ سلطان شاہ علامہ وسیم معصومی ،سید دلاور ذیدی ،سید وسیم زیدی ،حسنین انصاری صوبائی صدر عزاداری ونگ برادر سخاوت علی سیال ڈویژنل صدر آئی ایس او برادر حسن جنرل سیکرٹری عزاداری ونگ برادر عون گوپانگ برادر سید ثقلین نقوی ڈویژنل صدر یوتھ برادر دلشیر علی خان سید حسنین نقوی ایڈووکیٹ اور دیگر نے ریلی کی قیادت کی اس موقع پر مقررین خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول خداؐ کی سیرت پر حقیقی معنوں پر عمل کرنے سے مسلمانوں کو عزت و سرفرازی نصیب ہوگی، آج امت مسلمہ سیرت رسول خداؐ سے دور ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی سازش کو صرف اتحاد کے ذریعے ہی ناکام بنایا جاسکتا ہے، امت میں اتحاد برقرار رکھنے کے لئے امام خمینی نے رسول خداؐ کی شخصیت کو مرکز قرار دیا اور بارہ سے سترہ ربیع الاول کے ایام کو ہفتہ وحدت کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا کہ آج دنیائے اسلام میں ظلم و ستم کےمقابلے کے لئے سیرت نبویؐ کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔ جس میں مظلوم کو اس کا حق دینے کی تاکید کی گئی ہے۔میلاد صادقین ریلی میں معروف مذہبی، سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی راستے میں مخدوم عون شمسی، مخدوم علی مہدی شمسی، سید طالب پرواز نے خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر شہدائے اسلام کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ریلی میں ،علامہ مجاھد حیدری، جواد مصطفی،علی رضا بخاری،فیضان و دیگر شریک تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےمیڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے ،پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی پالیسی عوام دشمن اور ظالمانہ ہے، تین دنوں میں گیارہ ڈالر فی بیرل کمی ہو چکی ہے، جب مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہمارے حکمران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے میں ذرا بھی دیر نہیں لگاتے، عالمی منڈی میں گرتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا فائدہ عوام تک بھی پہنچتا چاہیے آخر یہ کہاں کا انصاف اور نظام ہے، اگر قیمتوں کے بڑھنے کا بوجھ غریب عوام اٹھاتے ہیں تو کم ہوتی قیمتوں کا فائدہ بھی عوام کو ملنا انکا حق ہے، لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور پیٹرول کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی لائے جس سے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کم ہوں گی اور مہنگائی کے ہاتھوں تنگ لوگوں کو بھی کچھ ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں کچھ دنوں سے مستحکم ہے لیکن افراط زر میں اضافہ غریب عوام کے ساتھ کھلواڑ ہے، گزشتہ سال پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 38.8 فیصد اضافہ ہوا ہے، مہنگائی کی شرح بھی 28 سے 38 فیصد ہو گئی ہے، 30 جون 2023ء کے مالی سال میں ہمارے ملک نے 7,169 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا، ٹیکس وصولی میں ستر فیصد حصہ بالواسطہ ٹیکسز کا ہے، جبکہ بلا واسطہ ٹیکس صرف 30 فیصد ہے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ غریب عوام امیروں سے زیادہ ٹیکس دے رہے ہیں، لیکن ان کے لیے کوئی ریلیف اور آسانی فراہم نہیں کی جا رہی، اس ظلم وزیادتی کو روکنا ہوگا۔
وحدت نیوز(جہلم) جشن صادقین مرکزی امام بارگاہ سروبہ ضلع جہلم میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے خطاب کیا ۔انہوں نے اس پر مسرت موقع پر کہا کہ " بے شک خدائے متعال نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور انکے اہلبیت علیہم السلام کی خاطر اس کائنات کو تخلیق کیا اور دین اسلام تبلیغ کی خاطر ان ہستیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں اور زندگی گزارنے کے اصولوں و قواعد بتائے۔جن میں خواتین کو کردار سب سے اہم ہے ۔
"انہوں نے مزید کہا کہ"خواتین کو جو عزت و احترام نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا اس سے قبل موجود نہیں تھا اور خواتین ہی ہیں جو معاشرہ سازی میں بہترین کردار ادا کرتی ہیں اس کی سب سے بڑی مثال دور حاضر میں کچھ سال قبل ایران میں آنے والا انقلاب اسلامی ہے جس کے پیچھے خواتین ہی تھیں."اس خوبصورت موقع پر آ غا مہدی کاظمی جامعہ بعثت شعبہ برادران کے پرنسپل نے بھی خواتین سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ" امام جعفر صادق کے مرہون منت ہی سے ہمیں فقہ جعفریہ کہا جاتاہے امام جان نے تعلیم وترتبیت ،فقہ اور سائنس غرض ہر شعبے پر کام کیا ہر بہترین سائنسدان دیے دنیا میں کیمسٹری ،ریاضی اور فزکس میں ترقی ہے اسکے بانی امام جعفر صادق علیہ السلام ہیں ۔دور حاضر میں ہمیں معصومین علیھم السلام کی تعلیمات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اسکے بغیر ہم زمینہ سازی امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ کی راہ ہموار نہیں کرسکتے۔"اس موقع پر میزبانی کے فرائض مرکزی مسئول محترمہ فہیمہ زینب نے انجام دیے اور کثیر تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی میں کیئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ہمسایہ ممالک سے غیر قانونی طور پر ہونے والی اسمگلنگ کو روکا جائے اور سمگل کی جانی والی جائز اشیاء کی تجارت کو قانونی شکل دی جائے، تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ رابطے اور تجارت میں حائل رکاوٹیں ختم ہونی چاہیں، ہمسایہ ممالک سے تجارت کے بغیر کسی ملک نے ترقی نہیں کی، اشیاء خوردونوش کی آمدو رفت پر پابندی قطعی طور پر ملکی مفاد میں نہیں، چاہے حالات جنگی صورتحال بھی اختیار کر چکے ہوں، ہمسایہ ملکوں کے ساتھ باہمی تجارت ملکی معیشت میں تازہ خون کے بہاؤ کی مانند ہے جس سے کمزور معاشی حالت بہتر ہو گی، یہ اقدام ملکی بقاء کا ضامن ہے جس سے پہلو تہی دانشمندی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو کسی باقاعدہ لائحہ عمل کے تحت واپس بھیجا جائے، غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے غیر منظم اور عجلت میں اقدامات اٹھانے کی بجائے مربوط اور منظم پالیسی اپنائی جائے، جس سے لاکھوں افغان مہاجرین کو مزید مشکلات میں ڈالے بغیر انکی واپسی کو ممکن بنایا جا سکے، انتہائی مجبوری کے عالم میں پاکستان آنے والے افغان مہاجرین کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے، روس افغان جنگ کے دوران پاک افغان بارڈر اوپن کرنے کے ہم خود ذمہ دار ہیں، امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور انکی کمین گاہوں پر کاری ضرب لگائی جائے، دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کی نابودی کی حکمت عملی وقت کا تقاضا ہونا چاہیے ناکہ مجبور و بے بس مہاجرین کا جینا دوبھر کردیا جائے۔